فرداً فرداً خِدمت گُزاری کرنے کی قُدرت
جب ہم اِنفرادی خِدمت گُزاری کرتے ہیں، تو ہم اُس ایک کو مسِیح کے پاس آنے اور خُداوند کے گھر میں عِبادت کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔
بہنو اور بھائیو، اِن دُشوار گُزار حالات میں یِسُوع مسِیح کے پاس آنے میں آپ کی پُر خلوص عقیدت کے لیے آپ کا شُکریہ۔ آپ لاجواب ہیں، آپ دِل نشِیں ہیں؛ آپ میں سے ہر ایک طِفلِ خُدا ہے۔ میری دُعا ہے کہ جب ہم یِسُوع مسِیح کے حقیقی جاں نِثار شاگِرد بنیں اور ایک دُوسرے کی بھی مدد کریں تو ہم رُوحُ القُدس کے اَثر و رُسُوخ کو پہچانیں گے اور خُداوند کے گھر میں پرستِش کرتے ہُوئے اُس کی شادمانی کو محسُوس کریں گے۔
صدر رسل ایم نیلسن نے اِعلان فرمایا ہے: ”آپ کے اور میرے لیے اپنے خُداوند اور نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کی دُوسری آمد کے لیے تیاری کا وقت اَبھی ہے۔ اَب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی شاگِردی کو اپنی اَوّلین ترجِیح بنائیں۔ پریشان کُن اِنتشار سے بھری دُنیا میں، ہم یہ کیسے کر سکتے ہیں؟“
اُنھوں نے جواب فراہم کِیا ہے: ”ہَیکل میں باقاعدگی سے عِبادت کرنے سے ہمیں مدد مِلے گی۔ خُداوند کے گھر میں، ہم یِسُوع مسِیح پر دھیان دیتے ہیں۔ … ہم اُس کی بابت جانتے ہیں۔ … یِسُوع مسِیح کا ہر سچّا عاشِق اُس کو ہَیکل میں پائے گا۔“
تو ہم کیسے یِسُوع مسِیح کے جاں نِثار شاگِرد بنیں اور ایک دُوسرے کی بھی اَیسا بننے میں مدد کریں؟ ہم فرداً فرداً خِدمت گُزاری کریں۔ نجات دہندہ کے طرِیق پر خِدمت گُزاری کرنے میں رحم، شفقت، صبر، اور بےغرض محبّت شامِل ہے۔ جب ہم انفرادی خِدمت گُزاری کرتے ہیں، تو ہم اُس ایک کو مسِیح کے پاس آنے اور خُداوند کے گھر میں عِبادت کرنے اور اُس کی مُخلصی بخش قُدرت کو پانے کی دعوت دیتے ہیں۔ دُوسرے اَلفاظ میں، ہم ایک دُوسرے کی جاں نِثار شاگِرد بننے میں مدد کرتے ہیں جب ہم اُن طریقوں سے انفرادی خدمت گُزاری کرتے ہیں جو خُداوند کے گھر کی طرف راہ نُمائی کرتے ہیں۔
ہم یِسُوع مسِیح سے محبّت اور بےغرضی کے ساتھ اِنفرادی خِدمت گُزاری کرنے کی قُدرت کے مُتعلق سیکھتے ہیں۔ آپ کو کُنویں پر سامری عورت یاد ہے۔ ہو سکتا ہے یہ عورت خُود کو غیر اَہم، تنہا، مایُوس، اور نظر اَنداز محسُوس کرتی ہو۔ اُس نے شاید محسُوس کِیا ہوگا کہ اُس کی کوئی وابستگی نہیں ہے۔ اپنی پُوری زِندگی میں اُس کے پانچ شوہر تھے، اور جس شخص کے ساتھ وہ رہ رہی تھی وہ اُس کا شوہر نہیں تھا۔ شاید دُوسرے لوگوں نے اُس کی زِندگی کے حالات کو جانے بغیر ناحق فیصلہ تھوپ دیا ہوگا۔ یہ اُن بہت سی وجوہات میں سے ایک ہو سکتی ہے کہ وہ دِن کے سب سے گرم ترین حصہ میں اکیلی کُنویں پر آئی۔ اور پھر بھی، وہ اُن پہلے لوگوں میں سے ایک تھی جس پر یِسُوع مسِیح نے اِعلان فرمایا کہ وہی مَمسُوح تھا۔ اُس کے لیے، وہ عورت دُخترِ خُدا تھی۔
یِسُوع مسِیح نے عورت کو سِکھایا کہ اُس کے وسِیلہ سے ہر شخص زِندگی کا پانی پی کر اَبَدی زِندگی پا سکتا ہے۔ اُس نے اِعلان فرمایا، ”جو کوئی اُس پانی میں سے پیئے گا جو مَیں اُسے دُوں گا … وہ اَبَد تک پیاسا نہ ہوگا؛ بلکہ جو پانی مَیں اُسے دُوں گا … وہ اُس میں ایک چشمہ … بن جائے گا جو ہمیشہ کی زِندگی کے لیے جاری رہے گا۔“
سامری عورت نے نجات دہندہ کی محبّت کو محسُوس کِیا اور پاک رُوح کے وسِیلے سے گواہی پائی کہ وہی مَمسُوح ہے۔ اِس گواہی کے بعد، وہ شہر واپس چلی گئی اور دُوسروں کو دعوت دی کہ آؤ اور دیکھو، اور بُہتیرے اِیمان لائے کہ ”فی الحقیقت یِسُوع ہی اَلمسِیح تھا، دُنیا کا بخشن ہارا۔“ مسِیح نے محبّت کے ساتھ اُس ایک کی خِدمت گُزاری کی، جس کے نتیجے میں، دُوسرے لوگ اُس کے جاں نِثار شاگِرد بن گئے۔
ہم مسِیح کے رَسُولوں پطرس اور یُوحنّا سے محبّت کے ساتھ کسی ایک فرد کی خِدمت گُزاری کرنے کی قُدرت کے بارے میں سیکھتے ہیں۔ آپ کو وہ جنم کا لنگڑا شخص یاد ہے، جو ہر روز ہَیکل کے دروازے پر، بھیک مانگنے کے لیے بیٹھتا تھا۔ ہو سکتا ہے یہ شخص خُود کو غیر اَہم، تنہا، مایُوس، اور نظر اَنداز محسُوس کرتا ہو۔ اُس نے شاید محسُوس کِیا ہوگا کہ اُس کی کوئی وابستگی نہیں ہے۔
”پھر پطرس نے کہا، چاندی سونا میرے پاس نہیں، مگر جو [میرے] پاس ہے وہ [تُجھے] دے دیتا ہُوں: یِسُوع مسِیح ناصری کے نام پر چل پھر۔“
پطرس نے اُس کا دہنا ہاتھ پکڑا اور اُس کو اُٹھایا، اور اُسی دم وہ شخص تندرُست ہو گیا۔ مُعجزے کے فوراً بعد، وہ شخص، ”چلنے پھرنے لگا، اور کُودتا اور خُدا کی حمد کرتا ہُوا“ پطرس اور یُوحنّا کے ساتھ ہَیکل میں گیا۔ پطرس اور یُوحنّا نے اُن طریقوں سے اُس ایک شخص کی خِدمت گُزاری کی جن سے خُداوند کے گھر کی طرف راہ نُمائی ہُوئی، اور یہ شخص مسِیح کا جاں نِثار شاگِرد بن گیا۔
میرے دوستو، میری زِندگی میں اَیسے لمحات آئے ہیں جب مَیں نے بھی خُود کو غیر اَہم، تنہا، مایُوس، اور نظر اَنداز محسُوس کِیا ہے۔ مَیں نے محسُوس کِیا ہے کہ میری کوئی وابستگی نہیں ہے۔ مَیں 19 برس کا تھا جب کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقّدسِینِ آخِری ایّام کے رُکن کے طور پر میرا بپتِسما اور اِستحکام ہُوا۔ ایک سال بعد، مَیں نے کُل وقتی مِشنری کی حیثیت سے خِدمت کرنے کی بُلاہٹ کو قبُول کِیا، مگر مَیں نے اَبھی تک کلِیسیائی تاریخ کے بارے میں بُہت کُچھ نہیں سیکھا تھا۔
اپنی مِشنری خِدمت کے شُروع میں، مَیں نے سیکھا کہ ایک اَیسا دَور بھی تھا کہ جب سیاہ فام اَفریقی نژاد لوگوں کو خُداوند کے گھر میں عِبادت کرنے کی تمام برکات سے لُطف اَندوز ہونے کی اِجازت نہیں تھی۔ پہلی بار یہ جان کر مُجھے غُصّے، اُلجھن، شک، اور خوف کے احساسات آئے۔ یہ احساسات اِس قدر شدید تھے کہ رُوحُ القُدس کو پہچاننے کی میری صلاحیت کُچھ عرصے کے لیے کھو گئی تھی۔
خُوش قِسمتی سے، میرے پاس ایک بہترین مِشنری ساتھی، کیوِن وِک تھا، جس نے محبّت، صبر، اور شفقت کے ساتھ میری خِدمت گُزاری کی۔ ہر رات جب وہ میرے شکُوک و شُبہات اور غیریقینی کے احساسات کا مُشاہدہ کرتا، تو وہ نوجوان ایلڈر جانسن سے بس یہ کہتا، ”مَیں آپ سے پیار کرتا ہُوں۔“ لگ بھگ دو ہفتے بعد، مَیں نے خُود کو کیوِن کی محبّت کو محسُوس کرنے کی اِجازت دی۔ مُجھے یہ حوصلہ نصیب ہُوا کہ یِسُوع مسِیح کے نام پر آسمانی باپ سے دُعا کرُوں۔ جب مَیں نے دُعا کی، تو مَیں عقائد اور عہُود کی فصل 6 کی، آیات 21–23 کی طرف مبذُول ہُوا، جن میں یُوں مرقُوم ہے:
”دیکھ، مَیں یِسُوع مسِیح ہُوں، خُدا کا بیٹا۔ … ”میں نُور ہُوں جو تاریکی میں چمکتا ہے۔ …
”… اُس رات کو یاد کر جب تُو نے اِن باتوں کی سچّائی جاننے کی بابت، اپنے دِل میں مُجھ سے اِلتجا کی۔
”کیا مَیں نے تیرے ذہن کو اِس مُعاملے میں اِطمینان نہیں بخشا؟ اِس سے بڑھ کر اور کون سی گواہی تُو خُدا سے پا سکتا ہے؟“
جب مَیں نے پڑھا، تو مُجھے یاد آیا۔ مُجھے وہ دِن یاد آیا جب مَیں نے یہ جاننے کے لیے روزہ رکھا تھا اور دُعا کی تھی کہ مورمن کی کِتاب کلامِ خُدا ہے اور کہ جوزف سمِتھ بحالی کا نبی ہے۔ مُجھے خُداوند کے گھر میں باندھے گئے عہُود یاد آئے جو مُجھے اَیسے ذاتی اور گہرے اَنداز میں یِسُوع مسِیح سے جوڑتے ہیں۔ مَیں نے مُنّجی کی محبّت، اُس کے رحم، اور اُس کی یقین دِہانی کے بارے میں محسُوس کِیا کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام زمین پر اُس کی بادشاہی ہے اور ہمیں اُس کی آمدِ ثانی کے لیے تیار کرنے کی لیے بُہت اَہم ہے۔ چُوں کہ مُجھے یاد تھا، مَیں پھر سے رُوحُ القُدس کو پہچاننے اور زیادہ مُکمل طور پر سمجھنے کے قابل ہُوا کہ یِسُوع ہی اَلمسِیح ہے اور میں اُس کا شاگِرد ہُوں۔
بعض اوقات ہمارے سوال بے جواب رہیں گے اور ہم غیر اَہم، مایُوس، تنہا، اور نظر اَنداز ہونے کے احساسات پائیں گے۔ بہرکیف، میرے دوستو، ہمیں یِسُوع مسِیح پر اِیمان کے ساتھ ثابت قدمی سے آگے بڑھنا اور اُس کے کلام کو یاد رکھنا چاہیے:
”تُمھارا دِل نہ گھبرائے اور نہ ڈرے۔“
”دُنیا میں مُصِیبت اُٹھاتے ہو: لیکِن خاطِر جمع رکھّو؛ مَیں دُنیا پر غالِب آیا ہُوں۔“
مَیں اِس حقیقت اور مُنجّی کی وعدہ کی گئی برکت کا شاہِد ہُوں۔
پَس ہم کس طرح یقینی بنا سکتے ہیں کہ نجات دہندہ کے طرِیق پر کسی ایک شخص کے لیے ہماری خِدمت گُزاری زیادہ مؤثر ہو؟ مسِیح کی تعلیم کے مُوافق زِندگی بسر کرنے سے ہماری مُعاونت ہو گی۔ ”مسِیح کی تعلیم کے مُوافق زِندگی بسر کرنے سے“ جیسے صدر نیلسن نے وضاحت فرمائی ”سب سے زیادہ مضبُوط و مُستحکم حلقہِ نیکوکاری جنم لے سکتا ہے، جو ہماری زِندگیوں میں رُوحانی جوش پَیدا کرتا ہے۔
”جب ہم شافی کی اعلیٰ و مُعتبر شریعت کے مُوافق زِندگی بسر کرنے کے مُشتاق ہوتے ہیں … تو نجات دہندہ ہمیں بُہت زیادہ محبّت، فروتنی، سخاوّت، رحم دِلی، ضبطِ نفس، اِطمِینان، اور آرام سے نواز کر اِس زوال پذیر دُنیا کی کھینچا تانی سے اُوپر اُٹھاتا ہے۔“
”مسِیح کی تعلِیم کے مُطابق زِندگی بسر کرنے سے پیدا ہونے والا [رُوحانی جوش]،“ ایلڈر ڈیل جی رینلنڈ وضاحت کرتے ہیں، ”نہ صِرف ہماری اِلہٰی فِطرت کو ہماری اَبَدی تقدیر میں تبدیل کرنے کی تقویت دیتا ہے، بلکہ یہ ہمیں مُناسب طریقوں سے اِک دُوجے کی [خِدمت گُزاری کرنے] میں مدد کرنے کی تحریک بھی عطا کرتا ہے۔“ ایلڈر رینلنڈ ہمیں یاد دِلاتے ہیں کہ ”شافی کا کام [ہمیں چنگا کرنا] شِفایابی بخشنا ہے۔ ہمارا فرض محبّت کرنا ہے—اِس طرح محبّت کرنا اور خِدمت کرنا کہ دُوسرے یِسُوع مسِیح کی طرف کِھینچے چلے آئیں۔“
مسِیح کی تعلیم کے مُوافق زِندگی بسر کرنے کی ہماری صلاحیت مورمن کی کِتاب کا روزانہ مُطالعہ کرنے اور ہفتہ وار عِشائے ربّانی لے کر پروان چڑھے گی۔ صدر نیلسن نے اِعلان فرمایا کہ مورمن کی کِتاب ”مسِیح کی تعلیم سِکھاتی ہے … اور یِسُوع مسِیح کے کفّارے کی بابت مُکمل ترین اور [واضح ترین] سمجھ بُوجھ فراہم کرتی ہے جو کہیں اور نہیں مِلتی۔“ مَیں اِس کِتاب سے پیار کرتا ہُوں۔ اور دُعاگو ہو کر ہر ہفتے عِشائے ربّانی میں شریک ہونے سے یِسُوع مسِیح کے کفّارے کے بارے میں ہمارے فہم میں اِضافہ ہو گا اور ہماری زِندگیوں میں رُوحانی تجدید، تسلّی، اور قُدرتِ اِلہٰی کی فراہمی ہوگی۔ یاد رکھیں، ”[کہانت کی] رُسُوم میں، قُدرتِ اِلہٰی کا ظہُور ہے،“ اور یہ قُدرت، جو یِسُوع مسِیح کی طرف سے آتی ہے، کسی ایک شخص کی خِدمت گُزاری کرنے کی ہماری آرزُو اور صلاحیت کو تقویت دیتی ہے۔
مورمن کی کِتاب کا میرا مُطالعہ اور عِشائے ربّانی میں شِرکت کرنا مایُوسی کے احساسات کو کم کرتا ہے، نجات دہندہ کے طرِیق پر اُس ایک کی خِدمت گُزاری کرنے کے میرے عزّم کو بڑھاتا ہے، اور شاگِردی کو میری اوّلین ترجیح بنانے میں مدد کرتا ہے۔
میرے دوستو، مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب ہم مسِیح کی تعلیم کے مُوافق زِندگی بسر کرتے ہیں اور اُن طریقوں سے فرداً فرداً خِدمت گُزاری کرتے ہیں جو خُداوند کے گھر کی طرف راہ نُمائی کرتے ہیں، حتیٰ کہ بے جواب سوالوں اور غیر اَہم، تنہا، مایُوس، اور نظر اَنداز ہونے کے احساسات کے باوجُود بھی ہم یِسوع مسِیح پر اِیمان کے ساتھ ثابت قدمی سے آگے بڑھیں گے۔ ہم اُس ایک کو یِسُوع مسِیح کے پاس آنے اور خُداوند کے گھر میں عِبادت کرنے اور اُس کی مُخلصی بخش قُدرت اور محبّت کو پانے کی دعوت دیں گے۔ خُداوند کے گھر میں، ہم ”[مُنّجی کے] رحم کو محسُوس کریں گے۔ [ہمیں] [اپنے] اِنتہائی تکلِیف دہ سوالات کے جوابات مِل جائیں گے۔ [اور ہم] اُس کی اِنجِیل کی شادمانی کا اِدراک زیادہ بہتر طور پر پا سکیں گے۔“ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔