”جوزف اور حائرم نے اِنجِیل کے لیے اپنی جانیں قُربان کِیں،“ عقائد اور عہُود کی کہانیاں (2024)
”جوزف اور حائرم نے اِنجِیل کے لیے اپنی جانیں قُربان کِیں،“ عقائد اور عہُود کی کہانیاں
مارچ–جُون 1844
جوزف اور حائرم نے اِنجِیل کے لیے اپنی جانیں قُربان کِیں
نبی فوت ہو جاتا ہے، مگر خُداوند کا کام جاری رہتا ہے
جوزف سمِتھ پریشان تھا۔ اگر وہ مَر گیا تو کلِیسیا کا کیا ہو گا؟ وہ اِس بات کو یقینی بنانا چاہتا تھا کہ خُداوند کا کام جاری رہے۔ پَس اُس نے رَسُولوں کو اِکٹھا کِیا اور اُنھیں کہانتی کُنجیاں دِیں جو یِسُوع مسِیح نے اُسے عطا کی تھیں۔ اِس کا مطلب یہ تھا کہ رَسُول خُداوند کی کلِیسیا کی راہ نُمائی اور اُس کا کام کر سکیں گے۔ اِس سے جوزف نے بہتر محسُوس کیا۔
مُقدّسِین، 1:519–20
مگر وہاں بُہت سے لوگ تھے جو جوزف سے ناراض تھے۔ کُچھ اُسے قتل بھی کرنا چاہتے تھے۔ اُنھیں وہ پسند نہیں تھا جو وہ سِکھا رہا تھا۔ اُنھوں نے جوزف اور کلِیسیا کے خلاف مزید لوگوں کو ناراض کرنے کے لیے اُس کے بارے میں اخبار میں بھی لِکھا۔ اُن میں سے کُچھ ناوُوہ پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔
مُقدّسِین، 1:526–28، 530–32، 533–34
جوزف اور ناوُوہ کے دیگر راہ نُماؤں نے نفرت کو پھیلنے سے روکنے کے لیے چھاپہ خانہ کو تباہ کر دِیا تھا۔ اِس سے لوگوں کو اور بھی زیادہ غُصّہ آیا۔ گورنر نے جوزف کو کارتھیج شہر جانے کا کہا تاکہ ایک جج فیصلہ کر سکے کہ آیا اُس نے قانُون توڑا ہے۔ جوزف جانتا تھا کہ اگر وہ کارتھیج میں گیا، تو لوگ اُسے مار ڈالیں گے۔
عقائد اور عہُود 135:4؛ مُقدّسِین، 1:533–37، 539–41
مگر جوزف یہ بھی چاہتا تھا کہ مُقدّسِین محفُوظ رہیں۔ اگر وہ کارتھیج چلا جائے، تو شاید لوگ ناوُوہ میں مُقدّسِین کو چھوڑ دیں۔ جوزف نے جانے کا فیصلہ کِیا۔ اُس نے ایما اور اپنے بچّوں کو برکت دی، اُنھیں اِلوداعی بوسہ دِیا، اور کارتھیج کے لیے روانہ ہو گیا۔
مُقدّسِین، 1:542–44
جوزف کا بھائی حائرم اُس کے ساتھ گیا۔ اِسی طرح جان ٹیلر، وِلارڈ رِچرڈز، اور دیگر دوست بھی۔ روانہ ہوتے وقت، جوزف نے اپنے گھوڑے کو روکا اور پیچھے مُڑ کر ناوُوہ کی طرف دیکھا۔ ”یہ آسمان کے نیچے سب سے پیاری جگہ اور بہترین لوگ ہیں،“ اُس نے کہا۔
مُقدّسِین، 1:543–45
جب وہ کارتھیج میں پُہنچے، تو اُنھیں جیل میں ڈال دِیا گیا۔ جیل میں ہوتے ہوئے، حائرم نے اُنھیں مورمن کی کِتاب میں سے پڑھ کر سُنایا۔ جوزف نے پہرے داروں کو بتایا کہ مورمن کی کِتاب سچّی ہے۔
ُمُقدّسِین، 1:546
اپنے دوستوں کو تسلّی دینے کے لیے، جان ٹیلر نے یِسُوع کے مُتعلق ایک گیت گایا۔ یہ خُوب صُورت تھا، اور حائرم نے اُسے دوبارہ گانے کو کہا۔
ُمُقدّسِین، 1:549
بعد میں اُسی دِن، بندوقوں سے لیس مُشتعل اَفراد جیل میں گھُس آئے۔ اُنھوں نے دروازے کو دھکیلا اور اُس کمرے میں گولی چلانا شُروع کر دی جہاں جوزف اور اُس کے دوست موجود تھے۔ جان ٹیلر بُری طرح سے زخمی ہو گیا۔ حائرم اور جوزف قتل کر دِیے گئے۔
عقائد اور عہُود 135:1–2؛ مُقدّسِین، 1:550–52
مُقدّسین نہایت غمگین ہُوئے جب اُنھیں معلُوم ہُوا کہ جوزف اور حائرم وفات پا چُکے ہیں۔ مگر وہ جانتے تھے کہ نبی کا قتل کرنے سے کلِیسیا نہیں رُکے گی۔ یہ نجات دہندہ کی کلِیسیا ہے، اور وہ اِس کی راہ نُمائی جاری رکھے گا۔ کلِیسیا بڑھتی رہے گی اور پُوری دُنیا میں خُدا کے بچّوں کو برکت دیتی رہے گی۔
مُقدّسِین، 1:553–59