مسِیح میں آزمائے اور مضبُوط کِیے گئے
اَیسے لمحات اِس بات کا ثبُوت نہیں ہیں کہ خُداوند نے آپ کو چھوڑ دِیا ہے۔ بلکہ، وہ اِس بات کا ثبُوت ہیں کہ وہ آپ سے اِتنی محبّت کرتا ہے کہ وہ آپ کو تپائے اور مضبُوط کرے۔
میرے پیارے بھائیو اور بہنو، جب ہم اِکٹھے ہوتے ہیں تو مَیں خُداوند کی محبّت کو محسُوس کرتا ہُوں۔ آپ کے ساتھ کلام کرنا میرے لِیے فخر کی بات ہے۔ مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ رُوح آپ کے دِلوں میں وہ بات اُتارے جو خُداوند چاہتا ہے کہ آپ سُنیں، اُن باتوں سے کہیں زیادہ جو مَیں کہُوں گا۔
بُہت پہلے، مَیں نے اپنے کالج کے زمانہ میں فزکس اور ریاضی سِیکھنا چاہا۔ مَیں نے دباؤ محسُوس کِیا۔ مُجھے محسُوس ہونے لگا کہ مَیں جو کُچھ سِیکھنے کی کوشش کر رہا ہُوں وہ میرے بس سے باہر تھا۔ مَیں نے جِتنا زیادہ دباؤ محسُوس کِیا، اُتنا ہی کم مَیں نے کوشش کرتے رہنے کی ہمت محسُوس کی۔ میری حوصلہ شِکنی نے مُجھے یہ باور کرایا کہ میری کوششیں تقریباً بے نتیجہ تھیں۔ مَیں ترک کرنے، اور کُچھ آسان کرنے کے بارے میں سوچنے لگا۔
مَیں کم زور پڑ گیا۔ جب مَیں نے دُعا کی، تو مُجھے خُداوند کی پُرسکون یقین دہانی کا اِحساس ہُوا۔ مُجھے لگا کہ وہ میرے دماغ سے کہتا ہے، ”مَیں تُجھے آزما رہا ہُوں، لیکن مَیں تیرے ساتھ بھی ہُوں۔“
تب مَیں نہیں جانتا تھا کہ اِن اَلفاظ کا کیا مطلب ہے۔ لیکن مَیں جان گیا کہ کرنا کیا ہے—مَیں نے محنت شرُوع کر دی۔
اُس کے بعد کے برسوں میں غَور و فِکر کرنے اور محنت کرنے سے، مَیں نے صحائف میں حوصلہ اَفزائی کے اِس پیغام کو سمجھا: ”مسِیح مُجھے طاقت بخشتا ہے اُس میں مَیں سب کُچھ کر سکتا ہُوں۔“
مَیں نے سِیکھا کہ فزکس کے ساتھ میری کشمکش دراصل خُداوند کی طرف سے ایک نعمت تھی۔ وہ مجُھے سِکھا رہا تھا کہ اُس کی مدد سے، مَیں ہر وہ کام کر سکتا ہُوں جو نامُمکن نظر آتا ہے اگر میرا یہ اِیمان ہو کہ وہ میری مدد کے لِیے موجُود ہے۔ اِس نعمت کے وسِیلہ سے، خُداوند مُجھے آزمانے اور مضبُوط کرنے کا کام کر رہا تھا۔
لفظ آزمانا کے کئی معانی ہیں۔ کسی چیز کو آزمانا محض اُس کا اِمتحان لینا نہیں ہے۔ اِس کا مطلب صلاحیت بڑھانا بھی ہے۔ سٹیل کے ٹُکڑے کو آزمُودہ بنانے کے لِیے اِس پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ حرارت، وزن، اور دباؤ کو ڈالا جاتا ہے، جب تک کہ اِس کی اَصل ہیئت کو بڑھایا اور ظاہر نہ کِیا جائے۔ آزمانے سے سٹیل کم زور نہیں ہوتا۔ درحقیقت، یہ اَیسی شَے بن جاتا ہے جو قابلِ اِعتبار ہو سکتی ہے، اَیسی شَے جو اِس قدر مضبُوط ہو جاتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ بوجھ اُٹھا سکے۔
خُداوند ہمیں مضبُوطی عطا کرنے کے لِیے اِسی طرح آزماتا ہے۔ اَیسی آمُوزش چین یا آرام دہ لمحات میں نہیں آتی۔ یہ اُن لمحوں میں آتی ہے جب ہمیں اپنی برداشت سے بڑھ کر سخت کوشش کرنا پڑتی ہے جِس کا ہم نے کبھی سوچا نہ تھا۔ خُداوند سِکھاتا ہے کہ ہمیں آگے بڑھتے رہنا ہے اور اپنی کوششوں میں نہ تھکنا ہے، اور نہ کبھی ہارنا ہے، بلکہ کوشش کرتے رہنا ہے۔
جب ہم یِسُوع مسِیح پر اِیمان لگاتار مُستحکم رکھتے ہیں—یعنی جب چِیزیں ہمارے لِیے نامُمکن لگتی ہیں—اُس وقت ہم رُوحانی طور پر مضبُوط ہو جاتے ہیں۔ پاک کلام کی باتیں اِس سچّائی پر زور دیتی ہیں۔
مثال کے طور پر، مرونی نبی اِس طرح سے آزمایا اور مضبُوط کِیا گیا تھا۔ اپنے آخِری برس اُس نے تنہائی میں گُزارے۔ اُس نے لِکھا کہ اُس کا کوئی دوست نہیں تھا، اُس کا باپ مارا گیا تھا، اور اُس کی اُمّت کو نیست و نابُود کر دِیا گیا تھا۔ جو لوگ اُس کی جان کے خواہاں تھے وہ ڈُھونڈتے پِھرتے تھے۔
پِھر بھی مرونی مایُوس نہیں ہُوا تھا۔ اِس کی بجائے، اُس نے یِسُوع مسِیح کی اپنی گواہی کو اُس اُمّت کے لیے اَوراق پر کُندہ کِیا جِس کو وہ دیکھنے کے لِیے زِندہ نہ رہے گا، بشمول اُن لوگوں کی اَولاد جو اُسے ہلاک کرنا چاہتے تھے۔ اُس نے ہمارے لِیے لکھا۔ وہ جانتا تھا کہ بعض لوگ اُس کی باتوں کا مُذاق اُڑائیں گے۔ وہ جانتا تھا کہ بعض اُنھیں رد کریں گے۔ پِھر بھی وہ لِکھتا رہا۔
اپنے آزمائے جانے کے دوران، مرونی کا اِیمان بھٹی میں تپایا گیا اور مضبُوط بنایا گیا۔ یہ زیادہ خالص بن گیا۔ اُس کے کلام میں اِیمان کے ساتھ آخِر تک برداشت کرنے والے کی جُراَت پائی جاتی ہے۔ جب ہم اُس کی گواہی پڑھتے ہیں تو اُس جُراَت کو محسُوس کر سکتے ہیں:
”اب مَیں، مرونی، چند باتیں لِکھتا ہُوں، جو میری نظر میں افضل ہیں؛ اور مَیں اپنے لامنی بھائیوں کے واسطے لِکھتا ہُوں؛ اور مَیں چاہتا ہُوں کہ اُنھیں معلُوم ہونا چاہیے کہ مسِیح کی آمد کے نِشان کو ظاہر ہُوئے چار سَو بیس برس سے زیادہ گُزر چُکے ہیں۔
”اور تُمھیں بعض باتوں کی تاکِید کرنے کے بعد، مَیں اِن نوِشتوں کو مُہر بند کرُوں گا۔
”دیکھو، مَیں تُمھیں تاکِید کرتا ہُوں کہ جب تُم اِن نوِشتوں کو پڑھو، اور اگر خُدا کے نزدیک یہ حِکمت ہو کہ تُم اِنھیں پڑھو، تاکہ تُمھیں یاد رہے کہ خُداوند آدم کی تخلِیق سے لے کر اب تک بنی آدم پر کس قدر مہربان رہا ہے، اور جب تُم اِن نوِشتوں کو پاؤ، تو اپنے دِلوں میں اِس بات پر غَور و فکر کرو۔
”اور جب تُم اِن نوِشتوں کو پاؤ، تو مَیں تُمھیں تاکِید کرنا چاہتا ہُوں کہ تُم خُدا، اَبَدی باپ، سے مسِیح کے نام پر دریافت کرنا، گویا یہ نوِشتے برحق نہیں ہیں؛ اور اگر تُم خلُوصِ دِل سے، سچّی نِیّت کے ساتھ، مسِیح پر اِیمان لا کر مانگو گے، تو رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے وہ تُم پر اِس کی سچّائی کو ظاہر کرے گا۔
”اور رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے تُم ساری باتوں کی سچّائی جان جاؤ گے۔“
مرونی کی گواہی تنہائی میں تپ کر کُندن ہوئی تھی، اور اب آب و تاب سے روشن ہے اُن سب نسلوں کو راہ دِکھاتی ہے جو آسمانی باپ اور نجات دہندہ یِسُوع مسِیح کی مُشتاق ہیں۔
مورمن کی کِتاب کے ایک اور نبی، یعقُوب، کو آزمایا اور مضبُوط بنایا گیا جب وہ بچّہ تھا تو اُس نے بڑی مُصیبتیں اور پریشانیاں برداشت کی تھیں۔ بلکہ اُس کے باپ، لِحی، نے اُسے سِکھایا کہ خُدا اُس کے دُکھوں میں اُسے برکت دے گا۔
”اور دیکھ تُو نے اپنے بھائیوں کی سختی کے سبب سے اپنے بچپن میں تکلیفیں اور بُہت دُکھ اُٹھائے ہیں۔
”اِس کے باوجود، یعقُوب، میرے بیابان کے پہلوٹھے، تُو خُدا کی عظمت کو جانتا ہے؛ اور وہ تیری مُصیبتوں کی تیرے فائدے کے لِیے تقدیس کرے گا۔
”پَس، تیری جان مُبارک ہو گی، اور تُو اپنے بھائی نِیفی کے ساتھ سلامتی سے قیام کرے گا؛ اور تیرے دِن تیرے خُدا کی خِدمت میں صَرف ہوں گے۔ ”پَس، مَیں جانتا ہُوں کہ تیرے فِدیہ دینے والے کی راست بازی کے سبب سے تُجھے مُخلصی مِلی ہے؛ کیوں کہ تُو نے دیکھا ہے کہ زمانوں کی مَعمُوری میں وہ آتا ہے کہ اِنسان کے واسطے نجات لائے۔“
نبی جوزف سمتھ نے اِسی طرح آزمائے اور مضبُوط کِیے جانے کا تجربہ پایا جب وہ لبرٹی جیل میں تھا۔ اپنے غم کی گہرائیوں میں پڑا، نبی جوزف چِلا اُٹھا:
”اَے خُدا، کہاں ہے تُو؟ …
”کب تک تیرا ہاتھ موقُوف رہے گا؟“
خُداوند نے جوزف کی مُصِیبتوں میں اُسے صبر سے برداشت کرنے والی تقدِیسی تاثِیر کو دیکھا جب اُس نے جواب دیا:
”میرے بیٹے، تیری جان تسلّی پائے؛ تیری اذیتیں، اور تیرے دُکھ ہُوں گے اَلبتہ دم بھر؛
”اور پھِر، اگر تُو اُسے خُوب برداشت کرے گا، خُدا تُجھے عالمِ بالا میں سرفراز کرے گا؛ تُو اپنے سب دُشمنوں پر فتح پائے گا۔“
آزمائے جانے اور مضبُوط کِیے جانے کی سب سے بڑی مثال نجات دہندہ کے کفّارہ کے وسِیلہ سے واقع ہُوئی۔ اُس نے جہان کے گُناہوں کو اپنے اُوپر لے لِیا۔ اُس نے ہمارے دُکھوں اور غموں کو برداشت کِیا۔ اُس نے کڑوا پیالا پیا۔ وہ ہر لمحہ وفادار ثابت ہُوا۔
اپنے پُر جلال کفّارہ کی وجہ سے، یِسُوع مسِیح ہماری آزمایش کی گھڑیوں میں ہمیں مضبُوط کر سکتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ ہماری مدد کیسے کرنی ہے کیوں کہ اُس نے اُن سب مُصائب و الام کو سہا ہے جِنھیں ہم شاید فانی زِندگی میں دیکھیں گے۔ ”وہ اپنے لوگوں کے دُکھوں اور بیماریوں کو اپنے تئیں اُٹھا لے گا … تاکہ وہ بشریت کے اِعتبار سے جانے، کہ اُن کی کمزوریوں میں اُن کی مدد کیسے کرے۔“
ہم سِیکھتے ہیں کہ جب گتسمنی کے باغ میں، نجات دہندہ نے باپ سے پُوچھا کہ کیا یہ پیالا مُجھ سے ٹل سکتا ہے—لیکن پھر اُس نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ باپ کی مرضی ہے، تو نجات دہندہ اِسے پِیئے گا۔ بااَلفاظِ دِیگر، نجات دہندہ اَندیشہ اور وسوسہ پر غالِب آیا، کیوں کہ اپنے آسمانی باپ پر اُس کا اِیمان تھا۔
بھائیو اور بہنو، آپ کا آزمایا جانا اور مضبُوط کِیا جانا شاید مرونی یا یعقُوب یا نبی جوزف جَیسا نہ ہو۔ لیکن یہ آئے گا۔ یہ خاندانی زِندگی کی آزمایشوں کی صُورت میں، چُپ چاپ آ سکتا ہے۔ یہ بِیماری یا مایُوسی یا غم یا تنہائی کی صُورت میں آسکتا ہے۔
مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ اَیسے لمحات اِس بات کا ثبُوت نہیں ہیں کہ خُداوند نے آپ کو چھوڑ دِیا ہے۔ بلکہ، وہ اِس بات کا ثبُوت ہیں کہ وہ آپ سے اِتنی محبّت کرتا ہے کہ وہ آپ کو تپائے اور مضبُوط کرے۔ وہ آپ کو اَبَدی زِندگی کا بوجھ اُٹھانے کے لیے اِتنا مضبُوط بنا رہا ہے۔
اگر ہم اپنی خِدمت میں دیانت دار رہیں تو خُداوند ہمیں تپا کر کُندن بنائے گا۔ وہ ہمیں مضبُوط کرے گا۔ اور ایک دِن، ہم پِیچھے مُڑ کر دیکھیں گے کہ وہی آزمایشیں اُس کی محبّت کا ثبُوت تھیں۔ ہم دیکھیں گے کہ وہ ہمیں اِس قابِل بنا رہا تھا کہ ہم اُس کے ساتھ جلال میں کھڑے ہو سکیں۔ جَیسے خُداوند کے رسُول پولُس نے اپنی زِندگی کے اِختتام پر کہا، ”مَیں اچھّی کُشتی لڑ چُکا، مَیں نے دَوڑ کو ختم کر لِیا، مَیں نے اِیمان کو محفُوظ رکھّا۔“
مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ خُدا آپ کو جانتا ہے۔ جِن مُصِیبتوں کا آپ کو سامنا ہے وہ جانتا ہے۔ وہ آپ کے ساتھ ہے۔ وہ آپ کو ترک نہیں کرے گا۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح خُدا کا بیٹا ہے۔ وہ ہماری طاقت، ہماری آس، ہمارا مُخلصی دینے والا ہے۔ اگر ہم اُس پر توکُل کرتے ہیں، تو وہ ہماری رُوحانی طاقت کو ہر اُس آزمایش کے برابر کر دے گا جِن کی برداشت کے لیے ہم بُلائے جاتے ہیں۔ پَس مَیں یہ گواہی یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر دیتا ہُوں، آمین۔