”کرٹ لینڈ ہَیکل کی تعمیر کرنا،“ عقائد اور عہُود کی کہانیاں (2024)
”کرٹ لینڈ ہیکل کی تعمیر کرنا،“ عقائد اور عہُود کی کہانیاں
دِسمبر 1832–مارچ 1836
کرٹ لینڈ ہَیکل کی تعمیر کرنا
خُداوند کے لیے ایک خاص گھر
خُداوند نے جوزف سمِتھ کو بتایا کہ اَب وقت آ گیا ہے کہ مُقدّسِین کرٹ لینڈ میں ایک خاص گھر تعمیر کریں۔ یہ گھر ہَیکل ہو گی، ایسا مقام جہاں خُداوند اپنے لوگوں سے مُلاقات کرے گا اور اُن کے ساتھ وعدے کرے گا۔ وہ اُنھیں اپنی ہَیکل میں خاص تُحفہ عطا کرے گا۔ اُس نے اِس تُحفے کو قُوتِ ودیعت کا نام دِیا۔
عقائد اور عہُود 88:119؛ 95:8، مُقدّسِین، 1:205
مُقدّسِین نے فوراً ہَیکل کی تعمیر شُروع نہیں کی۔ چند مہینوں بعد، خُداوند نے اُنھیں یاد دِلایا کہ ہَیکل نہایت اَہم ہے۔ حائرم سمِتھ اوزار اِکٹھے کرنے کے لیے اپنے والدین کے گھر کی طرف بھاگا۔ جب اُس کی ماں نے اُس سے پُوچھا کہ وہ کہاں جا رہا ہے، تو اُس نے کہا کہ وہ خُدا کے گھر پر کام کرنے والا پہلا شخص بننا چاہتا ہے۔
کرٹ لینڈ کے مُقدّسِین نے ہَیکل کی تعمیر شُروع کی۔ اِس پر بُہت زیادہ رقم خرچ ہُوئی اور اِس میں بُہت محنت لگی۔ کلِیسیائی اَرکان جیسے کہ سِڈنی رِگڈن نے ہَیکل کی تعمیر کے لیے بُہت سا پیسہ دِیا۔ وہ خُداوند کے حُکموں کو ماننے اور اُس کے گھر میں اُس کی برکات پانے کے لیے پُرجوش تھے۔
مُقدّسِین، 1:209–211
جب مُقدّسِین ہَیکل پر کام کر رہے تھے، تو اُن کے پیسے ختم ہونے لگے۔ سِڈنی اور دُوسرے کلِیسیائی راہ نُما پریشان تھے۔ سِڈنی نے خُدا سے مدد کے لیے دُعا کی۔
مُقدّسِین، 1:210–11
کلِیسیا کی ایک رُکن، کیرولین ٹیپٹس اور اُس کے خاندان نے بُہت سا پیسہ جمع کر رکھا تھا۔ کیرولین نے کلِیسیا کو اپنا پیسہ اُدھار دِیا تاکہ ہَیکل کی تعمیر میں مدد مِل سکے۔
مُقدّسِین، 1:211–13
کرٹ لینڈ میں بُہت سے مُقدّسِین نے ہَیکل تعمیر کرنے کے لیے سخت محنت کی۔ کُچھ لوگ پتھروں سے بھری ہُوئی گاڑیاں ہَیکل تک لے کر گئے۔ دُوسرے لوگوں نے مزدوروں کے لیے کپڑے اور کھانے تیار کِیے۔ بچّوں نے ٹُوٹے ہُوئے شیشے کے ٹُکڑے جمع کِیے تاکہ اُنھیں پِیس کر ہَیکل کی دیواروں پر لگایا جا سکے جس سے وہ دھُوپ میں چمکنے لگیں۔
مُقدّسِین، 1:210، 219، 221
جلد ہی ہَیکل کا کام ختم ہو گیا! مُقدّسِین خُداوند کے گھر میں جانے اور اُن برکات کو حاصِل کرنے کے لیے بے حد پُرجوش تھے جو اُس نے اُن سے وعدہ کی تھیں۔
مُقدّسِین، 1:221