صَحائِف کی کَہانیاں
فرِشتگان مریم اور یُوسُف کے پاس آتے ہیں—خُدا کے بیٹے کی دیکھ بھال کے لیے چُنے گئے


متّی 1؛ لُوقا 1

فرِشتگان مریم اور یُوسُف کے پاس آتے ہیں

خُدا کے بیٹے کی دیکھ بھال کے لیے چُنے گئے

مریم اور یُوسُف ایک دُوسرے سے باتیں کرتے ہوئے۔

مریم نامی ایک عورت ناصرت کے قصبہ میں رہتی تھی۔ وہ خُدا سے محبّت کرتی اور اُس کے حُکموں کی فرماں برداری کرتی تھی۔ مریم کا بیاہ یُوسُف نامی شخص سے ہونے جا رہا تھا، اور وہ بھی خُدا سے پیار کرتا تھا۔

متّی 1:‏18–19؛ لُوقا 1:‏26–28

جبرائیل فرشتہ مریم پر نازِل ہُوا۔

ایک دن، جبرائیل نامی فرشتہ مریم کے پاس بھیجا گیا۔ پہلے پہل تو مریم ڈری ہُوئی تھی۔ لیکن جبرائیل نے کہا کہ وہ خُدا کی طرف سے بھیجا گیا ہے۔ مریم کو ڈرنے کی ضرُورت نہیں تھی۔ اُس نے کہا کہ مریم پر خُدا کی نظرِ کرم تھی اور جلد ہی اُس کے بچّہ پَیدا ہوگا۔ مریم کا بچّہ خُدا کا بیٹا، یِسُوع ہوگا۔

لُوقا 1:‏26–33

فرِشتہ مریم کو بتاتا ہے کہ اُس کے ہاں بچّہ ہوگا۔

مگر مریم پریشان تھی۔ اُس كا ابھی یُوسُف سے نِکاح نہیں ہُوا تھا۔ تو اُس کے ہاں بچّہ کیسے ہو سکتا تھا؟ جبرائیل نے وضاحت کی کہ اَیسا خُدا کی قُدرت کے وسِیلہ سے ہوگا۔ فرِشتہ نے اُس کو بتایا، ”جو قَول خُدا کی طرف سے ہے وہ ہرگِز بے تاثِیر نہ ہوگا۔“

لُوقا 10:‏34–37

مریم نے فرِشتہ کو بتایا کہ وہ خُدا کے بیٹے کی ماں بننے کے لیے راضی ہے۔

مریم فروتن اور وفادار تھی۔ اُس نے جبرائیل کو بتایا کہ وہ خُداوند کی بندی ہے۔ وہ خُدا کے بیٹے کی ماں بننے کے واسطے راضی تھی۔

لُوقا 1:‏38

یُوسُف یہ جان کر کہ مریم کے ہاں بچّہ پَیدا ہوگا۔

جب یُوسُف کو معلُوم ہُوا کہ مریم کے ہاں بچّہ پَیدا ہوگا، تو وہ پریشان ہو گیا تھا۔ اُس نے سوچا کہ کیا اب بھی اُسے مریم سے شادی کرنی چاہیے۔

متّی 1:‏19

یُوسُف پر فرِشتہ ظاہر ہوتا ہے۔

مگر ایک رات کو خواب میں، فرِشتہ یُوسُف کو دِکھائی دِیا۔ فرِشتہ نے یُوسُف کو بتایا کہ مریم کا بچّہ خُدا کا بیٹا ہے اور یُوسُف کو اُس کا یِسُوع نام رکھنا ہوگا۔ یِسُوع کُل بنی نوع اِنسان کو اُن کے گُناہوں سے بچائے گا۔ فرِشتہ نے کہا کہ یُوسُف کو اب بھی مریم سے بیاہ کرنا چاہیے۔

متّی 1:‏20–23

مریم اور یُوسُف بیاہ کرتے ہیں۔

یُوسُف نے وہ کِیا جو فرِشتہ نے کہا تھا۔ یُوسُف اور مریم نے بیاہ کِیا۔

متّی 1:‏24

مریم اپنی رِشتہ دار اِلیشبع کے پاس جاتی ہے۔

مریم اپنی رِشتہ دار اِلیشبع سے ملنے گئی۔ فرِشتہ نے مریم کو بتایا کہ اِلیشبع بھی حاملہ تھی، اگرچہ وہ عُمر رسِیدہ تھی۔ یہ خُدا کی طرف سے ایک اور مُعجزہ تھا۔ اُس کا بیٹا بڑا ہو کر یُوحنّا بپتِسما دینے والا ہو گا۔ جب مریم گھر میں داخل ہُوئی، تو اُس نے اِلیشبع کو سلام کِیا۔

لُوقا 1:‏13–17، 36، 39–40

اِلیشبع اور مریم شادمان ہیں۔

جُوں ہی اِلیشبع نے مریم کا سلام سُنا، اِلیشبع کا بچّہ اُس کے رَحِم میں اُچھل پڑا۔ اِلیشبع رُوحُ القُدس سے بھر گئی۔ وہ جانتی تھی کہ مریم اِبنِ خُدا کو اُٹھائے ہُوئے ہے۔ مریم اِلیشبع کے ساتھ مِل کر شادمان ہُوئی۔ اُس نے خُدا کے اِن تمام حیرت خیز کاموں کی تعریف کی جو وہ اپنے بچّوں کو برکت دینے کے لیے انجام دیتا ہے۔

لُوقا 1:‏41–55