اَے عظیم پیدایشی حق کے حامِل نوجوان
خُدا آپ پر، یعنی عہد کی اولاد پر بھروسا کرتا ہے، تاکہ اُس کی ساری اُمّت کو بحفاظت اُس کے پاس گھر واپس لانے کے کام میں مُعاونت کریں۔
ایلڈر سٹیون سن، یہ اَیسی کانفرنس ہے جسے کبھی فراموش نہیں کِیا جا سکتا۔
ہمارا خاندان ہمیشہ چھوٹی سی کِتاب بچّوں کے خُطُوط خُدا کے نام کو نہایت پسندیدگی سے پڑھتا رہا ہے۔ کچھ مِثالیں یہ ہیں:
”پیارے خُدایا، لوگوں کو مَرنے دینے اور نئے پَیدا کرنے کے بجائے، آپ اُن ہی کو زِندہ کیوں نہیں رکھتے جو اِس وقت حیات ہیں؟“
”آپ کے فقط دَس حُکم ہی کیوں ہیں، جب کہ ہمارے سکول میں تو لاکھوں قوانین ہیں؟“
”اگر آپ نے اِنھیں دوبارہ نِکالنا ہی ہوتا ہے تو آپ گلے میں ٹانسلز ڈالتے ہی کیوں ہیں؟“
آج اِن تمام سوالوں کا جواب دینے کا وقت نہیں ہے، مگر ایک اور سوال ہے جو مَیں اکثر نوجوانوں سے سُنتا ہُوں جس کا مَیں جواب دینا چاہُوں گا۔ اولان باتر، منگولیا سے لے کر تھامس، آئیڈاہو تک، سوال ایک ہی ہے: ”کیوں؟ آخِر کیوں مُقدّسِینِ آخِری ایّام کو دُوسرے لوگوں سے اِتنی مُختلف زِندگی گُزارنی پڑتی ہے؟“
مُجھے معلُوم ہے کہ مُختلف ہونا مُشکل ہے—بالخصُوص جب آپ نوجوان ہوں اور شدید خواہش رکھتے ہوں کہ دُوسرے لوگ آپ کو پسند کریں۔ ہر کوئی گُھل مِل جانا چاہتا ہے، اور آج کی ڈیجیٹل دُنیا میں یہ خواہش غیر صحت مندانہ حد تک بڑھ جاتی ہے جو سوشل میڈیا اور سائبر دھمکیوں سے بھری ہُوئی ہے۔
تو، اِس تمام دباؤ کے ساتھ، آخِر کیوں مُقدّسِینِ آخِری ایّام اِتنی مُختلف زِندگی گُزارتے ہیں؟ ”اِس کے بُہت سے اچھے جواب ہیں: کیوں کہ آپ طِفلِ خُدا ہیں۔ کیوں کہ آپ کو اِن آخِری ایّام کے لیے محفُوظ کِیا گیا ہے۔ کیوں کہ آپ یِسُوع مسِیح کے شاگِرد ہیں۔
مگر یہ جوابات ہمیشہ آپ کو دُوسروں سے مُنفرد نہیں بناتے۔ ہر کوئی طِفلِ خُدا ہے۔ اِس وقت زمین پر موجُود ہر شخص آخِری ایّام میں ہی بھیجا گیا ہے۔ اور پھر بھی ہر کوئی حِکمت کے کلام یا پاک دامنی کے قانُون پر اُس طرح عمل نہیں کرتا جیسے آپ کوشِش کرتے ہیں۔ مسِیح کے بُہت سے سُورما شاگِرد ہیں جو اِس کلِیسیا کے رُکن ہی نہیں ہیں۔ لیکن وہ مِشنری خِدمت اَنجام نہیں دیتے اور آپ کی طرح اپنے آباؤاَجداد کے واسطے خُداوند کے گھر میں رُسُوم اَدا نہیں کرتے ہیں۔ اِس سوال کے مزید جوابات ہونے چاہئیں—جو واقعی موجود ہیں۔
آج مَیں ایک اِضافی وجہ پر توجہ مرکُوز کرنا چاہُوں گا جو میری زِندگی میں معنی خیز رہی ہے۔ 1988 میں رسل ایم نیلسن نامی جوان رَسُول نے بریگھم ینگ یُونی ورسٹی میں ”عہد کے لیے شُکرگُزار“ کے عُنوان سے خِطاب دِیا۔ اُس خطاب میں، اُس وقت کے ایلڈر نیلسن نے وضاحت کی کہ جب ہم اپنی اِخلاقی مُختاری کو خُدا کے ساتھ عہد باندھنے اور قائم رکھنے کے لیے اِستعمال کرتے ہیں، تو ہم ہر دَور میں اپنے آباؤاَجداد کے ساتھ باندھے گئے خُدا کے دائمی عہد کے وارِث بن جاتے ہیں۔ دُوسرے الفاظ میں، ہم ”عہد کی اولاد“ بن جاتے ہیں۔ یہ ہمیں دُوسروں سے مُنفرد بناتا ہے۔ یہ ہمیں اُنھی برکات تک رَسائی دیتا ہے جو ہمارے آباؤاَجداد کو مِلی تھیں، جن میں سے ایک پیدایشی حق بھی شامِل ہے۔
پیدایشی حق! آپ نے یہ لفظ پہلے سُنا ہو گا۔ ہم اِس کے بارے میں گیت بھی گاتے ہیں: ”اَے عظیم پیدایشی حق کے حامِل نوجوان، آگے بڑھ، آگے بڑھ، آگے بڑھ!“ یہ زبردست لفظ ہے۔ لیکن اِس مطلب کیا ہے؟
عہدِ عتیق کے زمانے میں جب کوئی باپ وفات پا جاتا، تو اُس کا پہلوٹھا یعنی پیدایشی حق والا بیٹا اپنی ماں اور بہنوں کی دیکھ بھال کا ذِمہ دار ہوتا تھا۔ اُس کے چھوٹے بھائی اپنی مِیراث پاتے اور دُنیا میں اپنا نام و مقام بنانے کی غرض سے کہیں بھی نِکل جاتے، مگر پیدایشی حق والا بیٹا کہیں نہ جاتا تھا۔ وہ بیاہ کرے گا اور اُس کا اپنا کُنبہ بھی بنے گا، مگر وہ اپنی زِندگی کے آخِری ایّام تک اپنے باپ کی جائیداد پر حُکم رانی کرنے تک وہیں رہے گا۔ اِس اِضافی ذِمہ داری کی بِنا پر، اُس کو میراث کا ایک حِصّہ زیادہ دِیا جاتا تھا۔ کیا دُوسروں کی راہبری اور دیکھ بھال کرنا بُہت زیادہ طلب کرنا تھا؟ نہیں ایسا نہیں ہے جب آپ اُس اِضافی مِیراث پر غور کرتے ہیں جو اُسے دی جاتی تھی۔
آج ہم زمینی خاندانوں میں آپ کی پیدایش کی ترتیب یا عہدِ عتیق کے جِنسی کِرداروں کی بابت گُفتگُو نہیں کر رہے ہیں۔ ہم اُس مِیراث کی بات کر رہے ہیں جو آپ کو مسِیح کے ہم میراث ہونے کے ناطے مِلتی ہے چُوں کہ آپ نے اُس کے اور اپنے آسمانی باپ کے ساتھ اِس عہد کے رِشتے میں داخِل ہونے کا چُناؤ کِیا ہے۔ کیا یہ خُدا کے لیے کوئی بڑی بات ہے کہ وہ آپ سے اپنی دیگر اولاد سے مُختلف زِندگی گُزارنے کی توقع رکھے تاکہ آپ دُوسروں کی بہتر راہبری اور خِدمت کر سکیں؟ نہیں ایسا نہیں ہے جب آپ اُن نعمتوں پر غور کرتے ہیں—دُنیاوی اور رُوحانی دونوں—جو آپ کو عطا کی گئی ہیں۔
کیا آپ کے پیدایشی حق کا مطلب یہ ہے کہ آپ دُوسروں سے بہتر ہیں؟ نہیں ایسا نہیں، مگر اِس کا یہ مطلب ضرُور ہے کہ آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ دُوسروں کی بہتر بننے میں مدد کریں۔ کیا آپ کے پیدایشی حق کا مطلب یہ ہے کہ آپ برگُزیدہ ہیں؟ جی ہاں، مگر آپ کو دُوسروں پر حُکم رانی کے لیے برگُزیدہ نہیں بنایا گیا؛ بلکہ آپ کو دُوسروں کی خِدمت کے واسطے برگُزیدہ بنایا گیا ہے۔ کیا آپ کا پیدایشی حق خُدا کی محبّت کا ثبُوت ہے؟ جی ہاں، لیکن اِس سے بھی زیادہ اہم یہ ہے، کہ یہ اُس کے بھروسے کا ثبُوت ہے۔
محبّت رکھنا الگ بات ہے اور مُکمل طور پر بھروسا کرنا اور بات ہے۔ برائے مضبُوطیِ نوجوانان گائیڈ میں، ہم پڑھتے ہیں کہ ”آپ کا آسمانی باپ آپ پر بھروسا کرتا ہے۔ اُس نے آپ کو عظیم برکتیں بخشی ہیں، بشمُول اِنجِیل کی معمُوری اور مُقدّس رُسُوم اور عہُود کے جو آپ اُس کے ساتھ باندھتے اور آپ کی زندگی میں اُس کی قُدرت لاتے ہیں۔ اُن برکات کے ساتھ اِضافی ذِمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ وہ جانتا ہے کہ آپ دُنیا میں فرق لا سکتے ہیں، اور اِس کا تقاضا ہے کہ، بُہتیرے مُعاملات میں، آپ دُنیا سے مُنفرد ہوں۔“
ہماری فانی زِندگی کو بحری جہاز سے تشبیہ دی جا سکتی ہے جس پر خُدا نے اپنی ساری اُمّت کو ایک کِنارے سے دُوسرے کِنارے تک کے سفر کے واسطے بھیجا ہے۔ یہ سفر سیکھنے، بڑھنے، شادمان ہونے، اور ترقی کرنے کے مواقعوں سے بھرپُور ہے، لیکن ساتھ ہی یہ خطرات سے بھی خالی نہیں۔ خُدا اپنی ساری اُمّت سے محبّت رکھتا ہے اور اُس کی فلاح و بہبُود کی بابت بھی فِکر مند ہے۔ وہ کسی کو کھونا نہیں چاہتا، لہٰذا وہ اُن سب کو دعوت دیتا ہے جو اُس کے عملے کے رُکن بننے کے لیے تیار ہیں—اور وہ آپ ہیں۔ عہُود باندھنے اور اُن پر کار بند رہنے کے چُناؤ کی بدولت، وہ آپ کو اپنا بھروسا پیش کرتا ہے۔ وہ آپ پر بھروسا کرتا ہے کہ آپ مُختلف، خاص، اور مُنفرد بنیں وہ اُس اَہم کام کی وجہ سے آپ پر بھروسا کرتا ہے۔
اِس کی بابت سوچیں! خُدا آپ پر، یعنی زمین کے سب باشندوں پر، عہد کی اولاد پر، اپنے عملے کے اَرکان پر بھروسا کرتا ہے—تاکہ اُس کی ساری اُمّت کو بحفاظت اُس کے پاس گھر واپس لانے کے کام میں مُعاونت کریں۔ یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ صدر بریگھم ینگ نے ایک بار کہا تھا کہ، ”آسمان کے سب فرشتے اِس مُٹھی بھر اُمّت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔“
جب آپ اِس زمین نامی بحری جہاز پر نظر دوڑاتے ہیں، تو آپ بعض لوگوں کو آرام دَہ کُرسیوں پر بیٹھ کر شراب پیتے، جُوئے کے اَڈوں میں جُوا کھیلتے، بے حیا لِباس پہنے ہُوئے، موبائل فون پر مُسلسل بے فضُول سکرول کرتے، اور الیکٹرانک گیموں میں بُہت زیادہ وقت ضائع کرتے دیکھ سکتے ہیں۔ مگر حیران ہونے کی بجائے سوچیں کہ، ”مَیں ایسا کیوں نہیں کر سکتا؟،“ آپ یہ یاد رکھ سکتے ہیں کہ آپ کوئی عام مُسافر نہیں ہیں۔ آپ عملے کے رُکن ہیں؟ آپ کے پاس ایسی ذِمہ داریاں ہیں جو باقی مُسافروں کے پاس نہیں ہیں۔ جیسا کہ بہن آرڈتھ کیپ نے ایک بار کہا تھا کہ، ”اگر آپ ساحِل پر دُوسرے تمام تیراکوں کی طرح نظر آتے ہیں تو آپ کبھی لائف [گارڈ] نہیں بن سکتے۔“
اور جب آپ تمام اِضافی ذِمہ داریوں سے مایُوس ہونے لگیں، تو براہِ کرم یاد رکھیں کہ عملے کے اَرکان کو ایسی چیزیں مِلتی ہیں جو دُوسرے مُسافروں کو نہیں مِلتیں: اور وہ ہے معاوضہ۔ ایلڈر نیل ایل اینڈرسن نے کہا ہے کہ، ”راست بازوں کے لیے ایک معاوضہ دینے والی رُوحانی قُدرت موجُود ہے،“ بشمُول ”بڑی یقین دِہانی، عظیم اِستحکام، اور زیادہ اعتماد۔“ قدیم ابرہام کی مانِند، آپ کو بڑی خُوشی اور اِطمینان، عظیم راست بازی، اور زیادہ عِلم حاصِل ہوتا ہے۔ آپ کا معاوضہ محض آسمان میں مکان اور سونے کے ساتھ فرش بندی کی گئی سڑکیں نہیں ہے۔ آسمانی باپ کے لیے یہ آسان ہو گا کہ وہ آپ کو وہ سب عطا کرے جو اُس کا ہے۔ اُس کی آرزُو ہے کہ وہ آپ کی مدد کرے کہ آپ وہ سب کُچھ بنیں جو وہ خُود ہے۔ لہٰذا، آپ کی ذِمہ داریاں آپ سے بہت زیادہ تقاضا کرتی ہیں، کیوں کہ اِسی طرح خُدا آپ کو اور زیادہ عظیم بنا رہا ہے۔
یہ ”کسی سے بھی بُہت زیادہ طلب کرنا ہے، مگر آپ کوئی عام شخص نہیں ہیں!“ آپ عظیم پیدایشی حق کے حامِل نوجوان ہیں۔ آپ کا خُدا اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ عہد کا رِشتہ محبّت اور بھروسے کا رِشتہ ہے جس میں آپ کو اُن کے فضل کے زیادہ سے زیادہ پیمانہ تک رَسائی حاصِل ہے—اُن کی اِلہی مُعاونت، قُوت کی ودیعت، اور قابلِ عمل قُدرت۔ یہ قُدرت محض تمنّا بھری سوچ، خُوش قِسمتی کا تعویذ، یا خُود تکمیلی کی نبُوّت نہیں ہے۔ یہ حقیقی ہے۔
جب آپ اپنے پیدایشی حق کی ذِمہ داریاں نِبھاتے ہیں، تو آپ کبھی تن تنہا نہیں ہوتے۔ تاکِستان کا مالِک آپ کے ساتھ محنت و مشقت کرتا ہے۔ آپ یِسُوع مسِیح کے ساتھ شانہ بشانہ ہو کر کام کر رہے ہیں۔ ہر نئے عہد کے ساتھ—اور جیسے جیسے اُس کے ساتھ آپ کا رِشتا گہرا ہوتا جاتا ہے—آپ ایک دُوسرے کو مضبُوطی سے تھامے رہتے ہیں جب تک کہ آپ مضبُوطی سے ایک دُوسرے کے ساتھ جُڑ نہیں جاتے۔ اُس کے فضل کی مُقدّس علامت میں، آپ کو آرزُو اور قُوت دونوں مِلیں گی کہ آپ بالکل ویسی زِندگی گُزاریں جیسی مُنّجی نے گُزاری—دُنیا سے بالکل مُختلف۔ آپ یہ کر سکتے ہیں کیوں کہ یِسُوع مسِیح آپ کے سنگ ہے!
2 نیفی 2:6 میں ہم پڑھتے ہیں، ”پَس، مُخلصی پاک ممسُوح میں اور اُس کے وسیلے سے آتی ہے، کیوں کہ وہ فضل اور سچّائی سے معمُور ہے۔“ چُوں کہ وہ سچّائی سے معمُور ہے، وہ آپ کو جیسا کہ آپ ہیں—یعنی خامیوں، کمزوریوں، پچھتاوؤں اور سب کُچھ کے ساتھ دیکھتا ہے۔ چُوں کہ وہ سچّائی سے معمُور ہے، وہ آپ کو ویسا ہی دیکھتا ہے جیسا کہ آپ واقعی بن سکتے ہیں۔ وہ آپ سے وہاں مِلتا ہے جہاں آپ موجود ہوتے ہیں اور توبہ کرنے اور بہتر ہونے، غالِب آنے اور اُس کی مانند بننے میں آپ کی مدد کرتا ہے۔
”اَے عظیم پیدایشی حق کے حامِل نوجوان، آگے بڑھ، آگے بڑھ، آگے بڑھ!“ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ آپ سے محبّت کی گئی ہے—اور بھروسا کِیا گیا ہے—آج، 20 سالوں تک، اور ہمیشہ کے لیے۔ اپنے پیدایشی حق کو ایک پیالی دال کے عِوض مت بیچیں۔ سب کُچھ کو کُچھ نہیں کے عِوض مت بیچیں۔ دُنیا کو اپنے آپ کو مت بدلنے دیں جب کہ آپ دُنیا کو بدلنے کے واسطے پَیدا ہُوئے ہیں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔