یُوحنّا 21؛ متی 28: 16–20؛ مرقس 16: 15–19
یِسُوع رَسُولوں سے اپنی بھیڑوں کو چرانے کا کہتا ہے
دُوسروں کو اُس کی بابت تعلیم دے کر یِسُوع سے محبّت کا اظہار کرنا
یِسُوع کے جی اُٹھنے کے بعد، پطرس اور چند دیگر رسُول مچھلی پکڑنے گئے۔ اگرچہ وہ ساری رات مچھلیاں پکڑتے رہے، مگر اُنھوں نے کُچھ نہ پکڑا۔
یُوحنّا 21: 1–3
اگلی صُبح، رَسُولوں نے یِسُوع کو ساحل پر دیکھا، مگر وہ نہیں جانتے تھے کہ یہ وہی ہے۔ اُس نے پوچھا کیا اُنھوں نے کوئی مچھلی پکڑی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اُنھوں نے نہیں پکڑی۔
یُوحنّا 21: 4–5
یِسُوع نے رسُولوں کو بتایا کہ وہ اپنے جال کشتی کی دائیں جانب ڈالیں اور وہ مچھلیاں پکڑیں گے۔ یِسُوع نے جو کہا رسُولوں نے وہی کِیا، اور سو سے زائد مچھلیوں نے جال بھر دیا! جال مچھلیوں سے اتنا بھاری تھا کہ رسُول اُسے کشتی میں نہیں کھینچ سکتے تھے۔
یُوحنّا 21: 6
تب یُوحّنا کو احساس ہُوا کہ وہ شخص کون تھا۔ اُس نے پطرس کو بتایا، ”یہ خُداوند ہے۔“ پطرس نے سمندر میں چھلانگ لگائی اورتیرتا ہُوا یِسُوع کی طرف گیا۔ دُوسرے رَسُول کشتی اور مچھلیوں کو ساحل پر لائے۔ یِسُوع روٹی اور مچھلیاں پکا رہا تھا، اور اُس نے رسُولوں کو اپنے ساتھ کھانے کی دعوت دی۔
یُوحنّا 21: 7–13
اُن کے کھانا کھانے کے بعد، یِسُوع نے پطرس سے پوچھا، ”کیا تو اِن سے زیادہ مُجھ سے محبّت رکھتا ہے؟“ پطرس نے کہا ہاں۔ پھر یِسُوع نے کہا، ” میرے بّرے چرا۔“
یُوحنّا 21: 15
پھر یِسُوع نے پطرس سے دوبارہ پوچھا کیا وہ اُس سے محبّت رکھتا ہے۔ ایک بار پھر، پطرس نے کہا ہاں۔ یِسُوع نے اُسے کہا، ”میری بھیڑیں چرا۔“
یُوحنّا 21: 16
یِسُوع نے پطرس سے تیسری بار پوچھا کیا وہ اُس سے محبّت رکھتا ہے۔ پطرس نے کہا، ”اے خُداوند تُو تو سب کُچھ جانتا ہے؛ تُجھے معلوم ہی ہے مَیں تُجھے عزیزرکھتا ہُوں۔ “ یِسُوع نے اُسے پھر کہا، ”تُو میری بھیڑیں چرا۔“ وہ چاہتا تھا کہ پطرس اُن لوگوں کی دیکھ بھال کرے جو یِسُوع کی پیروی کرتے ہیں۔
یُوحنّا 21: 17
بعد میں، یِسُوع نے اپنے رَسُولوں کو پہاڑ پر اُس سے ملنے کو کہا۔ وہاں اُس نے اُنھیں پوری دُنیا میں اُس کی اِنجیل کو پھیلانے، لوگوں کو اُس کے احکام سِکھانے، اورجو ایمان لاتے ہیں اُنھیں بپتِسما دینے کو کہا۔ ”تُم میرے گواہ ہوگے،“ اُس نے کہا۔ اُس نے وعدہ کیا کہ وہ اُن کے ساتھ ہو گا اور رُوحُ القُدس کے وسیلے سے اُنھیں قوت بخشے گا۔
متی 28: 16–20؛ مرقس 16: 15–19؛ اعمال 1: 8
پھر یِسُوع بادل میں سے آسمان پر چلا گیا۔ وہ واپس اپنے آسمانی باپ کے پاس گیا۔ جب رَسُولوں نے اُسے جاتے ہُوئے دیکھا، تو دو فرشتے ظاہر ہُوئے۔ اُنھوں نے کہا کہ جیسے یِسُوع آسمان پر گیا تھا، ویسے ہی کسی روز وہ زمین پر واپس آئے گا۔
اعمال 1: 9–11