صَحائِف کی کَہانیاں
پَولُس کے روم کے سفر کے دوران مُعجزات—خُداوند اپنے خادِم کو برکت دیتا ہے


اَعمال 21–22؛ 26–28

پَولُس کے روم کے سفر کے دوران مُعجزات

خُداوند اپنے خادِم کو برکت دیتا ہے

پَولُس کو یرُوشلیم میں گرفتار کِیا گیا۔

رُوح نے پَولُس سے یرُوشلیم جانے کو کہا۔ وہاں بُہت سے لوگ اُن تعلیمات سے ناخُوش تھے جو پَولُس یِسُوع مسِیح کی بابت سِکھاتا تھا۔ اُنھوں نے اُسے گرفتار کر لِیا اور اُسے زنجیروں سے باندھ دِیا۔ پَولُس نے سب کو اُس وقت کے بارے میں بتایا جب اُس نے آسمان سے نُور دیکھا، یِسُوع کی آواز سُنی، اور بپتِسما لِیا۔

اَعمال 21:‏4، 12–13، 27–40؛ 22:‏1–16

مسِیح قید خانہ میں پَولُس پر ظاہر ہوتا ہے۔

پَولُس کو قید خانہ میں ڈال دِیا گیا۔ جب وہ وہاں تھا، یِسُوع ظاہر ہُوا اور کہا، ”خاطر جمع رکھ، پَولُس۔“ اُس نے کہا کہ پَولُس روم میں بھی اُس کی گواہی دے گا۔

اَعمال 23:‏10–11

پَولُس یِسُوع مسِیح کی گواہی دیتا ہے۔

پَولُس کو گورنروں اور بادشاہ کے سامنے لے جایا گیا۔ اُس نے بڑی دلیری سے اُن طاقتور حُکمرانوں کے سامنے یِسُوع مسِیح کی گواہی دی۔ وہ چاہتا تھا کہ ہر کوئی یِسُوع پر اِیمان لائے۔

اَعمال 24:‏10–27؛ 25:‏6–8، 17–19؛ 26:‏1–29

پَولُس جہاز کے عملے کو بتاتا ہے کہ موسم بہتر ہونے تک اِنتظار کریں۔

بادشاہ نے پَولُس کو روم بھیج دِیا تاکہ وہاں کا شہنشاہ قیصر، اُس کا فیصلہ کرے۔ پَولُس دُوسرے قیدیوں کے ساتھ جہاز کے ذریعے روانہ ہُوا، راستے میں مُختلف مقامات پر قیام کرتے ہُوئے۔ ایک مقام پر قیام کے دوران، پَولُس جان گیا کہ جلد ہی موسمِ سرما شُروع ہونے والا ہے۔ اگر وہ آگے بڑھتے رہے، تو وہ بڑے خطرے میں ہوں گے۔ اُس نے جہاز کے عملے کو کہا کہ موسم بہتر ہونے تک اِنتظار کریں۔

اَعمال 27:‏1–10

جہاز طُوفان میں پھنس جاتا ہے۔

کسی نے پَولُس کی بات کا یقین نہ کِیا، اور اُنھوں نے اپنا بحری سفر جاری رکھا۔ ایک بڑا طوفان آیا، اور جہاز کئی دِنوں تک لہروں کے ٹکرانے سے ہچکولے کھاتا رہا۔ وہ سُورج یا سِتاروں کو نہیں دیکھ سکتے تھے۔ اُنھوں نے سوچا کہ وہ طوفان میں ہلاک ہونے کو ہیں۔

اَعمال 27:‏11–20

جہاز پر ایک فرشتہ پَولُس پر ظاہر ہُوا۔

ایک رات، خُدا کا فرشتہ پَولُس کے پاس آیا اور کہا، ”پَولُس، خوف نہ کھاؤ۔“ فرشتے نے کہا کہ پَولُس روم پُہنچ جائے گا، جیسا کہ خُداوند نے وعدہ کِیا تھا۔ اُس نے کہا کہ خُدا جہاز پر موجُود ہر شخص کی حِفاظت فرمائے گا—اُن میں سے کوئی بھی نہیں مرے گا۔

اَعمال 27:‏23–24

پَولُس نے جہاز پر موجُود لوگوں کو فرشتے کے بارے میں بتایا۔

پَولُس نے سب کو بتایا کہ فرشتے نے کیا کہا۔ ”خاطر جمع رکھو،“ پَولُس نے کہا، ”کیوں کہ مَیں خُدا پر اِیمان رکھتا ہُوں۔“

اَعمال 27:‏21–25

پَولُس اور دُوسرے لوگ مِلِتے نامی ایک جزیرے پر پُہنچ گئے۔

کُچھ دِنوں بعد، جہاز ٹکرا کر تباہ ہو گیا اور ڈوب گیا۔ لیکن جیسا کہ فرشتے نے وعدہ کِیا تھا، جہاز پر موجُود کوئی بھی شخص نہ مرا۔ وہ سب تیر کر مِلِتے نامی ایک جزیرے پر پُہنچ گئے۔

اَعمال 27:‏40–44؛ 28:‏1

مِلِتے کے لوگوں نے پَولُس اور باقی سب کی مدد کی۔

مِلِتے کے رہنے والے لوگ پَولُس اور جہاز کے دُوسرے لوگوں کے ساتھ بُہت مہربان تھے۔ اُنھوں نے آگ جلائی تاکہ سب لوگ خُود کو گرم کر سکیں۔

اَعمال 28:‏2

ایک سانپ نے پَولُس کو ڈس لِیا، مگر اُسے کوئی نُقصان نہ پُہنچا۔

اچانک، آگ سے ایک سانپ نکلا اور پَولُس کے ہاتھ پر کاٹ لِیا۔ مگر پَولُس کو کوئی نُقصان نہ پُہنچا۔ اُس نے بس سانپ کو جھٹک دِیا۔ لوگ حیران رہ گئے۔

اَعمال 28:‏3–6

پَولُس نے پُبلیُس کے باپ کو برکت دی۔

پُبلیُس نامی ایک شخص نے پَولُس کو اپنے گھر میں ٹھہرایا۔ پُبلیُس کا والد بُہت بیمار تھا۔ پَولُس نے اُس پر اپنے ہاتھ رکھے اور خُدا کی قُدرت سے اُسے شِفا دی۔

اَعمال 28:‏7–8

پَولُس روم پُہنچتا ہے۔

پَولُس نے مِلِتے پر تین ماہ گُزارے۔ خُداوند نے پَولُس کی مدد کی کہ وہ بُہت سے مُعجزے دِکھائے، اور اُس نے بیماروں کو برکت اور شِفا بخشی۔ پھر، جیسا کہ خُداوند نے وعدہ فرمایا تھا، پَولُس سفر کر کے روم پُہنچ گیا۔

اَعمال 28:‏9–16

پَولُس نے قیدی ہونے کے باوجُود اِنجِیل کی تعلیم دینا جاری رکھی۔

روم میں ہونے کے باوجُود پَولُس اب بھی ایک قیدی ہی تھا۔ لیکن اُس کے پہرے داروں نے لوگوں کو اُس سے مِلنے کی اِجازت دے دی۔ پَولُس نے ہر اُس شخص کو یِسُوع مسِیح کی بابت تعلیم دی جو سُننے کا اِرادہ رکھتا تھا۔ اُس نے بُہت سی جگہوں پر کلِیسیا کے اَرکان کو خُطُوط بھی لکھے۔ اُن میں سے کئی مکتوب، یا خُطُوط، نئے عہد نامہ میں شامِل ہیں۔

اَعمال 28:‏16–31