متّی 26:36–46؛ لُوقا 22:39–46
یِسُوع گتسِمنی میں
دُنیا کے گناہوں کے لیے دُکھ اُٹھاتے ہُوئے
یِسُوع اور اُس کے رَسُول گتسِمنی نامی باغ میں گئے۔ یِسُوع نے پطرس، یعقُوب، اور یُوحنّا کو اپنے پیچھے آنے کو کہا اور دُوسروں کو اِنتظار کرنے کو کہا۔
متّی 26:36–37؛ یُوحنّا 18:1
یِسُوع نے پطرس، یعقُوب، اور یُوحنّا کو بتایا کہ وہ بُہت اُداس محسُوس کر رہا تھا۔ اُس نے اُن سے کہا کہ جب وہ دُعا کرے تو وہ اُس کے ساتھ جاگتے رہیں۔
متّی 26:38
پھر یِسُوع باغ میں تھوڑی دُور اور آگے چلا گیا۔ اُس نے ہمارے گُناہوں کے لیے دُکھ اُٹھانا شُروع کِیا تاکہ ہم توبہ کر سکیں اور مُعاف کِیے جا سکیں۔ یِسُوع نے ہماری تمام تکلیفوں، بیماریوں، اور غموں کو بھی محسُوس کِیا تاکہ وہ جان سکے کہ ہماری مدد کیسے کرنی ہے۔ وہ ایسا اِس لیے کرتا ہے کیوں کہ وہ ہم سے محبّت رکھتا ہے۔ یہ سب کُچھ آسمانی باپ کے منصُوبے کا حِصّہ تھا۔
متّی 26:39؛ لُوقا 22:41؛ رومیوں 3:23؛ ایلما 7:11–13؛ 3 نِیفی 27:19
یِسُوع کی تکلیف اِس قدر شدید تھی کہ اُس نے آسمانی باپ سے الِتجا کی کہ اگر ہو سکے ہو تو یہ دُکھ اُس سے ٹل جائے۔ لیکن وہ سب کُچھ کرنے کے لیے تیار تھا جو اُس کے آسمانی باپ کی مرضی تھی۔ اُس نے کہا، ”میری مرضی نہِیں، بلکہ تیری ہی مرضی، پُوری ہو۔“
لُوقا 22:42
یِسُوع پطرس، یعقُوب، اور یُوحنّا کے پاس گیا اور دیکھا کہ وہ سو رہے تھے۔ اُس نے اُنھیں جگایا اور ایک بار پھر اُن سے جاگتے رہنے اور دُعا کرنے کا کہا۔ لیکن وہ جانتا تھا کہ اگرچہ وہ جاگتے رہنا چاہتے تھے، مگر وہ بُہت تھک چُکے تھے۔
متّی 26:40–41
یِسُوع نے دوبارہ دُعا کی۔ ایک فرِشتہ اُسے تقویت دینے کے لیے آیا۔ وہ اِس قدر شدید درد محسُوس کر رہا تھا، کہ اُس نے اور بھی دِلسوزی سے دُعا کی۔ اُس کا پسِینہ گویا خُون کی بُوندیں ہو کر زمین پر ٹپکتا تھا۔
متّی 26:42؛ لُوقا 22:43–44؛ مُضایاہ 3:7؛ عقائد اور عہُود 19:16–19
مزید دو مرتبہ، یِسُوع پطرس، یعقُوب، اور یُوحنّا کے پاس گیا اور اُنھیں سوتے پایا۔ آخِرکار، اُس نے اُنھیں جگایا، کیوں کہ وہ وقت آ پُہنچا تھا کہ وہ پکڑوایا جاتا۔
متّی 26:43–46