مجلسِ عامہ
سجدہ ریز ہوتی ہیں مذبح پر فروتن جانیں
اکتوبر 2025 کی مجلسِ عامہ


11:24

سجدہ ریز ہوتی ہیں مذبح پر فروتن جانیں

جب ہم اپنے عہُود باندھتے اور اُن کی تعظیم کرتے ہیں، تو ہم مُنّجی کے ساتھ مضبُوط تعلق اُستوار کر لیتے ہیں، اُس کے رحم، تحفُظ، تقدِیس، شِفا اور آرام و سُکون تک زیادہ رسائی حاصِل کرتے ہیں۔

کوائر، اُس نئے گیت کے ذریعے اپنی گواہی دینے کے لیے، آپ کا شُکریہ۔

عِشائے ربّانی کا نیا گیت ”نانِ حیات، آبِ حیات“ میری رُوح کو معمُور کرتا ہے۔ گیت کا ایک مِصرعہ ہے، ”اَب مَیں مذبح کے پاس ہُوں آتا، اُسے اپنا شِکستہ دِل ہُوں دیتا۔“

2015 میں یُوٹاہ اوگڈن مِشن میں خِدمت کرنے کے لیے جب ہمارا خاندان نیوبری پارک، کیلی فورنیا سے روانہ ہُوا تو فوراً اُن اَلفاظ کی بابت میری سمجھ بُوجھ مزید گہری ہو گئی۔ مُجھے لیٹن، یُوٹاہ کے قریب ہِل ایئر فورس بیس کا دورہ کرنے کی دعوت مِلی۔ مَیں کبھی بھی فوجی بیس پر نہیں گیا تھا، نہ ہی مَیں کسی فوجی پادری یا مَرد و زن سے مِلا تھا جو اپنے مُلک کو سلامتی اور تحفُظ فراہم کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔

پادری ہارپ، ہزاروں دیگر رضاکار اور پیشہ ور پادریوں کی مانِند تھا جو دُنیا بھر میں قید خانوں، ہسپتالوں، اور فوجی تنصیبات میں خِدمت کرتے ہیں، اُس نے مُجھے اِلہام اور ترقی بخشی۔ بیس پر ہمارا آخِری قیام عِبادت گاہ تھی۔ مَیں نے پادری سے پُوچھا کہ کیا وہ اُن تمام لوگوں کے لیے عِبادت اَنجام دیتا ہے جو غور و خوض، دُعا، مراقبہ، اور عِبادت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ وہ عِبادت گاہ کی سامنے والی دیوار کی طرف گیا، اور پردے کے پیچھے سے ایک صلیب نِکال لایا۔ اُس نے کہا کہ وہ اِس صلیب کو پروٹسٹنٹ اور کیتھولِک عِبادات کے لیے اِستعمال کرتا ہے۔ مَیں نے پُوچھا کہ وہ ہمارے یہُودی بھائیوں اور بہنوں کے لیے کیا اِستعمال کرتا ہے، اور وہ دیوار کی دُوسری جانب گیا، اور وہ داؤد کا سِتارہ نِکال لایا۔

پھر مَیں نے پُوچھا، ”آپ مُقدّسِنِ آخِری ایّام کی عِبادات کے لیے کیا کرتے ہیں؟“ اُس نے اُن نِشانات کو ایک طرف دھکیلا اور عِبادت گاہ کے درمیان میں موجُود لکڑی کے ایک بڑے سے مذبح کی جانب اِشارہ کِیا۔ اُس نے کہا کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے اَرکان مذبح پر روٹی اور پانی کو تیار کرتے اور برکت دیتے ہیں۔ مَیں نے پُوچھا کہ کیا ہمارے یہُودی، مُسلمان، کیتھولِک، یا پروٹسٹنٹ بھائیوں اور بہنوں کی عِبادات سے پہلے، یہ بڑا اور بظاہر جُڑا ہُوا مذبح ہٹا دِیا جاتا ہے۔ اُس نے کہا کہ مذبح اپنی جگہ پر ہی رہتا ہے، کیوں کہ اُن میں سے کئی اور عقائد بھی کسی نہ کسی طریقے سے مذبح کو اِستعمال کرتے ہیں۔

ابرہام نے ایک مذبح بنایا، اِضحاق کو باندھا، اور وہ اپنے اِکلوتے بیٹے کو قُربان کرنے کے لیے تیار تھا، مگر اُس کا ہاتھ روک دِیا گیا، اور اُس نے اِعلان کِیا، جیسا کہ خُداوند نے اِعلان فرمایا ہے، ”مَیں حاضِر ہُوں“! عظیم و جلیل مَیں ہُوں یا اُس کے نبیوں میں سے کسی ایک نے کتنی دفعہ رضاکارانہ طور پر کہا ہے، ”مَیں حاضِر ہُوں“؟

اپنے پہاڑی وعظ کے دوران، نجات دہندہ نے ہمیں دعوت دی کہ مذبح پر جانے سے پہلے ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ صُلح اور میل مِلاپ کریں۔ پَولُس نے سِکھایا کہ ہم یِسُوع مسِیح کے کفّارے کے وسِیلہ سے مذبح پر ”پاک“ کِیے جاتے ہیں۔

لِحی نبی نے ”اپنا گھر چھوڑا … اور اپنی قِیمتی چیزیں چھوڑیں۔ … [پھر] اُس نے قُربان گاہ بنائی …⁠ نذر گُزرانی …⁠ ، اور خُداوند کی شُکر گُزاری کی۔“

بائبل اور مورمن کی کِتاب ہمیں سِکھاتی ہیں کہ اِبنِ خُدا کی عِبادت مذبح پر کی جائے۔ کیوں؟

ہمارے پہلے والدین، آدم اور حوّا، نے مذبح بنایا اور اُس پر عِبادت کی۔ جب اُنھیں باغِ عدّن سے نِکال دِیا گیا اور وہ خُداوند کی عِبادت کرتے رہے تو ”کئی دِنوں بعد“ اِک فرِشتہ ظاہر ہُوا اور ایک بامعنی سوال پُوچھا جو ہم میں سے ہر ایک سے بھی پُوچھا جا سکتا ہے: ”کیوں تُو خُداوند کے لیے قُربانیاں گُذرانتا ہے؟“

آدم نے جواب دِیا، ”مَیں جانتا نہیں۔“

آدم کے فروتن اِقرار پر فرشتے کا جواب حیرت اَنگیز تھا: ”یہ … اَمر باپ کے اِکلوتے کی قُربانی کی مُشابہت ہے۔ … پَس، تُو جو سب کُچھ کرتا ہے تُو بیٹے کے نام پر کرنا، اور تُو توبہ کرنا اور خُدا کو بیٹے کے نام پر ہمیشہ پُکارنا۔“

عِشائے ربّانی کی میز اور ہَیکل کی قُربان گاہیں یِسُوع مسِیح کی قُربانی اور اُس کے لامحدُود کفّارے کی علامت ہیں۔

جب ہم اپنے عہُود باندھتے اور اُن کی تعظیم کرتے ہیں، کلِیسیا میں عِشائے ربّانی کی رُسُوم پاتے ہیں اور ہَیکل میں ودیعت اور مُہربندی پاتے ہیں، تو ہم مُنّجی کے ساتھ مضبُوط تعلق اُستوار کر لیتے ہیں، اُس کے رحم، تحفُظ، تقدِیس، شِفا اور آرام و سُکون تک زیادہ رسائی حاصِل کرتے ہیں۔

عہُود کے ذریعے رحم اور تحفُظ

15 سالہ نوجوان کے طور پر، مَیں نے اپنے والِد سے پُوچھا کہ کیا مَیں عِشائے ربّانی کی عِبادت چھوڑ سکتا ہُوں—صِرف اور صِرف جنوری کے ایک اِتوار کے لیے کہ مَیں ایک خاص امریکی فُٹ بال میچ دیکھ سکُوں۔ اُنھوں نے کہا مَیں خُود سے یہ چُناؤ کرنے کے لیے کافی بڑا ہو چُکا ہُوں اور مُجھے ایک مشورت پر غور کرنے کو کہا۔ اُنھوں نے کہا، ”اگر آپ ایک بار عِشائے ربّانی کی عِبادت چھوڑتے ہیں، تو دوبارہ اِسے چھوڑنے کا چُناؤ کرنا نہایت آسان ہو جاتا ہے۔“

اگر نجات دہندہ عظیم جوڑنے والا ہے، تو دُشمن الگ کرنے والا ہے۔ وہ، شیطان، ہمیں آزماتا ہے کہ ہم اپنے آپ کو عِبادت کے مُقدّس مقامات اور یِسُوع مسِیح کی مُحافظت سے الگ کر لیں۔ جب ہم مُنّجی کی عِبادت کرتے ہیں، تو ہم ”دُنیا کے فِطری بہاؤ کے خِلاف جانے کی قُوت“ پاتے ہیں۔ جب ہم اُس کی رفاقت میں وقت گزارتے ہیں، تو ہمارے پاس ”شیطان سے بچائے جانے“ کا وعدہ ہوتا ہے۔ ”پھر، جب ہم اپنے عہُود پر قائم رہتے ہیں، تو وہ ہمیں اپنی … مضبُوطی بخشنے والی قُوت عطا فرماتا ہے۔“ سچ میں، مَیں پاک مذبحوں پر باندھے گئے عہُود کے ذریعے نجات دہندہ کے ساتھ گُفت و شُنید کرنے کے تجربے کو کس قدر عزیز جانتا ہُوں۔

شافی کے اَبَدی کفّارے کے اِدراک کو فرمان پر فرمان، حُکم پر حُکم فروغ دینا، دُشمن کے ہتھکنڈوں کے خِلاف رُوحانی حِفاظتی ڈھال فراہم کرتا ہے۔ میکسیکو میں نوجوان ایلڈر جیگی، بیلجیئم میں زسٹر جیگی، اور دُنیا بھر کے دیگر مِشنریوں کے دوست اُس وقت زیادہ اِمکان رکھتے ہیں کہ وہ بپتِسما اور رُوحُ القُدس کی نعمت کی برکات حاصِل کریں، جب وہ اِبتدائی مُلاقات کے پہلے ہفتے میں عِشائے ربّانی کی عِبادت میں شریک ہوتے ہیں۔

ٹونگا یا ساموآ میں ایک نوجوان بالغ کے لیے خُداوند کے گھر میں مُہربند ہونے کا بُہت زیادہ اِمکان تب ہوتا ہے جب وہ سکول سے گریجویٹ ہونے کے فوراً بعد اپنی ودیعت پانے کی تیاری کرتے اور اُسے حاصِل کرتے ہیں۔ ودیعت میں، اَرکان کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ پانچ عہُود کے مُوافق زِندگی بسر کریں، اُنھیں مانیں، اور اُن پر عمل کریں جو اُن کی زِںدگیوں میں قُوت اور تحفُظ کو پروان چڑھاتے ہیں۔ جب ہم خُداوند کے ساتھ عہُود باندھتے ہیں، تو ایک باہمی تعلق اُستوار ہو جاتا ہے۔ ہم اُس سے اپنی وفاداری اور محبّت کا مُظاہرہ کرتے ہیں۔ ہر وعدے کو کرنے اور نِبھانے کے ساتھ ہماری مضبُوطی اور قُوت میں اِضافہ ہوتا ہے۔

غور و فِکر اور تقدِس

جب ہم فروتنی اور علامتی طور پر خُداوند کے مذبحوں پر گھُٹنے ٹیکتے ہیں، تو یہ غور و فِکر کا موقع ہوتا ہے، ”[اپنے] دِلوں کے تکبُر کو قابُو میں رکھیں، … خُدا کے حُضُور [اپنے آپ کو فروتن کریں]۔“ جوانی میں اپنے دوستوں کے ساتھ باہر جانے سے پہلے، میری والِدہ اَکثر کہتی تھیں، ”یاد رکھو کہ تُم کون ہو، اور جب گھر واپس پُہنچ جاؤ تو بتا دینا۔“ بعض راتیں مَیں گھر بُہت دیر سے پُہنچنے کی وجہ سے اِطلاع دینا بھُول گیا۔ مَیں والِدہ کے ساتھ وہ اَہم مُلاقاتیں چھوڑنے کا اَفسوس کرتا ہُوں۔

آج مَیں آسمانی باپ کے ساتھ جُڑے رہنے کا مُنتظر ہُوں۔ اپنی روزمرّہ شخصی عِبادت کے طریقہِ کار میں، مَیں اپنے بستر کے پاس یا اَہلِ خانہ کے ساتھ اِکٹھے مِل کر، دُعا میں گھُٹنے ٹیکتا ہُوں، اور مَیں خُود کو مذبح پر سجدہ ریز تصور کرتا ہُوں، اپنی زِندگی پر غور و فِکر اور جانچ کرتے ہُوئے۔ مَیں عِشائے ربّانی کے بارے میں سوچتا ہُوں، حتیٰ کہ روٹی کے پُورے ٹُکڑے، ہمارے واسطے توڑے اور بانٹے جاتے ہیں، ہر ایک ٹُکڑا ہمارے مُنّجی کے ٹُوٹے ہُوئے بدن کی علامت ہے۔ مُجھے صدر ڈیلن ایچ اوکس کی یہ تعلیم یاد آتی ہے کہ ”روٹی کا ہر ٹُکڑا مُنفرد ہے، بالکل اُسی طرح جیسے اِس میں شریک ہونے والا ہر فرد مُنفرد ہوتا ہے۔“ جب مَیں دُعا میں گھُٹنے ٹیکتا ہُوں، تو مَیں سوچتا ہُوں کہ مَیں اپنی مرضی خُدا کو کیسے سونپ سکتا ہُوں۔

ایلڈر ڈیوڈ اے بیڈنار نے سِکھایا کہ ”عِشائے ربّانی کی رسم پاک اور دُہرائی جانے والی دعوت ہے کہ سنجیدگی سے توبہ کی جائے اور رُوحانی تجدید ہو۔ عِشائے ربّانی لینے کا عمل، اَز خُود، گُناہوں کی مُعافی نہیں دیتا۔ لیکن جب ہم اِس پاک رسم میں دانِستہ طور پر شِکستہ دِل اور پشیمان رُوح کے ساتھ شریک ہوتے ہیں، تو پھر یہ وعدہ ہے کہ خُداوند کا رُوح ہمیشہ ہمارے ساتھ ہو گا۔ اور رُوحُ القُدس کی تقدِیس کرنے والی قُدرت کی بدولت ہمارے مُستقل رفیق کے طور پر، ہم ہمیشہ اپنے گُناہوں کی مُعافی کو قائم رکھ سکتے ہیں۔“

جب ایمی اور مَیں زِندگی کے تجربات کو یاد کرتے ہیں، تو ہم یِسُوع مسِیح کی کامِل محبّت اور قُربانی کی نعمت کا جشن مناتے ہیں۔ ہم یہ بھی دیکھتے ہیں کہ جہنم کا غضب کس طرح کھول دِیا گیا ہے۔ ہم کیسے تنقیدی نظروں، اِضطراب، اَفسُردگی، کینسر، ذیابیطس، آن لائن دھونس جمانا، چوری شُدہ شناخت، حمل کے ضیاع، ایک بچّے، ایک بھائی، اور ایک باپ کے نُقصان پر کیسے غالِب آ سکتے ہیں؟ کیوں کہ یِسُوع نے غضب کا پیالہ پِیا، ڈگمگانے کا جام تلچھٹ سمیت پی لِیا—میرے لیے، میرے خاندان کے لیے، ہم سب کے واسطے!

گتسمنی میں نجات دہندہ

گتسِمنی، اَز ایڈم اَبرام، بشُکریہ altusfineart.com © 2025۔

”کڑوا پیالہ“ اُس نے گتسِمنی باغ میں پِیا اور اُس کی اَذیتیں کلوری کی صلیب پر ”شِدت“ اِختیار کر گئیں جس نے مُمکن کِیا کہ ہم سخت، بے غرضی، تشدد، غُصّے، کو خُداوند کے مذبح پر رکھ دیں اور ”رُوحُ القُدس کو قبُول کر کے ہماری تقدِیس ہو،“ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے۔

بہن پیٹریشیا ہالینڈ نے کہا، ”آج آپ کے لیے اور اپنے لیے میری سب سے گہری دُعا یہ ہے کہ ہم اپنی مرضی مُکمل طور پر خُدا کو سونپ دیں، اپنے آپ کو خُدا کے وعدوں اور اِطمینان کے مذبح پر لائیں چاہے ہم کہیں بھی ہوں اور چاہے ہم نے کُچھ بھی کِیا ہو۔“

شِفا اور آرام کا مقام

جب ہم مذبح پر آتے ہیں، تو ہم کوئی اَجر نہیں پا رہے ہوتے؛ بلکہ ہم اَجر دینے والے کی بابت سیکھ رہے ہوتے ہیں۔ اُس سیکھنے اور عہد باندھنے اور نِبھانے میں شِفایابی حاصِل ہوتی ہے۔ نِیفی نے کہا، ”اُس نے میرے جِسم کے گھلنے کی حد تک، مُجھے اپنی محبّت سے مَعمُور کِیا ہے۔“ اور ہمارے پیارے مُنّجی نے دعوت دی ہے کہ، ”کیا تُم اَب میری طرف واپس نہ پھِرو گے، اور اپنے گُناہوں سے توبہ کرو گے، اور رُجُوع لاؤ گے، تاکہ مَیں تُمھیں شِفا دُوں؟“

جب ہماری دو بڑی بیٹیاں، مکینزی اور ایما، چھوٹی تھیں، تو اُن کی پسندیدہ کہانیوں میں سے ایک دی کرونِیکلز آف نارنیا: دی لائن، دی وِچ اینڈ دی وارڈروب تھی۔ ہم سب اُس شیر، ازلان کو پسند کرنے لگے تھے۔ کِتاب پڑھتے ہُوئے ہماری سب سے یادگار راتوں میں سے ایک وہ تھی جب عظیم شیر نے ایڈمنڈ کے لیے اپنی جان دے دی۔ یہ یادگار اِس لیے تھی کیوں کہ ہم دونوں نے اور بیٹیوں نے آنسُو بہائے جب جادُوگرنی نے پتھر کے میز پر شیر کی جان لے لی۔ یادگار اِس لیے بھی کہ اُمید برقرار رہی، اُس سانحہ کے باوجُود، یہاں تک ایک شان دار واقعہ رُونُما ہُوا۔ خُوشی کی چیخیں اُس چھوٹے سے کمرے میں گُونج اُٹھیں جب ازلان زِندہ ہُوا اور کہا، ”اگر [جادُوگرنی قُربانی کا حقیقی مفہُوم جانتی]، … تو وہ [جان لیتی] کہ [اگر] ایک رضامند شِکار جس نے کبھی کوئی غداری نہ کی ہو، ایک غدار کی جگہ اپنی [جان دے]، تو [پتھر] کی میز ٹُوٹ جائے گی اور مَوت خُود [اُلٹنے لگے گی]۔“

یِسُوع مسِیح تمام زخموں کو شِفا بخشتا ہے۔ یِسُوع مسِیح جی اُٹھنا مُمکن بناتا ہے۔

اکتوبر 2022 کی مجلسِ عامہ کے خِطاب میں، صدر رسل ایم نیلسن نے ایک سیاحتی گروہ کے مُتعلق بتایا جو ہَیکل کے اوپن ہاؤس کے دوران آیا تھا۔ ایک نوجوان لڑکا وہاں تھا۔ صدر نیلسن نے سِکھایا:

”جب سیاحوں کا گروہ ودیعت کے کمرے میں داخِل ہُوا، تو لڑکے نے مذبح کی طرف اِشارہ کِیا، جہاں لوگ خُدا کے ساتھ عہُود باندھنے کے لیے گھُٹنے ٹیکتے ہیں، اور کہا، ’او، یہ تو بُہت اچھا ہے۔ ہَیکل کے سفر پر یہ وہ مقام ہے جہاں لوگ آرام پاتے ہیں۔‘

”… ہَیکل میں خُدا کے ساتھ عہد باندھنے اور نجات دہندہ کے حیرت اَنگیز وعدوں کے درمیان براہِ راست تعلُق کی بابت شاید اُس کو کوئی اندازہ نہ تھا۔

”’اَے محنت اُٹھانے والو، اور بوجھ سے دبے ہُوئے لوگو سب میرے پاس آؤ، مَیں تُم کو آرام دُوں گا۔

”’میرا جُوا اپنے اُوپر اُٹھا لو، اور مُجھ سے سِیکھو؛ … اور تُمھاری جانیں آرام پائیں گی۔

”’کیوں کہ میرا جُوا ملائم ہے، اور میرا بوجھ ہلکا‘ [متّی 11:‏28–30؛ تاکید شامِل ہے۔]“

”اِبنِ آدم کے لیے سَر دھرنے کی بھی جگہ نہیں،“ مگر پھر بھی اُس نے اپنے شاگِردوں کو، آپ کو اور مُجھے، عِشائے ربّانی کے میز پر دعوت دی تاکہ اُس کے ساتھ وہاں آرام پائیں۔ جب ”سجدہ ریز ہوتی ہیں مذبح پر فروتن جانیں،“ تو کثرتِ اِطمینان حاصِل ہوتا ہے۔ ہمارے مُنّجی کے بازُو ہیں پھیلے؛ پاک میز ہے اُس کی سجی۔ آؤ اِبنِ خُدا کی عِبادت کرو اُس کے پاک مذبح پر۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. دیکھیے 3 نِیفی 18:‏4–9۔

  2. نانِ حیات، آبِ حیات،“ گیت—برائے گھر اور کلِیسیا، گاسپل لائبریری۔

  3. دیکھیے مرونی 4؛ 

  4. پیدایش 22:‏11۔

  5. دیکھیے پیدایش 31:‏11؛ 46:‏2؛ خرُوج 3:‏4؛ ا سموئیل 3:‏4–10؛ یسعیاہ 6:‏8؛ ابرہام 3:‏27۔

  6. دیکھیے متّی 5:‏23–24۔

  7. دیکھیے عِبرانیوں 10:‏10–14۔

  8. 1 نِیفی 2:‏4، 7۔

  9. دیکھیے مُوسیٰ 5:5؛ عُںواناتی کِتابچہ، ”Jesus Christ, Types of, in Anticipation۔“

  10. مُوسیٰ 5:‏5–8۔

  11. دیکھیے عمُومی راہ نُما کِتاب: کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدسینِ آخری ایّام میں خِدمت کرنا، 27.2، گاسپل لائبریری۔

  12. دیکھیے 1 تِمتھیس 5:‏15؛ 3 نِیفی 6:‏16؛ 11:‏29–30۔

  13. دِل میرا لے لے اور تقدِیس کر اِس کی،“ گیت—برائے گھر اور کلِیسیا۔

  14. ڈیل جی رینلنڈ، ”عہُود کے وسِیلے سے خُدا کی قُدرت تک رسائی پانا،“ لیحونا، مئی 2023، 37۔

  15. ایلما 15:‏17۔

  16. رِسل ایم نیلسن، ”ہَیکل اور آپ کی رُوحانی بُنیاد،“ لیحونا، نومبر 2021، 94۔

  17. دیکھیے یسیعاہ 28:‏10، 13۔

  18. دیکھیےکوئنٹن ایل کُک، “Missionary Purpose and Lessons Learned” (address given at the seminar for new mission leaders, June 19, 2025).

  19. دیکھیے عمُومی راہ نُما کِتاب، 27.2۔

  20. دیکھیے ڈی ٹاڈ کرسٹوفرسن، ”مسِیح میں ایک،“ لیحونا، مئی 2023، 77–80۔

  21. دیکھیے نِیل ایل اینڈرسن، ”ہَیکلیں، دَھرتی کو معمُور کرتے خُداوند کے گھر،“ لیحونا، مئی 2024، 111–14۔

  22. ایلما 15:‏17۔

  23. دیکھیے 1 کرنتھیوں 11:‏28۔

  24. ڈیلن ایچ اوکس، ”اِفتتاحی پیغام“ (نئے قائدینِ مِشن کے سیمینار میں دِیا گیا خِطاب، 25 جُون، 2017)۔

  25. ڈیوڈ اے بیڈنار، ”ہر وقت گناہوں کی معافی کو برقرار رکھیں،“ لیحونا، مئی 2016، 61–62۔

  26. دیکھیے یسعیاہ 51:‏17، 22؛ 3 نِیفی 11:‏11۔

  27. عقائد اور عہُود 19:‏18۔

  28. رِسل ایم نیلسن، ”کلِیسیا کا دُرست نام،“ لیحونا، نومبر 2018، 88۔

  29. 3 نِیفی 27:‏20۔

  30. An Eye Single: Thoughts and Teachings from Patricia T. Holland, comp. میری ایلِس ہالینڈ میک کین (2025)، 135۔

  31. دیکھیے عقائد اور عہُود 88:‏33۔

  32. 2 نِیفی 4:‏21۔

  33. 3 نِیفی 9:‏13۔

  34. The Lion, the Witch and the Wardrobe (نیو یارک: ہارپر کولِنز، 1994)، 178–79۔

  35. رسل ایم نیلسن، ”دُنیا پر غالِب آئیں اور آرام پائیں،“ لیحونا، نومبر 2022، 95–96۔

  36. متّی 8:‏20، New International Version.

  37. دیکھیے لُوقا 22:‏14، New International Version. رِکلائن یُونانی لفظ ایناپِپٹو سے نِکلا ہے، جس کا مطلب ہے آزادی اور آرام۔ آزادی اور آرام کا عمل بنی اِسرائیل کو مِصر کی اَسیری سے نِکال لانے کی یاددِہانی تھی۔

  38. گھر میں خُوش آمدید،“ گیت—برائے گھر اور کلِیسیا۔