”اَبَدی بیاہ اور خاندان،“ عقائد اور عہُود کی کہانیاں (2024)
”اَبَدی بیاہ اور خاندان،“ عقائد اور عہُود کی کہانیاں
1843–1846
اَبَدی بیاہ اور خاندان
یِسُوع مسِیح کی قُدرت سے مُہر بند
جب ایما اور جوزف کا بیاہ ہُوا، تو اُن کا ماننا تھا کہ اُن کا نِکاح اُس وقت ختم ہو جائے گا جب وہ مَر جائیں گے۔ تمام شادی بیاہ اِسی طرح کے ہوتے تھے۔ لیکن پھر خُداوند نے جوزف کو بتایا کہ بیاہ اور خاندان ہمیشہ کے لیے قائم رہ سکتے ہیں۔
مُقدّسِین، 1:413
خُداوند نے جوزف کو اَبَدی بیاہ کے مُتعلق سِکھایا۔ کہانت کی قُدرت کے وسیلے سے، مَرد اور عورت خُداوند کے ساتھ عہد باندھ سکتے ہیں۔ اگر وہ اپنے عہد کی پاس داری کرتے ہیں، تو خُداوند وعدہ فرماتا ہے کہ اُن کا بیاہ ہمیشہ تک قائم رہے گا۔ اِسے مُہر بند ہونا کہتے ہیں۔ جلد ہی، جوزف اور ایما اَبَدیت کے لیے مُہر بند ہو گئے۔
عقائد اور عہُود 132:7، 19–24؛ مُقدّسِین، 1:413، 432–33، 481–82، 492، 502–3
جوزف کو یہ بھی پتہ چلا کہ جب کوئی مَرد اور عورت مُہر بند ہوتے ہیں، تو اُن کے بچّے بھی اُن کے ساتھ مُہر بند ہوں گے۔ یِسُوع مسِیح کی قُدرت کی بدولت، اُن کا خاندان ہمیشہ کے لیے قائم رہ سکتا ہے۔ جب جوزف نے مُقدّسِین کو اِس برکت کے مُتعلق بتایا، تو وہ بُہت زیادہ خُوش ہُوئے! وہ اِکٹھے مُہر بند ہونے کا بےصبری سے اِنتظار کر رہے تھے۔
عقائد اور عہُود 131:2؛ 132:6–7؛ مُقدّسِین، 1:492–93، 580
بعد میں خُداوند نے سِکھایا کہ مُہر بندی ہَیکل میں کی جانی چاہیے۔ مُقدّسِین نے ناوُوہ میں ہَیکل کی تعمیر مُکمل کرنے کے لیے سخت محنت کی تاکہ وہ اِکٹھے مُہر بند ہو سکیں۔ جب ہَیکل تیار ہو گئی، تو بُہت سے خاندان مُہر بند ہُوئے۔ یہاں تک کہ وہ اپنے خاندان کے اُن اَفراد کے ساتھ بھی مُہر بند ہُوئے جو وفات پا چُکے تھے۔ وہ اِس برکت کے لیے شُکرگُزار تھے!
مُقدّسِین، 1:579–80