مجلسِ عامہ
سب چِیزوں کی بحالی کا وقت
مجلسِ عامہ اپریل 2025


15:21

سب چِیزوں کی بحالی کا وقت

(اعمال 3:‏21)

سب سے افضل اور پُرجلال ”خُوش خبری“ وہ پیغام ہے کہ خُداوند یِسوع مسِیح نے آخِری ایّام میں اپنی اِنجِیل اور کلِیسیا کو بحال کِیا ہے۔

کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِین آخِری ایّام 195 برس پہلے آج کے دِن، 6 اپریل، 1830، کو مُنظم ہُوئی تھی۔

اِیمان داروں اور دوستوں کی ایک چھوٹی سی جماعت اِس اَہم اور خُوشی کے موقع پر جمع ہُوئی۔ جب عِشائے ربانی کی عِبادت ادا کی گئی، رُوحُ القُدس کی نعمت عطا کی گئی، کہانتی تقرّریاں ہُوئیں، اور یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی سچّائیوں کی مُنادی کی گئی تو رُوح بڑی کثرت سے تمام حاضرین کو برکت بخشنے کے لِیے نازِل ہُوا۔

اپنی کلِیسیا کو دوبارہ قائم کرنے میں، خُداوند نے مُکاشفہ کے وسِیلہ سے 24 سالہ جوزف سمِتھ کو زمِینی راہ نُما کی حیثیت سے مخصُوص کِیا: ”خُدا باپ کی مرضی، اور اپنے خُداوند یِسُوع مسِیح کے فضل سے کلِیسیا کا غیب بین، مترجم، نبی، یِسُوع مسِیح کا رَسُول، اور بُزرگ۔“

مَیں رُوحُ القُدس کی مدد کے لیے دِل کی گہرائیوں سے دُعا کرتا ہُوں کہ جب ہم دُنیا کی تارِیخ میں اِس واحد واقعہ کی اَہمیت اور جاری و ساری اَثرات پر غَور و فِکر کرتے ہیں۔

پہلی رویا

کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِین آخِری ایّام کی رسمی تنظیم مُعجزانہ تجربات کے سلسلے کی معراج تھی۔ اِن میں سے پہلا تجربہ 10 برس پہلے نیویارک کے بالائی حِصّہ میں ہُوا تھا۔

1820 کے موسمِ بہار میں، جوزف سمِتھ نامی ایک نوعُمر لڑکا اپنے گھر کے قریب جنگل میں دُعا کرنے گیا۔ اُس نے اپنی جان کی نجات کے بارے میں سوال کرنے تھے، اور وہ یہ ”جاننا چاہتا تھا کہ تمام [کلِیسیاؤں] میں سے کون سی راست تھی، تاکہ [اُسے] یہ معلُوم ہو جائے کہ کِس میں شامِل ہونا ہے۔“ جوزف کا توکَّل تھا کہ خُدا اُس کی دُعا کا جواب دے گا اور اُسے ہدایت فرمائے گا۔

براہِ کرم غَور کریں کہ جوزف نے محض یہ جاننے کے لیے دُعا نہیں کی کہ کیا راست ہے۔ بلکہ، اُس نے یہ جاننے کے لِیے دُعا کی کہ کیا راست ہے تاکہ وہ دُرست فیصلہ کر سکے۔ جوزف نے اِیمان کے ساتھ مانگا اور جو جواب اُس کو مِلے اُن کے مُطابق عمل کرنے کے لِیے پُرعزم تھا۔

”فروتنی کے ساتھ، ہم اِعلان کرتے ہیں کہ اُس کی [مخلصانہ] دُعا کے [اَثر] سے، خُدا باپ اور اُس کا بیٹا، یِسُوع مسِیح، جوزف پر ظاہر ہُوئے اور کلامِ مُقّدس میں پیش گوئی کے مطابق، ’ہر چیز کی بحالی‘ (اَعمال 3:‏21) کا باضابطہ آغاز کیا۔ اِس رویا میں، اُسے عِلم ہُوا کہ اِبتدائی رَسُولوں کی وفات کے بعد مسِیح کے عہدِ جدید کی کلیسیا کو زمین پر سے اُٹھا لیا گیا تھا۔“ جوزف سمِتھ نجات دہندہ کی قدِیم کلِیسیا کی تعلِیم، اِختیار، اور عہُود اور رُسُوم کو ایک بار پھر بحال کرنے کے لِیے وسِیلہ ہوگا۔

پہلی رویا۔

جوزف نے اِقرار کِیا: کہ ”مَیں نے دو ہستیوں کو دیکھا، جِن کا نُور اور جلال بیان سے باہر ہے، جو میرے اُوپر ہَوا میں کھڑے تھے۔ اُن میں سے ایک نے مُجھے میرے نام سے پُکار کر، اور دُوسرے کی طرف اِشارہ کر کے مُجھ سے فرمایا—یہ میرا پیارا بیٹا ہے۔ اِس کی سُنو!

اِس رویا اور اِس کے بعد کے اِلہٰی تجربات کے وسِیلہ سے، جوزف سمتھ نے اِدراک پایا کہ خُدا اور یِسُوع مسِیح اُس کو اِنفرادی طور پر جانتے ہیں، اُس کی اَبَدی نجات کی فِکر کرتے ہیں، اور اُس کو ایک فرض پُورا کرنے کی ذِمہ داری سوںپی گئی ہے۔ اُس نے ربُونِیّت کی صفات، سِیرت، اور فضِیلت کے بارے میں بھی اہم سبق سِیکھے—اور یہ کہ باپ اور بیٹا الگ الگ ہستِیاں ہیں۔ یِسُوع مسِیح رُوح اور بدن میں خُدا کا حقِیقی بیٹا ہے۔

جوزف سمِتھ نے اِعلان کِیا کہ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح جِسمانی ہستیاں ہیں۔ اُس نے کہا، ”باپ کا جِسم گوشت اور ہڈیوں کا ہے اَیسا ٹھوس جَیسا اِنسان کا؛ بیٹے کا بھی؛ اَلبتہ رُوحُ القُدس کا جِسم گوشت اور ہڈیوں کا نہیں، بلکہ رُوح کی ہستی ہے۔“

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ باپ اور بیٹے کا جوزف سمِتھ پر ظاہر ہونا ”تمام چِیزوں کی عظِیم اُلشان بحالی کا اِبتدائی واقعہ تھا، جِس کا ذِکر دُنیا کے شُروع سے تمام پاک نبِیوں کے مُنہ سے ہُوا۔“

مورمن کی کِتاب

مُعجزاتی تجربات کے سِلسِلہ میں دُوسرا جو نجات دہندہ کی بحال شُدہ کلِیسیا کی رسمی تنظیم کا باعث بنا وہ مورمن کی کِتاب کا ظہُور اور ترجمہ تھا۔

مورمن کی کِتاب: یِسُوع مسِیح کی بابت ایک اور عہد نامہ۔

”جوزف سمتھ کو قدیم صحیفہ: مورمن کی کِتاب—یِسُوع مسِیح کی بابت ایک اور عہدنامہ کا ترجمہ کرنے کے لِیے خُدا کی قُدرت اور نعمت عطا کی گئی تھی۔ … اِس مُقدّس صحِیفہ کے صفحات میں یِسُوع مسِیح کی مغربی کُرہِ ارض کے باشِندوں کے درمیان میں اپنے جی اُٹھنے کے فوراً بعد شخصی خِدمت کا احوال شامل ہے۔ [مورمن کی کِتاب] مقصدِ حیات کی تعلیم دیتی ہے اور مسِیح کی تعلیم کی وضاحت کرتی ہے، جو اُس مفہُوم کا مرکز ہے۔ کلامِ مُقدّس کے رفیقِ کار کی حیثیت سے، مورمن کی کِتاب گواہی دیتی ہے کہ کُل بنی نوع اِنسان پیارے آسمانی باپ کے بیٹے اور بیٹیاں ہیں، کہ ہماری زِندگیوں کے واسطے اُس کے پاس اِلہٰی مَنصُوبہ ہے، اور کہ اُس کا بیٹا، یِسُوع مسِیح، قدیم ایّام کی مانِند آج بھی کلام کرتا ہے۔“

نجات دہندہ کی بحال شُدہ کلِیسیا کے اَرکان کی حیثیت سے، ”ہم اِیمان لاتے ہیں کہ بائِبل خُدا کا کلام ہے بہ شرطِ کہ اُس کا ترجمہ دُرست ہُوا ہو؛ اور ہم یہ اِیمان بھی لاتے ہیں کہ مورمن کی کِتاب خُدا کا کلام ہے۔“ مورمن کی کِتاب یِسُوع مسِیح کی بابت ایک اور عہدنامہ، بائِبل کی سچّائی کو ثابت کرتی ہے، واضح اور قِیمتی سچّائیوں کو بحال کرتی ہے جو بائِبل میں سے کھو گئی تھیں۔

کہانت بحال ہُوئی

کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِین آخِری ایّام سِکھاتی ہے کہ نجات دہندہ کی قائم کی گئی اصل کلِیسیا کو، اپنے اِلہٰی اِختیار، تعلِیم، اور عہُود اور رُسُوم کے ساتھ، دُنیا سے اُٹھا لیا گیا تھا۔ آخِری ایّام میں تمام چِیزوں کی نبُّوت کی گئی بحالی کے جُزو کے طور پر، قدیم نبِیوں اور رَسُولوں نے ذاتی طور پر جوزف سمِتھ کو کہانت کا اِختیار دِیا اور اس کے لیے کہانت کی کُنجیاں سوںپ دیں۔ یہ مُعجزاتی تجربات کے سِلسِلہ میں تِیسرا واقعہ جو نجات دہندہ کی بحال شُدہ کلِیسیا کی رسمی تنظیم کا باعث بنا تھا۔

کہانت کا اِختیار خُدا کے خادِموں کو اِس قابل بناتا ہے کہ وہ ”[اُس کی] نمایندگی کریں اور اُس کے نام پر عمل کریں۔“ کہانت کی کُنجیاں خُدا کے بچّوں کی طرف سے کہانت کے اِستعمال کو ہدایت دینے کا اِختیار ہیں۔

کہانت کی بحالی۔

باپ اور بیٹے کی ہدایت کے تحت، جی اُٹھے یُوحنا بپتسما دینے والے نے گُناہوں کی مُعافی کے واسطے غوطہ کے ذریعے سے بپتِسما دینے کا اِختیار بحال کِیا۔ اُسی برس میں، اِبتدائی بارہ رَسُولوں میں سے تین—پطرس، یعقوب، اور یُوحنا—نے رسالت اور کہانت کی کُنجیوں کا اِختیار بحال کِیا۔

کلِیسیا کی رسمی تنظیم کے چھے برس بعد، کرٹ لینڈ ہَیکل میں مُوسیٰ، اِلیاس، اور ایلیّاہ نے جوزف کو آخِری ایّام میں خُدا کے کام کو پُورا کرنے کے لیے مزید اَہم اِختیار سوںپا۔

مُوسیٰ نے اِسرائیل کو اِکٹھا کرنے کی کُنجیاں سوںپیں۔

اِلیاس نے ابرہام کی اِنجِیل کے زمانہ کی بحالی کے ساتھ ساتھ ابرہامی عہد بھی سوںپا۔

ایلیّاہ نے مُہربندی کی قُدرت کی کُنجیاں سوںپیں، وہ اِختیار عطا کِیا جو زمِین پر ادا کی جانے والی رُسُوم کو اَبَدیت میں جوڑنے کے لائِق بناتا، جَیسے خاندانوں کو اَبَدی رِشتوں میں جوڑنا جو موت سے بالاتر ہے۔

کلِیسیائے یِسُوع مسِیح مُنظم ہوتی ہے

جب جوزف سمِتھ نے مورمن کی کِتاب کا ترجمہ کر لِیا، تو اُس پر مُکاشفے نازِل ہُوئے جو اِس بات کی نِشان دہی کرتے ہیں کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح دوبارہ قائم کی جائے گی۔ لیکن خُداوند نے جوزف کو ہدایت دی کہ وہ اُس کی کلِیسیا کو فوری طور پر مُنظم نہ کرے۔ بلکہ، ”نبُّوت اور مُکاشفہ کی رُوح سے“ خُداوند نے جوزف پر ظاہر کیا کہ ”اُس مخصُوص دِن پر … [وہ] زمِین پر اُس کی کلِیسیا کو ایک بار [پِھر] مُنظم کرنے کے لیے آگے بڑھے۔“

کلِیسیا کو کہانت کی بحالی اور مورمن کی کِتاب کی اِشاعت کے بعد منطقی تسلسل سے مُنظم کِیا گیا تھا۔ مورمن کی کِتاب کے پہلے نُسخے 26 مارچ، 1830 کو دستیاب ہُوئے، اور کلِیسیا کو باقاعدہ طور پر 6 اپریل کو مُنظم کِیا گیا تھا۔

نجات دہندہ یِسُوع مسِیح

”کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام … مسِیح کی نئے عہد نامہ کی بحال شُدّہ کلِیسیا ہے۔ یہ کلِیسیا اپنے کونے کے سِرے کے پتّھر، یِسُوع مسِیح، کی کامِل زِندگی، اور اُس کے لامحُدود کَفارہ اور حقِیقی قیامت میں لنگر انداز ہے۔ یِسُوع مسِیح نے ایک بار پِھر رَسُولوں کو بُلایا ہے اور کہانتی اِختیار اُن کو عطا کِیا ہے۔ وہ ہم سب کو اپنے اور اپنی کلِیسیا کے پاس آنے، رُوحُ القُدس پانے، نجات کی رُسُوم، اور دائمی راحت پانے کی دعوت دیتا ہے۔“

زمانوں کی معمُوری کا دَور

جوزف سمتھ پر باپ اور بیٹے کا ظہُور، مورمن کی کِتاب کا ترجمہ اور اِشاعت، اور کہانت کے اِختیارات اور کُنجیوں کی بحالی آج سے 195 برس پہلے خُداوند کی بحال شُدّہ کلِیسیا کی تنظِیم کے لِیے لازِم شرائط تھیں۔

عہد نامہِ عتِیق میں، دانی ایل نبی نے خواب کی تعبِیر ایک اَیسے پتّھر کے حوالہ سے کی تھی جو ہاتھ لگائے بغَیر ہی کاٹا جائے گا اور پُوری زمِین پر پَھیل جائے گا۔ کلِیسیا کی تنظِیم کے ایک سال بعد، خُداوند نے جوزف سمِتھ کو ہدایت فرمائی کہ خُدا کی بادِشاہی کی کُنجیاں دوبارہ ”اِنسان کو دی گئی ہیں“ اور ”[یِسُوع مسِیح کی] اِنجِیل زمِین کی اِنتہاؤں تک پھیلے گی، اُس پتّھر کی طرح جو پہاڑ سے بغَیر ہاتھوں کے کاٹا گیا ہو۔“

مَیں گواہی دیتا ہُوں: خُداوند اپنا وعدہ پُورا کر رہا ہے۔ نجات دہندہ کی بحال شُدّہ کلِیسیا پُوری دُنیا میں قائم کی جا رہی ہے اور یہ وہ وسِیلہ ہے جِس کی بدولت خُدا ”زمانوں کے پُورے ہونے کا اَیسا اِنتِظام کرے گا کہ مسِیح میں سب چِیزوں کا مجمُوعہ ہو جائے، خواہ وہ آسمان کی ہوں خواہ زمِین کی: یعنی اُسی میں۔“

خُداوند کا ایّامِ آخِر کا امر ”ایک اَیسا مقصد ہے جو ہر دَور میں خُدا کے لوگوں کی دِل چسپی کا باعث ٹھہرا ہے؛ یہ ایک اَیسا موضُوع ہے جِس کی بِنا پر نبِیوں، کاہنوں اور بادِشاہوں نے خاص راحت کے ساتھ سکونت کی ہے؛ اُنھوں نے اِس دَور کا خُوشی سے اِنتظار کِیا ہے جِس میں ہم زِندہ ہیں؛ اور آسمانی اور پُرمَسرت عِرفان سے معمُور ہو کر اُنھوں نے ہمارے اِس دَور کی بابت گایا اور لِکھا اور نبُّوت کی ہے۔“

سارے اِنجِیلی زمانوں کے آخِری اور سب سے بڑے عظِیم اُلشان زمانہ میں، زمانوں، ”اور کُنجیوں، اور اِختیاروں اور جلالوں کا ایک پُورا اور مکمل ملاپ، اور اِکٹھا جُڑنا واقع ہو، اور آدم کے زمانہ سے لے کر اب تک ظاہر کِیا جائے۔ اور نہ صرف یہ، بلکہ وہ چِیزیں جو بِنائے عالم سے لے کر کبھی ظاہر نہیں کی گئیں… زمانوں کی مَعمُوری کے اِس زمانہ میں … ظاہر کی جائیں گی۔“

نبی جوزف نے وضاحت فرمائی، ”تمام رُسُوم اور فرائض جِن کا کہانت تقاضا کرتی آ رہی ہے، قادِرِ مُطلق کے احکام اور ہدایات کے تحت کسی بھی زمانہ میں سے، وہ سب اِس آخِری زمانہ میں، … تمام پاک نبِیوں کے مُنہ سے نِکلی ہُوئی بحالی کی باتیں پُوری ہونے جا رہی ہیں۔“

وعدے اور گواہی

مَیں نے سب سے افضل اور پُرجلال ”خُوش خبری“ کے بُنیادی عناصر کا خلاصہ کرنے کی کوشش کی ہے دُنیا میں کہیں بھی کوئی بھی شخص کبھی بھی قبُول کر سکتا ہے—وہ پیغام جو خُداوند یِسوع مسِیح نے آخِری ایّام میں اپنی اِنجِیل اور کلِیسیا میں بحال کِیا ہے۔

مَیں سب کو اِس پیغام کے مُتعلق جاننے اور ثابت کرنے کی دعوت دیتا ہُوں۔ مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ وہ افراد ”جو دُعا گو ہو کر بحالی کے پیغام کا مُطالعہ کرتے اور اِیمان کے ساتھ عمل کرتے ہیں وہ [رُوحُ القُدس کی قُدرت سے] اِس کے اِلہامی ہونے اور اِس کے مقصد یعنی اِس زمِین کو ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح، کی موعُودہ آمدِ ثانی کے لیے تیار کرنے کے واسطے اپنی اپنی ذاتی گواہی پائیں گے۔“ جب آپ خُدا کی طرف سے جواب پانے اور اِس پر عمل کرنے کی توقع کے ساتھ خلُوص کے ساتھ دُعا کرتے ہیں، جِس طرح نوجوان جوزف سمِتھ نے کِیا تھا، تو آپ کی اِس اِلہٰی گواہی کو پہچاننے اور جواب دینے کی صلاحیت بڑھ جائے گی۔

میں گواہی دیتا ہوں کہ خُدا، ابدی باپ، ہمارا باپ ہے۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں اور گواہ ہُوں کہ یِسُوع مسِیح باپ کا پیارا بیٹا ہے اور مُجسم ہونے والا اُس کا اِکلوتا۔ وہ ہمارا مُنّجی اور مُخلصی دینے والا ہے۔

اور مَیں خُوش ہو کر گواہی دیتا ہُوں کہ باپ اور بیٹا لڑکے جوزف سمتھ پر ظاہر ہُوئے، اور اِس طرح آخِری ایّام میں یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی کا آغاز کِیا۔ مورمن کی کتاب یِسُوع مسِیح کی بابت ایک اور عہد نامہ ہے اور اِس میں خُدا کا کلام ہے۔ نجات دہندہ کی نمایندگی کرنے اور اُس کے نام پر دوبارہ عمل کرنے کا کہانتی اِختیار زمِین پر موجُود ہے۔ اور کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِین آخِری ایّام مسِیح کے نئے عہد نامہ کی بحال شُدّہ کلِیسیا ہے۔ مَیں اپنی یقینی گواہی دیتا ہُوں کہ یہ ساری باتیں خُداوند یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام سے سچّی ہیں، آمین۔