مجلسِ عامہ
موعُودہ شاگِردی کے وسیلے شادمانی
مجلسِ عامہ اپریل 2025


10:58

موعُودہ شاگِردی کے وسیلے شادمانی

جب ہم اپنے آپ کو موعُودہ شاگِردوں کے طور پر عمل کرنے کے لیے باندھتے ہیں، تو باپ اور بیٹے کے ساتھ ہمارا رِشتہ مضبُوط ہوتا ہے، ہماری خُوشی بڑھتی ہے، اور ہمارا اَبَدی تناظُر وُسعت پاتا ہے۔

ایک دِن 2023 میں، اُویانگا التانسخ شُمالی منگولیا کے شہر دارخان میں کام پر تھی جب منگولیا کا صدرِ مِشن اُس کے کام کی جگہ پر داخِل ہُوا۔ اُس کے اَلفاظ میں:

”مَیں نے اُسے دیکھا اور سوچا کہ اُس کے چہرے پر اِک روشن نُور تھا۔ وہ اپنے آس پاس کے لوگوں کے ساتھ بےحد مہربان اور خُوش اِخلاق تھا، اور مَیں نے گرم جوشی محسُوس کی۔ اُس کے جانے سے پہلے، مَیں نے اُس سے کُچھ سوالات پُوچھے۔ چند دِن بعد، وہ دوبارہ میرے کام کی جگہ پر آیا اور مَیں نے پُوچھا کہ آیا مَیں اُس کی کلِیسیا کی عِبادت میں شِرکت کر سکتی ہُوں۔ مَیں نے سوچا یہ مددگار ہو سکتا ہے۔ مَیں اپنے بچّوں کے مُستقبل کے لیے پریشان تھی، جب کہ مُعاشرہ دباؤ اور تاریکی سے بھرپُور لگتا تھا۔ مَیں چاہتی تھی کہ میرے بچّے اُس شخص کی مانِند بنیں جس کے چہرے پر نُور ہو، جو اپنے اِردگِرد کے لوگوں میں خُوشیاں پھیلائے۔

”ایک روز مِشنریوں نے ہمیں دہ یکی کا قانُون سِکھایا۔ میرے بچّوں نے بڑے جوش سے کہا، ’ماّں، ہمیں اپنی دہ یکی ضرُور دینی چاہیے۔‘ مَیں اُس لمحے اپنے بچّوں کے اِیمان کو دیکھ سکتی تھی۔ کلِیسیا میں شامِل ہونے سے پہلے، مَیں نے مجلسِ عامہ دیکھی اور صدر رسل ایم نیلسن کا کلام سُنا۔ اُنھوں نے پُوری دُنیا میں نئی ہَیکلوں کا اِعلان کِیا اور کہا کہ منگولیا کے شہر اولان باتر، میں نئی ہَیکل تعمیر کی جائے گی۔ مَیں شادمان ہُوئی اور آنسُو بہائے، حتیٰ کہ مَیں نہیں جانتی تھی کہ کیوں۔ اِس خُوشی کے ساتھ، مَیں بتا سکتی تھی کہ میرا اِیمان اور گواہی بڑھ رہے تھے۔“

اُویانگا، لاکھوں دُوسروں کی مانِند، یِسُوع مسِیح کی آمدِ ثانی کی تیاری کے لیے اِسرائیل کے عظیم اِجتماع کا حِصّہ ہے۔ اُس نے عہد کی راہ پر سفر شُروع کر دِیا ہے اور مسِیح کی شاگِردہ بن گئی ہے۔ شاگِردِ مسِیح ہونے سے کیا مُراد ہے؟ مُجھے شاگِرد کے لیے جاپانی لفظ—دیشی بُہت پسند ہے—جس میں دے کا مطلب چھوٹا بھائی، اور شی کا مطلب بچّہ ہے۔

یِسُوع مسِیح نے اِعلان کِیا، ”مَیں اِبتدا میں باپ کے ساتھ تھا، اور مَیں پہلوٹھا ہُوں۔“ کیوں کہ وہ جو ہے اور جو اُس نے کیا کِیا ہے، ہم اُس کی عِبادت کرتے ہیں، ہم اُس کی تعظیم کرتے ہیں، ہم اُس کی ستایش کرتے ہیں، اور ہم اُس کی پیروی کرتے ہیں۔ مسِیح نے ہمیں مُخلصی دی ہے، اور ہم اُس کی لامحدُود اور کفّارہ بخش قُربانی کے لیے ہمیشہ کے لیے شُکرگُزار ہیں۔

ہمارا آسمانی باپ ہے، جو ہم سے اپنے بچّوں کی طرح پیار کرتا ہے۔ اُس کی محبّت ہمارے واسطے کامِل ہے۔ یِسُوع مسِیح اور اُس کا مِشن ہمارے واسطے خُدا کی محبّت کی وضاحت کرتا ہے۔ جیسے یُوحنّا نے لِکھا، ”کِیُوں کہ خُدا نے دُنیا سے اَیسی محبّت رکھّی، کہ اُس نے اپنا اِکلَوتا بَیٹا بخش دِیا، تاکہ جو کوئی اُس پر اِیمان لائے ہلاک نہ ہو، بلکہ ہمیشہ کی زِندگی پائے۔“

جو ہم نہیں جانتے اُسے سمجھنے کی جُستجُو میں، بعض اوقات ہم اپنے جانے پہچانے فانی تجربات، یا وہ چیزیں جن کو ہم جانتے ہیں اُن پر اِنحصار کر سکتے ہیں۔ مِثال کے طور پر، ہم اپنے والدین ہونے کے تجربے اور فانی خاندانی تعلقات کے ذریعے خُدا باپ کو کسی حد تک جان سکتے ہیں۔ تاہم، ہمیں اپنے آسمانی باپ کو سمجھنے کی کوشِش میں اُن موازنوں کو بُہت زیادہ لاگُو کرنے میں مُحتاط رہنا چاہیے۔ خُدا باپ کی صِفات کسی بھی گُناہگار شخص کی ناکامِل صِفات سے کہیں زیادہ بالاتر ہیں۔ خُدا باپ کامِل باپ ہے۔ وہ کامِل طور پر محبّت کرنے والا، مہربان، صابر، اور فہم و اِدراک کرنے والا اور کامِل طور پر جلالی ہے۔ ہم کامِل طور پر اُس پر بھروسا کر سکتے ہیں۔ مسِیح کی محبّت خُدا باپ کی محبّت کی عکاسی کرتی ہے اور اِس محبّت کی نُمایندگی کرتی ہے۔

یِسُوع مسِیح نہ محض نمُونہ بلکہ وسیلہ بھی ہے۔ مسِیح میں، ہم باپ اور اُس کے منصُوبے کی کامِل صِفات کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔ مسِیح کے وسیلے، ہمیں نفسانی آدمیوں اور عورتوں کے رُجحانات پر غالِب آنے کی قُدرت بخشی گئی ہے تاکہ ہم مزید باپ کی مانِند بن سکیں۔

بالکل ہمارے آسمانی باپ کی طرح، یِسُوع مسِیح کامِل طور پر رحیم اور عادِل ہے۔ اِنصاف اور رحم کی اِن اِلہٰی صِفات میں تضاد نہیں ہے۔ یہ ایک دُوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ اِنصاف اور رحم دونوں خُدا کی اپنے بچّوں سے کامِل محبّت کی وضاحت کرتے ہیں۔ ہم خُدا باپ اور یِسُوع مسِیح پر بھروسا کر سکتے ہیں کیوں کہ وہ ہم سب کے ساتھ عادِل اور مُنصفانہ ہیں۔

خُدا باپ اور اُس کا بیٹا، یِسُوع مسِیح، کامِل طور پر مقصد اور محبّت میں ہم آہنگ ہیں۔ چُوں کہ خُدا اور یِسُوع مسِیح ہم سے محبّت کرتے ہیں، ہمیں حقیقی شاگِردوں کی حیثیت سے اُن کے ساتھ عہُود باندھنے کا موقع اور اعزاز بخشا جاتا ہے۔ ہمارا اَیسا کرنے سے، مسِیح کے ساتھ ہمارے تعلقات کو وُسعت دی جاتی ہے: ”اور اَب، اِس عہد کے سبب جو تُم نے کِیا ہے تُم مسِیح کے بچّے کہلاؤ گے، اُس کے بیٹے، اور اُس کی بیٹیاں، کیوں کہ دیکھو، تُم رُوحانی طور پر اُس سے پیدا ہُوئے ہو، چُوں کہ تُم کہتے ہو کہ اُس کے نام پر اِیمان کے سبب تُمھارے دِل تبدیل ہُوئے ہیں؛ سو، تُم اُس سے پیدا ہُوئے ہو اور اُس کے بیٹے اور بیٹیاں بن گئے ہو۔“

شاگِردوں کی حیثیت سے، جب ہم مُقدّس عہُود باندھتے اور اُن پر قائم رہتے ہیں، تو ہمیں رُوحانی قُوت سے فیض یاب کِیا جاتا ہے۔ ہم مسِیح اور خُدا باپ سے ایک خاص رِشتے میں جُڑے ہُوئے ہیں اور اپنے واسطے مخصُوص پیمانہ میں اُن کی محبّت اور خُوشی کا تجربہ کر سکتے ہیں جِنھوں نے عہُود باندھے اور اُن پر کاربند رہے ہیں۔ خُدا کی محبّت کے مُکمل پیمانہ کو محسُوس کرنے، یا اُس کی محبّت میں قائم رہنے کی ہماری صلاحیت، ہماری راست خواہشات اور اعمال پر مُنحصر ہے۔

یُوحنّا، 15 باب، 9 آیت میں، ہم پڑھتے ہیں، ”جیسے باپ نے مُجھ سے محبّت رکھی، ویسے ہی مَیں نے تُم سے محبّت رکھی۔“ اور پھر ہمیں دعوت دی جاتی ہے کہ، ”تُم میری محبّت میں قائم رہو۔“

اگلی آیت میں، ہمیں اُس کی محبّت میں قائم رہنے کا طریقہ بتایا گیا ہے: ”اگر تُم میرے حُکموں پر عمل کرو گے، تو میری محبّت میں قائِم رہو گے؛ جَیسے مَیں نے اپنے باپ کے حُکموں پر عمل کِیا ہے، اور اُس کی محبّت میں قائِم ہُوں۔“

پھر ہم آیت 11 میں حُکموں پر عمل کرنے کا مقصد دیکھتے ہیں: ”مَیں نے یہ باتیں اِس لیے تُم سے کہی ہیں کہ میری خُوشی تُم میں ہو اور تُمھاری خُوشی پُوری ہو جائے۔“

حقیقی موعُودہ شاگِردی کے ذریعے، ہم خُدا کی فِطرت اور اُس خُوشی کو بہتر طور پر سمجھنا شُروع کر سکتے ہیں جس کا وہ چاہتا ہے کہ اُس کے تمام بچّے تجربہ کریں۔ ہم چند اُصُولوں کو بھی سمجھنا شُروع کر سکتے ہیں جو پہلے پہل اُلجھا دینے والے لگ سکتے ہیں۔ مِثال کے طور پر، جب اُس کے بعض بچّے شدید تکلیف میں ہوتے ہیں تو خُدا کیسے خُوشی کی معمُوری پا سکتا ہے؟ جواب خُدا کے کامِل تناظُر اور اُس کے کامِل منصُوبے میں موجود ہے۔ وہ ہمیں اِبتدا سے لے کر ہمارے پُرجلال مُمکنہ مُستقبل تک دیکھتا ہے۔ اُس نے اپنے بیٹے، یِسُوع مسِیح، کے وسیلے سے ہم سب، یعنی اپنے بچّوں کے واسطے، ہماری فانیت کے دُکھوں، تکلیفوں، گُناہوں، پشیمانیوں، اور تنہائیوں پر غالِب آنے کی راہ مُہیا کی ہے۔ خُدا نے ہمارے واسطے راہ اور اِنتخاب دونوں مُہیا کِیے ہیں۔

اُن لوگوں کی مِثالیں جو شاگِردی کے ذریعے خُوشی کا تجربہ حاصِل کر چُکے ہیں وہ اِس تصور کو بہتر طور پر سمجھنے میں ہماری مُعاونت کر سکتے ہیں۔ شاید آپ نے یہ فِقرہ سُنا ہو گا کہ ہم صِرف اُتنے ہی خُوش ہیں جتنا ہمارا سب سے ناخُوش بچّہ۔ مَیں نے دیکھا ہے کہ اَیسا ہی ہونا ضرُوری نہیں ہے۔ میری 94 سالہ والدہ کی 200 سے زائد حیات آل اولاد ہے۔ کسی بھی وقت میں، 200 میں سے کم اَز کم ایک ناخُوش ہو گا۔ اگر یہ بیان دُرست ہوتا، تو میری والدہ دائمی ناخُوشی کی کیفیت میں مبتلا ہوتی، مگر وہ اَیسی نہیں ہے۔ وہ جو اُنھیں جانتے ہیں اُنھیں پتہ ہے کہ وہ کتنی خُوش مِزاج ہیں۔

اَب مَیں ایک اور تجربہ بیان کرنا چاہُوں گا۔ جنوری 2019 میں، مُجھے اور میری اہلیہ، ڈیبی، کو صدر نیلسن کے دفتر میں مدعُو کِیا گیا۔ اُنھوں نے ہمارے قریب ایک کُرسی رکھی تھی، اور ہم تقریباً گھُٹنے سے گھُٹنہ مِلا کر بیٹھے تھے۔ ہماری موجُودہ بُلاہٹ ہمیں دینے کے بعد، صدر نیلسن نے ڈیبی کی طرف رُخ کِیا اور توجہ اُس پر مرکُوز کی۔ وہ بالکل ایک کامِل باپ یا دادا کی مانِند، شفیق، پیار کرنے والے، نرم دِل، اور خُوشی سے معمُور تھے۔ اُنھوں نے ڈیبی کا ہاتھ تھام کر تھپتھپایا، اُسے یقین دِلاتے ہُوئے کہ سب ٹھیک ہو گا اور کہ ہمارا خاندان فیض یاب ہو گا۔ اُس لمحے ہمیں اَیسا لگا کہ جیسے ہم اُن کے لیے سب سے اَہم لوگ تھے اور کہ اُن کے پاس ہمارے لیے بُہت زیادہ وقت تھا۔ اُس جُمعہ بعد اَز دوپہر ہم اُن کے دفتر سے یقین دِہانی، محبّت، اور شادمانی محسُوس کرتے ہُوئے نِکلے۔

پیر کے روز ہم نے خبریں دیکھیں۔ اُسی دِن جب صدر نیلسن نے ہمارے ساتھ وقت گُزارا تھا، اُن کی بیٹیوں میں سے ایک بیٹی کینسر کے باعث وفات پا گئی تھی۔ ہم حیران رہ گئے۔ جب ہم اُن کے اور اُن کے خاندان کے لیے ماتم کر رہے تھے تو ہمارے دِل بھر آئے۔ اپنی بیٹی کے دُکھ میں مُبتلا ہونے کے باوجُود اُنھوں نے ہمیں مِثلِ مسِیح توجہ دی جس کے باعث ہمارے دِل شُکرگُزاری سے بھی معمور ہو گئے تھے۔

جب ہم نے اِس تجربے پر غور و خوض کِیا، تو ہم نے اپنے آپ سے پُوچھا، ”اَیسے مُشکل وقت میں بھی وہ کیسے اِتنے مہربان، پیار کرنے والے، اور حتیٰ کہ شادمان ہو سکتے ہیں؟“ جواب یہ ہے کہ وہ جانتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ مسِیح فاتح ہُوا ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ وہ دوبارہ اپنی بیٹی سے مِلیں گے اور اَبَدیت میں اُس کے ساتھ رہیں گے۔ شادمانی اور اَبَدی تناظُر مُنّجی کے ساتھ عہُود باندھنے اور اُن پر قائم رہنے اور مِثلِ مسِیح شاگِردی کے وسیلے سے آتے ہیں۔

صدر نیلسن نے سِکھایا ہے کہ: ”جس طرح نجات دہندہ اِطمِینان دیتا ہے وہ ’سمجھ سے بالکل باہر ہے‘ [فِلپیوں 4:‏7]، وہ شادمانی کی شِدت، گہرائی، اور وُسعت بھی فراہم کرتا ہے جو اِنسانی منطق یا فانی فہم کا اِنکار کرتی ہے۔ مثال کے طور پر، جب آپ کا بچّہ کسی لاعلاج بیماری میں مُبتلا ہو یا جب آپ اپنی ملازمت سے محرُوم ہو جائیں یا جب آپ کا شریک حیات آپ کو دھوکا دے تو خُوشی محسُوس کرنا مُمکن نہیں لگتا۔ اِس کے باوجُود یہ بالکل وہی خُوشی ہے جو نجات دہندہ دیتا ہے۔“

جب ہم عہُود باندھتے اور اُن پر قائم رہتے ہیں، تو ہم فِطری طور پر دُوسروں کی طرف مائل ہوں گے اور دُوسروں کو اپنے عہد کے تعلقات سے حاصِل ہونے والی خُوشی اور محبّت کو محسُوس کرنے میں مدد کرنے کی آرزُو رکھیں گے۔ ہم آج زمین پر سب سے بڑے مقصد کا حِصّہ بن سکتے ہیں—یعنی اِسرائیل کو اِکٹھا کرنا۔ ہم اُمّتِ خُدا کو مسِیح کے پاس لانے میں مدد کر سکتے ہیں۔ جیسا نبی یعقُوب نے سِکھایا، ”اور تُم مُبارک ہو؛ اِس سبب سے کہ تُم میرے ساتھ میرے تاکِستان میں جاں فِشانی سے محنت و مُشقت کرتے رہے ہو، اور میرے حُکموں کو مانا ہے، اور میرے پاس دوبارہ قُدرتی پھل لائے ہو، … میرے تاکِستان کے پھل کے سبب سے تُم میرے ساتھ خُوشی مناؤ گے۔“

جب ہم اپنے آپ کو موعُودہ شاگِردوں کے طور پر عمل کرنے کے لیے باندھتے ہیں، اپنی صلاحیت کی کسی بھی سطح میں، تو باپ اور بیٹے کے ساتھ ہمارا رِشتہ مضبُوط ہوتا ہے، ہماری خُوشی بڑھتی ہے، اور ہمارا اَبَدی تناظُر وُسعت پاتا ہے۔ پھر ہم قُدرت سے نوازے جاتے ہیں اور خُدا کے سچّے موعُودہ شاگِردوں کے لیے مخصُوص کِیے گئے پیمانہ سے خُوشی محسُوس کر سکتے ہیں۔ یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام میں، آمین۔

حوالہ جات

  1. عقائد اور عہُود 93:‏21۔

  2. دیکھیں متّی 1:‏21؛ 2 نِیفی 2:‏6۔

  3. یُوحنّا 3:‏16۔

  4. مُضایاہ 5:‏7۔

  5. مُلاحظہ کریں رِسل ایم نیلسن ”لازوال عہد،“ لیحونا، اکتوبر 2022، 4–11۔

  6. دیکھیں ڈیل جی رینلنڈ، ”خُدا کی محبّت کا تجربہ کریں“ (بریگھم ینگ یُونی ورسٹی کی عِبادت، 3 دِسمبر، 2019)، speeches.byu.edu۔

  7. یُوحنّا 15:‏9–11۔

  8. دیکھیں ایلما 7:‏11–13۔

  9. رسل ایم نیلسن، ”خُوشی اور رُوحانی بقا،“ لیحونا، نومبر 2016، 82۔

  10. دیکھیں رِسل ایم نیلسن، ”اِسرائِیل کی آس“ (نوجوانوں کے لیے عالم گِیر عِبادت، 3 جُون، 2018)، گاسپل لائبریری۔

  11. یعقُوب 5:‏75۔

  12. دیکھیں ”حیسد، خُدا کی موعُودہ محبّت، ہَیکلیں تعمیر کرنے اور رُسُوم اَدا کرنے کا سبب ہے: صدر رسل ایم نیلسن کی طرف سے ہدایات،“ مجلسِ عامہ کا قیادتی اِجلاس، اکتوبر 2024، گاسپل لائبریری۔