مجلسِ عامہ
مورمن کی کِتاب—زِندگی کے سفر میں بیش بہا خزانہ
اکتوبر 2025 کی مجلسِ عامہ


9:47

مورمن کی کِتاب—زِندگی کے سفر میں بیش بہا خزانہ

جب ہم مورمن کی کِتاب میں پائے جانے والے مسِیح کے کلام پر فکروتحقیق کرتے ہیں، تو رُوح ہماری اَبَدی سچّائیاں سمجھنے میں مدد کرے گا۔

کیا آپ کو وہ لمحہ یاد ہے جب کسی نے آپ کو کوئی اَیسا تُحفہ دِیا جِس نے آپ کی زِندگی بدل دی؟ اِس اکتوبر کو 40 برس پُورے ہوتے ہیں جب مَیں نے اپنی زِندگی کی سب سے بڑی نعمت پائی تھی۔ جب مَیں ہائی سکول میں تھا، تو مَیں نے دیکھا کہ ہمارے ایک ہم جماعت کے پاس روشنی تھی جو دُوسرے نوجوانوں سے مُختلف تھی۔ اُس کے ساتھ رہنا مُجھے پسند تھا۔ ایک دِن اُس نے مُجھے بتایا کہ وہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام کا رُکن تھا۔ پھِر اُس نے مُجھے تُحفہ پیش کِیا: مورمن کی کِتاب کی ایک جِلد۔ اور اُس نے مُجھے چند صفحات پڑھنے اور پھر دو دوستوں سے مُلاقات کی دعوت دی جو میرے سوالوں کے جواب دے سکیں گے۔ وہ دوست مُناد صاحبان تھے۔

جب مَیں مُناد صاحبان سے مِلا، تو اُنھوں نے مُجھے مسِیح کی تعلیم سِکھائی اور مُجھے مرونی نبی کی دعوت پر عمل کرنے کے لِیے آمادہ کِیا: ”جب تُم اِن نوِشتوں کو پاؤ، تو مَیں تُمھیں تاکِید کرنا چاہتا ہُوں کہ تُم خُدا، اَبَدی باپ، سے مسِیح کے نام پر دریافت کرنا، گویا یہ نوِشتے برحق نہیں ہیں؛ اور اگر تُم خلُوصِ دِل سے، سچّی نِیّت کے ساتھ، مسِیح پر اِیمان لا کر مانگو گے، تو رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے وہ تُم پر اِس کی سچّائی کو ظاہر کرے گا“ (مرونی 10:‏4

مَیں نے مورمن کی کِتاب کے کئی صفحات پڑھے اور دُعا کی۔ اگرچہ مُجھے ابھی تک اِن تمام باتوں کی گہری سمجھ نہیں تھی جو مُناد صاحبان مُجھے سِکھا رہے تھے، لیکن مَیں نے اپنے دِل میں محسُوس کِیا کہ جو کُچھ مَیں پڑھ رہا ہُوں وہ اچھّا ہے اور خُدا کی طرف سے ہے۔ مُجھے مرونی کے وعدہ کی گواہی مِل گئی: ”اور رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے تُم ساری باتوں کی سچّائی جان جاؤ گے“ (مرونی 10:‏5

کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام میں بپتِسما لینے کے بعد، چند دوستوں نے مُجھے قائل کرنے کی کوشش کی کہ مَیں نے غلط فیصلہ کِیا ہے۔ بلکہ جب بھی مُجھے اِس طرح کے شکوک و شبہات یا مُخالفت کا سامنا کرنا پڑا، تو مُجھے صحائف کا مُطالعہ کرنے اور خُدا کے ساتھ باندھے گئے عہُود پر قائم رہنے کی دُعا کے وسِیلہ سے گواہی مِلی۔ تب سے، مورمن کی کِتاب میری ساتھی بن چُکی ہے اور میرے فانی سفر میں بیش بہا خزانہ بن گئی ہے۔

مورمن کی کِتاب ایک کِتاب سے زیادہ بڑھ کر ہے۔ یہ یِسُوع مسِیح کا ایک اَور عہد نامہ ہے، جو بُہت سے قدِیم نبِیوں نے مُکاشفہ اور نبُوّت کی رُوح سے لِکھی۔

اپنے جی اُٹھنے کے فوراً بعد نِیفیوں کو خُداوند یِسُوع مسِیح کا خُود خِدمت و اِعانت فرمانا عالی و اَفضل واقعہ ہے جو مورمن کی کِتاب میں رقم ہے۔ مورمن کی کِتاب ”اِنجِیل کی سچّائیوں کو پیش کرتی ہے، نجات کے منصُوبہ کی وضاحت کرتی ہے، اور اِنسان کو بتاتی ہے کہ اِس زِندگی میں سلامتی اور آنے والی زِندگی میں اَبَدی نجات پانے کے واسطے اُنھیں کیا کرنا ہے“ (مورمن کی کِتاب کا تعارُف

مورمن کی کِتاب کا پہلا ایڈیشن: یِسُوع مسِیح کا ایک اور عہد نامہ مارچ 1830 میں ریاست نیویارک کے ایک چھوٹے سے قصبے میں شائع ہُوا تھا۔ نبی جوزف سمتھ کی عُمر صِرف 23 برس تھی جب اُنھوں نے 1829 میں کِتاب کا ترجُمہ مُکمل کِیا۔ اُنھوں نے تقریباً 75 دِنوں سے بھی کم وقت میں تقریباً پُوری کِتاب کا ترجُمہ کر دِیا، اور چھپائی کے عمل میں تقریباً سات ماہ لگے۔

آج، 150 سے زائد مُمالک میں تقریباً 80،000 کل وقتی مُناد صاحبان رضاکارانہ خِدمات انجام دے رہے ہیں، اپنی زِندگیوں کو یہ گواہی دینے کے لیے وقف کر رہے ہیں کہ مورمن کی کِتاب سچّی ہے اور یہ یِسُوع مسِیح کی گواہی دیتی ہے۔

اِس سال جُون میں نئے مشن کے قائدین کے لیے حالیہ سیمینار میں، صدر رسل ایم نیلسن، نے مورمن کی کِتاب کے حوالے سے اپنی پُرزور گواہی کو بیان کِیا: ”مورمن کی کِتاب … خُدا کا کلام ہے۔ یہ مسِیح کی تعلِیم سِکھاتی ہے اور نجات دہندہ کے کفّارہ کی بابت کسی دُوسری کِتاب کی نسبت زیادہ وضاحت سے بتاتی ہے۔“

مَیں تین تجاویز پیش کرنا چاہُوں گا جو مورمن کی کِتاب کے مُطالعہ کے ذریعہ سے یِسُوع مسِیح میں ہماری تبدیلی کو گہرا کرنے میں مدد کر سکتی ہیں:

1. اپنے روزانہ مُطالعہ میں مُستعِد اور مُستقل مزاج بنیں

بالکل اُسی طرح جَیسے ایلما اور مضایاہ کے بیٹوں نے کِیا، ہمیں ”خُدا کے کلام کو جاننے کے لیے مُستَعِدی سے صحائف پر [تحقِیق] کرنا چاہیے (ایلما 17:‏2)۔“

جارجیا اٹلانٹا مشن میں قائدین کی حیثیت سے خِدمات انجام دینے کے دوران، میری اَہلیہ اور مَیں نے ہر مُناد کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ روزانہ کم از کم 30 منٹ تک مورمن کی کِتاب کا مُطالعہ کریں۔ اِس عزم نے ہمارے اِیمان کو بڑھایا اور مُعجزات کی تلاش اور توقع رکھنے میں ہماری مدد کی۔

یہ مُمکن ہے کہ مشن کے بعد ہمارے پاس روزانہ صحائف کے مُطالعہ کے لیے اِتنا وقت دست یاب نہ ہو، لیکن مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ اگر آپ ہر روز دُعا کے ساتھ مورمن کی کِتاب کے مُطالعہ کو خلُوصِ دِل سے ترجیح دیتے ہیں، تو آپ کو خُداوند اور اُس کے وعدوں میں زیادہ رُوحانی طاقت اور اعتماد ملے گا۔

2۔ مسِیح کے کلام پر فِکروتحقِیق کر کے اپنے مُطالعہ کو مزید بامعنی بنائیں

نِیفی نے سِکھایا کہ، ”مسِیح کے کلام پر ضیافت مناؤ؛ کیوں کہ دیکھو، مسِیح کا کلام تُمھیں وہ ساری باتیں بتائے گا جو تُمھیں انجام دینی ہیں“ (2 نِیفی 32:‏3

ضیافت منانے کا مطلب محض پڑھنے سے کہیں زیادہ ہے—اِس کا مطلب ہے ذائقہ لینا، غَور کرنا اور لاگُو کرنا۔ جب آپ مورمن کی کِتاب کا مُطالعہ کرتے ہیں، اپنے صحیفہ کے مُطالعہ کو مزید بامعنی بنانے کے طریقوں پر غَور کریں۔ مثال کے طور پر:

  • گاسپل لائبریری ایپ میں دست یاب مُطالعاتی امداد اِستعمال کریں۔

  • اَبَدی سچّائیوں کی نِشان دہی کریں جو خُدا کے منصُوبہ کو سمجھنے میں ہماری مدد کرتی ہیں اور ہمیں ہمارے آسمانی باپ کے ساتھ عہد کرنے اور اُن پر عمل کرنے کی راہ نُمائی کرتی ہیں۔

  • اپنے مُطالعہ کے دوران میں جو کُچھ آپ نے سِیکھا ہے اُس کو محفُوظ رکھنے کے لِیے اہم جُملے نمایاں کریں اور اپنے تاثرات کو رقم کریں۔

مورمن کی کِتاب ہماری رُوح کے سوالات کے جواب دینے کی قُدرت رکھتی ہے۔ جَیسے نِیفی نے کہا، ہمیں چاہیے کہ ”تمام نَوِشتَوں کو اپنے آپ پر لاگو کریں، تاکہ یہ ہمارے واسطے معرفت ہوں اور مُفید ہوں“ (1 نیفی 19:‏23

جب ہم مسِیح کے کلام پر فِکروتحقیق کرتے ہیں، تو وہ مُکاشفہ کا دروازہ کھولیں گے اور ہمیں دِکھائیں گے کہ ہمیں اپنی زِندگی کے مُختلف حالات میں اُس کے قریب آنے کے لیے کیا کرنے کی ضرُورت ہے۔

3۔ مورمن کی کِتاب کی سچّائی کی گواہی دیں

جس طرح لِحی نے شجرِ حیات کا پھل اپنے خاندان کے ساتھ بانٹنا چاہا (دیکھیے 1 نِیفی8:‏12)، جب ہم مورمن کی کِتاب کی گواہی پاتے ہیں، تو ہم اُس خُوشی کو بانٹنے کی تمنا کو فروغ دیتے ہیں جو یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کو جاننے سے مِلتی ہے۔

سسٹر بینسن مورمن کی کِتاب کے ساتھ

ہماری ایک مُناد صاحبہ، سسٹر بینسن، جو ہمارے ساتھ اِس عِبادت میں شرکت کر رہی ہیں، اُس نے اپنے نوجوان بھائی کی مدد کرنے کے لِیے اپنی خواہش کا اِظہار مُجھ سے کِیا تھا۔ اُس وقت، وہ کالج جانے کی تیاری کر رہا تھا، اور مشن کی خِدمت کرنے کے حوالہ سے وہ تذب ذب کا شِکار تھا۔ مَیں نے اپنے مشن کے پہلے چار مہینوں کے دوران میں سسٹر بینسن کو مورمن کی کِتاب پڑھنے، اُس کے پسندیدہ حوالوں کو نشان زد کرنے کا، اور پھر اُسے یہ کِتاب اپنے بھائی کو بھیجنے کی ترغِیب پائی تھی۔

سسٹر بینسن نے مورمن کی کِتاب کی نشان زدہ کِتاب اپنے بھائی کو بھیجی اور ہر رات اِسے پڑھنے کی دعوت دی۔ اُس نے بعد میں مُجھے بتایا: ”میرے مشن سے پہلے، میرے بھائی کو یقین نہیں تھا کہ آیا وہ کل وقتی مشن کی خِدمت کرنا چاہتا ہے۔ آہستہ آہستہ، وقت گُزرنے کے ساتھ، جُوں ہی اُس نے مورمن کی کِتاب پڑھی، اُس نے اپنی زِندگی میں خُوشیوں کی فراوانی پائی اور مشن پر جانے کے لِیے غَور کرنا شرُوع کِیا۔“

ایلڈر بینسن

سسٹر بینسن کا اپنا مشن مُکمل ہونے سے دو ہفتے پہلے، اُس کے بھائی کو مشن کا خط موصُول ہُوا۔ اب وہ میکسیکو ٹکسٹلا گٹیریز مشن میں خِدمات انجام دے رہا ہے۔ مورمن کی کِتاب کے وسِیلہ سے، ایلڈر بینسن کو رُوحانی صراحت کے ساتھ اپنی زِندگی کا اِدراک ہُوا، جِس کی وجہ سے اُس نے خُداوند کی خِدمت کرنے کا فیصلہ کِیا اور اُس بات پر توکُل کِیا کہ چِیزیں اپنے انجام کو پُہنچیں گی۔ یہ فیصلہ مُعجزا تھا—مسِیح کے کلام کی قُدرت نے اَثر دِکھایا۔

میرے بھائیو اور بہنو، مَیں آپ میں سے ہر ایک کی حوصلہ افزائی کرتا ہُوں کہ مورمن کی کِتاب کے اپنے مُطالعہ کو گہرا کریں۔ مَیں جانتا ہُوں کہ جب ہم مورمن کی کِتاب میں پائے جانے والے مسِیح کے کلام پر فکروتحقیق کرتے ہیں، تو رُوح ہماری اَبَدی سچّائیاں سمجھنے میں مدد کرے گا اور اپنی گواہی کو یقین کے ساتھ اُن لوگوں پر ظاہر کرے گا جِنھیں خُداوند نے اپنا پیغام سُننے کے لیے تیار کِیا ہے۔ خُداوند نے فرمایا: ”میرے برگُزیدہ میری آواز سُنتے ہیں اور اپنے دِلوں کو سخت نہیں کرتے“ (عقائد اور عہُود 29:‏7)۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ جو لوگ اِیمان کے ساتھ خُدا سے مانگتے ہیں وہ رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے اِس کِتاب کی اُلُوہِیت اور سچّائی کی گواہی پالیں گے۔ اِسی کی مَیں گواہی دیتا ہُوں یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. رسل ایم نیلسن، ”عِشائے ربانی کی عِبادت“ (مشن کے نئے صدُور سیمینار کے دوران میں دِیا گیا پیغام، 23 جون، 2025)۔