متّی 10؛ لُوقا 5:1–11؛ 6:12–16
یِسُوع اپنے رسُول چُنتا ہے
”آدم گیر“ بننے کی دعوت
ایک دن، لوگ یِسُوع کی تعلیم سُننے کے لیے گلیل کی جھیل کے کِنارے آئے۔ یِسُوع نے اُنھیں کشتی میں بیٹھ کر تعلیم دی جب کہ وہ ساحل پر توجہ سے سُنتے تھے۔ کشتی کا مالک شمعُون نامی ماہی گیر تھا۔
لُوقا 5:1–3
جب یِسُوع نے تعلیم ختم کی، تو اُس نے شمعُون کو کشتی کو جھیل کے گہرے حِصّہ میں لے جانے کو کہا۔ اُس نے شمعُون کو بتایا کہ وہ مچھلیوں کو پکڑنے کے لیے اپنا جال پانی میں ڈالے۔ شمعُون نے کہا کہ وہ ساری رات جال ڈالتا رہا تھا اور ایک مچھلی تک پکڑ نہیں پایا تھا۔ لیکن چوں کہ یِسُوع نے اُس کو کہا تھا، اُس نے دوبارہ کوشش کرنا چاہی۔
لُوقا 5:4–5
شمعُون نے بڑی تعداد میں مچھلیاں پکڑیں کہ اُس کا جال پھٹنے لگا! اُس نے اپنی مدد کے لیے دُوسری کشتی سے اپنے دوستوں کو بُلایا۔ جلد ہی کشتیاں مچھلیوں سے بھر گئیں، وہ ڈوبنا شروع ہو گئیں۔ شمعُون اور اُس کے دوست بڑے حیران تھے!
لُوقا 5:6–7، 9
شمعُون نے یِسُوع کے سامنے گھٹنے ٹیکے۔ اُس نے کہا، ”اَے خُداوند، مَیں گُناہ گار آدمی ہُوں۔“ وہ جانتا تھا کہ یِسُوع کو خُدا کی طرف سے بھیجا گیا تھا۔ یِسُوع نے اُس کو بتایا کہ خَوف نہ کرے۔
لُوقا 5:8
یِسُوع نے شمعُون، اُس کے بھائی اندریاس، اور اُس کے دوستوں یعقُوب اور یُوحنّا کو اپنے پیچھے ہو لینے کی دعوت دی۔ مچھلیاں پکڑنے کی بجائے، وہ لوگوں کی یِسُوع کے پاس آنے میں مدد کریں گے۔
مرقس 1:16–17؛ لُوقا 5:10–11
شمعُون، یعقُوب، اور یُوحنّا نے اپنی مچھلیاں پکڑنے والی کشتیوں کو چھوڑا اور یِسُوع کے رسُول بن گئے۔ بعد میں، یِسُوع نے شمعُون کا نام پطرس رکھا۔ رسُول یِسُوع مسِیح کا خاص گواہ ہوتا ہے۔ یِسُوع نے 12 آدمیوں کو اُس کے رسُول ہونے کی بُلاہٹ دی۔ اُس نے یہ جاننے کے لیے دُعا کی کہ وہ کس کو بُلاہٹ دے۔ اُس نے اپنی کلِیسیا کی راہ نمائی کے لیے اپنے رسُولوں کو کہانتی اِختیار بخشا۔
متّی 10؛ لُوقا 6:12–16؛ 9:1–2
چُوں کہ رسُولوں کے پاس خُدا کی قُدرت تھی، تاہم وہ بیماروں کو بھی شِفا دے سکتے تھے، مرنے کے بعد لوگوں کو دوبارہ زِندگی بخش سکتے تھے، اور دیگر مُعجزے بھی کر سکتے تھے۔
متّی 10:8
یِسُوع نے لوگوں کو اپنی اِنجِیل سِکھانے کے لیے اپنے رسُولوں کو کئی شہروں میں بھیجا۔ اُس نے کہا کہ رُوحُ القُدس اُن کی یہ جاننے میں مدد کرے گا کہ کیا کہنا ہے۔ یِسُوع نے کہا کہ بعض لوگ پسند نہیں کریں گے جو اُنھوں نے سِکھایا، لیکن اگر وہ وفاداری سے خِدمت کرتے رہے، تو خُدا اُن کے ساتھ ہو گا۔
متّی 10:5–7، 19–22