خُدا کے اَنبِیا
آمدِ ثانی تک ہر اچھی شے کا دامن تھامے رکھنا اور نبی کی آواز کو سُننا اور تقلید کرنا نہایت ضرُوری ہے۔
پیارے نوجوانو، یہ کتنا خوبصورت کانفرنس کا سیشن ہے! ہم پہلے ہی یِسُوع مسِیح کے تین زِندہ رَسُولوں کو سُن چُکے ہیں۔ یہ کیسی عالی شان برکت ہے! اور اَبھی بھی ہمیں، ایلڈر ہنری بی آئرنگ کو سُننے کی سعادت نصیب ہو گی۔ رُوحانی ضیافت جاری ہے!
پچھلے سال جب مَیں نے خِطاب کِیا، تو ہم نے داؤد کے جاتی جُولیت کے ساتھ تجربے کے ذریعے سیکھا کہ کیسے اِس دُںیا کا سامنا کِیا جائے۔ کیا آپ کو پانچ پتھر یاد ہیں؟ آج مَیں عہدِ عتیق کی ایک کہانی بیان کر رہی ہُوں جو مَیں نے آپ کی عُمر میں پڑھی جس نے میرے اندر اُس کے مرکزی کِردار کی مانِند بننے کی حسرت پیدا کی۔ بائبل ہمیں اُس کا نام نہیں بتاتی، اِس لیے ہم اُسے شونیم کی عورت کہیں گے کیوں کہ یہ اُس کے شہر کا نام ہے۔
ایک روز الیشع نبی شونیم کو گیا، اور ہم پڑھتے ہیں کہ وہاں ”ایک دولت مند عورت تھی؛ اور اُس نے اُسے روٹی کھانے کی [دعوت دی]۔ پھر وہ جب کبھی، اُدھر سے گُزرتا، روٹی کھانے کے لیے … وہیں چلا جاتا تھا۔“ مَیں تصوُّر کرسکتی ہُوں کہ اِلِیشع نبی اُس کے گھر کھانے کی دعوت مِلنے پر کتنا زیادہ خُوش ہُوا ہو گا! وہ پہلے ہی کئی بار جا چُکا تھا، پھر ایک دِن اُس عورت نے اپنے شوہر سے کہا، ”دیکھ، مُجھے معلُوم ہوتا ہے کہ مردِ خُدا جو اکثر ہماری طرف آتا ہے مُقدّس ہے۔“
عورت نے کہا، ”دیکھ مُجھے معلُوم ہوتا ہے۔“ اَیسا لگتا ہے کہ اُس نے الیشع کو اپنے گھر میں یہ جانے بغیر دعوت دی کہ وہ نبی تھا؛ اُس نے الیشع کی کہی اور سِکھائی گئی باتوں کو غور سے سُن کر رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے اپنی گواہی پائی۔ (یاد رکھیں، اُس دَور میں کوئی تصاویر نہیں تھیں! پَس نبی کو محض اُس کے چہرے سے پہچاننا مُشکل تھا۔)
مگر کہانی یہاں پر ہی ختم نہیں ہوتی۔ ایک دِن اُس نے اپنے شوہر سے کہا، ”ہم اُس کے لیے ایک چھوٹی سی کوٹھری دیوار پر بنا دیں، … اور اُس کے لیے ایک پلنگ، اور میز، اور چوکی، اور شمعدان لگا دیں: پھر جب کبھی وہ ہمارے پاس آئے، تو وہ وہیں ٹھہرے گا۔“
یہ وفادار عورت اپنے گھر میں ایک کمرہ تعمیر کرنے کے لیے تیار تھی تاکہ، شہر میں آتے یا گُزرتے ہُوئے، نبی کو رہنے کے لیے جگہ مِل سکے۔
آج ہم اِس تجربے سے ایک زبردست سبق سیکھ سکتے ہیں۔
خُداوند نے شونیم کی عورت کو گواہی دی کہ الیشع خُدا کا نبی تھا، اور اُس نے اپنے گھر کے دروازے کھول کر اُس کا خیرمقدم کِیا۔
ہم بھی آج خُدا کے اَنبیا کی شخصی گواہی حاصِل کر سکتے ہیں اور اپنے دِلوں، ذہنوں—اور اپنے گھروں—کو اُس پیغام کے لیے کھول سکتے ہیں جو ہمارے آسمانی باپ نے اِن آخِری ایّام میں ہمارے واسطے رکھا ہے۔
عزیز نوجوانو، مَیں آپ کو دعوت دیتی ہُوں کہ آپ اپنے آپ سے یہ سوال پُوچھیں: ”کیا میرے پاس خُدا کے زِندہ نبیوں کی شخصی گواہی ہے؟“
آئیے اِبتدا سے شُروعات کرتے ہیں۔
نبی کون ہے؟ نبی وہ شخص ہے جسے خُدا نے اپنے لیے کلام کرنے کی بُلاہٹ دی ہے۔ آج بھی زمین پر نبی موجُود ہیں، جیسے کہ زمانہِ قدیم میں تھے۔
نبی رویا بِین اور مُکاشفہ بِین ہیں۔ اِس سے مُراد یہ ہے کہ نبی وہ دیکھ سکتے ہیں جو دُوسرے نہیں دیکھ سکتے، اور وہ مُستقبل کے واقعات کی نبُوت کر سکتے ہیں۔ وہ ہمیں آنے والی قُدرتی آفات کے لیے بھی تیار کر سکتے ہیں۔ نبی خُداوند سے اَحکام اور مُکاشفے حاصِل کرتے ہیں۔ اِیمان کا نواں رُکن اِن آخِری ایّام میں جاری و ساری مُکاشفہ کی بابت بات کرتا ہے۔ اِس میں یُوں مرقُوم ہے، ”ہم اِیمان رکھتے ہیں کہ خُدا نے جو آشکار کِیا ہے، وہ سب جو اَب آشکار کرتا ہے، اور ہم اِیمان رکھتے ہیں کہ وہ پھر بھی خُدا کی بادشاہی کی بابت بُہت سی عظیم اور اَہم باتوں کو آشکار کرے گا۔“
ایلڈر گیری ای سٹیون سن نے کہا، ”خُداوند آج بھی اپنے نبیوں پر اپنے اَحکام اور منشا ظاہر کرنا جاری رکھتا ہے کیوں کہ وہ چاہتا ہے کہ ہم اِس زندگی میں خُوشی اور اگلی زِندگی میں سیلیسٹیئل جلال کی جانب راہ نُمائی پائیں۔“
نبی اِنجِیل کی مُنادی بھی کرتے ہیں اور زمین پر ہر ایک کے لیے خُدا کے اِلہامی مُعلم اور پیام بَر بھی ہیں۔
صدارتِ اوّل اور بارہ رَسُولوں کی جماعت کا ہر رُکن نبی، رویا بِین، اور مُکاشفہ بین ہے۔ خُداوند کی زیرِ ہدایت مشاورتی مجلس کے طور پر خِدمت کرتے ہُوئے، اُن کے پاس اِختیار ہے کہ وہ عقائد کا اِعلان اور تشریح کریں اور اُس کی کلِیسیا کے لیے حِکمتِ عملیاں مُرتب کریں۔ وہ بڑی احتیاط اور غور و فِکر کے ساتھ دُعا کرتے ہیں، کیوں کہ اِن جماعتوں کے فیصلوں کا مُتفقہ ہونا ضرُوری ہے۔ یُوں، خُداوند ہمیں یقین دِلاتا ہے کہ اُس کی مرضی پُوری ہو گی۔
نبی مسِیح کی گواہی دیتے ہیں—اُس کے وجُود کی، اُس کی خِدمت کی، اور اُس کی اُلُوہیت کی۔
آئیں ہم مورمن کی کِتاب میں سے نبیوں کی چند گواہیاں پڑھیں۔
ابینادی نے اِعلان کِیا:
”خُدا خُود بنی آدم کے درمیان اُتر کر آئے گا، اور اپنے لوگوں کو مُخلصی دے گا۔
”اور اُس کے مُجسّم ہو جانے کے باعِث وہ خُدا کا بیٹا کہلائے گا۔“
سموئیل لامنی نے بھی گواہی دی کہ یِسُوع مسِیح ”خُدا کے بیٹے، آسمان اور زمین کے باپ، بِنائے عالم سے ہر شے کے خالق کی آمد کی بابت جانو۔“
اور جیسا کہ نبی مرونی نے کہا، ”مَیں نے یِسُوع کو دیکھا ہے، اور … اُس نے مُجھ سے رُو بہ رُو کلام کِیا ہے۔“
جب مسِیح نِیفیوں کے پاس گیا، تو اُس نے جو سب سے پہلا کام کِیا وہ بارہ رَسُولوں کو بُلاہٹ دینا تھا۔ اور اُس نے لوگوں سے فرمایا، ”مُبارک ہو تُم اگر تُم اِن بارہ کے کلام پر دھیان دو گے جنھیں مَیں نے تُم میں سے تُمھاری خِدمت کے لیے چُنا ہے۔“
اَب، مَیں والدین یا اَہلِ خانہ کے دیگر اَفراد کے لیے چند اَلفاظ کا تذکرہ کرُوں گی جو بچّوں کی تعلیم و تربیت کرتے ہیں۔ خُداوند نے خُود آدم اور حوّا کو نجات کے منصُوبے کی سچّائیاں سِکھائیں۔ اور پھر اُس نے اُن سے کہا، ”مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں، کہ یہ باتیں اپنے بچّوں کو صاف صاف کہہ کر سِکھا۔“
صاف صاف کہہ کر سِکھانے سے کیا مُراد ہے؟ یہ اِنجِیل کی سچّائیوں کو سیکھنے، اُس کی شخصی گواہی پانے، اور اپنے بچّوں کے ساتھ اِس عِلم کو بانٹنے کا نام ہے۔ یہ رسمی اور غیر رسمی درس و تدریس کے لمحات دونوں کو فروغ دے رہا ہے۔ یہ اُس عِلم اور گواہی کے مُوافق زِندگی بسر کرنا ہے۔
مورمن کی کِتاب 2060 نوجوان جنگجُوؤں کو یُوں بیان کرتی ہے ”وہ سنجیدہ اور دیانت دار نوجوان تھے، پَس اُنھیں خُدا کے حُکموں کو ماننے اور اُسی کی حُضُوری میں چلنے کی تعلیم دی گئی تھی۔“ اُن نوجوانوں نے وفاداری سے ہیلیمن کی فرماں برداری کی، جو اُس وقت اُن کا سِپہ سالار اور اُن کا نبی بھی تھا، اور اُنھوں نے اِعتراف کِیا کہ اُن کی ماؤں نے اُن کے دِلوں کو سچّائی اور اِیمان سے بھر دِیا تھا۔
والدین، اِس دُنیا میں جہاں بُہت سی صدائیں گُونجتی ہیں اور بعض اوقات بُہت زیادہ تاریکی بھی ہوتی ہے، خُدا نے خُود ہمیں اپنے بچّوں کی نُور اور سچّائی سے تربیت اور پرورش کرنے کا حُکم دِیا ہے۔ اُس نے ہمیں اپنے بچّوں کو اِنجِیل کی نجات بخش سچّائیاں سِکھانے کی ذِمہ داری سونپی ہے۔ اگر ہم اَیسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں، تو دُنیا اَیسا نہیں کرے گی۔
پیارے نوجوان دوستو، میرے پاس آپ کے لیے ایک دعوت نامہ ہے: آنے والے دِنوں میں، مَیں آپ کو گھُٹنوں کے بَل ہونے، اپنے دِلوں کو اُنڈیلنے، اور آسمانی باپ سے اِیمان کے ساتھ دُعا کرنے کی دعوت دیتی ہُوں کہ وہ آپ کو اِس بات کی تصدیق بخشے کہ اُس کے برگُزیدہ نبی اور رَسُول آج زمین پر اُس کی آواز ہیں۔
شونیم کی عورت نے ہمیں سِکھایا کہ ہم یہ گواہی رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے پا سکتے ہیں۔ مَیں آپ سے وعدہ کرتی ہُوں کہ ایک بار جب ہم یہ جان لیں گے کہ وہ خُدا کے مَسح کِیے ہُوئے بندے ہیں، تو ہمارے جاری مسائل کے باوجُود، ہماری زِندگیاں آسان ہو جائیں گی، جب ہم بھروسے، اِیمان، اور اُمید کے ساتھ اُن کی آوازوں کی پیروی کریں گے۔ ہمارے مُنّجی کی آمدِ ثانی تک ہر اچھی شے کا دامن تھامے رکھنا اور نبی کی آواز کو سُننا اور تقلید کرنا نہایت ضرُوری ہے۔
دُنیا کی بَدکاری بڑھتی جا رہی ہے، لیکن کلِیسیائے یِسُوع مسِیح اور اُس کی بادشاہی پہلے سے کہیں زیادہ مضبُوط ہے۔ صیون اپنی شوکت سے مُلبس ہو رہا ہے، اور مسِیح کا تخت ہرگِز نہ گِرے گا۔ خُداوند توقع کرتا ہے کہ ہم اپنی گواہیوں میں مضبُوط ہوں، اِیمان سے معمُور ہوں، اور روزانہ توبہ کریں۔ ہمارا شافی، یِسُوع مسِیح، اپنا کام جاری رکھنے کے لیے ہم میں سے ہر ایک پر بھروسا کر رہا ہے۔
ایک دفعہ، نبی جوزف سمِتھ نے فرمایا، ”بھائیو، کیا ہم اِس بڑے عظیم کام میں آگے نہ بڑھیں؟“ تاہم، چُوں کہ میرا پیغام بُنیادی طور پر آپ، نوجوانوں کے لیے ہے، مَیں بھائیو کی بجائے نوجوانو کا لفظ اِستعمال کرنا چاہُوں گی۔ کیا آپ تیار ہیں؟
”[نوجوانو]، کیا ہم اِس عظیم مقصد میں آگے نہ بڑھیں؟ آگے بڑھو اور پیچھے نہ ہٹو۔ ہِمت باندھو، [نوجوانو]؛ اور فتح کے لیے، آگے ہی آگے بڑھتے جاؤ! تُمھارے دِل خُوش، اور نہایت شادمان ہوں۔“
مَیں زِندہ اَنبیا کی ہدایت اور وقف کاوِشوں کے لیے مشکُور ہُوں۔ مَیں آپ کو اپنی پختہ گواہی دیتی ہُوں کہ اُنھیں خُدا نے بُلایا ہے تاکہ آج دَھرتی پر اُس کی بادشاہی کو آگے بڑھائیں، قائم کریں، اور راہبری کریں۔ اور یہ ہمیشہ اَیسا ہی رہے گا۔ یہ ہمیشہ خُداوند ہی ہو گا جو اپنے خُدّام کا چُناؤ کرتا ہے۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔