2020–2024
خُداوند یِسُوع مسِیح دوبارہ آئے گا
اکتوبر 2024 کی مجلسِ عامہ


14:49

خُداوند یِسُوع مسِیح دوبارہ آئے گا

اب آپ کے لیے، اور میرے لیے، وقت آ گیا ہے، کہ ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کی دُوسری آمد کے لیے تیاری کریں۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، مَیں شُکر گُزار ہُوں کہ خُداوند نے مجُھے آپ کے ساتھ بات کرنے کی توفِیق بخشی ہے۔

اِس مجلِس میں خُداوند نے اپنے بندوں کے وسِیلے سے ہم سے کلام کِیا ہے۔ مَیں آپ کو تاکِید کرتا ہوں کہ اُن پیغامات کا مُطالعہ کریں۔ اَگلے چھے مہینوں کے دوران میں اِن کو لٹمس ٹیسٹ کی طرح اِستعمال کریں کہ کیا سچّ ہے اور کیا نہیں۔

سالٹ لیک ہَیکل اور ٹیمپل سکوائر کے دیگر علاقوں کے تحفُظ اور تُزئین و آرایش کا کام تقریباً پانچ سال سے جاری ہے۔ موجُودہ اندازوں سے معلُوم ہوتا ہے کہ یہ کام 2026 کے آخِر تک مکمل ہو جائے گا۔ ہم اُن سب کے شُکرگزار ہیں جو اِس بُہت بڑے منصُوبہ پر کام کر رہے ہیں۔

پِچھلے چھے ماہ کے دوران میں، ہم نے پانچ مُمالک میں نو ہَیکلوں کی تقدِیسِ نو کی ہے۔ اب سے لے کر اور سال کے آخِر تک، ہم مزید پانچ کی تقدِیس کریں گے۔

آج ہم بڑی خوشی کے ساتھ 17 ہیکلوں کی تعمیر کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہیں۔ براہ کرم احترام سے سُنیں جب مَیں مقامات کا اِعلان کرتا ہُوں۔

  • ہوچی تان دے زاراگوزا، میکسِیکو

  • سانٹا آنا، ایل سلوا ڈور

  • میڈلین، کولمبیا

  • سانٹیاگو، ڈومنیکن ری پبلک

  • پورٹو مونٹ، چلی

  • ڈبلن، آئرلینڈ

  • مِیلان اِٹلی

  • آبُوجا، نائجیریا

  • کمپالا یُوگنڈا

  • ماپوتو، موزمبیق

  • کورڈی لین، آئیڈاہو

  • کوئین کرِیک، ایری زونا

  • ایل پاسو، ٹیکساس

  • ہنٹس وِل، الاباما

  • مِلواکی، وِسکان سن

  • سمٹ، نیو جرسی

  • پرایس، یُوٹاہ

میرے عزیز بھائیو اور بہنو، کیا آپ دیکھتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے کیا ہو رہا ہے؟ میری دُعا ہے کہ ہم اِس لمحے کی عظمت سے محرُوم نہ ہوں! خُداوند واقعی اپنے کام میں تیزی لا رہا ہے۔

ہم اِس قدر غیر معمُولی رفتار سے ہَیکلیں کیوں تعمِیر کر رہے ہیں؟ کیوں؟ کیوں کہ خُداوند نے ہمیں اَیسا کرنے کی ہدایت فرمائی ہے۔ ہَیکل کی برکات اِسرائیل کو پردے کے دونوں طرف جمع کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ یہ برکات اَیسے لوگوں کو تیار کرنے میں بھی مدد کرتی ہیں جو دُنیا کو خُداوند کی آمدِ ثانی کے لیے تیار کرنے میں مدد کریں گے!

نجات دہندہ کی آمدِ ثانی

جَیسا کہ یسعیاہ نبی نے پیشین گوئی کی تھی، اور جِس طرح ہینڈل کے مسِیحا میں یادگار شاہکار ہے، جب یِسُوع مسِیح واپس آئے گا، ”خُداوند کا جلال آشکارا ہو گا، اور ہر بشر اُس کو دیکھے گا۔“

اُس روز ”سلطنت اُس کے کندھے پر ہو گی: اور اُس کا نام عجِیب مُشِیر، خُدایِ قادِر، ابدِیت کا باپ، سلامتی کا شاہ زادہ ہو گا۔“

یِسُوع مسِیح قدِیم یرُوشلِیم اور نئے رُوشلِیم دونوں سے جو ”براعظم اَمریکہ میں قائم ہو گا“ حُکُومت کرے گا۔ اِن دو مراکز سے، وہ اپنی کلِیسیا کے اُمور کی ہدایت فرمائے گا۔

اُس روز خُداوند کو ”بادِشاہوں کا بادِشاہ، اور خُداوندوں کا خُداوند“ پُکارا جائے گا۔ جو اُس کے ساتھ ہیں وہ ”بُلائے ہُوئے اور برگُزیدہ اور وفادار ہوں گے۔“

بھائیو اور بہنو، اب آپ کے لیے اور میرے لیے، وقت آ گیا ہے، کہ ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کی دُوسری آمد کے لیے تیاری کریں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی شاگِردی کو اپنی اَوّلین ترجِیح بنائیں۔ پریشان کُن اِنتشار سے بھری دُنیا میں، ہم یہ کیسے کر سکتے ہیں؟

روم اِٹلی کی ہیکل

ہَیکل میں باقاعدگی سے عِبادت کرنے سے ہمیں مدد ملے گی۔ خُداوند کے گھر میں، ہم یِسُوع مسِیح پر دھیان دیتے ہیں۔ ہم اُس کے مُتعلق سِیکھتے ہیں۔ ہم اُس کی تقلِید کے لِیے عہود باندھتے ہیں۔ ہم اُس کی بابت جانتے ہیں۔ جب ہم اپنے ہَیکل کے عہُود پر قائم رہتے ہیں، تو ہمیں خُداوند کی تقوِیّت بخش قُدرت تک زیاہ رسائی مُیسر ہوتی ہے۔ ہَیکل میں، ہم دُنیا کے تھپیڑوں سے تحفُظ پاتے ہیں۔ ہم یِسُوع مسِیح اور اپنے آسمانی باپ کی پاکیزہ محبّت کا احساس بڑی کثرت سے پاتے ہیں! ہم دُنیا کے ہنگاموں کے برعکس اِطمِینان اور رُوحانی تسکین محسُوس کرتے ہیں۔

یہ میرا آپ سے وعدہ ہے: یِسُوع مسِیح کا ہر سچّا عاشق اُس کو ہَیکل میں پائے گا۔ آپ اُس کی رحمت کو محسُوس کریں گے۔ آپ کو اپنے اِنتہائی تکلِیف دہ سوالات کے جوابات مل جائیں گے۔ آپ اُس کی اِنجِیل کی شادمانی کا اِدراک زیادہ بہتر طور پر پا سکیں گے۔

مَیں نے سِیکھا ہے کہ سب سے اہم سوال جِس کا جواب ہم سب کو دینا چاہیے وہ یہ ہے: مَیں اپنی زِندگی کس کو یا کس کے لِیے دُوں گا؟

صدر نیلسن بحیثیت سرجن۔

یِسُوع مسِیح کی تقلِید کرنے کا میرا فیصلہ اب تک کا سب سے اہم فیصلہ ہے۔ میڈیکل سکول کے دوران میں، مَیں نے خُدا باپ اور اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح کی الوہیت کی گواہی پائی۔ تب سے ہمارا نجات دہندہ وہ چٹان ہے جِس پر مَیں نے اپنی زِندگی تعمِیر کی ہے۔ سارا فرق اِسی ایک فیصلہ سے ہے۔ اِس فیصلے نے بُہت سے دُوسرے فیصلوں کو آسان بنا دیا ہے۔ اِس فیصلے نے مُجھے مقصد اور سمت دی ہے۔ اِس نے مجُھے زِندگی کے طُوفانوں سے لڑنے کے لِیے ہمت بھی دی ہے۔ مُجھے دو مثالیں بتانے دیں:

پہلی، جب میری بیوی ڈینزل اچانک وفات پا گئیں، تو مَیں اپنے کسی بچّے تک یہ خبر پُہنچانے سے قاصر رہا۔ تب مَیں اَکیلا ہو گیا تھا، پریشان حال، اور مدد کے لیے پُکار رہا تھا۔ احسان مندی سے، اپنے رُوح کے وسِیلے سے، خُداوند نے مُجھے سِکھایا کہ میری پیاری ڈینزل کو گھر کیوں بھیج دِیا گیا تھا۔ اِس اِدراک کے ساتھ، مُجھے تسلّی ہُوئی۔ وقت گُزرنے کے ساتھ ساتھ، مَیں اپنے غم کو بہتر طور پر سنبھالنے کے قابِل ہُوا۔ بعد میں، مَیں نے اپنی پیاری بیوی وینڈی سے بیاہ کِیا۔ وہ میری دُوسری مثال کا مرکزی حِصّہ تھیں۔

جب مَیں اور وینڈی کسی دُور دراز ملک میں ذمہ داری نِبھانے کے لِیے گئے تھے، مُسلح ڈاکوؤں نے میرے سر پر بندوق رکھ کر گولی چلائی۔ لیکن گولی نہ چلی۔ اِس سارے واقعہ کے دوران، ہماری دونوں جانوں کو خطرہ تھا۔ اِس کے باوجُود وینڈی اور مَیں نے ناقابلِ تردید اِطمِینان محسُوس کِیا۔ یہ اَیسا اِطمِینان تھا ”جو سمجھ سے بِالکُل باہر ہے۔“

بھائیو اور بہنو، خُداوند آپ کو بھی تسلّی دے گا! وہ آپ کو ہمت دے گا۔ وہ آپ کو اِطمِینان عطا کرے گا، یہاں تک کہ بِگڑی ہُوئی صُورتِ حال کے دوران میں بھی۔

خُداوند یِسُوع مسِیح۔

براہِ کرم آپ سے یِسُوع مسِیح کے اِس وعدے کو سُنیں: ”مَیں تُمھارے دائیں ہاتھ اور بائیں ہُوں گا، اور میرا رُوح تُمھارے دِلوں میں ہوگا، اور میرے فرِشتے تُمھارے چوگِرد، وہ تُمھیں ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے۔“

آپ کی مدد کرنے کے لیے نجات دہندہ کی قُدرت کی کوئی کمی نہیں ہے۔ گتسمنی اور کلوری میں اُس کا ناقابل فہم دُکھ اُٹھانا آپ کے لیے تھا! اُس کا لامحدود کفّارہ آپ کے لیے ہے!

مَیں آپ کو تاکِید کرتا ہُوں کہ ہر ہفتے—اپنی باقی زِندگی کے لیے—یِسُوع مسِیح کے کفّارہ کے مُتعلق اپنی سمجھ کو بڑھانے کے لیے وقت دیں۔ میرا دِل اُن لوگوں کے لیے تڑپتا ہے جو گُناہ میں پھنسے ہُوئے ہیں اور نہیں جانتے کہ باہر کیسے نِکلیں۔ مَیں اُن لوگوں کے لیے روتا ہُوں جو رُوحانی کش مکش کا شِکار ہیں یا جو تنہا بھاری بوجھ اُٹھاتے ہیں کیوں کہ وہ نہیں سمجھتے کہ یِسُوع مسِیح نے اُن کے لیے کیا کیا کِیا ہے۔

یِسُوع مسِیح نے آپ کے گُناہ، آپ کے درد، آپ کے صدمے، اور آپ کی کمزوریاں اپنے اُوپر اُٹھا لی ہیں۔ آپ کو اُنھیں اکیلے برداشت کرنے کی ضرُورت نہیں ہے! جب آپ تَوبہ کریں گے تو وہ آپ کو مُعاف کر دے گا۔ وہ آپ کو برکت دے گا جِس کی آپ کو ضرُورت ہے۔ وہ آپ کی زخمی رُوح کو شِفا دے گا۔ جب آپ خود کو اُس کے ساتھ جوتتے ہیں، تو آپ کے بوجھ ہلکے ہو جائیں گے۔ اگر آپ یِسُوع مسِیح کی تقلِید کرنے کے لِیے عہد باندھیں گے اور عمل کریں گے، تو آپ کو معلُوم ہوگا کہ آپ کی زِندگی کے یہ دردناک لمحات عارضی ہیں۔ آپ کی مُصِیبتیں ”مسِیح کی خُوشی میں مغلُوب ہو جائیں گی۔“

آپ کے لیے یِسُوع مسِیح کے سچّے شاگرد بننے میں نہ تو بُہت جلدی ہُوئی ہے اور نہ زیادہ دیر ہُوئی ہے۔ تب آپ اُس کے کفّارہ کی برکات کا مکمل احساس پائیں گے۔ آپ اِسرائیل کو جمع کرنے میں مدد کے لِیے بھی زیادہ موّثر ثابت ہوں گے۔

یِسُوع مسِیح کی آمدِ ثانی۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، وہ دِن آئے گا جب، یِسُوع مسِیح ہزار برس کے مسِیحا کی حیثیت سے زِمین پر دوبارہ آئے گا۔ لہٰذا آج، مَیں آپ کو دعوت دیتا ہُوں کہ آپ اپنی زِندگیوں کو یِسُوع مسِیح کے لِیے پِھر سے وقف کر دیں۔ مَیں آپ کو پراگندہ اِسرائیل کو جمع کرنے اور دُنیا کو خُداوند کی دُوسری آمد کے لیے تیار کرنے میں مدد کے لیے پُکارتا ہُوں۔ مَیں آپ کو مسِیح کی بات کرنے، مسِیح کی گواہی دینے، مسِیح پر اِیمان لانے، اور مسِیح میں شادمان ہونے کے لیے بُلاتا ہوں!

مسِیح کی طرف رُجُوع لائیں اور ”اپنی ساری [جان]“ اُس کی نذر کریں۔ شادمانی کی زِندگی کا بھید یہی ہے!

عُمدہ چِیزوں کا ابھی آنا باقی ہے، میرے عزیز بھائیو اور بہنو، کیوں کہ نجات دہندہ دوبارہ آ رہا ہے! عُمدہ چِیزوں کا ابھی آنا باقی ہے کیوں کہ خُداوند اپنے کام میں تیزی لا رہا ہے۔ عُمدہ چِیزوں کا ابھی آنا باقی ہے جب ہم اپنے سارے دِل اور اپنی ساری زِندگی پُورے طور پر یِسُوع مسِیح کی طرف پھیرتے ہیں۔

مَیں خلُوصِ نِیت سے گواہی دیتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح خُدا کا بیٹا ہے۔ مَیں اُس کا شاگِرد ہُوں۔ مُجھے اُس کا خادِم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اُس کی آمدِ ثانی پر، ”خُداوند کا جلال آشکارا ہو گا اور ہر بشر اُس کو دیکھے گا۔“ وہ دِن راست باز لوگوں کے لیے شادمانی سے بھرا ہو گا!

پاک کہانت کی کُنجیوں کی قُدرت کے وسِیلے سے جو میرے پاس ہیں، مَیں آپ کے اور ساری دُنیا کے سامنے اِس سچّائی کا اِعلان کرتا ہُوں! یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. مانٹائی یوٹاہ ہَیکل کی دوبارہ تقدیس (صدر رسل ایم نیلسن، 21 اپریل)؛ اردانیتا فلپائن ہَیکل (صدر ڈیلن ایچ اوکس، 28 اپریل)؛ پیوبلا میکسیکو ہَیکل (ایلڈر گیرٹ ڈبلیو گانگ، مئی 19)؛ ٹیلرزوِل یُوٹاہ ہَیکل (ایلڈر گیرٹ ڈبلیو گانگ، 2 جون)؛ قوبان گوئٹے مالا ہَیکل (ایلڈر ڈیل جی رینلنڈ، 9 جون)؛ سالٹا ارجنٹائن ہَیکل (ایلڈر ڈی ٹاڈ کرسٹوفرسن، 16 جون)؛ لیٹن یوٹاہ ہَیکل (ایلڈر ڈیوڈ اے بیڈنر، 16 جون)؛ پِٹسبرگ پنسلوانیا ہَیکل (ایلڈر ڈیٹر ایف اُکڈورف، 15 ستمبر)؛ مینڈوزا ارجنٹائن ہَیکل (ایلڈر رونالڈ اے ریس بینڈ، 22 ستمبر)۔

  2. سان پادرو سُولا ہنڈورا ہَیکل (13 اکتوبر)؛ سلواڈور برازِیل ہَیکل (20 اکتوبر) ڈیزرَٹ پِیک یُوٹاہ ہَیکل (10 نومبر)؛ کیسپر وائیومِنگ ہَیکل (24 نومبر)؛ ٹالاہاسی فلوریڈا ہَیکل (8 دسمبر)۔

  3. دیکھیے عقائد اور عہُود 88:‏73۔

  4. یسعیاہ 40:‏5؛ مزید دیکھیے جارج فریڈرک ہینڈل، “And the Glory of the Lord,” from The Messiah، ایڈیشن۔ T. Tertius Noble (1912), 16–18۔

  5. یسعیاہ 9:‏6۔

  6. دیکھیے زکریاہ 14:‏4–7؛ عقائد اور عہُود 45:‏48–66؛ 19:133–21؛ مزید دیکھیے مِیکاہ 4:‏2: ”کیوں کہ شرِیعت صِیُّہون سے اور خُداوند کا کلام یروشلیِم سے صادِر ہو گا۔“

  7. اِیمان کے اَرکان 1:‏10؛ مزید دیکھیے عیتر 13:‏3–10؛ عقائد اور عہُود 84:‏2–4۔

  8. مُکاشفہ 19:‏16؛ مُکاشفہ 17:‏14۔

  9. دیکھیے ایلما 34:‏32۔

  10. آپ کہنا چاہتے ہیں، جِس طرح عمون نے کہا، ”کون خُداوند میں بُہت زیادہ شادمان ہو سکتا ہے؟ … دیکھ، … جو کُچھ مَیں محسُوس کرتا ہُوں اُس کا تھوڑا سا حِصّہ بھی بیان نہیں کر سکتا“ (ایلما 26:‏16

  11. دیکھیے ہِیلیمن 5:‏12۔

  12. فِلِپّیوں 4:‏7۔

  13. عقائد اور عہُود 84:‏88۔

  14. دیکھیے ایلما 7:‏11–12؛ مزید دیکھیے لُوقا 4:‏18۔

  15. دیکھیے ایلما 7:‏12۔

  16. دیکھیے زبُور 147:‏3؛ یعقُوب 2:‏8۔

  17. دیکھیے مُضایاہ 24:‏14۔

  18. ایلما 31:‏38۔

  19. دیکھیے 2 نیفی 25:‏26۔

  20. اومنی 1:‏26۔