صَحائِف کی کَہانیاں
پانی پر چلنا—اِیمان خَوف پر غالِب آتا ہے


متّی 14:‏22–33

پانی پر چلنا

اِیمان خَوف پر غالِب آتا ہے

یِسُوع گلیل کی جھیل پر ایک کشتی کو دیکھتے ہوئے۔

یِسُوع چاہتا تھا کہ صِرف دُعا کرنے کے لیے کُچھ وقت تنہا گُزارے۔ اُس نے اپنے شاگِردوں کو کشتی پر گلیل کی جھیل کی دُوسری جانب بھیجا۔ یِسُوع پہاڑ پر دُعا کرنے گیا۔

متّی 14:‏22–23

رسُول طُوفان میں پھنس جاتے ہیں۔

اُس رات، آندھی بڑی تیز تھی، اور لہریں بہت بڑی بڑی تھیں۔ یِسُوع کے شاگِرد ساری رات کشتی کو جھیل کی دُوسری جانب لے جانے کی کوشش میں سخت محنت کرتے رہے۔

متّی 14:‏24–25

رسُول دیکھتے ہیں کہ یِسُوع پانی پر اُن کی طرف چل کر آ رہا ہے۔

جب رات تقریبا ختم ہو گئی، تو شاگِردوں نے کسی کو پانی پر چلتے ہُوئے دیکھا۔ اُنھوں نے سوچا کہ یہ کوئی رُوح تھی، اور وہ خَوف زدہ ہو گئے تھے۔ یہ کوئی رُوح نہیں تھی؛ یہ یِسُوع تھا! اُس نے اُنھیں پُکارا، ”خاطِر جمع رکھّو، مَیں ہُوں، ڈرو مت۔“

متّی 14:‏25–27

یِسُوع پطرس کو پانی پر اپنے پاس آنے کی دعوت دیتا ہے۔

پطرس نے یِسُوع سے کہا کہ وہ اُسے پانی پر اپنے پاس آنے کی دعوت دے۔ یِسُوع نے کہا، ”آ!“ پطرس کشتی سے باہر نِکلا اور یِسُوع کی مانِند، پانی پر چلنا شرُوع کر دِیا!

متّی 14:‏28–29

پطرس خَوف زدہ ہو جاتا ہے اور ڈوبنے لگتا ہے۔

لیکن جب پطرس نے تیز ہَوا اور بڑی بڑی لہروں کو دیکھا، تو وہ ڈر گیا۔ وہ پانی میں ڈوبنے لگا۔ اُس نے یِسُوع کو پُکارا، ”اَے خُداوند مُجھے بچا۔“

متّی 14:‏30

یِسُوع پطرس کو پکڑتا ہے۔

یِسُوع نے ہاتھ بڑھا کر پطرس کو پکڑ لیا۔ اُس نے پطرس سے پوچھا کہ اُس نے مزید اُس پر توکل کرنے کی بجائے کیوں شک کِیا۔

متّی 14:‏31

یِسُوع اور پطرس کشتی میں واپس آتے ہیں۔

جب یِسُوع اور پطرس کشتی میں واپس آئے، تو ہَوا تھم گئی۔ جو کُچھ ہُوا تھا اُس پر شاگِرد حیران تھے۔ وہ جانتے تھے کہ یِسُوع واقعی خُدا کا بیٹا تھا، اور اُنھوں نے اُس کو سجِدہ کِیا۔

متّی 14:‏32–33