”میری طرف رُجُوع لاؤ“
یِسُوع مسِیح ہم میں سے ہر ایک کو پیار کرتا ہے۔ وہ ہمیں اُس کے قریب آنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
میرے پیارے بھائیو اور بہنو، یہ میرے لِیے خُوشی کی بات ہے کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کی اِس مجلسِ عامہ میں آپ کے ساتھ شریک ہُوں۔ یہ اُس کی کلِیسیا ہے۔ ہم اُس کے نام پر پُوری دُنیا کے عِبادت خانوں اور گھروں میں جمع ہیں۔
جب ہم عہد کے وسِیلہ سے اُس کی بادِشاہی میں داخل ہوتے ہیں تو ہم اپنے تئیں اُس کا نام اوڑھتے ہیں۔ وہ خُدا کا جی اُٹھا اور پُرجلال اِکلوتا ہے۔ ہم فانی بشر ہیں، جو گُناہ اور موت کے تابع ہیں۔ پِھر بھی، ہم میں سے ہر ایک کے واسطے اپنی محبّت میں، نجات دہندہ ہمیں اپنے قریب آنے کی دعوت دیتا ہے۔
ہمارے لِیے اُس کی دعوت یہ ہے: ”تُم میری طرف رُجُوع لاؤ تو مَیں تُمھاری طرف رُجُوع لاؤں گا؛ جاں فِشانی سے مُجھے ڈھُونڈو تو تُم مُجھے پاؤ گے؛ مانگو، تو تُم پاؤ گے؛ کھٹکٹاؤ، تو تُمھارے واسطے کھولا جائے گا۔“
بعض اوقات ہمیں نجات دہندہ یسُوع مسِیح کے قرِیب ہونے کا احساس ہوتا ہے۔ اور پِھر بھی، بعض اوقات ہماری فانی آزمایشوں کے دوران میں، ہم اُس سے تھوڑی دُوری محسُوس کر سکتے ہیں اور اِس یقین دہانی کی تمنا کرتے ہیں کہ وہ جانتا ہے ہمارے دِلوں میں کیا ہے اور ہم سے فرداً فرداً پیار کرتا ہے۔
اُس یقِین دہانی کو محسُوس کرنے کا طریقہ نجات دہندہ کی دعوت میں شامِل ہے۔ اُس کو ہمیشہ یاد رکھتے ہُوئے اُس کے قریب آئیں۔ مُستعِدی سے صحیفہ کے مُطالعہ کے ذریعے سے اُس کے مُشتاق بنیں۔ آسمانی باپ سے اُس کے پیارے بیٹے کی زیادہ قُربت کو محسُوس کرنے کے لِیے سچّے دِل سے دُعا مانگیں۔
اِس کے بارے میں سوچنے کا آسان طریقہ ہے۔ اگر آپ اپنے عزیز دوستوں سے تھوڑے عرصہ کے لِیے جُدا ہو جائیں تو آپ یہی کریں گے۔ آپ اُن کے ساتھ بات کرنے کا راستا تلاش کریں گے، آپ اُن کی طرف سے موصول ہونے والے کسی بھی پیغام کو پسند کریں گے، اور آپ اُن کی ہر مُمکن مدد کریں گے۔
جِتنی بار اَیسا ہُوا، جِتنا طوِیل ہوتا گیا، پیار کا رِشتا اُتنا گہرا ہوتا چلا جائے گا، اور اپنے آپ کو قریب تر محسُوس کریں گے۔ اگر پسندیدہ بات چِیت کِیے، اور ایک دُوسرے کی خِدمت کِیے بغَیر زیادہ عرصہ گُزر جائے تو یہی رِشتا کم زور پڑ جائے گا۔
یِسُوع مسِیح ہم میں سے ہر ایک کو پیار کرتا ہے۔ وہ اپنے قرِیب آنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ جِس طرح پیارا دوست کرتا ہے، آپ اِسے اُسی طرح کریں گے، یِسُوع مسِیح کے نام پر آسمانی باپ سے دُعا کی صُورت میں بات چیت کرنے سے، پسندیدہ ہدایت کو رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے سُننے، اور پھر خُوش دِلی سے نجات دہندہ کی خاطر دُوسروں کی خِدمت کرنے سے۔ جلد ہی آپ کو اُس کے قریب جانے کی عِنایت کا احساس ہو گا۔
اپنی جوانی میں، حُکموں کی فرماں برداری کے معمُولی اَعمال کے ذریعے سے مَیں نے نجات دہندہ کے قریب جانے—اور اُس کو اپنے قرِیب آنے—کی راحت کا احساس پایا۔ جب مَیں چھوٹا تھا تو عِشائے ربانی کی عِبادت شام کو اَدا کی جاتی تھی۔ مُجھے آج بھی وہ واحد خاص رات یاد ہے، 75 برس سے زیادہ عرصہ پہلے، جب باہر اندھیرا اور سردی تھی۔ مُجھے راحت اور محبّت کا جذبہ یاد ہے جب مَیں نے محسُوس کِیا کہ مَیں نے مُقدّسِین کے ساتھ جمع ہونے کے حُکم پر عمل کِیا تاکہ عِشائے ربانی میں شِرکت کرُوں، اپنے آسمانی باپ کے ساتھ عہد کرُوں کہ اُس کے بیٹے کو ہمیشہ یاد رکھُوں اور اُس کے حُکموں پر عمل کرُوں۔
اِس رات کو عِبادت کے اِختتام پر ہم نے گیت گایا ”میرے ساتھ قیام کر؛ رات ڈھل گئی،“ اِن یادگار اَلفاظ کے ساتھ، ”اَے مُنّجی، آج کی رات میرے پاس ٹھہر۔“
نوعُمر لڑکا ہونے کے باوجُود، اِن اَلفاظ نے مُجھ پر کثرتِ رُوح کا وجد طاری کر دِیا۔ مَیں نے اُس شام کو رُوحُ القُدس کی مدد کے وسِیلہ سے نجات دہندہ کی محبّت اور قُربت کو محسُوس کِیا۔
برسوں بعد، مَیں نجات دہندہ کی محبّت اور قُربت کے اُسی جذبے کو دوبارہ اُجاگر کرنا چاہتا تھا جو مَیں نے اپنی نوعُمری میں اُس عِشائے ربانی کی عِبادت میں محسُوس کِیا تھا۔ چُناں چہ مَیں نے ایک اور حُکم پر عمل کِیا: مَیں نے صحائف کا مُطالعہ کِیا۔
لُوقا کی کِتاب میں، مَیں نے اُس کی مصلُوبِیّت اور تدفِین کے تِیسرے دِن کے بارے میں پڑھا، جب وفادار خادِمائیں، نجات دہندہ کی محبّت میں، اُس کے بدن کو خُوش بُو دار چِیزوں سے مسَح کرنے کے لیے آئی تھیں۔ جب وہ پُہنچیں تو اُنھوں نے پتّھر کو قبر پر سے لُڑھکا ہُوا پایا اور دیکھا کہ اُس کی لاش وہاں نہیں تھی۔
دو فرِشتے پاس آ کھڑے ہُوئے اور پُوچھا کہ وہ کیوں خَوف زدہ تھیں:
”زِندہ کو مُردوں میں کیوں ڈُھونڈتی ہو؟
”وہ یہاں نہیں بلکہ جی اُٹھا ہے: یاد کرو کہ جب وہ گلِیل میں تھا تو اُس نے تُم سے کہا تھا،
”کہا، ضرُور ہے کہ اِبنِ آدم گُناہ گاروں کے ہاتھ میں حوالہ کِیا جائے، اور مصلُوب ہو، اور تِیسرے دِن جی اُٹھے۔“
اُسی شام کو غرُوبِ آفتاب کے وقت، دو شاگِرد یروشلِیم سے اِمّاوُس کی طرف جا رہے تھے، اور جی اُٹھا خُداوند اُن پر ظاہر ہُوا اور اُن کے ساتھ ہو لِیا۔
لُوقا کی کِتاب ہمیں اُس شام کو اُن کے ساتھ چلنے کا موقع دیتی ہے:
”جب وہ بات چِیت اور پُوچھ گَچھ کر رہے تھے، تو اَیسا ہُوا، کہ یِسُوع آپ نزدِیک آ کر، اُن کے ساتھ ہو لِیا۔
”لیکن اُن کی آنکھیں بند کی گئی تِھیں کہ اُس کو نہ پہچانیں۔
”اُس نے اُن سے کہا، یہ کیا باتیں ہیں جو تُم چلتے چلتے آپس میں کرتے ہو، وہ غمگِین سے کھڑے ہو گئے؟
”پِھر ایک نے، جِس کا نام کلِیُپاس تھا، جواب میں اُس سے کہا، کیا تُو یروشلِیم میں اکیلا مُسافِر ہے، جو نہیں جانتا کہ اِن دِنوں یہاں کیا کیا ہُوا ہے؟“
اُنھوں نے اُس کو اپنے دُکھ کے مُتعلق بتایا کہ یِسُوع اُس وقت مر گیا جب اُنھیں اُمِّید ہُوئی کہ اِسرائیل کو مُخلصی دینے والا یِہی ہوگا۔
جب اُس نے اُن دو غم زدہ اور نوحہ گر شاگِردوں سے بات کی تھی تو جی اُٹھے خُداوند کی آواز میں پیار تو ضرُور تھا۔
مَیں پڑھتا گیا، تو یہ باتیں بھی پڑھیں جِنھوں نے میرے دِل کو گرما دیا، جیسا کہ مَیں نے بچپن میں محسُوس کِیا تھا:
”اِتنے میں وہ اُس گاؤں کے نزدِیک پُہنچ گئے، جہاں جاتے تھے: اور اُس کے ڈھنگ سے اَیسا معلُوم ہُوا کہ وہ آگے بڑھنا چاہتا ہے۔
”اُنھوں نے اُسے یہ کہہ کر مجبُور کِیا، کہ ہمارے ساتھ رہ، کیوں کہ شام ہُوا چاہتی ہے، اور دِن اب بُہت ڈھل گیا۔ پس وہ اندر گیا تاکہ اُن کے ساتھ رہے۔“
نجات دہندہ نے اُس رات اپنے شاگِردوں کے گھر میں داخل ہونے کی دعوت کو قبُول کر لِیا۔ وہ اُن کے ساتھ کھانا کھانے بَیٹھا۔ اُس نے روٹی لے کر، برکت دی، اور توڑ کر، اُن کو دینے لگا۔ اُن کی آنکھیں کھُل گئیں، اور اُنھوں نے اُس کو پہچان لِیا۔ پِھر وہ اُن کی نظروں سے غائب ہو گیا۔
لُوقا نے ہمارے لِیے اُن مُبارک شاگِردوں کے جذبات کو درج کِیا: ”اُنھوں نے آپس میں کہا، کہ جب وہ راہ میں ہم سے باتیں کرتا، اور ہم پر نوِشتوں کا بھید کھولتا تھا، تو کیا ہمارے دِل جوش سے نہ بھر گئے تھے؟“
پس وہ دونوں شاگِرد اُسی گھڑی اُن گیارہ رسُولوں کو یہ بتانے کے لِیے اُٹھ کر یروشلِیم لَوٹ گئے کہ کیا ماجرا ہُوا تھا۔ جب وہ اپنا حال بیان کر رہے تھے، تو نجات دہندہ دوبارہ ظاہر ہُوا۔
وہ اُن کے درمیان آ کھڑا ہُوا اور ”اُن سے کہا تُمھاری سلامتی ہو۔“ پِھر اُس نے اپنے باپ کی ساری اُمّتوں کے گُناہوں کا کَفارہ اَدا کرنے اور موت کے بندھنوں کو توڑنے کے لیے اپنے فرض کی نبُّوتوں کو دُہرایا۔
”اور اُن سے کہا، یُوں لِکھا ہے، کہ مسِیح دُکھ اُٹھائے گا، اور تِیسرے دِن مُردوں میں سے جی اُٹھے گا:
”اور یروشلِیم سے شرُوع کر کے سب قَوموں میں تَوبہ اور گُناہوں کی مُعافی کی مُنادی اُس کے نام سے کی جائے گی۔
بالکُل اُسی طرح جَیسے اُس کے پیارے شاگِرد، آسمانی باپ کا ہر بچّہ جِس نے بپتِسما کے دروازے سے داخل ہونے کا فیصلہ کِیا ہے وہ نجات دہندہ کا گواہ بننے اور ہماری فانی زِندگیوں میں ضرُورت مندوں کی دیکھ بھال کرنے کے عہد کے تابع ہے۔ یہ عہد ہمارے واسطے مورمن کی کِتابِ جلِیل کے ایلما نبی نے صدیوں پہلے مورمن کے پانیوں میں واضح کر دِیا تھا:
”چُوں کہ تُم خُدا کے گلّے میں آنے کے مُشتاق ہو، اور اُس کے لوگ کہلانا پسند کرتے ہو، تو تُم ایک دُوسرے کا بوجھ اُٹھانے کے لِیے رضامند ہو، تاکہ اُن کا بوجھ ہلکا ہو؛
”ہاں، اور چُوں کہ تُم ماتم کرنے والوں کے ساتھ ماتم کرنے کے لِیے تیار ہو؛ ہاں، اور اُنھیں تسلّی دینے کے لِیے جِنھیں تسلّی کی ضرُورت ہے اور تُم اب سے لے کر موت تک ہر وقت اور ہر بات میں اور ہر جگہ … ، خُدا کے گواہ ٹھہرنے کے لِیے تیار رہو تاکہ تُم خُدا سے مُخلصی پاؤ، … تاکہ اَبَدی زِندگی پا سکو۔“
جب آپ اُن وعدوں کو وفا کرتے ہیں، آپ دیکھیں گے کہ خُداوند آپ کے بوجھ کو ہلکا کرتا ہے، آپ کی خِدمت میں آپ کے ساتھ رہنے کا اپنا وعدہ پُورا کرتا ہے۔ آپ نجات دہندہ کو پہچان لیں گے، اور وقت کے ساتھ ساتھ آپ اُس کی مانِند بن جائیں گے اور ”اُس میں کامِل کِیے جائیں گے۔“ نجات دہندہ کے لِیے دُوسروں کی مدد کرنے سے، آپ دیکھیں گے کہ آپ اُس کے اور قرِیب آ رہے ہیں۔
آپ میں سے بُہت سوں کے عزیز ہیں جو اَبَدی زِندگی کے راستے سے بھٹک رہے ہیں۔ آپ فِکر مند ہیں کہ آپ اُنھیں واپس لانے کے لیے مزید کیا کر سکتے ہیں۔ آپ خُداوند پر توکُّل کر سکتے ہیں کہ اُنھیں اپنے قرِیب لائے جب ہم اِیمان کے ساتھ اُس کی خِدمت کرتے ہیں۔
آپ کو جوزف سمِتھ اور سِڈنی رِگڈن کے ساتھ خُداوند کا وعدہ یاد ہوگا جب وہ اپنے فرائض کی وجہ سے اپنے خاندانوں سے دُور تھے: ”میرے دوستو، سِڈنی اور جوزف، تُمھارے خاندان ٹھیک ہیں؛ وہ میرے ہاتھوں میں ہیں، اور مَیں اُن کے ساتھ اَیسا کرُوں گا جَیسا مَیں مناسب سمجُھوں؛ پَس مُجھ میں ساری قُدرت ہے۔“
جب آپ ضرُورت مندوں کے زخموں پر مرہم رکھیں گے تو خُداوند کی قُدرت آپ کو سنبھالے گی۔ ہمارے آسمانی باپ کے بچّوں کی مدد اور برکت کے لیے اُس کے بازُو آپ کے بازُوؤں کے ساتھ پھیلائے جائیں گے۔
یِسُوع مسِیح کے ہر عہد شُدّہ خادِم کو رُوح سے اُس کی ہدایت مِلے گی جب وہ اُس کی خاطر دُوسروں کو برکت دیتے اور خِدمت کرتے ہیں۔ تب وہ نجات دہندہ کی محبّت کو محسُوس کریں گے اور اُس کے قریب آنے میں راحت پائیں گے۔
مَیں خُداوند کے جی اُٹھنے کا عینی شاہد ہُوں گویا مَیں دو شاگِردوں کے ساتھ اِمّاوُس کی طرف جانے والے گھر میں موجُود تھا۔ مَیں جانتا ہُوں کہ وہ زِندہ ہے۔
یہ اُس کی سچّی کلِیسیا ہے—یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا۔ ہم، قیامت کے دِن، نجات دہندہ کے حُضُور، رُو بہ رُو کھڑے ہوں گے۔ یہ اُن لوگوں کے لِیے بڑی شادمانی کا سماں ہو گا، اِس زِندگی میں، جو اُس کی خِدمت میں اُس کے قریب آئے ہیں اور اُس کے اَلفاظ سُننے کے لِیے بے تابی سے مُنتظِر ہو سکتے ہیں: ”اَے اچّھے اور دِیانت دار نَوکر شاباش۔“
مَیں جی اُٹھے نجات دہندہ اور ہمارے فِدیہ دینے والے کے گواہ کی حیثیت سے گواہی دیتا ہُوں، یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔