گواہی کا اَبَدی اِنعام
خُدا کا ہر بیٹا یا بیٹی اپنے واسطے گہرا، پُختہ، اور یقینی عِلم و عِرفان حاصِل کر سکتا ہے۔
میرے عزیز بھائیو اور بہنو، حال ہی میں مَیں بحالی کی تین قوّی سچّائیوں پر سوچ بِچار کر رہا تھا۔ اِن سچّائیوں نے میری زِندگی کو اِنتہائی گہری برکت سے نوازا ہے۔ آج، مَیں آپ کو بتانا چاہُوں گا کہ کیسے اِن سچّائیوں نے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی پُختَہ گواہی کی جانب میرے سفر میں میری راہ نُمائی کی ہے۔
1۔ خُدا ہمارا پیارا آسمانی باپ ہے
وہ عالِمِ کُل اور قادِرِ مُطلَق ہے۔ مسِیح کا نُورِ اور رُوحُ القُدس کی خِدمت گُزاری کے وسِیلہ سے، اُس کا اَثر و رُسُوخ ہر جگہ موجُود ہوتا ہے۔ ہمیں برکت بخشنا اُس کی فِطرت میں شامِل ہے۔
وہ ہمارے ماضی، حال، اور اَبَدی مُقدر کو دیکھتا ہے۔ اُس سے کُچھ بھی پوشِیدہ نہیں رکھا جا سکتا۔
صدر رسل ایم نیلسن کی ”سوچ آسمانی رکھنے“ کی دعوت ہماری حوصلہ اَفزائی کرتی ہے کہ ہم اپنے آسمانی باپ کے مقاصِد اور فِطرت کی تقلید کریں۔
اپنی اِلٰہی صِفات کی بدولت، ہمارا آسمانی باپ ہمیں ہر کامِل اِنعام عطا فرماتا ہے، جو کہ اُس کے اَبَدی تناظُر اور مقصد کو ظاہر کرتا ہے۔
2۔ اپنے واسطے چُناؤ کرنے اور عمل کرنے کا اِنعام خُود مُختاری ہے
اچھا چُناؤ کرنا بھی ایک ذِمہ داری ہے۔
یِسُوع مسِیح نے اپنے بیش قِیمت لہُو سے اِس اِعزاز کی حتمی قِیمت چُکائی۔
بعض اوقات ہم یہ گُمان کر سکتے ہیں کہ خُود مُختاری سے مُراد اپنی مَن مانی کرنا ہے۔ مگر یہ حقیقت کہ قِیمت اَدا کی گئی ہے مطلب خُود مُختاری ایک مُقدّس اِنعام ہے۔
ہم اپنے اَعمال میں آزاد ہیں، اور آزاد ہونا کسی چیز کا ذِمہ دار ہونا ہوتا ہے۔ اِس صُورتِ حال میں، ہم اپنے پاس موجُود عِلم اور عطا کردہ اِنعامات کی بُنیاد پر کِیے گئے اِنتخابات کے ذِمہ دار ہوتے ہیں۔ ہم نتائج بھُگتنے کی ذِمہ داری اُٹھائے بغیر کوئی چُناؤ نہیں کر سکتے۔
ہمارے پاس خُود مُختاری کیوں ہے؟
اچھا چُننے کے واسطے۔
مسِیح کو چُننے کے واسطے۔
3۔ ہماری گواہی رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے آتی ہے
رُوحُ القُدس کی شہادت فقط دیکھ لینے سے کہیں زیادہ عظیم ہے۔ وہ باپ اور بیٹے کا سب سے مُمتاز و مُنفرِد شاہد ہے۔ صدر نیلسن نے سِکھایا ہے، ”آنے والے دِنوں میں، رُوحُ القُدس کی ہدایت، رہنُمائی، تسلّی، اور مُسلسل اَثر کے بغیر رُوحانی طور پر زِندہ رہنا مُمکن نہ ہو گا۔“
بھائیو اور بہنو، یہی وجہ ہے کہ ہم میں سے ہر ایک کو آج رُوحُ القُدس کی قُدرت درکار ہے۔
رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے گواہی کئی طریقوں سے آ سکتی ہے۔ تارِیک کمرے میں روشنی کے بلب کی مانِند یکایک، یہ ڈرامائی اور اَچانک سے آ سکتی ہے۔ یہ دھِیرے دھِیرے اور وقت گُزرنے کے ساتھ طُلوعِ آفتاب کی مانِند آ سکتی ہے۔ یہ روشنی کی کِرنوں کی صُورت، گویا ٹھہر ٹھہر کر حقیقی بصِیرت کی جھلک کی مانِند آ سکتی ہے۔ طریقہ کوئی بھی ہو، گواہی رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے ہی حاصِل ہوتی ہے۔
جمِیکا میں گواہی پانا
مَیں خُوب صُورت شہر جمِیکا میں پلا بڑھا؛ یہ پُر لُطف اور شان دار تھا۔ اَلبتہ، جب مَیں نے ہائی سکول شُروع کِیا، تو میرے کُچھ ہم جماعت اور دوست کلِیسیائے یِسُوع مسِیح کا رُکن بننے کا میرا فیصلہ نہ سمجھ پائے۔ ”تُم اُس کلِیسیا میں کیسے شامِل ہو سکتے ہو؟“ وہ پُوچھتے تھے۔ ”تُم اُس کہانی کو کیسے مان سکتے ہو؟“—پہلی رویا کا حوالہ دیتے ہُوئے۔ ”تُم اُس کِتاب کو کیسے پڑھ سکتے ہو؟“—مورمن کی کِتاب کا حوالہ دیتے ہُوئے۔ ”کیا تُم واقعی اُن سب باتوں پر یقین رکھتے ہو؟“ اور ”تُم اپنی زِندگی کیوں ضائع کر رہے ہو؟“
یہ تکلیف دہ تھا، خاص طور پر جب یہ اُن عزیزوں کی طرف سے آتے جن کی مَیں پرواہ کرتا تھا۔
مگر جو وہ نہیں جانتے تھے وہ یہ تھا: کہ مُجھے رُوحُ القُدس کا تجربہ حاصِل ہُوا تھا۔ جیسے ہی اُس گواہی نے میرے دِل کو معمُور کِیا، تو اُس نے کئی شب و روز کی تکلیف کو کم کر دِیا، اور ”چند لمحوں کے لیے، آسمان کا منظر میری آنکھوں کے سامنے [ظاہر ہُوا]۔“
شاید آپ نے بھی اِن میں سے کُچھ سوالات کا سامنا کِیا ہو گا۔ مُمکن ہے آپ پر اِس وقت بھی ویسے ہی سوالات کی گولہ باری ہو رہی ہو۔
رُوحُ القُدس کا اِنعام اور گواہی ہر ایک کے واسطے مُیسر ہے۔
جمِیکا میرے لیے ویسا ہی ہے جیسے جوزف سمِتھ کے لیے پالمائرا تھا۔ یہ میرا مُقدّس جھُنڈ ہے۔ مَیں نہیں جانتا کہ جوزف نے مُقدّس جھُنڈ میں عین کس جگہ پر دُعا کرنے کے لیے گھُٹنے ٹیکے، مگر مَیں ٹھیک ٹھیک جانتا ہُوں کہ مَیں کہاں تھا جب میرا مُقدّس جھُنڈ ایک حقیقت بن گیا۔ یہ واقعہ میرے بپتِسمہ کے تین سال بعد، بروز بُدھ صُبح 6 بجے، فور گُروو روڈ، مینڈاوِل، جمِیکا میں، میرے غُسل خانے میں پیش آیا۔ یہ مُقدّس تجربہ اِس لیے رُونُما ہُوا کیوں کہ دو ہفتے قبل ایک اَثر اَنگیز سِسٹر مِشنری نے مُجھے مورمن کی کِتاب پڑھنے کی دعوت دی۔ بہن آڈری کراؤس آج اپنے اَہلِ خانہ سمیت اِس مجلسِ عامہ میں شریک ہیں، اور مَیں ہمیشہ اُن سے محبّت رکھُوں گا۔
اُس تجربے نے مُجھے بدل کر رکھ دِیا۔
بھائیو اور بہنو، گواہی عارضی اِستعمال کے لیے نہیں دی جاتی۔ ہمارے پیارے آسمانی باپ کی طرف سے یہ اِنعام اَبَد تک قائم رہنے والا ہے کیوں کہ دینے والا اَبَدی ہے۔ گواہی کی کوئی تارِیخِ معیاد نہیں ہونی چاہیے۔ اِس کو کمزور یا ماند نہیں پڑنا چاہیے محض اِس لیے نہیں کہ میری زِندگی میں کوئی چیز بدل گئی ہے یا دُنیا میں کوئی چیز بدل گئی ہے۔ اِسے مضبُوط سے مضبُوط تر بنانا چاہیے، تَوڑوں کی تمثیل میں نوکر کے تَوڑوں کی طرح، میری شخصی گواہی ایک اِنعام ہے جسے بڑھایا جانا چاہیے—نہ کہ دفن کِیا جانا چاہیے۔
بچپن میں جن آزمایشوں اور ایذا رسانی کے کٹھن ایّام میں سے مَیں گُزرا اُن پر نظر ڈالنے سے مُجھے اُس مقام تک پُہنچنے میں مدد مِلی جسے اَب مَیں خُود جانتا ہُوں۔ مَیں صِرف اِیمان، اُمید، یا بھروسا ہی نہیں کرتا، اگرچہ یہ اِیمان کی راہ میں پُختَہ گواہی کے نہایت اَہم عناصِر ہیں۔ مَیں آپ کو سوال پُوچھنے، مُطالعہ کرنے، دُعا کرنے، روزہ رکھنے، اور غور و خوض کرنے سے اپنی راہ خُود بنانے پر سراہتا ہُوں۔ مہربانی سے رُکیں مت۔ گواہی کی راہ پر گامزن رہنے کی ہر کوشِش قابلِ قدر ہے۔ آپ کس شخص کو یا کس چیز کو اِسے چھیننے کی اِجازت دیں گے؟ ”اِس سے بڑھ کر اور کون سی گواہی تُو خُدا سے پا سکتا ہے؟“
خُدا کا ہر بیٹا یا بیٹی اپنے واسطے گہرا، پُختہ، اور یقینی عِلم حاصِل کر سکتا ہے۔ جوزف سمِتھ کی طرح، جس نے مُخالفت کے باوجُود اپنی گواہی کا اِعلان کِیا، ہم بھی بہادُری کے ساتھ کہہ سکتے ہیں ”مُجھے اِس کا عِلم تھا، اور مَیں یہ جانتا تھا کہ خُدا کو اِس کا عِلم ہے، اور مَیں اِس کی نفی نہیں کر سکتا تھا، اور نہ ہی مَیں نے اَیسا کرنے کی جسارت کی۔“
میرے پیارے بھائیو اور بہنو، گواہی کے اِس ننھے بیج کو اپنے اَندر پروان چڑھنے دیں جب تک کہ یہ اَبَدی طور پر جلالی یقینی عِلم میں تناور شجر نہ بن جائے۔
اگر آپ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے بپتِسما اور اِستحکام یافتہ اَرکان ہیں مگر پھر بھی اِسی کشمکش میں ہیں، ”مُجھے یقین نہیں ہے کہ مَیں جانتا ہُوں،“ تو براہِ کرم عِشائے ربّانی کی دُعا میں کِیا گیا یہ وعدہ یاد رکھیں: ”تاکہ اُس کا رُوح ہمیشہ اُن کے ساتھ ہو۔“ اِس وعدے کی بدولت، ہم میں سے ہر کوئی گواہی اور یقینی عِلم کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔
اپنی گواہی کی ذِمہ داری اُٹھائیں
اَب یہاں ایک بڑی سچّائی ہے: گواہی جس بھی طریقے سے دی جائے—چاہے یہ طُلوعِ آفتاب کی مانِند رفتہ رفتہ آئے یا کسی جلالی رویا کے وسِیلے سے آئے—پھر بھی اِس بیش بہا اِنعام کو حاصِل کرنے کے لیے چُننے کی ضرُورت ہوتی ہے۔
”مَیں اِیمان رکھنے کا چُناؤ کرتا ہُوں“ کہنا خُدا کی طرف سے گواہی پانا آسان بنا دیتا ہے۔ اگر ہم اپنی گواہی کو کمزور ہوتے ہُوئے دیکھیں، تو یاد رکھیے کہ یہ ہمارے کِیے گئے اِنتخابات ہی ہیں جو ہماری گواہی کی قُوت کو کم کرتے ہیں۔ مگر گواہی ہمیشہ موجُود رہتی ہے۔ ہمیں بس اِس کے ساتھ دوبارہ جُڑنے کا چُناؤ کرنے کی ضرُورت ہے۔
اِیمان لانے کا چُناؤ کرنا ہماری خُود مُختاری کا اِستعمال کرنے کا ایک دانِش مندانہ اور طاقتور طریقہ ہے۔
مُجھے اپنی گواہی کے دِفاع میں اپنی خُود مُختاری کو اِستعمال کرنے کا اِس سے بہتر کوئی اور طریقہ نظر نہیں آتا۔
صدر نیلسن نے سِکھایا: ”مَیں آپ سے درخواست کرتا ہُوں کہ اپنی گواہی کی ذِمہ داری اُٹھائیں۔ اِس کے لیے محنت کریں۔ اِس کو اپنا بنائیں۔ اِس کا خیال رکھیں۔ اِسے پروان چڑھائیں تاکہ یہ بڑھے۔ اِس کی سچّ سے آبیاری کریں۔“
میرے نزدیک، ذِمہ داری اُٹھانا، کام کرنا، دیکھ بھال کرنا، اَپنانا، نِگہداشت کرنا جیسے اَلفاظ اَعمال میں آزاد شخص کی طرح لگتے ہیں جسے کسی قِیمتی اور اَہم چیز کی مُختاری سونپی گئی ہو۔
کلِیسیا کے اِبتدائی دِنوں میں، پارلے پی پریٹ نے نبی جوزف سمِتھ سے مایُوسی محسُوس کی اور اُس پر اور کلِیسیا پر تنقید کرنے کا چُناؤ کِیا۔ جب جان ٹیلر، جسے پارلے نے اِنجِیل کی تعلیم دی، شہر میں آیا، تو پارلے اُسے ایک طرف لے گیا اور اُسے جوزف کی پیروی نہ کرنے کی تنبیہ کی۔ جان ٹیلر نے پارلے سے کہا:
”کینڈا رُخصت ہونے سے پہلے، آپ نے جوزف سمِتھ کے خُدا کا نبی ہونے کی مضبُوط گواہی دی، … اور آپ نے کہا تھا کہ آپ مُکاشفہ اور رُوحُ القُدس کی نعمت سے اِن باتوں کو جانتے ہیں۔
”… اَب میرے پاس وہی گواہی ہے جس میں آپ نے اُس وقت خُوشی منائی تھی۔ اگر یہ کام چھ ماہ پہلے سچّا تھا، تو یہ آج بھی سچّا ہے۔ اگر جوزف سمِتھ اُس وقت نبی تھا، تو وہ اَب بھی نبی ہے۔“
مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ جوزف سمِتھ خُدا کا نبی تھا اور یہ کہ جو نبُوتی چادر اُس نے پائی تھی وہ آج بھی جاری و ساری ہے۔ یِسُوع مسِیح اپنے کام کی دَست گِیری فرماتا ہے۔
مَیں آپ کو یِسُوع مسِیح اور اُس کی اِنجِیل کی پُختَہ گواہی تک پُہنچنے کی اپنی شاہ راہ کی بابت سوچنے کی دعوت دیتا ہُوں۔ اپنی گواہی کی ذِمہ داری اُٹھائیں؛ اپنی خُود مُختاری کو دانِش مندی سے اِستعمال کریں اور دینے والے اور اُس کی تمام جلالی صِفات کا اِعتراف کریں۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یہ قُوت آپ کے اَندر موجُود ہے۔ کوئی بھی آپ کی جگہ چُناؤ نہیں کر سکتا۔ کوئی بھی آپ سے یہ اِنعام چھین نہیں سکتا۔ آپ اِیمان رکھنے کا چُناؤ کر سکتے ہیں۔
مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب آپ اَیسا کرتے ہیں، تو آپ کی گواہی ”آبِ حیات کا چشمہ بن جائے گی، اَیسا چشمہ جو ہمیشہ کی زِندگی کے لیے جاری رہتا ہے۔“ یہ آپ کے لیے لنگر اور تحریک بنے گی، اور یہ کٹھن اوقات میں آپ کا سہارا بنے گی۔ یہ آپ کو اپنے رُوحانی اِنعامات فروغ دینے کے قابل بنائے گی۔ یہ آپ کی ذاتی خِدمت گُزاری اور خِدمتی فرائض میں مُعاونت فراہم کرے گی۔ یہ شیطان اور آپ کے دُشمنوں کے خِلاف مؤثر ہتھیار ثابت ہو گی۔ آپ کی گواہی آپ کے لیے باعثِ مَسرت ہو گی جب آپ اِس کی جھلک اپنے بچّوں، پَوتوں/پَوتیوں/نواسوں/نواسیوں، اور پڑپوتوں/پڑپَوتیوں اور جن سے آپ پیار کرتے اور خِدمت کرتے ہیں اُن میں دیکھیں گے۔ یہ قوّی ہوتی جائے گی جب آپ اِسے بانٹتے ہیں اور گواہی دینے کے لیے اِسے اِستعمال کرتے ہیں۔
آپ جانتے ہیں کہ آپ گواہی رکھتے ہیں۔ مَیں جانتا ہُوں کہ مَیں گواہی رکھتا ہُوں۔ ہمیں یِسُوع مسِیح اور اُس کی اِنجِیل کی پُختہ گواہیوں کی ضرُورت ہے۔ مضبُوط گواہی کو فروغ دیں! تلاش کریں! یہ فوری ہے! یہ آخِری زمانہ ہے—یہ وقتوں کی معمُوری کا زمانہ ہے۔
یِسُوع مسِیح نے اِس سچّائی کا اِعلان فرمایا: ”آسمان اور زمِین ٹل جائیں گے لیکن میری باتیں ہرگِز نہ ٹلیں گی۔“
بھائیو اور بہنو، یِسُوع مسِیح کی گواہی کبھی بھی عارضی اِنعام بننے کے لیے نہیں تھی۔ اِس کی بابت کُچھ بھی عارضی نہیں—نہ دینے والا، نہ خُود اِنعام، نہ اِنعام پُہنچانے والا، نہ ہی وہ جس کی بابت اِنعام ہے۔ کاش آپ کی گواہی بھی اِسی طرح بیان کی جائے۔ اگرچہ ”آسمان اور زمِین ٹل جائیں گے،“ مگر یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی آپ کی گواہی اور شہادت کبھی نہ ٹلے گی۔ اَب وقت ہے کہ اِس نایاب اِنعام کو تھام لِیا جائے۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔