صَحائِف کی کَہانیاں
یِسُوع ساؤل پر ظاہر ہوتا ہے—توبہ کرنے اور خُداوند کی پیروی کرنے کی دعوت


اَعمال 9:‏1–31

یِسُوع ساؤل پر ظاہر ہوتا ہے

توبہ کرنے اور خُداوند کی پیروی کرنے کی دعوت

ساؤل اور دیگر راہ نُما دمشق کی طرف سفر کرتے ہیں۔

ساؤل ایک فریسی تھا—یہُودیوں کا ایک ایسا راہ نُما جو صحائف کا گہرا عِلم رکھتا تھا۔ مگر ساؤل اِس بات پر اِیمان نہیں رکھتا تھا کہ یِسُوع ہی نجات دہندہ ہے۔ وہ اکثر یِسُوع کے پیروکاروں کو قید خانے میں ڈال دیتا تھا۔ ایک روز ساؤل دمشق کے شہر کی طرف روانہ ہُوا تاکہ یِسُوع کے کُچھ پیروکاروں کو گرفتار کرے اور اُنھیں سزا دینے کے لیے یرُوشلیم لے آئے۔

اَعمال 9:‏1–2؛ 22:‏4–5؛ 26:‏5

ساؤل یِسُوع کی آواز سُنتا ہے۔

جب ساؤل سفر کر رہا تھا، تو اچانک اُس پر ایک نُور چمکا۔ یہ نُور سُورج کی چمک سے بھی زیادہ تیز تھا۔ ساؤل زمین پر گِر گیا۔ اُس نے ایک آواز سُنی، ”اَے ساؤل، اَے ساؤل۔“ پھر اُس آواز نے ساؤل سے پُوچھا کہ وہ کیوں یِسُوع کی مُخالفت کر رہا ہے اور اُس کے شاگِردوں کو تکلیف پُہنچا رہا ہے۔

اَعمال 9:‏3–4؛ 26:‏13–14

ساؤل نے یِسُوع سے پُوچھا کہ اُسے کیا کرنا چاہیے۔

ساؤل نے پُوچھا کہ کون بات کر رہا ہے۔ آواز نے کہا، ”مَیں یِسُوع ہُوں۔“ ساؤل خوفزدہ اور حیران ہُوا۔ اُس نے یِسُوع سے پُوچھا کہ اُسے کیا کرنا چاہیے۔ یِسُوع نے ساؤل کو کہا، ”اُٹھ، شہر میں جا۔“ وہاں وہ سیکھے گا کہ اُسے آگے کیا کرنا چاہیے۔

اَعمال 9:‏5–6

ساؤل کو دمشق میں لے جایا جاتا ہے۔

ساؤل نے حُکم مانا اور وہ کھڑا ہو گیا۔ مگر اب وہ اندھا ہو چُکا تھا۔ وہ کُچھ بھی نہیں دیکھ سکتا تھا۔ اُس کے ساتھ سفر کرنے والے لوگ اُسے دمشق کے شہر میں لے گئے۔ تین دِن تک ساؤل نے نہ کُچھ کھایا اور نہ ہی کُچھ پِیا۔

اَعمال 9:‏8–9

یِسُوع حننیاہ سے مُلاقات کرتا ہے۔

دمشق میں رہنے والے یِسُوع کے شاگِردوں میں سے ایک کا نام حننیاہ تھا۔ یِسُوع نے حننیاہ سے رویا میں مُلاقات کی اور اُسے کہا کہ جا کر ساؤل کی مدد کرو۔

اَعمال 9:‏10–12

حننیاہ یِسُوع کو جواب دیتا ہے۔

مگر حننیاہ پریشان تھا۔ اُس نے ساؤل کے بارے سُنا تھا۔ وہ جانتا تھا کہ ساؤل نے یِسُوع کے شاگِردوں کی کس قدر شدید مُخالفت کی تھی۔

اَعمال 9:‏13–14

یِسُوع نے حننیاہ سے کہا کہ وہ ساؤل کی مدد کرے۔

یِسُوع نے حننیاہ کو ہر صُورت ساؤل کی مدد کرنے کو کہا۔ یِسُوع نے کہا کہ اُس نے ساؤل کو چُنا ہے تاکہ وہ اُس کی اِنجِیل اُن لوگوں تک پُہنچائے جو یہُودی نہیں ہیں اور جو اُس کی بابت نہیں جانتے۔

اَعمال 9:‏15–16

حننیاہ ساؤل کو برکت دیتا ہے۔

حننیاہ نے یِسُوع کی فرماں برداری کی۔ وہ ساؤل کے پاس گیا اور اُسے برکت دی۔ حننیاہ نے اُسے ”بھائی ساؤل“ کہہ کر پُکارا۔

اَعمال 9:‏17

ساؤل کی بینائی بحال ہو گئی۔

حننیاہ نے کہا کہ یِسُوع نے اُسے اِس لیے بھیجا ہے تاکہ ساؤل شِفا پائے اور رُوحُ القُدس سے معمُور ہو جائے۔ اُسی پل، ساؤل کو دوبارہ نظر آنے لگا۔

اَعمال 9:‏17–18

ساؤل لوگوں کو اِنجِیل کی بابت سِکھاتا ہے۔

ساؤل نے بپتِسما لِیا۔ پھر اُس نے شہر میں سب کو یِسُوع مسِیح کے مُتعلق تعلیم دی۔ لوگ حیران تھے کہ ساؤل اِتنا زیادہ کیسے بدل گیا۔ اپنی باقی تمام زِندگی کے لیے، ساؤل کو پَولُس کے نام سے پُکارا گیا۔ اُس نے تمام لوگوں، یہُودیوں اور بُہت سے دُوسرے لوگوں کو، یِسُوع پر اِیمان لانے کی تعلیم دی۔ پَولُس یِسُوع مسِیح کا رَسُول بن گیا۔

اَعمال 9:‏18–22، 29–31؛ 13:‏9