اور ہم مسِیح کی بات کرتے ہیں
ہم یِسُوع مسِیح کے پیروکار ہیں، اور ہم اُس کے نُور کو پانے اور بانٹنے میں کوشاں رہتے ہیں۔
تعارُف
سَمُندر پار طویل ذِمہ داری پُوری کرنے کے بعد، گھر جانے کے لِیے—رات والی—صِرف ایک اور فلائٹ پکڑنے کے لِیے میری اَہلیہ، لِیزا، اور مَیں نے اَئیرپورٹ ٹرمِینل کا رُخ کِیا۔ جب ہم لمبی قِطاروں میں ایک ایک قدم آگے بڑھنے والے بُہت سے دُوسرے لوگوں کے ساتھ کھڑے تھے، تو ہم ساتھی مسافروں کی بڑھتی ہُوئی بے چینی کا اَندازہ لگا سکتے تھے جو پروازیں پکڑنے، پاسپورٹ اور وِیزا کا جائزہ لینے، اور سیکیورٹی چیک کو کامیابی سے عبُور کرنے کے بارے میں فِکر مند تھے۔
آخِر کار ہم ایک کاؤنٹر پر پُہنچے جِس پر کسٹم اَفسر موجُود تھی جو کمرے میں موجُود شدِید بےتابی اور بےچینی سے بےنیاز تھی۔ تقریباً جذبات سے عاری، کسی کی طرف دیکھے بغَیر، اُس نے میری دستاویز کو پکڑا، میری تصویر کی تصدیق کی، اُنگوٹھے کی مدد سے ایک کے بعد ایک صفحہ کا جائزہ لِیا، اور آخِر کار ایک زوردار آواز سے میرے پاسپورٹ پر مُہر لگائی۔
پِھر وہ لِیزا کی دستاویز کی طرف لپکی۔ جذبات سے عاری، سر جُھکائے اور اپنے کام پر توجہ مرکُوز کِیے ہُوئے، اُس نے ماہرانہ نظر سے صفحات کو اُنگوٹھے سے پلٹا، اپنے سامنے موجُود دستاویز کی تفِصیلات پر توجہ دی۔ ہم تھوڑے سے حیران ہُوئے جب وہ اَچانک رُکی، اپنا سر اُٹھایا، اور لیزا سے نظر مِلائی اور خُوش گوار اَنداز میں نظر ڈالی۔ ہلکی سی مُسکراہٹ کے ساتھ، اُس نے پیار سے لِیزا کے پاسپورٹ پر مُہر لگائی اور دستاویز اُس کو واپس کر دیں۔ بدلے میں میری اَہلیہ مُسکرائی، دستاویز پکڑیں، اور گرم جوشی سے الوِداعیہ کلمات کا تبادلہ کِیا۔
”یہ کیا ماجرا تھا؟“ مَیں نے حیرت سے پُوچھا۔
پِھر لِیزا نے مُجھے دِکھایا کہ ایجنٹ نے کیا دیکھا تھا—چھوٹا کارڈ جِس پر نجات دہندہ کی تصوِیر تھی۔ یہ غلطی سے لِیزا کے پرس سے اُس کے پاسپورٹ کی تہوں میں پھِسل گیا تھا۔ کسٹم افسر نے یہی دیکھا تھا۔ اِسی نے اُس کا سارا رویّہ بدل دِیا تھا۔
فضل اور سچّائی، از سائمن ڈِیوی، بشُکریہ altusfineart.com, © 2025, اِجازت کے ساتھ اِستعمال کِیا گیا
نجات دہندہ کی اِس چھوٹی سی تصوِیر نے انجان دو اجنبی لوگوں کے دِلوں کو جوڑ دِیا۔ اِس نے نامحرم کو محرم بنا دِیا، خُوب صُورتی، مُعجزہ، اور یِسُوع مسِیح کے نُور کی حقِیقت کو اپنے حِصار میں لے لِیا۔ باقی سارا دِن، اور اکثر اُس کے بعد بھی، مَیں نے حیرت کے ساتھ اِس شِیریں، سادہ لمحہ پر غَور کِیا ہے اور خُدا کے بچّوں پر مسِیح کے نُور کے جلالی اَثر پر خُوشی منائی ہے۔
ہم مسِیح کی بات کرتے ہیں
ہم یِسُوع مسِیح کے پیروکار ہیں، اور ہم اُس کے نُور کو پانے اور بانٹنے میں کوشاں رہتے ہیں۔ کلِیسیا کے نام میں مُضمَر ہماری اِلہٰی تعلِیم ہے کہ ”کونے کے سِرے کا پتّھر خُود مسِیح یِسُوع ہے۔“ قدِیم اور زِندہ نبِیوں کے وسِیلہ سے، ہمارے آسمانی باپ نے ہمیں حُکم دِیا ہے کہ ”اُس کی سُنو!“ اور ”مسِیح کی طرف رُجُوع لاؤ،۔“ ”ہم مسِیح کی بات کرتے ہیں، ہم مسِیح میں شادمان ہوتے ہیں، ہم مسِیح کی مُنادی کرتے ہیں، [اور] ہم مسِیح کی نبُوّت کرتے ہیں۔“
ہم سِکھاتے ہیں کہ یِسُوع مسِیح خُدا کا بیٹا ہے، اور اپنی فانی خِدمت کے دوران میں، یِسُوع نے اپنی اِنجِیل سِکھائی اور اپنی کلِیسیا قائم کی۔
ہم گواہی دیتے ہیں کہ اپنی زِندگی کے اِختتام پر، یِسُوع نے ہمارے گُناہوں کا کَفارہ ادا کِیا جب اُس نے گتسِمنی کے باغ میں دُکھ اُٹھائے، صلِیب پر چڑھایا گیا، اور پھر دوبارہ زِندہ ہُوا۔
ہم شادمان ہوتے ہیں کیوں کہ نجات دہندہ کی کَفارہ بخش قُربانی کی بدولت، جب ہم تَوبہ کرتے ہیں تو ہمیں مُعاف کِیا جاتا ہے اور ہم اپنے گُناہوں سے پاک کِیے جاتے ہیں۔ یہ ہمارے واسطے اُمِّید اور اِطمینان لاتا ہے اِس کے ساتھ ساتھ ہمارے لِیے یہ مُمکن ہو جاتا ہے کہ ہم خُدا کی حُضُوری میں واپس جا سکیں اور کامِل شادمانی پائیں۔
ہم نبُّوت کرتے ہیں کہ یِسُوع کے جی اُٹھنے کی وجہ سے، مَوت آخِرت نہیں بلکہ آگے کی طرف اَہم قدم ہے۔ ”ہم سب مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کیے جائیں گے۔ اِس کا مطلب ہے کہ ہر شخص کا رُوح اور جِسم پھر سے اِکٹھا ہو جائے گا اور ہمیشہ تک زِندہ رہے گا۔“
مسِیح کی طرف رُجُوع لاؤ
ہمارے زمانے میں زِندہ نبی—جو ہمیں سِکھانے اور ہدایت دینے کے لِیے خُدا کی طرف سے مُکاشفہ پاتے ہیں—زیادہ سے زیادہ ہمیں مسِیح کے پاس آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔ وہ ہمارے دِلوں، کانوں، اور آنکھوں کو مُکمل طور پر اُس پر مرکُوز کرنے میں ہماری مدد کر رہے ہیں۔ ہم صدارتِ اَوّل کی طرف سے اِعلان کردہ مُوافقت اور وُسعت کی مُتعدد مثالیں بیان کر سکتے ہیں جو ہمیں یِسُوع مسِیح پر توجہ مرکُوز کرنے کے لِیے مُرتب کِیے گئے ہیں۔ اِن میں بعض یہ ہیں:
-
”مورمن کلِیسیا“ نام کو مَنسُوخ کرنے اور اُس کی جگہ دُرست نام، کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام رکھنے کا فیصلہ۔
-
عِبادت گاہوں میں تزُین و آرایش کے لِیے نئے، مسِیح کی ذات پر مرکُوز پُرتاثِیر مصوری کے فن پاروں کی دست یابی۔
-
اَنجُمنِ دُختران اور ہارُونی کہانت کی جماعت کے موضُوعات اور حمدوثنا یِسُوع مسِیح پر مرکُوز تھی، مثلاً ”شاگِردِ مسِیح“ اور ”مسِیح پر نظر کرو۔“
-
تارِیخ کے سب سے بڑے پُرجلالی واقعات کے طور پر یِسُوع مسِیح کے کَفارہ اور حقِیقی قیامت پر زیادہ زور دِیا گیا ہے۔
-
یِسُوع مسِیح پر توجہ مرکُوز کرنے کے لِیے، اِیسٹر کو چُھٹی کے طور پر نہیں، بلکہ تہوار کے جشن کے طور پر منانا۔
-
یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا کی بصری پہچان کا تعارُف اور اِس کی علامتی نوعیت۔
آئیے اِن میں سے چند کے اَثرات کو قرِیب سے دیکھتے ہیں۔ اَوّل، کلِیسیا کی علامت۔
کلِیسیا کی علامت
2020 میں، صدر رسل ایم نیلسن نے کلِیسیا کے لِیے نئی بصری پہچان مُتعارف کرائی۔ یہ علامت اِس سچّائی کی عکاسی کرتی ہے کہ مسِیح اپنی کلِیسیا کے مرکز میں ہے اور ہماری زِندگی کے مرکز میں بھی ہونا چاہیے۔ اَب ہم کلِیسیا کے ہَیکل کے اِجازت ناموں پر، کلِیسیائی ویب سائٹ اور رسائل پر، گاسپل لائبریری ایپ کے آئکن کے طور پر، اور یہاں تک کہ مُسلح اَفواج میں خِدمات انجام دینے والے کلِیسیا کے بُہت سے اَرکان کے لِیے ملٹری آئی ڈی ٹیگز پر اِس جانی پہچانی علامت کو دیکھتے ہیں۔ اِس علامت میں کلِیسیا کا نام شامِل ہے جو کونے کے سِرے کے پتّھر کے اندر موجُود ہے، ایک یاد دِہانی کہ یِسُوع مسِیح کونے کے سِرے کا پتھّر ہے ، یہاں کمبوڈین زُبان میں دِکھایا گیا ہے، اور 145 زُبانوں میں اِستعمال ہو رہا ہے۔
علامت کا مرکز برٹل تھوروالڈسن کے ہر دِل عزیز سنگِ مرمر کرِستُس کے مُجسمہ کی عکاسی کرتا ہے، جو وسِیع طور پر کلِیسیا سے وابستہ ہو چُکا ہے اور دُنیا بھر میں زائرین کے مراکز اور ہَیکلوں کے احاطوں میں پایا جاتا ہے۔ کلِیسیا کی علامت میں اِس کی اَہمیت بتاتی ہے کہ مسِیح کو ہم سب کا مرکز ہونا چاہیے۔ اِسی طرح، نجات دہندہ کے پَھیلے ہُوئے بازُو اُس کے وعدے کی طرف اِشارہ کرتے ہیں کہ وہ اُن سب کو گلے لگائے گا جو اُس کے پاس آئیں گے۔ یہ علامت نجات دہندہ یِسُوع مسِیح کی محبّت کی بصری نمایندگی اور زِندہ مسِیح کی مُستقل یاد دہانی ہے۔
تجسُس کی وجہ سے، مَیں نے بُہت سے خاندانوں اور دوستوں سے کلِیسیا کی علامت کے ایک اہم عُنصر کے بارے میں دریافت کِیا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ بُہت سے لوگ اِس مُقدّس صفت سے واقف نہیں ہیں جو اِس میں موجُود ہے۔ یِسُوع مسِیح محراب کے نِیچے کھڑا ہے۔ یہ قبر سے باہر آنے والے جی اُٹھے نجات دہندہ کی نمایندگی کرتا ہے۔ ہم واقعی جی اُٹھے، زِندہ مسِیح، کا جشن مناتے ہیں، یہاں تک کہ کلِیسیا کی علامت کے اِستعمال میں بھی۔
اَفضل اور زیادہ مُقدّس اِیسٹر
اب آئیے اِیسٹر کی فضِیلت پر غَور کریں۔ اِیسٹر کے حوالہ سے حالیہ صدارتِ اَوّل کے پیغامات میں، ہمیں دعوت دی گئی ہے کہ ”اپنے زِندہ نجات دہندہ کے جی اُٹھنے کی خُوشی منائیں اُس کی تعلیمات کا مُطالعہ کریں اور اپنے مُعاشرہ میں اِکٹھے مِل کر اِیسٹر کی روایات قائم کرنے میں مدد کریں، خاص طور پر اپنے خاندانوں میں۔“ مختصراً، ہمیں اِیسٹر کے اعلیٰ و افضل اور مُقدّس جشن کو منانے کی ترغیب دی گئی ہے۔
مُجھے اِیسٹر کی بابت جاری و ساری مُکاشفہ پسند ہے اور مَیں اِیسٹر کو ایک مُقدّس اور پاک موقع بنانے کے لِیے آپ کی بُہت سی کوششوں کے لِیے ممنُون ہُوں۔ اِیسٹر سنڈے پر 60 مِنٹ کی عِشائے ربانی کی عِبادت کے اِنعقاد کے علاوہ، قابلِ احترام تقریبات کی دیگر مثالوں میں وارڈ اور سٹیک کے دُعائیہ پروگرام اور کھجُوروں کے اِتوار کے ساتھ ساتھ پاک ہفتہ کے دوران میں دُعائیہ پروگرام شامِل ہیں۔ اِن یادگاروں میں بچّوں اور نوجوانوں کے ساتھ سرگرمیاں شامِل ہیں اور اکثر بین المذاہب کوائرز کو شامِل کِیا جاتا ہے۔ بعض ”زِندہ مسِیح“ کی عِبادات اَراکین اور دوستوں کے گھروں میں مُنعقد کرتے ہیں اور اِیسٹر کی تقریبات بین الکلِیسیائی سطح پر مناتے ہیں۔
اِس طرح کی تقرِیبات یروشلِیم کے شہر میں اُن لوگوں کے ہجُوم کی عکاسی کرتی ہیں جِن کی آوازیں نجات دہندہ کے فاتحانہ داخلے پر اُس کی حمد و ستایش کرنے کے لِیے اِکٹھے ہُوئی تھیں۔ اِس اہم ترین تعطیل کو یادگار بنانے کے لِیے گھر پر خاندان کے طور پر عِبادت کرنے کی صدارتِ اَوّل کی دعوت پر آپ کے ردعمل کی اِطلاعات بھی اُتنی ہی مُتاثر کُن ہیں۔
مُجھے یقین ہے کہ اِیسٹر کے موقع پر خاندانی عِبادت میں نمایاں طور پر اِضافہ ہُوا ہے۔ دو برس پہلے، مَیں نے اِیسٹر کے احترام کے طریقے کو بہتر بنانے کے لِیے اپنے خاندان کے عزم کے بارے میں بات کی تھی۔ اِعتراف کے ساتھ، یہ کام ابھی تک جاری ہے۔ ہم نے ہمیشہ اِیسٹر والے اِتوار کے خصُوصی کھانے، اِیسٹر کی ٹوکریاں، اور اِیسٹر کے انڈوں کی تلاش سے لُطف اُٹھایا ہے، اور ہم اب بھی اَیسا کرتے ہیں۔ تاہم، ہمارے جشن میں یِسُوع مسِیح اور اُس کے کَفارہ پر توجہ مرکُوز کرنے والی سوچی سمجھی رُوحانی جہت کا اِضافہ کرنے سے اُن تمام مُقدّس ترین واقعات کی یادگاری میں خُوش گوار توازن آیا ہے۔
اِس برس اِیسٹر کو زیادہ مسِیح پر مرکُوز بنانے کی ہماری تِیسری کوشش ہوگی۔ کرسمس پر وِلادت اَلمسِیح کی طرح، ہمارے خاندانی اِیسٹر ڈے کے کھیل میں بُنیادی ملبُوسات، نئے عہد نامہ اور مورمن کی کِتاب سے صحیفوں کا مُطالعہ، حمدوثنا، اِیسٹر کی تصاویر، کھجُوروں کی ڈالیاں—اور تھوڑی سی افراتفری شامِل ہوتی ہے، اگر مَیں سچّ کہُوں۔ بچّوں اور پَوتے پَوتیوں کا کھجُوروں کے اِتوار ”ہوشعنا … مُبارک ہے وہ جو خُداوند کے نام سے آتا ہے، عالمِ بالا پر ہوشعنا“ کا نعرہ پڑھنا اور دُہرانا ”یہ یِسُوع … جو گلِیلی ہے“ بالکل ویسا ہی مُتعلقہ لگتا ہے جیسے کرِسمس کے موقع پر یہ کہنا کہ ”زمین پر، اور اُن آدمیوں میں جن سے وہ راضی ہے صُلح۔“
اب ہم تزُین و آرایش کے مرکب سے لُطف اندوز ہوتے ہیں۔ جو کبھی تقریباً صِرف خرگوش اور اِیسٹر کے انڈے تھے وہ اب کرِستُس اور خالی قبر کی تصاویر، قبر کے باہر باغ میں زِندہ نجات دہندہ کے ظاہر ہونے اور بنی نِیفی پر نجات دہندہ کے ظہُور کے ساتھ توازن ہو جاتا ہے۔ ہم اِیسٹر کو صِرف ایک دِن کی بجائے ایک تِہوار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم کھجُوروں کے اِتوار اور پاک جُمعہ اور پُورے مُقدّس ہفتہ کے دوران میں رُونُما ہونے والے مُقدّس واقعات کے بارے میں زیادہ باخبر، سوچ سمجھ کر اور جشن منانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اِیسٹر ہمیں یِسُوع مسِیح کی کَفارہ بخش قُربانی اور اُس کی حقِیقی اور خُوش گوار قیامت دونوں کا احترام کرنے کی اِجازت دیتا ہے۔ ہمارے دِل غمگِین ہوتے ہیں جب ہم باغ اور کلوری میں نجات دہندہ کے دُکھوں کا سوچتے ہیں، لیکن ہمارے دِل خُوشی سے بھر جاتے ہیں جب ہم خالی قبر اور آسمانی فرمان کا تُّصور کرتے ہیں کہ، ”وہ جی اُٹھا ہے!“
حقِیقی قیامت
حالیہ صدارتِ اَوّل کی حوصلہ اَفزائی کہ ”اِیسٹر اور یِسُوع مسِیح کے جی اُٹھنے کے مُنتظر رہنے—بنی نوع اِنسان کے لِیے تمام پیغامات میں سب سے زیادہ پُرفضل ہے“ جو اِس تہوار کی سرفرازی کو نُمایاں کرتا ہے۔ اگرچہ مُختلف مسِیحی ماہرین عِلمِ اِلہٰیات میں قیامت کو تمثِیلی اور علامتی لحاظ سے دیکھنے کا بڑھتا ہُوا رُجحان نظر آتا ہے، ہم اپنے عقِیدہ کی توثِیق کرتے ہیں کہ ”قیامت کا مطلب یہ ہے کہ جو بھی زِندہ رہے ہیں، دوبارہ زِندہ کیے جائیں گے، اور قیامت حقِیقی ہے۔“ ”اور جَیسے آدمؔ میں سب مَرتے ہیں وَیسے ہی مسِیح میں سب زِندہ کِیے جائیں گے۔“ یِسُوع مسِیح نے ہر جِیتی جان کے لِیے موت کے بندھنوں کو توڑا ہے۔
ہم واقعی یِسُوع کے اِس فضل پر حیران ہیں جو وہ ہمیں عطا کرتا ہے۔ ہم اُس کی بات کو قبول کرتے ہیں کہ ”اِس سے زِیادہ محبّت کوئی شخص نہیں کرتا کہ اپنی جان اپنے دوستوں کے لِیے دے دے۔“
سی اَیس لوِیس نے بیان کِیا کہ ”مسِیحیت کی مُنادی کرنے کا مطلب [رَسُول ہونا] بُنیادی طور پر قیامت کا پرچار کرنا تھا۔ … اَعمال میں بیان کِیے گئے ہر مسِیحی وعظ میں قیامت مرکزی موضُوع ہے۔ قیامت، اور اُس کے نتائج، وہ ’اِنجِیل‘ یا خُوش خبری تھی جو مسِیحی لائے تھے۔“
مَیں اِعلان کرتا ہُوں کہ ”قیامت کی بدولت، … قبر کو کوئی فتح نہیں، اور مسِیح میں موت کا ڈنک مغلُوب ہو گیا ہے۔“
نتِیجہ اور گواہی
آخِر میں، مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ وہ تمام لوگ جو ہمارے زِندہ نبی اور اُن کے مُشِیروں کی طرف سے دعوتوں کو قبُول کرتے ہیں اور زیادہ سوچ سمجھ کر اِن مُقدّس واقعات کو یاد کرتے ہیں جِن کی اِیسٹر نمایندگی کرتا ہے، یہ محسُوس کریں گے کہ یِسُوع مسِیح کے ساتھ اُن کا رِشتا مزید مضبُوط ہوتا جا رہا ہے۔
ابھی چند دِن پہلے، مَیں نے کسی دادی کے بارے میں جانا جِس نے اپنے چار سالہ پوتے کے ساتھ اِیسٹر کی کہانی کو قبر، وہ پتّھر جِس نے قبر کو ڈھانپ رکھا تھا، یِسُوع، مریم، شاگِردوں اور فرِشتہ کی سادہ تصویروں کی مدد سے بیان کِیا تھا۔ چھوٹا لڑکا غَور سے دیکھتا اور سُنتا تھا جب اُس کی دادی نے قبر میں دفنانے، بند کرنے اور کھولنے اور قیامت کے باغیچہ کا منظر بیان کِیا تھا۔ اِس کے بعد اُس نے حیرت انگیز تفصِیل کے ساتھ کہانی کو اَحتیاط سے اپنے والدین کو دوبارہ سُنایا جب اُس نے خُود تصویروں کا جائزہ لِیا۔ اِس خُوب صُورت لمحہ کے بعد، اُس سے پُوچھا گیا کہ کیا وہ جانتا ہے کہ ہم اِیسٹر کیوں مناتے ہیں۔ لڑکے نے اُوپر دیکھا اور بچّوں جیسی معصُومِیّت کے ساتھ جواب دیا، ”کیوں کہ وہ زِندہ ہے۔“
مَیں اپنی گواہی کو اُس کی—اور آپ کی اور فرِشتوں اور نبِیوں کی گواہی میں شامِل کرتا ہُوں—کہ وہ جی اُٹھا ہے اور وہ زِندہ ہے، جس کی مَیں گواہی دیتا ہُوں، یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔