مجلسِ عامہ
توکّل خُدا کی حُضُوری میں
مجلسِ عامہ اپریل 2025


11:59

توکّل خُدا کی حُضُوری میں

جب ہم جاں فِشانی سے محبّت اور نیکی سے اپنی زِندگیوں کو معمُور کرنے کے مُشتاق ہوتے ہیں، تو خُدا کے پاس آنے سے ہمارا توکّل بڑھ جائے گا۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، مَیں آج اِس اَہم مجلِسِ عامہ میں آپ سے کلام کرنے کے لِیے شُکر گُزار ہُوں۔ میری آنکھیں بُوڑھی ہوتی جا رہی ہیں۔ میرے پیغام کے دوران میں اِس بات کو برداشت کرنے کا شُکریہ۔

ہم کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام میں زبردست تیز رفتاری کے دَور میں رہتے ہیں۔ بُہت سارے شُعبوں میں ترقی دیکھ کر مَیں خُوشی سے بھر گیا ہُوں۔

مَیں خاص طور پر اپنے نوجوانوں سے مُتاثر ہُوں۔ وہ بڑی خاصی تعداد میں خِدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ اپنے باپ دادا کا سُراغ لگا رہے ہیں اور ہَیکل میں رُسُوم اَدا کر رہے ہیں۔ ہمارے نوجوان مرد اور خواتین مُنادی کی خِدمت کے لیے کثِیر تعداد میں درخواستیں جمع کرا رہے ہیں۔ اُبھرتی ہُوئی نسل یِسُوع مسِیح کے بہادُر پیروکاروں کے طور پر اُٹھ رہی ہے۔

صدر نیلسن اپنی پڑنواسی کے ساتھ

حال ہی میں مَیں ننھی پڑنواسی سے مِلنے گیا۔ جب مَیں اُن مسائل پر غَور کرتا ہُوں جن سے وہ اپنی زِندگی میں دوچار ہوگی، تو مُجھے شِدت سے احساس ہوتا ہے کہ یِسُوع مسِیح پر اِیمان کی تعمِیر کرنے میں اُس کی مدد کرُوں۔ اُس کی اِنجِیل کے مُطابق زِندگی گُزارنا اِس کی مُستقبل کی خُوشی کے لیے ضرُوری ہے۔

وہ، ہم میں سے ہر ایک کی طرح، مسائل کا سامنا کرے گی۔ ہم سب بیماری، مایُوسی، آزمایش اور نقصان کا سامنا کریں گے۔ یہ مسائل ہماری خُود توکّلی کو ٹھوکر مار سکتے ہیں۔ بہرکیف، یِسُوع مسِیح کے شاگِردوں کو ایک مُختلف قِسم کے توکّل تک رسائی حاصِل ہے۔

جب ہم خُدا کے ساتھ عہُود باندھتے اور اُن پر قائم رہتے ہیں، تو ہم وہ توکّل پا سکتے ہیں جو رُوح سے پَیدا ہوتا ہے۔ خُداوند نے نبی جوزف سمتھ کو بتایا کہ ہمارا توکّل ”خُدا کی حُضُوری میں زیادہ مضبُوط ہو گا۔“ خُدا کی حُضُوری میں توکّل پانے کے اِطمِینان کا تصُّور کریں!

جب مَیں خُدا کی حُضُوری میں توکّل پانے کی بات کرتا ہُوں، تو میری مُراد خُدا کے پاس آ کر توکّل پانا ہے اِسی وقت! مَیں توکّل کے ساتھ دُعا کرنے کا ذِکر کر رہا ہُوں کیوں کہ آسمانی باپ ہماری سُنتا ہے، اِس لِیے کہ وہ ہماری ضرُوریات کو ہم سے بہتر سمجھتا ہے۔ مَیں اِس توکّل کا حوالہ دے رہا ہُوں کہ وہ ہماری سوچ سے زیادہ ہم سے پیار کرتا ہے، کہ وہ فرِشتوں کو بھیجتا ہے جو ہمارے ساتھ اور اُن کے ساتھ ہوں جِن سے ہم محبّت کرتے ہیں۔ میری مُراد اَیسا توکّل پانا ہے کہ وہ ہم میں سے ہر ایک کو ہماری بُلند ترین صِلاحیتوں تک پُہنچنے میں مدد کرنا چاہتا ہے۔

اب، ہم اَیسا توکّل کَیسے پا سکتے ہیں؟ خُداوند اِس سوال کا جواب اِن اَلفاظ میں دیتا ہے: ”تیرے رحم بھی سارے آدمیوں … کے لیے محبّت سے بھرے رہیں، … اور نیکی تیرے خیالوں کو پیہم سُنوارتی رہے؛ تب تیرا توکّل خُدا کی حُضُوری میں زیادہ مضبُوط ہو گا۔“

یہی وہ کلِید ہے! خُداوند کے اپنے الفاظ میں، محبّت اور نیکی خُدا کی حُضُوری میں توکّل پانے کی راہ کھولتے ہیں! بھائیو اور بہنو، ہم اَیسا کر سکتے ہیں! ہمارا توکّل واقعی خُدا کی حُضُوری میں زیادہ مضبُوط ہو سکتا ہے، اِسی وقت!

آئیے محبّت اور نیکی دونوں پر غَور کریں۔

پہلے، محبّت۔ دو برس پہلے، مَیں نے ہم سے، یِسُوع مسِیح کے عہد کو ماننے والوں کی حیثیت سے، صالحِین بننے کے لیے کہا تھا۔ جو مَیں نے اُس وقت کہا تھا پِھر کہتا ہُوں: ”غُصّہ کبھی قائل نہیں کرتا۔ عداوت کسی کی خیراَندیش نہیں ہوتی۔ تفِرقہ بازی کبھی موثّر حل کی طرف نہیں لے جاتی۔“

سب اِنسانوں کے ساتھ حقِیقی محبّت صالحِین کا شیوہ ہے! یہ لازِم ہے کہ ہماری اپنی گُفت گُو میں محبّت برقرار رہے، عوامی اور نجی دونوں میں۔ مَیں آپ میں سے اُن کا شُکریہ اَدا کرتا ہُوں جِنھوں نے میری پِچھلی نِصیحت کو سِینے سے لگایا۔ لیکن ہم اب بھی بہتر کر سکتے ہیں۔

عوامی بات چِیت اور سوشل میڈیا پر موجُودہ دُشمنی تشوِیش ناک ہے۔ نفرت اَنگیز اَلفاظ مُہلک ہتھیار ہیں۔ فِتنہ و فساد رُوحُ القُدس کو ہمارا دائمی رفِیق بننے سے روکتا ہے۔

یِسُوع مسِیح کے پیروکاروں کی حیثیت سے، ہمیں صالحِین کے طور پر راہ نُمائی کرنی چاہیے۔ جب محبّت ہماری فِطرت کا حِصّہ بن جاتی ہے، تو ہم میں دُوسروں کو نِیچا دِکھانے کا ہَیجان ختم ہو جائے گا۔ ہم دُوسروں کی عیب جوئی کرنا چھوڑ دیں گے۔ ہم زِندگی کے تمام شُعبوں سے تعلُق رکھنے والوں سے محبّت رکھیں گے۔ سب اِنسانوں سے محبّت ہماری ترقی کے لیے ضرُوری ہے۔ محبّت سِیرتِ اِلہٰی کی بُنیاد ہے۔

آئیے ہم اپنے آسمانی باپ سے فریاد کریں کہ ہمارے دِلوں کو کثرتِ محبّت سے بھر دے—خاص طور پر اُن لوگوں کے لِیے جن سے محبّت کرنا مُشکل ہے—کیوں کہ محبّت ہمارے آسمانی باپ کی طرف سے یِسُوع مسِیح کے سچّے پیروکاروں کے لیے نعمت ہے۔ نجات دہندہ سلامتی کا شہزادہ ہے۔ ہمیں صُلح کے لیے اُس کے وسِیلہِ کار بننا ہے۔

اَب آئیے ہم نیکی کی بات کرتے ہیں۔ خُداوند ہمیں کہتا ہے کہ ہم اپنے خیالات کو پیہم نیکی سے سُنواریں۔ تصُّور کریں کہ جب آپ کسی بھی مُثبت خیال کو نیکی کے ساتھ آراستا کرتے ہیں، تو آپ کو کِس قدر فروغ مِلے گا۔ نیکی ہر شَے کو بہتر اور خُوش گوار بناتی ہے! اِس کے برعکس، جب آپ نیکی کو کسی ناپاک خیال، ظالمانہ سوچ، یا مایُوس کُن فِکر کے ساتھ مِلاتے ہیں، تو سوچیں کہ کیا ہو گا۔ نیکی اُن خیالات کو پچھاڑ دے گی۔ نیکی آپ کو مایُوس کُن، پریشان کُن خیالات سے آزاد کر دے گی۔

بھائیو اور بہنو، جَیسے جَیسے دُنیا بدی میں بڑھ رہی ہے، ہمیں تیزی سے پاکیزگی میں بڑھنے کی ضرُورت ہے۔ ہمارے خیالات کو، باتوں کو، اور اَعمال کو اِنتہائی وفاداری سے خیر خواہ ہونے، اور سب اِنسانوں کے لِیے مسِیح کے سچّے عِشق سے معمُور ہونے کی ضرُورت ہے۔ ہمارے سامنے شان دار موقع یہ ہے کہ وہ لوگ بنیں جو خُدا چاہتا ہے کہ ہم بنیں۔

خُداوند کے گھر میں باقاعدگی سے عِبادت کرنے سے نیکی اور محبّت دونوں کی ہماری صِلاحیتوں میں اِضافہ ہوتا ہے۔ یُوں، ہَیکل میں گُزارا ہُوا وقت خُداوند کی حُضُوری میں ہمارا توکّل بڑھاتا ہے۔ ہَیکل میں زیادہ گُزارا گیا وقت ہمارے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کی دُوسری آمد کے لیے ہمیں تیار ہونے میں مدد کرے گا۔ ہم اُس کے آنے کا دِن یا گھڑی نہیں جانتے۔ لیکن مَیں جانتا ہُوں کہ خُداوند مُجھے اِس ”بزُرگ اور ہَولناک دِن“ کے لِیے پُرزور ترغِیب دے رہا ہے تاکہ ہم تیار ہو جائیں۔

جب ہم جاں فِشانی سے محبّت اور نیکی سے اپنی زِندگیوں کو معمُور کرنے کے مُشتاق ہوتے ہیں، تو خُدا کے پاس آنے سے ہمارا توکّل بڑھ جائے گا۔ مَیں آپ کو دعوت دیتا ہُوں کہ خُداوند کی حُضُوری میں اپنے توکّل کو بڑھانے کے لِیے دانِستہ اقدامات اُٹھائیں۔ پِھر، جَیسے جَیسے ہم بڑھتے ہُوئے توکّل کے ساتھ اپنے آسمانی باپ کے پاس جائیں گے، تو ہم مزید خُوشی سے معمُور ہو جائیں گے، اور یِسُوع مسِیح پر آپ کا اِیمان بڑھے گا۔ ہم رُوحانی قُدرت کا تجُربہ کرنا شرُوع کر دیں گے جو ہماری سب سے بڑی اُمِّیدوں سے بھی بڑھ کر ہے۔

ہم حالیہ برسوں میں ہَیکلوں کی تعمِیر میں تیزی لانے کے لِیے خُداوند کے شُکر گُزار ہیں۔ اُس کی زیرِ ہدایت، آج ہم اِن 15 مقامات میں سے ہر ایک پر ہَیکل بنانے کے منصُوبوں کا اِعلان کرتے ہیں:

  • رینوسا، میکسِیکو

  • کوریلوس، پیرُو

  • رویرا، یوراگوئے

  • کیمپو گرانڈے، برازیل

  • پورٹو، پُرتگال

  • اویو، نائیجیریا

  • سان ہوزے ڈیل مونٹی، فلپائن

  • نومیا، نیو کیلی ڈونیا

  • لیورپُول، آسٹریلیا

  • کالڈویل، آئیڈا ہو

  • فلیگ اسٹاف، ایری زونا

  • ریپڈ سِٹی، ساؤتھ ڈکوٹا

  • گرِین وِیل ساؤتھ کیرولینا

  • نورفولک، ورجینیا

  • سپانِش فورک، یُوٹاہ

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح، اِسرائِیل کا مُخلصی دینے والا، اپنی، اِس کلِیسیا کی ہدایت فرماتا ہے۔ وہ دوبارہ آنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ہم بھی اُس کو قبُول کرنے کی تیاری کریں۔ اِس کے لِیے مَیں یِسُوع مسِیح کے نام سے دُعا کرتا ہُوں، آمین۔

حوالہ جات

  1. چھوٹا پتّھر جِس کو دانی ایل نبی نے آخِری ایّام کی بابت اپنے خواب میں دیکھا تھا وہ ”تمام زمِین میں پَھیل گیا ہے“ (دیکھیے دانی ایل 2:‏31–45؛ عقائد اور عہُود 65:‏2)۔

  2. عقائد اور عہُود 121:‏45۔

  3. ”پَس مَیں تُمھارے آگے آگے جاؤں گا۔ مَیں تُمھارے دائیں ہاتھ اور بائیں ہُوں گا، اور میرا رُوح تُمھارے دِلوں میں ہوگا، اور میرے فرِشتے تُمھارے چوگِرد، وہ تُمھیں ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے“ (عقائد اور عہُود 84‏:88

  4. عقائد اور عہُود 121‏:45، تاکِید اِضافی ہے؛ مزید دیکھیے آیت 46۔

  5. رسل ایم نیلسن، ”صالحین کی ضرُورت ہے،“ لیحونا، مئی 2023، 98۔

  6. دُوسروں کے ساتھ جھگڑا کرنے کا تہِیہ رُوحُ القُدس کی ہدایت کے بغَیر زِندگی گُزارنے کا فیصلہ ہے۔

  7. ہم نے ”سارے آدمیوں اور اَہلِ اِیمان کے گھرانے کے لیے“ محبّت رکھنی ہے (عقائد اور عہُود 121:‏45

  8. دُعا کرنے کا یہ مطلب ہے کہ ”اپنے دِل کی ساری طاقت کے ساتھ“ (مرُونی 7:‏48

  9. دیکھیے مرُونی 7:‏48۔

  10. دیکھیے یسعیاہ 9:‏6۔

  11. نبی جوزف سمتھ نے سِکھایا،”اگر [ہم] وہاں جانا چاہتے ہیں جہاں خُدا ہے تو، [ہم] خُدا کی مانِند بنیں، یا اُن اُصُولوں کو اپنائیں جو خُدا کے پاس ہیں“ (کلِیسیائی صدُور کی تعلیمات: جوزف سمِتھ [2007]، 72)۔ اِسی طرح، پولُس رسُول نے یہ تنبِیہ کی تھی کہ ہمیں چاہیے کہ ”ہم فضل کے تخت کے پاس دلیری سے چلیں، تاکہ ہم پر رحم ہو، اور وہ فضل حاصِل کریں جو ضرُورت کے وقت ہماری مدد کرے“ (عِبرانیوں 4:‏16

  12. دیکھیے متّی 24:‏36–37۔

  13. ملاکی 4:‏5؛ مزید دیکھیے صفنیاہ 1:‏14–18۔

  14. خُداوند نے ہمیں بتایا ہے کہ ”اِیمان، نیکی، معرفت، پرہیزگاری، صبر، برادرانہ رحم دِلی، دین داری، محبّت، حلیمی، [اور] جاں فِشانی کو یاد رکھو“ (عقائد اور عہُود 4:‏6)۔ جب ہم اَیسا کرتے ہیں، تو ہمارا توکّل بڑھے گا، اور پِھر، اُس کے اپنے اَلفاظ میں، جب تُم مانگو گے، تو تُم پاؤ گے۔ اور جب تُم کھٹکھٹاؤ گے، تو تُمھارے واسطے کھولا جائے۔ (دیکھیے عقائد اور عہُود 4:‏7۔)

  15. ہو سکتا ہے کہ ہم بِنیامِین بادِشاہ کی قَوم جَیسا تجُربہ پائیں: ”وہ اپنے گُناہوں کی مُعافی پا کر اور ضمیر کا اِطمینان پا کر خُوشی سے بھر گئے، اُس نہایت اِیمان کی بدولت جو یِسُوع مسِیح پر تھا جو آنے والا تھا“ (مضایاہ 4:‏3