مجلسِ عامہ
یِسُوع مسِیح کی کفّارہ بخش محبّت
اکتوبر 2025 کی مجلسِ عامہ


14:34

یِسُوع مسِیح کی کفّارہ بخش محبّت

شِفا یابی اور مُعافی دونوں کا کامِل اِحساس یِسُوع مسِیح کی کفّارہ بخش محبّت میں پایا جاتا ہے۔

مَیں صدر رسل ایم نیلسن کے لِیے اپنی محبّت کا اِظہار کرتا ہُوں اور ہم میں سے ہر ایک پر اُن کے نمایاں اثر و رسُوخ کے لِیے شُکر گُزار ہُوں۔ اور ہم سب کے واسطے، مَیں صدر ڈیلن ایچ اوکس کی پاکیزہ زِندگی کو محفُوظ رکھنے اور اِس کو بڑھانے کے لِیے خُدا کا شُکر ادا کرتا ہُوں۔

ہر گُزرتے سال کے ساتھ، مَیں اپنے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح، اور اُس کے رحم سے بھرے کفّارہ کے لیے زیادہ پیار محسُوس کرتا ہُوں۔ اُس کی عظِیم قُربانی، موت اور گُناہ پر فتح پانا ساری اِنسانی تارِیخ کا سب سے بڑا قدرومنزلت والا فِدیہ ہے۔ اُس کی اِلہٰی نعمت کو سمجھنا میرے لیے غَیرمَحْدُود آسمانی نصاب ہے جو قبر سے آگے بھی جاری رہے گا۔

خُداوند یِسُوع مسِیح

گُناہوں کو مُعاف کرنے اور دُوسروں کی خطاؤں سے مِلنے والے زخموں کو اچھّا کرنے میں نجات دہندہ کا پُرتاثِیر رحم خُدا کی محبّت کا نہایت مُعجزانہ مظہر ہے۔

میری تمنا یہ ہے کہ اِنتہائی گھناؤنے گُناہوں کی مُعافی مانگنے والوں کے لِیے اُمِّید جگاؤں اور دُوسروں کی سنگِین خطاؤں کی وجہ سے لگنے والے دردناک زخموں سے شِفا پانے والوں کو تسلّی دُوں۔

شِفا یابی اور مُعافی دونوں کا کامِل اِحساس یِسُوع مسِیح کی کفّارہ بخش محبّت میں پایا جاتا ہے۔

یِسُوع مسِیح پر ایمان

اگر آپ سنگِین گُناہوں کے مُرتکب ہُوئے ہیں اور کامِل تَوبہ کرنے کی تمنا کرتے ہیں یا تَوبہ کے عمل سے گُزر رہے ہیں اور مُعافی کے ناقابلِ بیان اِحساسِ راحت کو پانے کی آرزُو رکھتے ہیں، تو براہِ کرم جان لیں کہ یہ مُعجزہ آپ کا مُنتظر ہے۔ نجات دہندہ مُسلسل پُکارتا ہے کہ، ”میرے پاس آؤ۔“

ہمارے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح، پر اپنے اِیمان کو مُستحکم کرنے سے، آپ کی جان میں اُسے جاننے، اُس کا یقین کرنے، اور اپنا دِل اُس کو دینے کی تڑپ کو تقویت مِلے گی۔ انوس نے اپنی مُعافی کی بابت دریافت کِیا کہ: ”خُداوند، یہ کیوں کر ہُوا؟“ خُداوند نے جواب دِیا: ”مسِیح پر تیرے اِیمان کے سبب سے، جِسے تُو نے پہلے نہ کبھی سُنا نہ دیکھا۔“

اور مرونیؔ نے مزید بتایا، ”اگر تُم ہر طرح کی بے دینی کا اِنکار کرو گے، اور خُدا کو اپنی ساری جان، ساری عقل اور قُوت سے پیار کرو گے، تو اُس کا فضل تُمھارے لِیے کافی ہے۔“

گُناہ سے مُنہ موڑنا، خُدا کی طرف رُجُوع لانا، اور یِسُوع مسِیح پر اپنے اِیمان کو مُستحکم کرنا حسِین آغاز ہے۔ اِنکسار کے ساتھ اپنی مرضی کو خُدا کے سپُرد کرنے میں اپنے بشپ یا برانچ کے صدر کے سامنے سنِگیِن گُناہ کو تسلیم کرنا شامِل ہے، لیکن آپ کی پُوری مُعافی نجات دہندہ کی طرف سے آتی ہے۔ مُعافی اِلہٰی نعمت ہے جو یِسُوع مسِیح کے فضل کے وسِیلہ سے مِلتی ہے۔

دیانت داری

حقیقی معنوں میں خُدا کی طرف رُجُوع لانے کی آرزُو اپنے آسمانی باپ کے ساتھ، اپنے آپ کے ساتھ، اُن لوگوں کے ساتھ جِن کو نقصان پُہنچایا گیا ہے، اور اپنے کہانتی راہ نُما کے ساتھ پُوری طرح دیانت دار ہونے کے عزم کے ساتھ جُڑی ہے۔ آپ کا آسمانی باپ خُوشی مناتا ہے جب آپ شِکستہ دِل اور پشیمان رُوح کے ساتھ اُس کے پاس آنے کا تہیہ کرتے ہیں۔ پشیمان رُوح کا مطلب فروتنی کے ساتھ اپنے آپ کو خُدا کے ہاتھ میں دینا ہے؛ شِکستہ دِل کا مطلب وہ اِحساس پَیدا کرنا ہے جِسے پولُس رسُول ”خُدا پرستی کا غم“ کہتا ہے، یعنی کسی بھی قِیمت پر اُس کے پاس جانے کے لِیے رُوح کی بےقرار حسرت۔

جو ٹوٹا ہُوا ہے اُسے بحال کرنا

آپ کی بےقراری آپ میں اَیسا اِشتیاق پَیدا کرتی ہے کہ آپ نے جو توڑا ہے اُسے آپ جوڑنا چاہتے ہیں۔ پھِر بھی، یہ جانتے ہُوئے کہ بعض چِیزوں کو جوڑنا آپ کے اِختِیار میں نہیں ہے، آپ بڑی دِل سوزی سے دُعا کرتے ہیں کہ خُداوند، اپنے فضل سے، اُن لوگوں کو شِفا بخشے جو آپ کے اَعمال کے نتیجہ میں دُکھی ہُوئے ہیں۔

دُوسروں پر سنگِین گُناہ کے اثرات پر قابُو پانا اکثر درد ناک حد تک مُشکل ہوتا ہے۔ کیا آپ مضایاہ کے بیٹوں کی مثال کی تقلید کر رہے ہیں، جو ”پُہنچائے گئے زخموں کو بھرنے کے لِیے بڑے جوش سے جدوجہد کرتے رہے“؟ جِن لوگوں کا آپ اَحترام کرتے ہیں اُن سے اَیسی چِیزوں کے بارے میں گُفت گُو کریں جو آپ نہیں دیکھ پا رہے ہیں۔

جب مَیں اِس پیغام کی تیاری کر رہا تھا، تو مُجھے کسی اَیسے شخص کی طرف سے اچانک ای میل آئی جو تَوبہ کے عمل میں ہے اور کلِیسیا میں واپس آنا چاہتا ہے۔ اُس کی پہلی ​بیوی ابھی تک ”[اپنے] اَبَدی نِکاح کے ٹُوٹنے، [بچّوں کی پریشانیوں]، مالی تحفُظ کے خسارہ، … اَخراجات کو پُورا کرنے کے قابل نہ ہونے، [اور] دھوکا دہی کے گہرے دم گھُٹنے والے اِحساسات سے دوچار تھی۔“

اُس نے مُجھے بتایا کہ کیسے اُس کے کہانتی راہ نُما نے ”[اُسے] سنجِیدگی کے ساتھ سوچ بچار کرنے کو کہا کہ وہ [اپنی پہلی بیوی اور بچّوں کے لیے مزید کیا کر سکتا ہے]۔“ اِجازت لے کر، مَیں اُس کی ای میل کا اِقتباس بیان کرتا ہُوں۔

”مَیں نے [پہلے] سوچا کہ مَیں نے طلاق کے حُکم نامہ میں جو [رقم] دی تھی وہ ضرُورت سے زیادہ تھی، لیکن میرے برانچ کے صدر نے مُجھے اِس کے بارے میں روزہ رکھنے اور دُعا کرنے کی ترغیب دی۔ …

”شرُوع میں، مَیں مزید تلافی کے خیال سے گُتھم گُتھا تھا۔ چُوں کہ میرے گُناہ مالی نہیں تھے، لہٰذا مَیں نے سوچا کہ ’معقُول تلافی‘ کا حقِیقی مطلب کیا ہے۔ … [لیکن] مُجھے جلد اِحساس ہُوا کہ یہ محض پیسوں کی بابت نہیں تھا۔

”میرے کہانتی راہ نُماؤں نے [میری پہلی​ بیوی] اور میرے بچّوں سے مُلاقات کی اور محسُوس کِیا کہ وہ ابھی تک صدمے میں تھے اور شِفا نہیں پا رہے تھے۔“

”میرا نیا مقصد اِیمان کے ساتھ آگے بڑھنا تھا۔ … مَیں نے بغیر کسی غرض کے مدد کرنے کی خواہش کا اِظہار کیا۔ … مَیں نے ہر چیک میں [اپنی پہلی بیوی کو ایک مخصُوص رقم بھیجنے] کا فیصلہ کِیا، جو کہ میری اَصل تنخواہ کا بڑا حِصّہ تھا۔ پہلی رقم بھیجنے سے ٹھیک پہلے، خُداوند نے [میرے ذہن پر اَثر ڈالا کہ مُجھے [اِس رقم سے دوگُنا] ادا کرنے کی ضرُورت ہے۔

”مَیں نے سِیکھا ہے کہ تلافی کا تعلُق صِرف پیسوں سے نہیں ہے۔ اِس کا تعلُق اِنکسار کے ساتھ اپنی زِندگی خُداوند کے لیے وقف کرنے سے ہے۔ … یہ رقم اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے اپنے خاندان سے جو کُچھ چھِینا اُس کے بدلے میں مدد کرنا ہے۔ اِس کے بدلے میں کسی چیز کی توقع کِیے بغیر وعدے کرنے اور نِبھانے کے بارے میں ہے اور اَخراجات کی فکر نہ کرنے میں اُس کی مدد کرنا ہے تاکہ وہ رُوح کی تلاش کر سکے۔“

جو کُچھ آپ نے توڑا ہے اُسے جوڑنے کی کاوِش کا پیسوں سے کوئی تعلُق نہیں ہو سکتا ہے، بلکہ جب آپ فروتنی کے ساتھ خُداوند سے فریاد کرتے ہیں، تو آپ کو معلُوم ہو سکتا ہے کہ آپ بُہت کُچھ کر سکتے ہیں۔

اِلہٰی منظُوری مرحلہ وار ہوتی ہے

جب آپ خُداوند کی مُعافی کے طالِب ہوتے ہیں، تو اُس کی پُوری منظُوری کا اِنتظار کرتے وقت صابر بنیں۔ اِس نوِشتہ پر غَور کریں:

”اُنھوں نے … خُود کو حلیمی کی اَتھاہ گہرائیوں تک حلیم بنا [دِیا]؛ اور … بڑی قُوّت سے خُدا کے سامنے فریاد کرتے تھے؛ ہاں، بلکہ سارا دِن خُدا کو پُکارتے۔ … [لیکن] اُن کی بدکاری کے سبب سے خُداوند اُن کی فریاد سُننے میں دھیما تھا۔“

”تو بھی خُداوند نے اُن کی فریاد سُنی اور … اُن کے بوجھ ہلکے کرنے لگیں؛ … اور … وہ آہستہ آہستہ مُلک میں خُوش حال ہونے لگے۔“

صابر بنو جب خُداوند آہستہ آہستہ اپنی برکت اور منظُوری عطا کرتا ہے۔

خُداوند کے وقت پر، آپ محسُوس کریں گے کہ اُس کی آواز آپ کو کہہ رہی ہے، ”تُو اپنے آپ کو اِن باتوں سے مزید پریشان نہ کر۔“ ایک دِن، اگر آپ نجات دہندہ کی طرف رُجُوع کرتے رہیں گے، تو آپ کا آسمانی باپ ”[آپ کے دِل] سے اپنے بیٹے کی مہربانیوں کے وسِیلہ سے اِحساسِ جُرم مِٹا دے گا۔“

زخمی اور مُصِیبت زدہ

چُوں کہ آپ کسی دُوسرے شخص کے سنگِین گُناہوں کی وجہ سے ناجائز طور پر زخمی ہُوئے ہیں، مَیں نجات دہندہ کی محبّت اور ہم دردی، اُس کی تسلّی اور اِطمِینان بتانا چاہتا ہُوں۔

آپ نے جو دُکھ سہا ہے، دِل کے ٹوٹنے، نقصان سہنے، فریب کھانے سے دم گُھٹنے کا اَحساس، جِس سے آپ کی زِندگی کا سُہانا خواب ٹُوٹ گیا تھا—مَیں آپ کو پُختہ یقِین دِلاتا ہُوں، نجات دہندہ آپ کو جانتا ہے اور آپ سے محبّت کرتا ہے۔ اُس کے پاس جائیں۔ وہ آپ کا اِطمِینان اور ہمت ہو گا؛ وہ آپ کو سہارا دینے کے لِیے اپنے فرِشتوں کو بھیجے گا۔ آپ کا درد کب ختم ہوگا، کب آپ کا غم دُور ہوگا، تلخ یادیں کب بُھولیں گی؟ مَیں نہیں جانتا۔ لیکن مَیں یہ جانتا ہُوں: وہ آپ کے دُکھوں کی راکھ کے بدلے سہرا عطا کرنے کی قُدرت رکھتا ہے۔

گرینڈ بلینک، مِشی گن کے ہمارے پیارے بھائیوں اور بہنوں نے، یِسُوع مسِیح پر اپنے اٹل اِیمان کے ساتھ، اپنی ہمت اور بےغرضی کے ساتھ، نجات دہندہ کی بےمثال محبّت اور فضل کو کثرت سے پایا ہے، اور آنے والے ہفتوں مہینوں میں کثرت سے پائیں گے۔

اگر آپ اُس پر توکُل کرتے رہیں گے، تو وہ آپ کے تارِیکی کے بادِلوں اور آپ کی راتوں کی آہوں بھری سِسکیوں کو صُبح کے اُجالے میں شادمانی اور تسلّی کے آنسوؤں میں بدل دے گا۔ ”تُمھارا غم ہی خُوشی بن جائے گا۔ … اور تُمھاری خُوشی کوئی [بھی] تُم سے چِھین نہ لے گا۔“ اَیسی گھڑی آئے گی۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یہ ضرُور آئے گی۔

صدر ڈیلن ایچ اوکس

یِسُوع مسِیح کی کفّارہ بخش محبّت مُشکل ترین حالات میں پائی جا سکتی ہے، لیکن ہم سب کو اپنے نجات دہندہ کے کفّارہ کے فضل کی مُسلسل ضرُورت پڑتی ہے۔ صدر ڈیلن ایچ اوکس نے سِکھایا ہے: ”فانی زِندگی میں اپنے کفّارہ کے تجُربہ کی وجہ سے، ہمارا نجات دہندہ ہر جگہ تمام مردوں اور عورتوں کو تسلّی دینے، شِفا دینے اور تقوِیت دینے کے قابِل ہے، لیکن میرا اِعتقاد ہے کہ وہ اَیسا صِرف اُن لوگوں کے واسطے کرتا ہے جو اُسے ڈھُونڈتے اور اُس کی مدد مانگتے ہیں۔ یعقُوب رسُول نے سِکھایا، ’خُداوند کے سامنے فروتنی کرو، وہ تُمھیں سربُلند کرے گا‘ (یعقُوب 4:‏10)۔ جب ہم اُس پر اِیمان لاتے ہیں اور اُس کی مدد کے لِیے دُعا کرتے ہیں تو ہم اُس رحمت کے لائق ہوتے ہیں۔“

ایلڈر رابرٹ ای ویلز ایلڈر نیل ایل اینڈرسن کے ساتھ

ایلڈر رابرٹ ای ویلز

اپنے عزیز دوست اور ستر کی ایمریٹس جنرل اتھارٹی، ایلڈر رابرٹ ای ویلز سے، جو اب 97 برس کے ہیں، اُن سے 60 برس سے زیادہ پہلے کا تجربہ بیان کرنے کی اِجازت لی ہے۔

1960 میں جب وہ پیراگوئے میں مُقیم تھے اور بین الاقوامی بینکر کی حیثیت سے ملازمت کرتے تھے، رابرٹ ویلز، تب 32 سال کے تھے، اور اُس کی اہلیہ، میریل، دونوں مُختلف طیاروں میں پائلٹ تھے، جو یوراگوئے سے پیراگوئے گھر کی طرف پرواز کر رہے تھے۔ گہرے بادِلوں سے گُزرتے وقت، رابرٹ اور میرل کا ایک دُوسرے سے بصری اور ریڈیو رابطہ ختم ہو گیا۔ رابرٹ نے تیزی سے جہاز نِیچے اُتارا، جِس پر اُسے معلُوم ہُوا کہ اُس کی اَہلیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ نہ تو اُس کی بیوی اور نہ اُس کے ساتھ سوار دو دوست بچ پائے تھے۔ آسُن سیُّون شہر میں، بچّے گھر پر تھے، جِن کی عُمریں سات، پانچ، اور دو سال تھیں۔

ویلز کا خاندان

ایلڈر ویلز نے اپنے دُکھ کا اِظہار یُوں کِیا:

”میرے سِینے میں بھرے ہُوئے درد کو بتانے کے لیے اَلفاظ قیامت تک ناکافی ہوں گے، میرے جذبات کو بھسم اور میرے حواس کو بے حِس کرتے رہیں گے۔ شِدتِ غم سے بہنے والے آنسُوؤں کی جھڑی رُکتی ہی نہیں۔ حالات کی بدنصِیبی دیکھیے، جِس وقت مَیں اپنی بیوی کے گُزر جانے کے تلخ تجُربہ سے سنبھلنے کی کوشش کر رہا تھا، اُسی وقت اَحساسِ جُرم میرے اندر بڑھ رہا تھا کہ حادثہ کا ذِمہ دار مَیں ہُوں۔“

رابرٹ نے ہوائی جہاز کا زیادہ اچھی طرح سے مُعائنہ نہ کرانے اور اپنی بیوی کو آلات کے زیادہ جامع اِستعمال کی مُناسب تربِیت نہ دینے کا ذمہ دار اپنے آپ کو ٹھہرایا۔ اُسے لگا کہ وہ غفلت کا شِکار ہے۔

رابرٹ نے کہا:

”میرا دماغ بدحواسی کا شِکار ہو گیا۔ … مَیں صِرف موجُود تھا—[بچّوں کی خاطر] مزید کُچھ نہیں۔“

مَیں نے … اپنے جِینے کی خواہش کھو دی تھی۔

وقت آنے پر، رابرٹ نے اِنتہائی گہرے رُوحانی تجُربہ کا فیض پایا۔ اُس نے بتایا:

”ایک شام، تقریباً ایک سال بعد، ایک مُعجزہ ہُوا جب مَیں دُعا میں گھُٹنوں کے بل بیٹھا تھا. اپنے آسمانی باپ سے دُعا اور فریاد کے دوران میں، مَیں نے محسُوس کِیا جَیسے نجات دہندہ میرے پاس آیا ہے اور مَیں نے سُنائی دینے والی آواز کو اپنی رُوح اور اپنے کانوں سے یہ کلمات بولتے ہُوئے سُنا: ’رابرٹ، میری کفّارہ بخش قُربانی تیرے گُناہوں اور تیری خطاؤں کے لیے ادا کی گئی۔ تیری بیوی تُجھے مُعاف کرتی ہے۔ تیرے دوست تُجھے مُعاف کرتے ہیں۔ مَیں تیرا بوجھ اُٹھاؤں گا۔ …‘

”اُسی لمحے سے، جُرم کا بوجھ [اور مایُوسی] حیرت انگیز طور پر مُجھ سے ہٹ گئی تھی۔ مُجھے بچا لِیا گیا تھا! مَیں نے فوری طور پر نجات دہندہ کے کفّارہ کی غالِب آنے والی قُدرت کا اِدراک پایا اور … اِس کا اِطلاق براہِ راست مُجھ پر ہُوا تھا۔ مَیں نے … نُور اور شادمانی کا اَیسا اِحساس پایا جِس سے پہلے کبھی آشنا نہ تھا۔ مُجھے بغیر مُشقّت کے نعمت عطا ہُوئی تھی—خُداوند کے فضل کی نعمت۔ … مَیں اِس کا مُستحق نہیں تھا—مَیں نے اِس کے لائق ہونے کے لِیے کُچھ نہیں کِیا تھا، لیکن اِس کے باوجُود اُس نے مُجھے عطا کِیا تھا۔“

بھائی اور بہنوں، کاش ہم سب ”خُدا کے فضل سے، اور مسِیح کا خُون بہائے جانے کے وسِیلہ سے، مسِیح میں مُقدّس ٹھہرائے جائیں، … بےعیب، اور پاک [بنتے] ہُوئے۔“

مَیں اپنے نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے کی محبّت، رحم اور فضل کی گواہی دیتا ہُوں۔ وہ زِندہ ہے۔ ہم اُس کے ہیں؛ ہم عہد کے فرزند ہیں۔ جب ہم اُس پر اِیمان لاتے ہیں، اُس کی تقلِید کرتے ہیں، اور اُس پر توکُل کرتے ہیں، وہ ہمارے دُکھوں اور گُناہوں سے ہمیں نِکالے گا۔ پھِر، اِس فانی زِندگی سے آگے، اُس کے باپ کے گھر میں، ہم اُس کے ساتھ ہمیشہ ہمیشہ قیام کریں گے۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔