مجلسِ عامہ
خُدا پر نظر کرو اور زِندہ رہو
اکتوبر 2025 کی مجلسِ عامہ


14:14

خُدا پر نظر کرو اور زِندہ رہو

فقط خُدا پر نظر کرنے سے اَفراد، خاندان، اور یعنی قَومیں بھی ترقی پا سکتی ہیں۔

گُزشتہ جُون میں، جنُوبی افریقہ کے مُلک لیسوتھو میں ایک خَوف ناک حادثہ پیش آیا۔ مپوٹسو برانچ کی کلِیسیا کی بِیس نوجوان خواتین اور اُن کے سات قائدین چھوٹی بس میں اپنی ڈسٹرکٹ سے نوجوان خواتین کے اِجتماع کے لیے دارالحُکُومت مسیرو کی طرف جا رہی تھی۔ جب وہ صُبح کے وقت دو لین والی شاہ راہ پر سفر کر رہی تھیں، مُخالِف طرف سے آتی ہُوئی کار، ایک دُوسری گاڑی کو پاس کرتے ہُوئے، بس کی لین میں آ گئی تھی۔ تصادم سے بچنے کے لیے نہ تو وقت تھا اور نہ ہی جگہ، اور لمحوں میں گاڑیاں ٹکرائیں، سڑک سے لُڑھکیں، اور آگ سے بھڑک اُٹھیں۔

مجمُوعی طور پر، اِس حادثہ میں 15 اَفراد جاں بحق ہُوئے، جِن میں چھے نوجوان خواتین، دو اُن کی قائد خواتین، اور برانچ کے صدر اور اُس کی اہلیہ شامِل تھیں۔ بچ جانے والوں، خاندان کے اَرکان، اور دوستوں نے، غُصّہ، افسُردگی، اور یہاں تک کہ اِحساسِ قصُور کے جذبات کا شِدت سے مُظاہرہ کِیا۔ اِن جذبات اور جواب طلب سوالات کے باوجود، اُنھوں نے ایک دُوسرے کو تسلی دی اور پاک گیتوں، صحیفوں اور دُعاؤں کے وسِیلہ سے خُدا کی طرف متوجہ ہُوئے، جہاں اُنھوں نے تسلّی پائی۔ زِندہ بچ جانے والی سترہ سالہ سیٹسوانا سیلبیلی نے گواہی دی، ”یِسُوع مسِیح ہم سے محبّت کرتا ہے اور ہمارے ساتھ ہے، حالاں کہ ہمارے دِل دُکھی ہیں۔“

لیسوتھو کے اَرکان

ایک نوجوان لڑکی اور قائد خاتُون جِن کا جُھلس جانے سے ہسپتال میں عِلاج ہو رہا تھا کِتابِ مورمن کا مِل کر مُطالعہ کرتی تھیں۔ ایک نے کہا، ”حال ہی میں، ہم مرونی میں پڑھ رہے ہیں، اور مرونی بالکُل وہی کہتا ہے جو مَیں محسُوس کر رہی ہُوں۔ … جب وہ کہتا ہے، تو یُوں لگتا ہے وہ مُجھ سے کہہ رہا ہے، ’تُمھیں اِن باتوں کو جاننا ضرُور ہے کیوں کہ تُمھارے لِیے لکھی گیئں ہیں تاکہ اِس مُشکل سے گُزرنے میں تُمھاری مدد ہو۔‘“

لیسوتھو میں نمازِ جنازہ

جاں بحق ہونے والوں کے لیے مُشترکہ جنازے کی عِبادت کے لیے، عِلاقائی ستر کے ایلڈر سیابانگا مکھیزے نے تجویز دی، کہ ”ہم سب کو اِس وقت خُداوند کی طرف رُجُوع کرنے اور اُس سے اِس دُکھ کو جو ہم محسُوس کر رہے ہیں اپنے دِلوں کو تسلّی و اِطمِینان پانے کے لیے، فریاد کرنی چاہیے۔“ قریبی لریب برانچ کی نوجوان خواتین کی صدر، ممفو ماکورا نے تاکید کی، کہ ”خُداوند کی طرف رُجُوع لائیں، اور اُس کی مرضی کو قبُول کرنے کے لیے قوت پائیں۔ یِسُوع مسِیح ’ہمارے اِیمان کا بانی اور کامِل کرنے والا ہے‘ [عِبرانیوں 12:‏2]۔ اُس سے نظر نہ ہٹاؤ بلکہ اُس کو تکتے رہو۔“

اُس پر نظر کرو۔ اُس کی باتیں ایلما کی اپنے بیٹے ہیلیمن کو ہدایت کے مُترادف ہیں: ”دیکھو تُم خُدا کی طرف نظر کرو اور زِندہ رہو۔“ لِحی اور اُس کی اُمّت کا لیحونا والا تجُربہ ایلما نے محض نِشان کے طور پر بتایا تھا: ”پَس دیکھ، مسِیح کے کلام پر دھیان دینا، جو کہ اَبَدی خُوشی کی سِیدھی راہ دِکھائے گا، یہ اَیسے ہی ہے جَیسے ہمارے باپ دادا کا قُطب نما کی طرف دھیان دینا، جو اُنھیں موعودہ مُلک کی طرف سِیدھی راہ دِکھاتا تھا۔“ اُس نے فرمایا، ”اگر وہ اِس پر نظر کرتے تو وہ زِندہ رہتے۔ … اور اگر ہم … نظر کریں تو ہم ہمیشہ تک زِندہ رہیں گے۔“

ایک اور موقع پر، ایلما نے مُوسیٰ کے پیتل کے سانپ کو اُوپر لٹکانے کا حوالہ دِیا جب قدیم اِسرائِیلی آتشی سانپوں کے ڈسنے سے مر رہے تھے۔ خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ آتشِی سانپ کی مُورت بنانا اور اُسے بَلّی پر اِس وعدہ کے ساتھ لٹکا دینا کہ ”جو سانپ کا ڈسا ہُوا اُس پر نظر کرے گا وہ جِیتا رہے گا۔“ ایلما نے وضاحت کی کہ پیتل کی مُورت مسِیح کا اِشارہ یا اِستعارہ تھا جِسے صلیب پر لٹکایا جائے گا۔ بُہتوں نے نظر کی اور جِیتے رہے، لیکن دُوسرے، ایلما کے اَلفاظ میں جو اِنتہائی ”سنگین دِل“ تھے اُنھوں نے نظر نہ کی اور وہ ہلاک ہُوئے۔

ایلما نے پُوچھا:

”اگر تُم محض نظریں اُٹھا کر دیکھنے سے شِفا پا سکتے ہو، تو کیا تُم فوراً نہ دیکھو گے، یا اِس کی نسبت بے اعتقادی میں اپنے دِلوں کو سخت کرو گے، اور کاہل بن جاؤ گے، تاکہ اپنی نظریں تک اُوپر نہ اُٹھاؤ گے، تاکہ تُم ہلاک ہو؟“

”… تو پھر اپنی نظریں اُٹھاؤ اور خُدا کے بیٹے پر اِیمان لے آؤ، چُوں کہ وہ اپنے لوگوں کو مُخلصی دینے آئے گا، اور کہ وہ اُن کے گُناہوں کے کَفارے کے واسطے دُکھ اُٹھائے گا اور موت برداشت کرے گا؛ اور کہ وہ مُردوں میں سے پِھر جی اُٹھے گا، جِس کے سبب سے مُردوں کی قیامت ہو گی، تاکہ کُل بنی نوع اِنسان یومِ آخِر کو اور یومِ عدالت پر اپنے کاموں کے مُطابق اِنصاف کے لِیے اُس کے حُضُور کھڑے ہوں۔“

بے شک، ”خُدا کی طرف نظر کر اور زِندہ رہ“ کی نصیحت ہمارے لیے نہ صِرف اَبَدِیت میں معنی رکھتی ہے، بلکہ ہماری فانی زِندگیوں کے کِردار اور معیار کے لیے بھی موثّر ہے۔ لیسوتھو کی بہن سیلبیلی کی بات کو یاد کریں جو اُس نے کہی تھی—”یِسُوع مسِیح ہم سے محبّت کرتا ہے اور ہمارے ساتھ ہے، حالاں کہ ہمارے دِل زخمی ہُوئے ہیں۔“

یہ اِس زوال پذیر دُنیا کی شِرست میں ہے—جِسے شَیطان درہم برہم کرتا ہے اور جہاں ہر کوئی ناکامِل ہے—جہاں مایُوسیاں اور جُرائم، مُصائب اور غم، ناکامی اور نُقصان، ظُلم و سِتم اور نااِنصافی ہوگی۔ خُدا کی طرف نظر کرنے سے اَفراد، خاندان، یعنی قَومیں بھی ترقی پا سکتی ہیں۔ صدر نیلسن نے کہا، ”کیوں کہ نجات دہندہ نے اپنے لامحدُود کفّارہ کے وسِیلہ سے ہم میں سے ہر ایک کو کمزوریوں، غلطیوں اور گُناہوں سے نجات دِلائی، اور اِس لیے کہ اُس نے ہر دُکھ، غم، اور بوجھ سَہا ہے، جو آپ کو کبھی سَہنا پڑا تھا [دیکھیے ایلما 7:‏11–13]، پھر، جب آپ واقعی تَوبہ کرتے ہیں اور اُس کی مدد چاہتے ہیں، تو آپ اِس موجُودہ خطرناک دُنیا سے اُوپر اُٹھ سکتے ہیں۔“

مورمن کی کِتاب میں اِس سے زیادہ مرتبہ کوئی اور وعدہ دُہرایا نہیں گیا ہے: ”جَیسے جَیسے تُم میرے حُکموں کو مانو گے تُم اِس مُلک میں خُوش حال ہو گے؛ لیکن جِس طرح تُم میرے حُکموں کو نہ مانو گے تُم میری حُضُوری سے کاٹ ڈالے جاؤ گے۔“ صدیوں سے مورمن کی کِتاب کی قَوموں کی آپ بِیتی اِن باتوں کی صداقت کا مظہر ہے۔ ”آسُودہ حال“ کا مطلب اپنی زِندگیوں میں آسمانی نعمتوں اور ہدایتوں سے سرشار ہونا ہے۔ ”آسُودہ حال“ کا مطلب ہے معاشی ترقی پانا جو اُنھیں بیاہ کرنے، خاندانوں کی پرورش کرنے، زِندگی کی ضرُوریات (بعض اوقات بُہت زیادہ) اور دُوسروں کی ضرُوریات کو پُورا کرنے کے قابِل بنانا۔ ”آسُودگی“ مُشکل اور آزمایش سے اُوپر اُٹھنے کی صلاحِیت بھی ہے۔ خُداوند کے فضل کی بدولت، ”سب چِیزیں مِل کر [اُن کے لِیے] بھلائی پَیدا کرتی ہیں،“ اُن کو کُندن بناتی ہیں، اور اُس کے ساتھ اُن کے تعلُق کو گہرا کرتی ہیں۔

ایلما نے واضح کِیا کہ خُدا کی طرف نظر کرنا اُس کے حُکموں کو ماننا ہے، اُس سے مدد کے لیے مُسلسل اِلتجا کرنا ہے، اپنے سب کاموں میں اُس سے ہدایت پانا ہے، اور اپنے دِل اُس کی شُکر گُزاری کے لیے دِن اور رات معمُور کرنے ہیں۔ خُدا کے حُکم اور ہدایت نوِشتوں اور اُس کے نبیوں کی باتوں سے مِلتی ہیں۔ اعلیٰ اور اُصُولی سچّائیوں کی مثال ”خاندان: دُنیا کے لیے اِعلان“ میں فراہم کی گئی ہے۔ برائے مضبُوطیِ نوجوانان کے کِتابچہ میں ایک اور ہدایت مِلتی ہے۔ اِس برس اَنجُمنِ دُختران اور اَنجُمنِ فرزندان کے لِیے موضوع ہے ”مسِیح پر نظر کرو،“ جوزف سمتھ اور اولیور کاؤڈری کے لِیے خُداوند کی تسلّی بخش ہدایت سے اخذ کِیا گیا ہے: ”ہر بات میں مُجھ پر بھروسا رکھنا، شک نہ کرنا، نہ ڈرنا۔“ برائے مضبُوطیِ نوجوانان خُدا کے اِنتہائی اہم اَحکامات اور معیارات کی بات کرتی ہے اور سِکھاتی ہے کہ اچھے فیصلے کرنے کے لِیے خُداوند کی طرف کیسے دیکھنا ہے۔ یہ نہ صِرف نوجوانوں کے لیے بلکہ ہم سب کے لِیے ہدایت ہے۔

ایک اِنتہائی اہم مثال کے طور پر، برائے مضبُوطیِ نوجوانان میں ضرُوری ہدایت کا باب ہے جِس کا عُنوان ”آپ کا بدن پاک ہے۔“ یہ ہدایت دیتی ہے کہ، ”اپنے بدن—اور دُوسروں کے بدن—کے ساتھ عِزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں۔ جب آپ اپنے لباس، بالوں کے بناؤ سِنگھار اور ظاہری وضع قطع کی بابت فیصلہ کرتے ہیں، تو اپنے آپ سے پُوچھیں، ’کیا مَیں اپنے جِسم کو خُدا کی طرف سے مُقدّس نعمت کے طور پر عِزت دے رہا/رہی ہُوں؟‘“

مضبُوطیِ برائے نوجوانان مزید بیان کرتی ہے، ”جِنس اور جِنسی جذبات کو پاکِیزہ رکھیں۔ اِنھیں مُذاق یا تفریح کا موضُوع نہیں ہونا چاہیے۔ مَرد اور عورت کے درمیان شادی سے قبل، کسی دُوسرے شخص کے بدن کے نِجی، مُقدّس اَعضا کو چُھونا غلط ہے چاہے کپڑے پہنے بھی ہوں۔ آپ جو کُچھ کرتے ہیں اِس کے بارے میں اپنے اِنتخاب میں، دیکھیں، پڑھیں، سُنیں، اِس کے بارے میں سوچیں، پوسٹ کریں، یا ٹیکسٹ کریں، کسی بھی اَیسی چِیز سے باز رہیں جو جان بُوجھ کر دُوسروں یا آپ میں ہوس کے جذبات کو اُبھارتی ہے۔“

یہ صدر نیلسن کی حالیہ ہدایت کو ذہن میں لاتی ہے:

”[پاک دامنی کے] اِس قانُون کی خِلاف ورزی کسی بھی چیز سے زیادہ آپ کی زِندگی کو تیزی سے پیچیدہ بنا دے گی۔ اُن کے لیے جنھوں نے خُدا کے ساتھ عہُود باندھے ہیں، آپ کی گواہی کو فَنا کرنے کے تیز ترین طریقوں میں سے ایک جِنسی بے راہ روی ہے۔

”… زِندگی تخلِیق کرنے کی قُدرتِ اِلہٰی ایک شَرف ہے جِسے آسمانی باپ اپنے فانی بچّوں کو اِستعمال کرنے کی اِجازت دیتا ہے۔ پَس، خُدا نے اِس زِندہ، اِلہٰی قُدرت کو اِستعمال کرنے کے لیے واضح ہدایات طے کی ہیں۔ جِسمانی قُربت صِرف ایک مرد اور ایک عورت کے لیے واجب ہے جو ایک دُوسرے سے بیاہے ہوں۔

”زیادہ تر دُنیا اِس پر یقین نہیں کرتی، مگر رائے عامہ سچّائی کی تصدیق نہیں ہے۔ خُداوند نے فرمایا ہے کہ کوئی بھی ناپاک شخص سیلیسٹیئل بادشاہی حاصِل نہیں کر پائے گا۔ … اور اگر آپ ناپاکی کی حالت میں ہیں، تو مَیں آپ سے تَوبہ کرنے کی مِنت کرتا ہُوں۔ جب آپ اپنے گُناہوں سے پُوری طرح تَوبہ کرتے ہیں تو مسِیح کے پاس آئیں اور اُس کی مُکمل مُعافی کا وعدہ پائیں [دیکھیے یسعیاہ 1:‏16–18؛ عقائد اور عہُود 58:‏42–43]۔“

یاد رکھیں کہ مورمن کی کِتاب میں وعدہ ہے، آسُودگی کا مُتضاد غُربت نہیں تھا—یہ خُداوند کی حُضُوری سے کاٹ دِیا جانا تھا۔ اُس کی حُضُوری کسی کی زِندگی میں اُس کے رُوح کی تاثِیر کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ سب مسِیح کے نُور سے سرشار اِس دُنیا میں پَیدا ہوتے ہیں۔ مزید براں، جب بعض شخص بپتِسما لیتے ہیں اور رُوحُ القُدس کا عِرفان اور نعمت مزید پاتے ہیں۔ وہ اِلہام اور ہدایت لاتا ہے، کسی کی اِنفرادی نعمتوں اور صلاحیتوں کو بڑھاتا اور بہتر بناتا ہے، اور بُرے اثرات، غلط فیصلوں اور بند گلی سے بچنے میں مدد کرتا ہے۔

آپ کی طرح، مَیں بعض اَیسے لوگوں کو جانتا ہُوں جو ایک بار رُوحُ القُدس کی نعمت سے سرشار ہُوئے تھے لیکن اُنھوں نے خُدا کے حُکموں پر عمل کرنے میں ناکامی کی وجہ سے اِس نعمت کو کھو دیا ہے۔ خاص طور پر ایک حوالہ ذہن میں آتا ہے جِس کی کلِیسیا کی رُکنیت خطا کاری کی وجہ سے واپس لے لی گئی تھی۔ اُس نے کہا کہ اُس کا اِبتدائی ردعمل ناراضی کا تھا۔ اُس کو لگا کہ وہ ناعاقبت اندیش قائدین نے فیصلہ کِیا ہے۔ وہ جانتا تھا کہ اُس کا اپنا طرزِ عمل غلط تھا، لیکن اُس نے دُوسروں کی خامیوں اور ناکامیوں کی طرف اِشارہ کر کے اِسے معقُول ٹھہرایا۔ تھوڑی مُدت کے بعد، وہ کلِیسیا سے باہر گُزارنے والی زندگی میں آرام دہ محسُوس کرنے لگا جِس میں بُلاہٹ، عِبادت کی مجالس میں شرکت کی توقعات اور دُوسروں کی خدمت کی ذمہ داری شامِل نہ تھی۔

یہ تھوڑے عرصہ تک جاری رہا، لیکن وہ اپنی زِندگی میں رُوحُ القُدس—خُدا کی حُضُوری—کی عدم حُضُوری کو پہلے سے زیادہ شِدت سے محسُوس کرنے لگا۔ تجربہ سے، وہ جانتا تھا کہ اِس کا اِحساس کیسا ہے، روز بہ روز، رُوح کی طرف سے پَیدا ہونے والی تسلّی، ہدایت اور توکُل، اور وہ اِس سے محرُوم رہا۔ آخِر کار، اُس نے وہ کِیا جو تَوبہ کرنے اور پانی اور رُوح کا بپتِسما کے لِیے ایک بار پھر اہل ہونے کے لیے ضرُوری تھا۔

اَیسا لگتا ہے کہ مُختلف ذرائع کی کوئی کمی نہیں ہے جِن کے لوگ پُرمعنی، خُوشی اور مدد کے مُتلاشی ہیں۔ زیادہ تر ”نِشان سے پرے دیکھتے ہیں۔“ لیکن ہمیں ضرُورت نہیں کہ ”بچّے بنیں، ہر ایک تعلِیم [یا رُجحان] کے جھونکے سے مَوجوں کی طرح اُچھلتے بہتے نہ پِھریں۔“ خُدا کی طرف دیکھ کر، ہم مُشکل میں اِطمِینان پا سکتے ہیں اور ہمارا اِیمان شک اور رُوحانی پریشانی کے وقت بھی فروغ پا سکتا ہے۔ ہم مُخالفت اور تنہائی کے عالم میں ہمت پا سکتے ہیں۔ ہم مثالی معیار کو موجُودہ حقیقت سے ہم آہنگ کر سکتے ہیں۔ واقعی اِس کے علاوہ کوئی اور راستا نہیں ہے جِس کا خُود خُدا نے حُکم دِیا ہے، ”اَے اِنتِہایِ زمِین کے سب رہنے والو: تُم میری طرف مُتوجِّہ ہو اور نجات پاؤ، کیوں کہ مَیں خُدا ہُوں اور میرے سِوا کوئی نہیں۔“

خُدا کی طرف دیکھنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ ہماری ترجیحات میں سے کوئی ایک نہیں ہے؛ اِس کا مطلب ہے، بلکہ، وہ ہماری واحد اعلیٰ ترجیح ہے۔ مُجھے ایک بار پھر یاد آرہا ہے کہ گُزشتہ جُون میں لیسوتھو میں ہونے والا خَوف ناک حادثہ۔ اپنے ہسپتال کے بستر سے، زِندہ بچ جانے والی نوجوان خواتین میں سے ایک قائد، جو کلِیسیا میں شامِل ہونے سے پہلے خُدا پر یقین نہیں رکھتی تھی، اُس نے کہا کہ اب اُس کا مقصد یہ جاننا ہے کہ اُس کی جان کیوں بچائی گئی۔ ”پیہم خُدا کی خِدمت کرنا یہ ہے کہ مَیں کس طرح جواب دُوں گی، اگر مُجھے جواب مِل جاتا ہے،“ اُس نے کہا۔ ”مَیں سوچا کرتی تھی کہ مَیں خُدا سے محبّت کرتی ہُوں، لیکن اب مَیں واقعی، واقعی، واقعی، واقعی اُس سے محبّت کرتی ہُوں۔ اب وہ میری زِندگی کی [نمبر ایک] ترجیح ہے۔“

مَیں باپ، بیٹے اور رُوحُ القُدس کی گواہی دیتا ہُوں جو کلام، فِکر، اِرادہ اور عمل کے کامِل اِتحاد میں خُدایِ واحد ہے، جِس کی طرف سے ہم ساری اچھّی چِیزوں کے مُنتظر ہو سکتے ہیں۔ مَیں یِسُوع مسِیح کے کفّارہ کی گواہی دیتا ہُوں، جہاں سے اِس حیرت خیز وعدہ کو پُورا کرنے کی قُدرت آتی ہے: ”میری طرف دیکھو، اور آخِر تک برداشت کرو، تو تُم زِندگی پاؤ گے؛ کیوں کہ جو آخِر تک برداشت کرے گا مَیں اُسے اَبَدی زِندگی دُوں گا۔“ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. دیکھیے ریان جینسن، “Survivors of Deadly Bus Crash in Lesotho Share Grief—اور Faith—in Wake of Tragedy,” Church News، جولائی 18، 2025، thechurchnews.com; ریان جینسن، “‘God Is Still God’—Remembering the Lives Lost in Lesotho Bus Accident,” Church News, جولائی 19، 2025، thechurchnews.com۔

  2. ایلما 37:‏ 47۔

  3. ایلما 37:‏44۔

  4. ایلما 37:‏46؛ تاکید اِضافی ہے۔

  5. دیکھیے گنتی 21:‏5–6۔

  6. گنتی 21:‏8۔

  7. دیکھیے ایلما 33:‏19۔

  8. ایلما 33:‏20۔

  9. ایلما 33:‏21–22۔ ایلما کے پوتے، نِیفی نے نجات دہندہ کی رُوداد لِکھتے ہُوئے مزید کہا، ”اور جِتنوں نے اُس سانپ پر نظر ڈالی زِندہ رہے، یعنی جِتنے بھی پشیمان رُوح کے ساتھ اِیمان لا کر، خُدا کے بیٹے کی جانب دیکھیں گے، زِندہ رہیں گے، یعنی وہ زِندگی پائیں گے جو کہ اَبَدی ہے“ (ہِیلیمن 8:‏15

  10. رسل ایم نیلسن، ”دُنیا پر غالِب آئیں اور آرام پائیں،“ لیحونا، نومبر 2022، 96۔

  11. 2 نِیفی 1:‏20۔

  12. رُومِیوں 8:‏28۔

  13. ہم اپنے اِرد گِرد خُدا کی طرف دیکھنے اور اُس کی رُوح کو اپنے ساتھ رکھنے کے ثمرات دیکھ سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، تحقِیق سے یہ ثابت ہُوا کہ ”روحانی ترقی کا تعلق ڈپریشن اور منشیات کے استعمال سے تحفظ اور نوجوان بالغوں کو صحت مند تعلقات، زیادہ بامقصد کام، اور زیادہ جذباتی لچک کے لیے ترتیب دینے سے ہے“ (Cornelia Powers, “The New Spiritual Leader on Campus,” The Atlantic، مئی 18، 2025، theatlantic.com)۔

    صحت مند طرزِ زِندگی، جسمانی اور ذہنی قوتِ حیات، اعلیٰ تعلیم کی سطح، اور آخِری ایّام کے مُقدّسِین میں اِیمان پر مبنی مثُبت نقطہ نظر کے برعکس عام آبادی میں دائمی تنہائی، جذباتی تنہائی، اور اضطراب کے درجات وسیع پیمانے پر ہیں۔ اَیسا نہیں ہے کہ ہم بحیثیتِ اُمّت کبھی بھی اِن مسائل سے دوچار نہیں ہوتے جو عام طور پر دُنیا میں موجُود ہیں۔ بلکہ ہر بات میں یِسُوع مسِیح کی طرف دیکھ کر، ہم غالِب آ سکتے ہیں۔

  14. دیکھیے ایلما 37:‏35–37۔

  15. دیکھیں عقائد اور عہُود 68:‏4۔

  16. عقائد اور عہُود 6:‏36۔

  17. برائے مضبُوطیِ نوجوانان: فیصلہ سازی کے لیے ہدایت نامہ (2022)، 24، 25۔

  18. رسل ایم نیلسن، ”سوچ آسمانی رکھیں!،“ لیحونا، نومبر 2023، 118؛ تاکِید اصل متن میں ہے۔

  19. دیکھیے یُوحنّا 1:‏9؛ مرونی 7:‏16؛ عقائد اور عہُود 84:‏45–46؛ 93:‏2۔

  20. یعقُوب 4:‏14۔

  21. اِفسِیوں 4:‏14۔

  22. یسعیاہ 45:‏22۔

  23. میپل جوائس ٹاکین، بمُطابق جینسن، “Survivors of Deadly Bus Crash in Lesotho Share Grief—and Faith—in Wake of Tragedy,” thechurchnews.com۔

  24. دیکھیے 1 یُوحنّا 5:‏7؛ 3 نِیفی 11:‏36؛ عقائد اور عہُود 20:‏28؛ راہ نُمائے صحائف، ”خُدا، رُبُونِیت،“ گاسپل لائبریری۔

  25. 3 نِیفی 15:‏9۔