اپنے دِل کو یِسُوع مسِیح کے ساتھ ہم آہنگ کریں: پرائمری کی حمدوثنا کا مُقدّس تحفہ
پرائمری گیت یِسُوع مسِیح کے شاگردوں کے وعظ ہیں، بحال شُدّہ اِنجِیل کی سچّائی کی گواہیاں ہیں، اور حمدوثنا میں ڈھلی ہُوئی دُعائیں ہیں۔
پرائمری میں میری خِدمت کی برکات میں سے ایک یہ ہے کہ میرے دِل نے اُن زبانوں میں محبّت کرنا سیکھ لِیا ہے جو میرے لبوں سے اَدا نہیں ہوتیں۔ مَیں نے ساتھی مُقدّسِین کے ساتھ حمدوثنا کی مُشترکہ زبان کے ذریعے رابطہ قائم کرنے میں خُوشی پائی ہے۔ اور خاص طور پر پرائمری کے سادہ گیتوں کے ذریعے، رُوحُ القُدس زبان کی رکاوٹوں پر غالب آ چُکا ہے اور میرا دِل اُس کی سرگوشی سے معمور ہو گیا ہے۔ بچّوں کی آوازوں میں، خُدا اور اُس کے بیٹے، یِسُوع مسِیح کی محبّت کا واضح اور پُرزور سچّائی سے اِعلان کِیا گیا ہے۔
اگرچہ مَیں پرائمری میں بڑی نہیں ہُوئی تھی، رُوح نے مُجھے فوری طور پر اُس کے گیتوں کا تقدس سِکھایا ہے، اور وہ میری ذاتی عِبادت کا حِصّہ بن گئے ہیں۔ پرائمری کے گیتوں نے میری زندگی پر پاک اثر کِیا ہے اور میری رُوح کو بلند کیا ہے، مُجھے اَبَدی سچّائیاں سِکھائی ہیں، اور مُجھے نجات دہندہ اور اُس کی اِنجِیل کے قریب تر کر دِیا ہے۔
صدر ڈیلن ایچ اوکس نے ایک بار سِکھایا تھا: ”گیتوں کا گانا بحّال شُدّہ اِنجِیل کی تعلیم سیکھنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔“ یہ الفاظ ہم سب کے لیے لیکن خاص طور پر بچّوں کے لیے سچّے ہیں۔ پرائمری کی حمدوثنا نجات دہندہ کے سب سے چھوٹے شاگردوں کے دِلوں میں گواہی کے بیج بونے کے لیے خُدا کے سب سے شفقت بھرے اوزاروں میں سے ایک ہے۔ والدین، راہ نُما، اور مُعلمین اُس بیج کی پرورش کرتے ہیں جب وہ اُس کی گواہی دیتے اور بچّوں کو بھی مدعُو کرتے ہیں کہ وہ سب کُچھ جو وہ آسمانی باپ، اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح اور رُوحُ القُدس کے بارے میں جان رہے ہیں اُس کی گواہی دیں۔
اپنی خِدمت کے اِن آخری کئی سالوں میں، مَیں نے چند سوالات پر غور کرتے ہُوئے پرائمری کی حمدوثنا سے گیت سیکھنے اور گانے میں وقت گُزارا ہے:
-
بچپن میں سیکھے گئے پرائمری کے گیت کس طرح رُوحانی زبان بن سکتے ہیں جسے بچّے اپنی ساری زندگی گواہی دینے کے لیے اِستعمال کر سکتے ہیں؟
-
اِنجِیل کی سچّائیاں گانا کس طرح بچّوں کو عہد کے حِصّے کے طور پر خُداوند کو یاد رکھنے میں مدد دیتا ہے اور اُنھیں اُس کی رَسُومات کے لیے تیار کرتا ہے؟
-
اور پرائمری کے گیت اُن سب چھوٹے شاگردوں کے دِلوں پر خُدا کی شریعت لکھنے میں کس طرح مدد کر سکتے ہیں؟
جب 1878 میں پرائمری کا آغاز ہُوا، تو اِس کی پہلی صدر، اوریلیا سپنسر راجرز، نے مشاہدہ کِیا کہ ”گیت گانا ضروری تھے۔“ موسیقی، بچّوں کے دِلوں تک اِنجِیل کی روشنی پہنچانے کا ایک لطیف اور مؤثر ذریعہ رہی ہے۔ پرائمری کے گیت بچّے کی پہلی رُوحانی زبان بن سکتے ہیں کیوں کہ اُن کی سادہ، یادگار دُھنیں اِنجِیلی سچّائیوں کو بیان کرتی ہیں۔ یہ گیت زندگی بھر بچّوں کے ساتھ رہنے، اُن کی شاگردی کا حِصّہ بننے اور اُن کے لیے نجات دہندہ کی گواہی دینے کا فطری اور روایتی طریقہ بننے کی قوت رکھتے ہیں۔
گیتوں کے ذریعے یِسُوع مسِیح کی تعلیم سِکھانا
پرائمری کے گیت بھی قوی عقائدی تعلیمی آلات ہو سکتے ہیں۔ کُچھ گیت نجات دہندہ کی زندگی اور خِدمت کی کہانیاں بتاتے ہیں۔ دُوسرے اُس کی صفات کے بارے میں سِکھاتے ہیں، جیسا کہ اُس کا ایمان، اُس کی اُمید، اور اُس کی محبّت۔ اور سب سے زیادہ مُقدّس گیت اُس کے لامحدُود کفّارہ اور اُس محبّت کی گواہی دیتے ہیں جو نجات کے اُس عمل سے بہتا ہے۔
خُداوند کے نبی، صدر رسل ایم نیلسن، نے سِکھایا: ”[حمدوثنا] اُس وقت سے بھی کہیں آگے تک نیکی کے لیے اثر انداز ہو سکتی ہے جب بچّے چھوٹے ہوتے ہیں۔ … [اِس] میں رُوحانی پرورش مُہیا کرنے کی قُدرت [ہے]۔ اِس میں شفا بخش قُدرت پائی جاتی ہے۔ اِس میں عِبادت کو آسان بنانے کی قوّت ہے؛ یہ ہمیں [نجات دہندہ کے] کفّارہ اور اِنجِیل کی بحالی کو اُس کے نجات بخش اُصُولوں اور سرفرازی بخش رَسُومات پر غور کرنے کا موقع دیتی ہے۔ حمدوثنا ہمارے لیے دُعا گو خیالات کا اِظہار کرنے اور مُقدّس سچّائیوں کی گواہی دینے کی قوت فراہم کرتی ہے۔“
والدین، راہ نُما، اور مُعلمین کے طور پر، ہماری کاوشوں میں بچّوں کو حمدوثنا میں پائی جانے والے اِنجِیلی سچّائیوں کی تعلیم دے کر اُن وعدہ کی گئی برکات تک رسائی پانے میں مدد کرنا شامل ہے۔ صدر نیلسن نے یہ بھی سِکھایا کہ ”بچّے عقائد سیکھ سکتے ہیں جب وہ گیت گانا سیکھتے ہیں ایسے ہی جیسے وہ کلاس میں عقائد سیکھ سکتے ہیں۔“ یہ گیت اِیمان سے بھرے وعظوں کا ذخائر فراہم کر سکتے ہیں جو بچّوں کو نجات دہندہ کی طرف اِشارہ کرتے ہیں اور اُنھیں اُس کی اِنجِیل سے عقیدت کو فروغ دینے میں مدد دیتے ہیں۔
صحائف سِکھاتے ہیں کہ راست باز کے گیت جو دِل سے نِکلتے ہیں مُنّجی کے لیے باعثِ شادمانی ہیں۔ مَیں اُس خُوشی پر ہی حیران ہو سکتی ہُوں جو نجات دہندہ کے سب سے چھوٹے شاگردوں کی آوازیں دیتی ہیں۔ مَیں جانتی ہُوں کہ اُن کے دُعا گو گیت اِیمان کے اِظہار کے طور پر آسمان تک پُہنچتے ہیں جو رُوحُ القُدس کو اَبَدی سچّائیوں کی تصدیق کرنے اور نرمی اور شفقت سے دُوسروں کو ہمارے نجات دہندہ کی پیروی کرنے کی بُلاہٹ کو قبُول کرنے اور گھر واپس آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ جیسا کہ ایلڈر ہنری بی آئرنگ نے ہمیں یاد دلایا ہے، یہ وہ لمحات ہوتے ہیں جب ہم رُوح کو محسُوس کرتے ہیں کہ جب ہمیں یہ ثبوت ملتا ہے کہ نجات دہندہ کا کفّارہ ہماری زندگیوں میں کام کر رہا ہے۔
سچّائی کو دِل پر چھاپنا
پرائمری کی حمدوثنا ایک معجزہ بن سکتی ہے جو شاگردی کے اُس تمام سفر میں ساتھ چلتی ہے جس پر ہمارے بچّے ساری زندگی چلیں گے۔ چھ برس کی عُمر میں سیکھے جانے والے گیت میں ہمارے ساتھ رہنے کی قدرت ہے—اور جو کئی دہائیوں بعد فیصلے، آزمایش، غم، یا خوشی کے لمحات میں واپس یاد آ سکتا ہے۔ شاید ہمارے آنے والے سالوں میں، ”مَیں خُدا کے منصُوبے کی پیروی کروں گا“ کی شاعری یہ ایک رُوحانی لنگر کا کام دے سکتی ہے جو پولُس رَسُول کی اُس گواہی کی گُونج ہے کہ خُدا کے وعدے ہمارے لیے یقینی ہیں۔ یا وہ ہمیں یاد دلا سکتے ہیں کہ چُوں کہ خُدا اپنے وعدوں پر قائم رہتا ہے، اُس کے عہُود مضبُوط تسلی اور پناہ گاہ پیش کرتے ہیں اور ہمیں دعوت دیتے ہیں کہ یِسُوع مسِیح اور اُس کے کفّارے کی قدرت پر ثابت قدمی سے اپنی امید اور یقین کو قائم رکھیں۔
پُوری دُنیا میں بالغ اَرکان، مُشکل اوقات میں، اکثر پرائمری کے گیتوں کو یاد کرتے اور اُن کی طرف رُجُوع لاتے ہیں جو اُنھوں نے بچپن میں سیکھے تھے۔ بُہت سُوں کے لیے، اِن گیتوں نے یِسُوع مسِیح پر اُن کے ایمان کے اِبتدائی دِنوں میں اُن کی مدد کی اور اکثر وہ پہلے نمبر پر تھے جب اُنھوں نے اُس کی اِنجِیل کی طرف رُجُوع لانا شُروع کِیا تھا۔ والدین، راہ نُماؤں، اور مُعلمین نے برسوں سے اُس ایمان کی پرورش دھیان سے بچّوں کو تعلیم دینے، گیت گانے، اور گواہی دینے سے کی ہے۔
ایک بہن نے مُجھے بتایا کہ وہ پرائمری کی حمدوثنا کو عزیز رکھتی تھی اور 20 سال بعد بھی وہ اِسے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی طرف اپنی مُسلسل تبدیلی کو تیز کرنے کا سبب قرار دیتی ہیں۔ ایک اور رُکن نے گواہی دی کہ پرائمری جماعت نے اُس کے بچپن میں ایمان کا رائی کا بیج بویا تھا اور یہی وجہ تھی کہ وہ اپنی تیس سالہ عمر میں واپس خُداوند کی کلِیسیا میں آ سکا۔ نجات دہندہ نے وعدہ کِیا ”مددگار … تُمھیں سب باتیں سِکھائے گا، اور سب تُمھیں یاد دِلائے گا۔“ پرائمری کی حمدوثنا وعدہ پُورا ہونے کا ایک راستہ ہو سکتی ہے۔
ایک اور محبوب پرائمری گیت جو سادہ ایمان اور پائیدار گواہی کی قوت کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے:
جب بچّے گاتے ہیں، تو وہ شاگرد بننے کی اور عہد کے مُطابق زندگی گزارنے کے نمونے کو سیکھنے کی خواہش کا اِظہار کرتے ہیں۔ پاک رُوح حمدوثنا کے ذریعے اَبَدی سچّائیوں کو اُن کے شفقت آمیز دِلوں پر نقش کر سکتا ہے۔ اور وقت کے ساتھ، بچّے اُس کے ساتھ مُقدّس عہُود باندھنے اور اُن پر قائم رہنے سے اپنے دِلوں اور اپنی زندگیوں کو یِسُوع مسِیح کی طرف مائل کرنے کا اِنتخاب کر سکتے ہیں۔
اپنے عہُود کو یاد رکھنا اور رُسُوم کے لیے تیاری کرنا
حمدوثنا مسِیح کے عقیدے کو جان پر لکھنے اور ہمیں اُس کی رَسُومات پانے کے لیے تیار کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔ یہ نجات دہندہ کے عقیدے کو ہماری یادداشت اور اُس میں ہماری شاگردی کی یاد سے جوڑتی ہے۔
بطور پرائمری راہ نُما، ہمارے پاس یہ یقینی بنانے کا موقع اور مُقدّس ذمہ داری ہے کہ پرائمری میں حمدوثنا کی تعلیم خُوشی سے، عقائدی فہم کے ساتھ، اور رُوح کے ساتھ دی جائے۔ اِس میں یہ بھی شامل ہے کہ بچّوں کو مدُعو کِیا جائے کہ وہ غور کریں کہ جب وہ گاتے ہیں تو کیا محسُوس کرتے ہیں اور اُن کی مدد کی جائے تاکہ وہ پہچان سکیں کہ یہ احساسات رُوحُ القُدس کی طرف سے آتے ہیں۔ یہ کوششیں ہمارے بچّوں کو بپتِسما اور اِستحکام، جیسی مُقدّس رَسُومات کے لیے تیار کرنے میں مدد کرتی ہیں، اِس کے ساتھ ساتھ اُن کی موعودہ یادداشت کو مُتاثر کرنے میں بھی مدد کرتی ہیں جب وہ باقاعدگی سے خُدا سے کیے وعدوں کی تجدید کرتے ہیں۔
آخری فسح کے وقت، عِشائے ربانی کو تشکیل دینے کے بعد، متّی نے قلمبند کِیا کہ ”جب اُنھوں نے گیت گایا، تو وہ زیتون کی پہاڑی میں باہر گئے۔“ ہر ہفتے، خُداوند کی بحال شُدّہ کلِیسیا کے بپتِسما یافتہ اور اِستحکام یافتہ اَرکان، جس میں آٹھ سال کی عُمر میں بپتِسما پانے والے بچّے بھی شامِل ہیں، خُداوند کی عِشائے ربانی میں شامِل ہونے کی تیاری کرتے ہیں۔ حمدوثنا کے ذریعے، خُدا کے بچّوں کی جماعتوں کو موقع دِیا جاتا ہے کہ وہ اپنے دِلوں کو اُس مُقدّس رسم کے لیے تیار کریں جب وہ اُس کا نام اپنے پر لیتے ہیں، تاکہ ہمیشہ اُسے یاد رکھیں، اور اُس کے حُکموں پر عمل کریں۔
اِختتامی گواہی
عزیز دوستو، مَیں گواہی دیتی ہُوں کہ پرائمری کے گیت اَبَدی سچّائیاں اور عقائد سِکھاتے ہیں جو ہمیں یِسُوع مسِیح اور اُس کی اِنجِیل کی طرف مائل کرتے ہیں۔ مَیں آپ کو دعوت دیتی ہُوں کہ اُن گیتوں کی سادہ تعلیمات کے ذریعے سے آپ کے دِلوں پر جو بُنیادی سچّائیاں لکھی گئی ہیں اُن پر غور کریں اور اُن سچّائیوں کی گواہی نجات دہندہ کے سب سے چھوٹے شاگردوں کو دیں جب آپ اُنھیں گیتوں کے ذریعے اِنجِیل کی خُوشخبری دیتے ہیں۔
مَیں جانتی ہُوں کہ خُدا باپ نے، اپنی لامحدُود محبّت میں، اپنے پیارے بیٹے کو زمین پر بھیجا تاکہ وہ ہمیں سِکھائے، راہ دکھائے، اور ہمیں اپنے کفّارہ کے وسیلے سے مُخلصی دے۔
مَیں جانتی ہُوں کہ نجات دہندہ کی زندگی اور خِدمت حقیقی اور ذاتی ہے۔ صحائف اُس کی شفا، اُس کی شفقت، اور اُس کے معجزات کی کہانیوں سے بھرے ہیں۔
مَیں جانتی ہُوں کہ آسمانی باپ، اُن کی عمر، حالات، یا زبان سے قطع نظر اپنے بچّوں کی مُخلص دُعاؤں کو سُنتا اور جواب دیتا ہے۔ وہ ہمارے دِلوں کی خاموش اِلتجاؤں کو سُنتا ہے۔
مَیں گواہی دیتی ہُوں کہ گتسمنی میں، یِسُوع مسِیح نے ہمارے گُناہوں، دُکھوں، اور اَذیتوں کا بوجھ برداشت کِیا۔ اُس نے خوشی سے ہمارے لیے اپنی محبّت کی بدولت دُکھ سہا اور ہمارے لیے مُعاف کِیا جانا اور گھر واپس لوٹنا مُمکن بنایا۔
مَیں جانتی ہُوں کہ ہم حقیقی طور پر خُدا کی اولاد ہیں، جو اُس کی شبیہ پر تخلیق کیے گئے ہیں، الہٰی صلاحیتوں سے معمُور ہیں، اور اگر ہم یِسُوع مسِیح کی پیروی کرنے کا اِنتخاب کرتے ہیں تو واپس لوٹ کر اُس کے ساتھ رہنے کی دعوت پاتے ہیں۔
مَیں جانتی ہُوں کہ یِسُوع مسِیح ہمارا کامِل نمُونہ ہے، اور جب ہم دُوسروں کی خِدمت کرنے، اُنھیں مُعاف کرنے، اور پیار کرنے سے اُس کی پیروی کرتے ہیں، تو ہم روز بہ روز اُس کی مانند بن جاتے ہیں۔
اور مَیں جانتی ہُوں کہ یہاں زمین پر خُداوند کی مُقدّس ہَیکلیں اُس کا گھر ہیں۔ اُن میں، ہم مُقدّس عہُود باندھتے ہیں، اَبَدی برکات پاتے ہیں، اور اُس کے بارے میں مزید سیکھتے اور اُس کی حضُوری کو زیادہ محسُوس کرتے ہیں۔ ہَیکل ہماری زندگیوں میں سیکھنے، اِطمینان پانے اور تیاری کی جگہ ہے۔
مَیں گواہی دیتی ہُوں کہ جو کوشِشیں ہم اپنے بچّوں کو یہ پرائمری گیت سِکھانے اور گانے کے لیے کرتے ہیں، وہ محض ہماری مذہبی روایت کا ایک اچھا حِصّہ نہیں ہیں۔ بلکہ یہ یِسُوع مسِیح کے شاگردوں کے وعظ ہیں، بحال شُدّہ اِنجِیل کی سچّائی کی گواہیاں ہیں، اور حمدوثنا میں ڈھلی ہُوئی دُعائیں ہیں۔ حمدوثنا سُننے والے پر مسِیح کے نُور کو چمکا سکتی ہے اور اِسے گانے والے کے دِل میں اُنڈیل سکتی ہے۔ عزیز دوستو، یِسُوع اب بھی یہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کے لیے شعاعِ آفتاب بنیں۔ پَس مَیں یہ گواہی یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر دیتی ہُوں، آمین۔