1 اور 2 تیمِتھُیس
تیمِتھُیس کے نام خُطُوط
پَولُس اپنے نوجوان دوست کو مشورت دیتا ہے
تیمِتھُیس یِسُوع مسِیح پر بہت مضبُوط اِیمان رکھنے والا نوجوان تھا۔ اُس کی ماں یُونِیکے اور نانی لُوئیس بھی بڑے اِیمان والی عورتیں تھیں۔ اُنھوں نے تیمِتھُیس کو صحائف سے تعلیم دی، جب وہ ایک چھوٹا بچّہ ہی تھا۔
2 تیمِتھُیس 1:5؛ 3:15
تیمِتھُیس اور پَولُس اچھے دوست تھے۔ اُنھوں نے ایک ساتھ کام اور سفر کِیا، خُداوند کی خِدمت اور اُس کی اِنجِیل دُوسروں تک پُہنچائی۔ پَولُس تیمِتھُیس سے اپنے بیٹے کی مانند محبّت کرتا تھا۔
فِلپیوں 2:19–22؛ 1 تیمِتھُیس 1:2
پَولُس نے تیمِتھُیس سے کہا کہ وہ اِفسُس کی کلِیسیا کی راہ نُمائی کرے۔ پَولُس کو کسی دُوسرے شہر جانا پڑا۔ جب وہ دُور تھا، تو اُس نے تیمِتھُیس کو اُس کی مدد کے لیے ایک خط لکھا۔
1 تیمِتھُیس 1:1–3
بعد میں، جب پَولُس روم میں قیدی تھا، اُس نے تیمِتھُیس کو ایک اور خط لکھا۔ اُس نے تیمِتھُیس کو خبردار کِیا کہ مُشکل اوقات آئیں گے۔ کُچھ لوگ سچّائی سے مُنہ موڑ لیں گے اور خُدا کی بجائے دُنیا کی چیزوں سے زیادہ محبّت کریں گے۔ وہ ایسی باتیں سِکھائیں گے جو سچّی نہیں ہیں۔
2 تیمِتھُیس 3:1–7؛ 4:3–4
پَولُس نے تیمِتھُیس کو بتایا کہ خَوف نہ کر۔ اُس نے کہا، ”کِیوں کہ خُدا نے ہمیں دہشت کی رُوح نہِیں، بلکہ قُدرت، اور محبّت کی رُوح دی ہے۔“ پَولُس نے تیمِتھُیس سے کہا کہ وہ اُن باتوں کو کرنا جاری رکھے جو اُس نے سیکھی تھیں۔ صحائف اُس کی یِسُوع مسِیح کی طرف راہ نُمائی کریں گے۔
2 تیمِتھُیس 1:7–9؛ 3:14–17
پَولُس جانتا تھا کہ اُس کی زِندگی جلد ختم ہونے والی ہے۔ مگر وہ مرنے سے خوفزدہ نہیں تھا۔ پَولُس نے تیمِتھُیس کو بتایا کہ اگرچہ اُس کی زِندگی میں بُہت سی مُشکلات آئیں، مگر اُس نے اپنے اِیمان کو مضبُوط رکھا۔ پَولُس کو بھروسا تھا کہ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح اُسے اَبَدی زِندگی عطا کریں گے۔
2 تیمِتھُیس 4:6–8