مجلسِ عامہ
جاؤ اور اَیسا ہی کرو
اکتوبر 2025 کی مجلسِ عامہ


10:28

جاؤ اور اَیسا ہی کرو

مَیں اُن مُناد صاحبان پر واضح کرنا چاہُوں گا جِنھیں خِدمت گُزاری کی ذِمہ داریوں کے لیے بُلایا گیا ہے۔ وہ ہمارے لِیے مثال ہیں۔

جب نجات دہندہ بیت صیدا سے گُزر رہا تھا، چند لوگ ایک اندھے کو اُس کے پاس لائے۔ شاید وہ اپنی نظروں سے کوئی مُعجزہ دیکھنا چاہ رہے تھے۔ نجات دہندہ ”اُس اندھے کا ہاتھ پکڑ کر اُسے گاؤں سے باہر لے گیا“ تاکہ اُسے تنہائی میں شِفا دے۔ اِبتدا میں، شِفا یابی قدرے کم لگ رہی تھی۔ اُس آدمی نے ” نظر اُٹھا کر کہا مَیں آدمِیوں کو دیکھتا ہُوں کیوں کہ وہ مُجھے چلتے ہُوئے اَیسے دِکھائی دیتے ہیں جَیسے درخت۔“ یِسُوع، نے ہم دردی کے ساتھ، ”دوبارہ اُس کی آنکھوں پر اپنے ہاتھ رکھّے، اور اُس نے غَور سے نظر کی۔“ نجات دہندہ کے ہاتھوں کے دوبارہ چھُونے سے، وہ اندھا آدمی” … صاف صاف دیکھنے لگا۔“

یہ صِرف ایک مثال ہے کہ کِس طرح نجات دہندہ کی زِندگی خِدمت کے فروتن کاموں سے مُتصف ہے۔ وہ ہمیں یاد دِلاتا ہے کہ وہ ”اِس لِیے نہیں آیا کہ خِدمت لے، بلکہ اِس لِیے کہ خِدمت کرے“ اور پھر ہمیں دعوت دیتا ہے کہ اپنی بساط سے بڑھ کر ساتھ دے کر، جو کوئی ہم سے مانگتا ہے اُس کی مدد کر کے، اور اپنے پڑوسی سے محبّت رکھ کر ہم اُس کی سِیرت کی تقلِید کریں۔ جب پُوچھا گیا، ”میرا پڑوسی کَون ہے؟“ مسِیح نے نیک سامری کی تمثیل بیان کی تھی، اِس حُکم کے ساتھ کہ ”جا تُو بھی اَیسا ہی کر۔“

کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخری ایّام کے مُناد جدید دَور کے نیک سامری کی مثالیں ہیں جو مسِیح ہمیں بننے کی دعوت دیتا ہے۔ مَیں اُن مُناد صاحبان پر واضح کرنا چاہُوں گا جِنھیں خِدمت گُزاری کی ذِمہ داریوں کے لیے بُلایا گیا ہے۔ وہ ہمارے لِیے مثالیں ہیں کہ کِس طرح خِدمت (1) یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے لِیے دِلوں کو کھولتی ہے، (2) ہم سب کو اپنے حالات سے قطع نظر خِدمت کرنے کا موقع دیتی ہے، اور (3) مسِیح کی قُدرت کو ہماری زِندگیوں میں لاتی ہے۔

سب سے پہلے، خِدمت یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے لِیے دِلوں کو کھولتی ہے

تقریباً 91 قبلِ مسِیح میں، مورمن کی کِتاب کے مُناد، عمون نے اپنا تعارف لمونی بادِشاہ سے یہ کہہ کر کرایا، ”میری خواہش ہے کہ ایک مُدّت تک اِن لوگوں میں قیام کرُوں؛ … [اور] مَیں تیرا خادِم رہنا چاہُوں گا۔“ بادِشاہ کی خِدمت کے باعث، عمون کو موقع دِیا گیا کہ ”دلیری سے بات کرے، … اور [لمونی بادِشاہ] کو بتائے … کِس قُوّت سے“ اُس نے اپنی خِدمت انجام دی تھی۔ بدلے میں، بادِشاہ نے وعدہ کِیا کہ ”جِس کی بھی آرزُو [عمون] کرے گا … [بادِشاہ] تُجھے دے گا۔“ عمون کی صِرف یہی درخواست تھی کہ بادِشاہ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا پیغام سُن لے۔ عمون کی خِدمت کے نتیجہ میں ”ہزاروں جانیں تَوبہ کی طرف [لائی گئیں]۔“

ہمارے دَور میں، خِدمت دُوسروں کو اِنجِیل کی طرف لے جانے کا سِلسِلہ ہے۔ سسٹر بیون مُعلم مُناد کی حیثیت سے خِدمت انجام دے رہی تھیں جب اُنھیں صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جِس کی وجہ سے اُنھیں عِلاج کے لیے گھر واپس جانا پڑا۔ فارغ ہونے کی بجائے، وہ گھر سے خِدمتی مُناد کے طور پر خِدمت جاری رکھنے کے قابِل تھی۔

پارک میں سیر کرتے وقت، سسٹر بیون اور ایک دوست کو چار چھوٹے بچّوں کے ساتھ کسی ماں سے بات کرنے کا اِشارہ کِیا گیا، لیکن وہ ہچکچاہٹ کا شِکار ہُوئیں اور خاندان وہاں سے چلا گیا۔ اَگلے دِن، وہ پارک میں واپس آئے، دُعا کر رہے تھے کہ یہ خاندان وہاں موجُود ہو۔ مُعجزانہ طور پر ماں بالُکل اُسی جگہ پر بیٹھی تھی جہاں کل تھی۔ اِس بار، سسٹر بیون اور اُس کی سہیلی نے اُس والدہ سے رابطہ کِیا، اُس سے واقفیت پَیدا کی، اور دریافت ہُوا کہ اُس کو وقتی طور پر مدد کی اَشد ضرُورت تھی۔ اُنھوں نے مدد فراہم کی اور پھر اُسے اِنجِیل کی بابت جاننے کے لیے دعوت دی۔

اُس خِدمت اور دعوت کی وجہ سے، ماں اور اُس کے سب سے بڑے بچّے نے بپتِسما لِیا، اُس کے بعد اگلے سب سے بڑے بچّے نے ایک سال بعد بپتِسما لِیا۔ وہ آج بھی فعال رُکن ہیں۔ سسٹر بیون جانتی تھیں کہ یہ اِحساس اِلہامی طور پر تھا اور اِس بات نے ”[اُس ] پر یہ ثابت کِیا کہ [وہ] بالکل وہیِں تھی جہاں خُدا چاہتا تھا کہ [وہ] ہو۔“

عمون اور سسٹر بیون کی طرح، جب ہم دُوسروں کی خِدمت کرتے ہیں، تو ہم ”اُن کے لیے اچھّا نمونہ بنتے ہیں“ اور اُن کی آرزُو ہوتی ہے کہ ”[ہماری] اُمِّید کی وجہ دریافت کریں۔“

یِسُوع ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ”جاؤ، اور تُم بھی اَیسا ہی کرو۔“

دُوسرے، اپنے حالات سے قطع نظر خِدمت ہم سب کو خِدمت گُزاری کا موقع فراہم کرتی ہے

صدر رسل ایم نیلسن نے ”ہر لائق، قابِل نوجوان کو فریضہِ مُنادی کی تیاری اور خِدمت انجام دینے کے لِیے“ بُلایا اور ہر قابل نوجوان بہن سے کہا کہ ”یہ جاننے کے لیے دُعا کریں کہ آیا خُداوند چاہتا ہے کہ آپ مُنادی کی خِدمت انجام دیں۔“ اُس نے وعدہ کِیا کہ ”مُنادی کی خِدمت کرنے کا آپ کا فیصلہ، چاہے مُنادی کا میدان ہو یا خِدمت گُزاری کا فریضہ، آپ کو اور بُہت سے دُوسروں کو برکت دے گا۔“ خِدمت گُزاری کے مشنز نے لفظ قابل کی تعریف بدل دی ہے۔ اب ہر قابِل نوجوان مرد اور نوجوان عورت جو خُداوند کے لِیے کُل وقتی مشن کی خِدمت کرنا چاہتی/چاہتا ہے، بُہت تھوڑی تبدیلیوں کے ساتھ اَیسا کر سکتی/سکتا ہے۔

ایلڈر ہولگاڈو ذاتی حالات سے قطع نظر خِدمت کرنے کے قابل ہونے کی ایک مثال ہے۔ وہ مُنفرد جینیاتی عارضہ کے ساتھ پَیدا ہُوا تھا، لہٰذا تدرِیسی مُناد کی حیثیت سے خِدمت کرنا مُمکن نہ رہا تھا۔ ایلڈر ہولگاڈو کو خِدمت گُزار مُناد کی بُلاہٹ دی گئی اور بشپ کے سٹور ہاؤس میں رضاکارانہ طور پر کام کِیا، جہاں اُس نے دُوسرے لوگوں کی مدد کی جِس کی اُنھیں ضرُورت تھی۔ وہ الماریوں پر سامان لگاتا، سبزیوں کو تھیلیوں میں ڈالتا، اور گتے کے ڈبوں کو پریس کرتا تھا۔

جب ایلڈر ہولگاڈو نے اپنے مشن کے بعد عِشائے ربانی کی عِبادت میں پیغام دِیا، اُس نے بتایا کہ ”خُدا کو خِدمت کرنے والے مُنادوں کی ضرُورت ہے۔ اُسے محبّت رکھنے اور خِدمت کرنے والے لوگوں کی ضرُورت ہے۔ اَیسے لوگ ٹوائلٹ پیپر لگاتے، سبزیوں کو تھیلی میں ڈالتے، فرنیچر بناتے ہیں، اور لوگوں سے حُسنِ اَخلاق سے پیش آتے ہیں۔“

نیکوکاری کے لیے آپ کو فریضہِ خِدمت لینے یا نام کا بَیج لگانے کی ضرُورت نہیں ہے۔ خِدمت کے ہر عمل کو نجات دہندہ پہچانتا ہے۔ ہم سب شفقت کے ساتھ خِدمت کر کے مسِیح کے پاس آنے میں دُوسروں کی مدد کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ ہم سب رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے مسِیح کے نام پر کسی ایک کی خِدمت کر سکتے ہیں اور یِسُوع مسِیح پر اِیمان کی مثالیں بن کر زِندگی گُزار سکتے ہیں۔ خِدمت ہمیں اپنے آپ کو زِندہ اِیثار و قُربانی بننے کے قابِل بناتی ہے جو خُدا کی نظر میں مقبُول ہے۔

یِسُوع ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ”جاؤ، اور تُم بھی اَیسا ہی کرو۔“

تِیسرے، خِدمت مسِیح کی قُدرت کو ہماری زِندگیوں میں لاتی ہے

ایک نوجوان مشنری جِس کو فریضہِ تدریس سے فریضہِ خِدمت میں مُنتقل کیا گیا تھا، بعض ذاتی مسائل سے نبرد آزما تھا جِس کی وجہ سے اُسے مسِیح کی شِفا بخش قُدرت کی ضرُورت پڑ گئی۔ پاک خِدمت اِس قُدرت کو اُس کی زِندگی میں لے آئی۔ اُس نے کہا، ”مُجھے اِحساس ہُوا کہ جب مَیں پریشان تھا، تو مَیں محسُوس کر سکتا تھا کہ مسِیح مُجھے اُٹھا رہا ہے۔ خُوراک کے ذخیرہ خانہ سے، ہَیکل میں، اور اُس کی اِنجِیل کے وسِیلہ سے لوگوں کو برکت دیتے دیکھنا اِنتہائی خاص بات ہے۔“

یہ ایلڈر گہری خُوشی محسُوس کرنے لگا، اور اُس کے نئے جوش نے اُسے اور اُس کے پُورے خاندان کو برکت دی۔ رُوح اُن کے گھر میں زیادہ کثرت سے موجُود تھا، وہ زیادہ باقاعدگی سے ہَیکل میں جاتے تھے، اور مسِیح اُن کے خاندان میں زیادہ توجہ کا مرکز بن گیا تھا۔ اِس مُناد کا خیال ہے کہ مسِیح نے اُس کی جان بچائی اور خِدمت گُزاری کے ذریعہ سے اُس کے خاندان کو برکت دی۔

صدر نیلسن نے سِکھایا ہے، ”دُوسروں کی خِدمت کرنے اور سہارا دینے کی خواہش شِفا پانے کی تیاری کا اِشارہ ہے“ جو نجات دہندہ کی مُخلصی بخش قُدرت کے وسِیلہ سے ملتا ہے۔

یِسُوع ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ”جاؤ، اور تُم بھی اَیسا ہی کرو۔“

خِدمت گُزار مُناد صاحبان یِسُوع مسِیح کے مُقدّس شاگِردوں کی مثالیں ہیں

جب آپ کو یا خاندان کے کسی فرد کو خِدمت گُزار مُناد کی بُلاہٹ عطا ہوتی ہے تو یہ جشن منانے کی گھڑی ہوتی ہے۔ آپ کے خاندان کے پاس اب آپ کے گھر میں خُداوند یِسُوع مسِیح کا مخصُوص کِیا ہُوا نمایندہ ہوگا۔ یہ آپ سب کو بھلائی کے لیے بدل دے گا۔ خِدمت کے لِیے کسی بھی بُلاہٹ میں مایوسی نہیں ہونی چاہیے۔ ہم گاتے ہیں کہ، ”مَیں جاؤں وہاں جہاں تو چاہے“ اور ”مَیں بنُوں وہی جو تُو چاہے۔“ اِس بات کو ظاہر کرنے کا موقع ہے کہ ہم جو کہتے ہیں اُس سے وہی مُراد ہے!

آپ سب کے لِیے جو خِدمت انجام دیتے ہیں، اور خاص طور پر 4,000 سے زیادہ نوجوان خِدمت گُزار مُنادوں کے لِیے، ہم آپ سے پیار کرتے ہیں! اگر تدریسی مُناد صاحبان خُداوند کا مُنہ ہیں، تو خِدمت گُزار مُناد صاحبان خُداوند کے ہاتھ ہیں، اور آپ دُوسرے درجہ کے مُناد نہیں ہیں۔ آپ میں سے ہر ایک اِسرائِیل کو اِکٹھا کرنے کے لِیے نہایت اہم ہے۔ صدر نیلسن نے سِکھایا کہ: ”کسی بھی کام میں کسی بھی وقت کسی کی بھی…خُدا کے ساتھ عہُود باندھنے اور قائم رکھنے میں جب ہم مدد کرتے ہیں، تو ہم اِسرائِیل کو اِکٹھا کرنے میں مدد کر رہے ہوتے ہیں۔“

آپ خِدمت گُزار مُناد صاحبان بُہت سے طریقوں سے اِسرائِیل کو جمع کرتے ہیں، اور آپ کی خِدمت زِندگی بدل دیتی ہے۔ اکثر آپ یہ نہیں جانتے کہ آپ کی خِدمت سے برکت پانے والا کون ہے، لیکن خُدا جانتا ہے۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ ”جب تُم اِن سب سے چھوٹے بھائِیوں میں سے کِسی ایک کی [خِدمت] کرتے ہو، …تو تُم [اُس کی خِدمت] کرتے ہو۔“ جب آپ چرچ کال سینٹرز میں رضاکارانہ طور پر کام کرتے ہیں تو ہم آپ کی آوازیں سُنتے ہیں؛ جب آپ کمیونٹی تنظیموں میں مدد کرتے ہیں تو ہم آپ کی مُسکراہٹیں دیکھتے ہیں؛ اور ہم آپ کی رَوشنی محسُوس کرتے ہیں جب آپ دُنیا بھر کی ہَیکلوں میں خِدمت کرتے ہیں۔ آپ بھوکوں کو کھانا کھلاتے ہو، ننگوں کو کپڑے پہناتے ہو اور پیاسوں کو پانی پِلاتے ہو۔

ہم سب کو جانے اور اِسی طرح کرنے کی ضرُورت ہے۔

خِدمت مسِیح کے شاگِردوں کی زِندگی کا خُون ہے

خِدمت گُزاری اِنجِیل کے لیے دِلوں کو کھولنے کی قُدرت رکھتی ہے اور ہم سب کو اپنی ساری جان مسِیح کو دینے کے لائق بناتی ہے۔ یہ ہمارے دِلوں کو مزید اُس کی مانِند بننے کے لیے بدلتی ہے، اور اِس عمل میں، ہم دُوسروں کو سہارا دیتے ہیں۔ صدر نیلسن نے ایک بار پُوچھا، ”رُوحانی زوال کی شِکار اِس دُنیا میں، کیا اَفراد … تبدیلی لا سکتے ہیں؟“ اُن کا جواب، ”جی ہاں! … ’خُداوند کے عہد کے لوگ، … خُدا کی قُدرت سے ذوالجلال کے ساتھ‘ … مسلح … کُل بنی نوع اِنسان کی زِندگیوں کو سہارا دے سکتے ہیں۔“ خِدمت کے ذریعہ سے ہم دِل اور دُنیا—بدلتے ہیں۔

مسِیح ”بھلائی کرتا پھِرا۔“ اُس نے بِیماروں کو اچھّا کِیا، اندھوں کو بِینائی دی، کُچلے ہُوئے کو تسلّی دی۔ اُس نے کھانا پکایا، شادی کی ضیافت میں مدد کی، اور ہزاروں بھُوکوں کو کھانا کھِلایا۔ جب ہم مسِیح کے نام پر کسی ایک کی خِدمت کرتے ہیں، تو ہم زیادہ سے زیادہ برگُزیدہ اور حیاتِ اَبَدی کی نعمت کے لائق بنتے ہیں۔ یِسُوع مسِیح زِندہ ہے۔ وہ میرا اور آپ کا نجات دہندہ ہے۔ وہ ہمارا مُخلصی دینے والا ہے۔ وہ خِدمت گُزاری کا ہمارے واسطے بےمثال نمُونہ ہے۔ مَیں ہر ایک کو جانے اور اِسی طرح کرنے کی دعوت دیتا ہُوں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. دیکھیے مرقس 8:‏22–26۔

  2. متّی 20:‏28۔

  3. دیکھیے متّی 5:‏41۔

  4. دیکھیے متّی 5:‏42۔

  5. دیکھیں متّی 22:‏39۔

  6. دیکھیے لوقا 10:‏29–37۔

  7. نوجوان خِدمت گُزار مُنادوں اور خِدمت گُزاری کے لیے درخواست دینے کے طریقہ کے بارے میں معلومات کے لیے، براہِ کرم ملاحظہ کریں ChurchofJesusChrist.org/service-missionary۔

  8. ایلما 17:‏23، 25۔

  9. دیکھیے ایلما 17:‏31–39؛ 18:‏9–10، 20۔

  10. ایلما 18:‏21۔

  11. دیکھیے ایلما 18:‏22۔

  12. ایلما 26:‏ 22۔

  13. سسٹر بیون نے فلوریڈا ٹمپا مشن میں تدریسی مشن اور اورم یوٹاہ مشن میں سروس مشن کی خِدمات انجام دیں۔

  14. جینی بیون کے ساتھ ذاتی انٹرویو 10 جون 2025 کو ہُوا۔ اِجازت کے ساتھ بیان کردہ رُوداد اور اِقتباسات۔

  15. ایلما 17:‏11۔

  16. 1 پطرس 3:‏15۔

  17. رسل ایم نیلسن، ”صُلح کی اِنجِیل کی مُنادی کرو،“ لیحونا، مئی 2022، 6–7۔

  18. مَیں سسٹر ایمی اے رائٹ، جو پرائمری عمُومی صدارت کی مُشیرِ اَوّل ہیں، کا شُکر گُزار ہُوں جِنھوں نے اِس اُصُول کو وسیع پیمانے پر سِکھایا ہے۔

  19. روبن سٹِین-ٹیبی سنڈروم۔

  20. سکاٹ اور ٹریسیا ہولگاڈو کے ساتھ ذاتی انٹرویو 3 جون 2025 کو مُنعقد ہُوا۔ اِجازت کے ساتھ بیان کردہ رُوداد اور اِقتباسات۔

  21. خِدمت گُزار مُنادی مقصد: ”نجات دہندہ کی مانِند محبّت بھری شفقت کے ساتھ خِدمت کر کے دُوسروں کو مسِیح کے پاس آنے میں مدد کرنا۔ رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے اُس کے نام پر خِدمت کرنا اور یِسُوع مسِیح پر اِیمان، تَوبہ، خُدا کے ساتھ عہد، اور آخِر تک برداشت کرنے کی مثالی زِندگی گزارنا۔“ (Missionary Standards for Disciples of Jesus Christ—Service Missionaries، 1.0، گاسپل لائبریری)۔

  22. دیکھیے رُومِیوں 12‏:1۔

  23. جارڈن فرائی کے ساتھ ذاتی انٹرویو 12 جون 2025 کو ہُوا۔ اِجازت کے ساتھ بیان کردہ رُوداد اور اِقتباسات۔

  24. رِسل ایم نیلسن، ”یِسُوع مسِیح—مدبر شفا دینے والا،“ لیحونا، نومبر، 2005، 87۔

  25. جولائی 2022 میں، سسٹر ایونسن اور مَیں یوٹاہ اورم مشن کے لیے مشن لیڈرز کے طور پر خِدمات انجام دے رہے تھے۔ دُنیا میں مزید نو مشنز کے ساتھ، ہمیں پائلٹ پروجیکٹ میں حِصّہ لینے کا اعزاز مِلا جِس نے ہمارے مشن میں نوجوان خِدمت گُزار مُناد صاحبان کو شامِل کیا۔ ہماری پہلی مُلاقات کے بعد، مَیں نے اپنی ڈائری میں لکھا، ”آج رات ہماری خاص مُلاقات ہُوئی۔ ہم نے اپنے مشن پر 140 سے زیادہ نئے مشنریوں اور اُن کے والدین سے مُلاقات کی۔ گرجا گھر اور اِضافی جگہ ساری بھری تھی، اور ہم نے یوٹاہ اورم مشن میں خِدمت گُزار مشنریوں کا خیرمقدم کِیا یہ رُوح پرور اور پُرجوش عِبادت تھی۔ مَیں اُن کے لیے محبّت کے اِحساس سے مغلُوب ہو گیا تھا۔ سب خِدمت کرنے کو تیار ہیں۔ یہ خُوب صُورت نظارہ تھا۔“ اِن مشنریوں کے حالاتِ زِندگی کسی حادثہ میں آواز بند ہو جانے والے وہیل چیئرز پر بیٹھے اور صحت یاب ہونے والے سابق تبلیغی مشنریوں تک پھیل گئے۔ اِس ملاقات کے بعد، سسٹر ایونسن نے مُجھ سے کہا، ”اب ہمارا مشن مُکمل محسُوس ہوتا ہے۔“

  26. دیکھیے ڈیوڈ اے بیڈنار، ”فرض ادا کرنے کے لِیے بُلائے گئے،“ لیحونا، نومبر 2017، 67-70۔

  27. دیکھیے ”مَیں جاؤں وہاں جہاں تُو چاہے،“ گِیت، نمبر 270۔

  28. دیکھیے متّی 23:‏11۔

  29. رسل ایم نیلسن، ”خُدا کو غالِب آنے دو،“ لیحونا، نومبر 2020، 92–93۔

  30. متّی 25:‏40۔

  31. دیکھیے متّی 25‏:34–36۔

  32. دیکھیے اومنی 1:‏26۔

  33. رسل ایم نیلسن، ”ہیکل کی برکتوں کے لیے ذاتی تیاری،“ لیحونا، جولائی 2001، 39۔

  34. اعمال 10:‏38۔

  35. دیکھیے مرقس 1:‏30–31۔

  36. دیکھیے مرقس 8:‏26-22۔

  37. دیکھیں لُوقا 19:‏1–10۔

  38. دیکھیں یُوحنّا 21:‏9۔

  39. دیکھیں یُوحنّا 2:‏1–10۔

  40. دیکھیں یُوحنّا 6‏:5–13۔

  41. دیکھیں متّی 25:‏34؛ رُومِیوں 12:‏1۔