متّی 13
یِسُوع زمِین، بِیج، روٹی، اور موتیوں کی بابت تعلیم دیتا ہے
رُوحانی سچّائیوں کو سمجھانے میں ہماری مدد کے لیے آسان کہانیاں
یِسُوع نے اکثر ماجرے بیان کِیے جو تمثیلیں کہلاتی ہیں۔ تمثیلوں میں، یِسُوع نے عام، روزمرہ کی چیزوں کا موازنہ اپنی اِنجِیل کی اہم سچّائیوں سے کِیا ہے۔ تمثیلوں کو سمجھنے کے لیے، اُس کے شاگِردوں کو دھیان سے سُننے اور اُن کے مفہوم کے بارے میں گہرائی سے سوچنے کی ضرُورت تھی۔ تمثیلوں نے خُدا کی بادِشاہی کے بارے میں جاننے میں اُن کی مدد کی تھی۔
متّی 13:3، 10–15
ایک تمثیل میں، کوئی شخص تھوڑے بِیج بونے کے لیے کھیت میں گیا۔ اُس نے کھیت میں بُہت سے بِیج بکھیرے تھے۔ بِیج مُختلف اقسام کی زمین پر گِر گئے۔
متّی 13:3
کُچھ راہ کے کِنارے گِرے، جہاں وہ کبھی نہیں اُگ سکتے تھے۔ پرِندوں نے آ کر اُنھیں چُگ لِیا۔
متّی 13:4
کُچھ پتّھرِیلی زمِین پر گِرے۔ جہاں اُن کو بُہت مِٹّی نہ مِلی اور گہری مِٹّی نہ مِلنے کے سبب سے جلد اُگ آئے۔ جب سُورج نِکلا تو جل گئے۔
متّی 13:5–6
کُچھ بِیج اَیسی زمِین پر گِرے جو کانٹے دار جھاڑِیوں سے بھری ہُوئی تھی۔ کانٹے دار جھاڑِیوں سے بھری ہونے کی وجہ سے، بِیج بڑھ نہیں سکتے تھے۔
متّی 13:7
دیگر بِیج اچھی زمِین پر گِرے۔ وہ تناور، سرسبز پودے بن گئے۔ وہ بُہت زیادہ پھل لائے۔
متّی 13:8
اپنے شاگِردوں کو سمجھانے کے لیے، یِسُوع نے وضاحت کی کہ اِس کی تمثیل کا کیا مطلب ہے۔ بِیج خُدا کے کلام کی مانِند ہیں۔ زمِین کی مُختلف اقسام لوگوں کے دِلوں کی مانِند ہیں اور وہ خُدا کے کلام کو سُننے کے لیے جِس طرح ردِ عمل کا اِظہار کرتے ہیں۔ اچھی زمِین اُن لوگوں کی مانِند ہے جو خُدا کا کلام سُنتے، اُس کو سمجھتے، اور اُس کی فرمان برداری کرتے ہیں۔
متّی 13:18–23
یہ سِکھانے کے لیے کہ خُدا کی بادِشاہی کیسے بڑھے گی، یِسُوع نے رائی کے دانے کے بارے میں بتایا۔ یہ بُہت چھوٹا ہوتا ہے ، لیکن یہ بڑھ کر اَیسا درخت ہو جاتا ہے جہاں پرِندے آ کر بسیرا کرتے ہیں۔
متّی 13:31–32
یِسُوع نے یہ بھی فرمایا کہ خُدا کی بادِشاہی خمیر ہے یا خمیر کی مانِند ہے جو کوئی عَورت روٹی بناتے وقت اِستعمال کرتی ہے۔ صِرف تھوڑا سا خمیر لینا ہوتا ہے اور وہ سارے آٹے کو خمیری کر دیتا ہے۔
متّی 13:33
یِسُوع نے اُس شخص کے بارے میں ایک اور کہانی بیان کی جس نے موتی خریدے۔ اُس کو ایک موتی مِلا جو نہایت خُوب صُورت اور بیش قِیمت تھا۔ اُس نے جا کر جو کُچھ اُس کا تھا سب بیچ ڈالا تاکہ اُسے مول لے سکے۔ یِسُوع نے یہ کہانی سِکھانے کے لیے بتائی کہ اِنجِیل کی برکات اِس قدر بیش قِیمت ہیں کہ ہمیں اُنھیں پانے کے لیے ہر کام کرنا چاہیے۔
متّی 13:45–46