بالکل ہماری آنکھوں کے سامنے
کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام اَرکان اور خاندانوں، مِشنوں اور مِشنریوں، عِبادت گاہوں اور ہَیکلوں کی تعداد کے لحاظ سے ترقی کر رہی ہے۔
میرے عزیز بھائیو اور بہنو، مَیں آپ کے ساتھ ہونے پر نہایت مشکُور ہُوں۔ ہم آپ سے پیار کرتے ہیں، ہم آپ کے لیے شُکرگُزار ہیں، اور ہم آپ کی دُعاؤں سے بابرکت محسُوس کرتے ہیں۔
صدر رسل ایم نیلسن نے گُزشتہ مجلسِ عامہ میں فرمایا: ”کیا آپ دیکھتے ہیں کہ بالکل ہماری آنکھوں کے سامنے کیا ہو رہا ہے؟ میری دُعا ہے کہ ہم اِس لمحے کی عظمت سے محرُوم نہ ہوں! خُداوند واقعی اپنے کام میں تیزی لا رہا ہے۔“
اپنے کام میں تیزی لانا۔ ”تیزی لانا“ ایک اَیسا لفظ ہے جو اَہم ہے۔ یہ لفظ تیزی سے حرکت کرنے، رفتار بڑھانے، اور حتیٰ کہ فوری ضرُورت کی بابت بتاتا ہے۔ کلِیسیا کی ترقی اور مسِیح کے منصُوبے میں، تیزی لائی جا رہی ہے۔ اور ہم سب اِس کا حِصّہ ہیں۔
اپریل 1834 میں کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ نے اُن سب کو ایک چھوٹے سے سکُول ہاؤس میں اِکٹھا کِیا جِن کے پاس کہانت تھی جو لَگ بھَگ 14 فُٹ (4.3 میٹر) مُربع کا تھا۔ ہم اِس کانفرنس سینٹر میں اَیسے درجنوں سکُول ہاؤسز کو سَمو سکتے ہیں، اور پھر بھی کافی گُنجایش باقی رہے گی۔ جوزف سمِتھ نے کہا، ”آج شام آپ مُٹھی بھر کہانتی حاملین دیکھ رہے ہیں، لیکن یہ کلِیسیا شُمالی اور جنُوبی اَمریکہ میں پھیل جائے گی—یہ پُوری دُنیا میں پھیل جائے گی۔“
وہ نبُوت ”بالکل ہماری آنکھوں کے سامنے“ پُوری ہو رہی ہے۔ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام اَرکان اور خاندانوں، مِشنوں اور مِشنریوں، عِبادت گاہوں اور ہَیکلوں، اور پُوری دُںیا میں ہماری سیمینری، اِنسٹی ٹیوٹ، اور یُونیورسٹیوں میں داخلوں کی تعداد کے لحاظ سے ترقی کر رہی ہے۔
ہم شُکرگُزار ہیں کہ ہم اِس زمانے میں زمین پر موجُود ہیں جب کلِیسیا تعداد اور اَثر و رُسُوخ میں بڑھ رہی ہے، مگر سب سے بڑھ کر یہ اپنے اَرکان کے دِلوں اور زِندگیوں میں گہرا اَثر ڈال رہی ہے۔ ہم یِسُوع مسِیح کے شاگِردوں کے طور پر جانے پہچانے جاتے ہیں۔ ہم یِسُوع مسِیح کی، اُس کی کلِیسیا کی، اُس کی راہوں کی، اور اُس کی راہِ عہد کی بابت اپنی گواہیاں بیان کرتے ہیں۔ ہم اُس کی اُمّت، اور وہ ہمارا مُنّجی ہے۔
مَیں اِس بات پر حیران ہُوں جِس کو صدر نیلسن ”اِس لمحے کی عظمت“ کہتے ہیں اور خُداوند کے کام کے لیے گہرے تشکُّر کا اِظہار کرتا ہُوں۔ مَیں ہم سب کی حوصلہ اَفزائی کرتا ہُوں کہ ہم اُس کے شاگِردوں، قدیم اور جدید دونوں، نبُوتوں کی تکمیل کے عینی شاہدین کے طور پر کھڑے ہوں۔
اَیسے مُنکرین موجُود ہیں جو شور مچاتے ہیں، ”’یہاں، دیکھو!‘ اور … ’وہاں، دیکھو!‘“ بالکل اُسی طرح جس طرح جوزف سمِتھ کے زمانے میں کِیا کرتے تھے۔ بہرحال، وہ صِرف اور صِرف اِس عظیمُ الشان کام میں معمُولی حاشیہ ہیں اور رہیں گے۔ جوزف سمِتھ کے الفاظ یاد رکھیں: ”کوئی ناپاک ہاتھ اِس کام کی ترقی میں حائل نہیں ہو سکتا؛ ایذا رسانیاں ہو سکتی ہیں، … بلوہ باز اِکٹھے ہو سکتے ہیں، فوجیں صف بندی کر سکتی ہیں، تُہمتیں بدنام کر سکتی ہیں، لیکن خُدا کی سچّائی دلیری، عالی ظرفی، اور آزادانہ طور پر آگے بڑھے گی، جب تک یہ ہر براعظم میں داخِل نہ ہو جائے، ہر آب و ہوا کو چُھو نہ لے، ہر مُلک میں سرایت نہ کر جائے، اور ہر کان میں سُنائی نہ دے، جب تک خُدا کے اِرادے پُورے نہ ہو لیں، اور عظیم و قدِیر یہوواہ یہ نہ کہے کہ کام مُکمل ہُوا۔“
اِس سال اپنی ذِمہ داریوں کے دوران، مُجھے سب سے پہلے مُشاہدہ کرنے کا موقع مِلا کہ کیسے خُداوند اپنے کام میں تیزی لا رہا ہے۔ کلِیسیا ہَیکلوں کی بےمِثال رفتار سے تعمیر کر رہی ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ اَرکان کو خُداوند کے گھر میں عِبادت کرنے کا موقع مِل رہا ہے۔ دُوسرا، مِشنری خِدمت اچھے چرواہے، یِسُوع مسِیح کے غلّے میں ریکارڈ تعداد میں لوگوں کو جمع کر رہی ہے۔ اور تیسرا، کلِیسیائی تعلیم بُہت سے مُختلف طریقوں سے اُن لوگوں کو سِکھانے میں نئی بُلندیوں پر ہے جو ”یِسُوع کے طالِب ہیں۔“
آج کلِیسیا کے پاس 367 ہَیکلیں ڈیزائن، تعمیر، یا فعال حالت کے مُختلف مراحِل میں موجُود ہیں۔ اور کس مقصد کے لیے؟ جواب ہر ایک ہَیکل پر اِعلانیہ تحریر ہے: ”خُداوند کے لیے قُدُوسیّت۔“ ہَیکل ہم میں سے ہر ایک کے واسطے آسمانی باپ کی اعلیٰ ترین برکات تک پُہنچنے کا راستا کھولتی ہے۔ بھائیو اور بہنو، جب ہم ہَیکل کے اَہل زِندگی گُزارتے ہیں، جب ہم خُداوند کے گھر میں عِبادت کرتے ہیں، اور جب ہم خُود اپنے لیے اور پردے کی دُوسری جانب اپنے آباؤاَجداد کے لیے خُدا کے ساتھ عہُود باندھتے ہیں تو ہم اپنی قُدُوسیّت میں تیزی لا رہے ہوتے ہیں۔
صدر نیلسن نے فرمایا ہے: ”دُشمن کے حملوں کی شِدت اور اِقسام میں بڑی تیزی سے اِضافہ ہو رہا ہے۔ باقاعدگی سے ہَیکلوں میں جانے کی ضرُورت اِس سے زیادہ کبھی نہ تھی۔ مَیں آپ سے اِلتجا کرتا ہُوں کہ دُعاگو ہو کر غَور کریں کہ آپ اپنا وقت کیسے گُزارتے ہیں۔“ اُس کے گھر میں ہم خُداوند کی پاک حُضُوری اور عظیم ترین اِطمینان کو محسُوس کر سکتے ہیں۔
پچھلے سال مُجھے مینڈوزا اَرجنٹینا ہَیکل کی تقدیس کی صدارت کا اِعزاز حاصِل ہُوا۔ اپنے پیغام میں، مَیں نے ایلڈر میلوِن جے بیلرڈ کی 1926 کی نبُوت کا حوالہ دِیا کہ خُداوند کا کام جنُوبی اَمریکہ میں کُچھ وقت کے لیے رفتہ رفتہ بڑھے گا، ”جِس طرح بلوط کا درخت بیج سے آہستہ آہستہ پروان چڑھتا ہے۔ یہ ایک دِن میں تیزی سے نہیں پھیلے گا،“ بلکہ ہزاروں لوگ کلِیسیا میں شامِل ہوں گے، اور جنُوبی اَمریکہ کی اَقوام ”کلِیسیا میں ایک قُوت“ بن جائیں گی۔ مَیں نے یہ نبُوت بالکل اپنی آنکھوں کے سامنے پُوری ہوتے دیکھی ہے۔
مینڈوزا، جو کبھی ایک چھوٹا سا بیج تھا، اَب ایک تناور درخت بن چُکا ہے۔ اِس ترقی کو براعظموں اور سمُندری جزائر میں دُہرایا جا رہا ہے۔
ہم دیکھتے ہیں کہ خُداوند اپنے مِشنوں کے کام میں تیزی لا رہا ہے۔ 2024 میں، 80,000 مِشنری 450 مِشنوں میں خِدمات اَنجام دے رہے تھے۔ اُن میں سے چھتِیس نئے مِشن ہیں۔ پچھلے سال مِشنری خِدمت کے ذریعے 308,000 سے زائد نئے اَرکان کلِیسیا میں شامِل ہُوئے۔ اعداد و شُمار سے زیادہ، اِکٹھا کرنے کی رُوح جانوں کو یِسُوع مسِیح اور اُس کی اِنجِیل کے پاس لا رہی ہے۔
مَیں رَسُولوں بریگھم ینگ اور ہیبر سی کِمبل کے بارے میں سوچتا ہُوں، جو 1839 میں بطور مِشنری برطانوی جزیروں میں خِدمت کے لیے روانہ ہُوئے۔ وہ بیمار تھے؛ اُنھوں نے اپنے بیمار اور پریشان حال خاندانوں کو پیچھے چھوڑا۔ اِس کے باوجُود، دونوں گاڑی میں سوار ہُوئے، اور جب تک کہ وہ اپنے پیاروں کی نظروں میں تھے، ہیبر نے کہا، ”آؤ کھڑے ہوں اور اُنھیں حوصلہ دیں۔“ دونوں بڑی مُشکل سے کھڑے ہُوئے اور زور سے چِلائے، ”جے جے، اِسرائیل کے لیے جے جے۔“
مَیں نے لِیما، پیرُو میں خُداوند کے کام کے لیے یہی جوش و خروش دیکھا، جب مَیں لِیما کے مِشنری ٹریننگ سینٹر اور مِشن کے مِشنریوں سے مِلا۔ وہ کیسا شان دار منظر تھا! مَیں نے بالکل اپنی آنکھوں کے سامنے تیزی کو ہوتے دیکھا۔ اَب صِرف لِیما شہر میں سات مِشن ہیں۔
ہماری عِبادت کے اِختتام پر، مِشنریوں نے میرے لیے ایک خصُوصی تُحفہ تیار کِیا تھا۔ وہ کھڑے ہُوئے اور خُوشی سے پُکارے، ”جے جے اِسرائیل۔“ مَیں وہ لمحہ کبھی نہیں بھُولُوں گا؛ کاش آپ سب بھی وہاں موجُود ہوتے۔ بالکل میری آنکھوں کے سامنے اَیسے مِشنری تھے جنھوں نے خُداوند کی خِدمت کرنے اور اُس کی آمد میں تیزی لانے کے لیے ”دُنیاوی چیزوں“ کو ایک طرف رکھ دِیا تھا۔
ہم دیکھتے ہیں کہ خُداوند ہمارے اَراکین اور یہاں تک کہ اُن کے لیے بھی جو ہمارے عقیدے سے تعلق نہیں رکھتے دُنیا بھر میں تعلیمی موقعوں میں تیزی لا رہا ہے۔ ایک چیز جو ہمیں بطور کلِیسیا نُمایاں کرتی ہے وہ تعلیم پر ہمارا زور ہے۔ خُداوند نے بحالی کے اِبتدائی ایّام میں حُکم دِیا کہ ”سیکھنے کے مُشتاق رہو، یعنی مُطالعہ سے اور اِیمان سے بھی۔“ آج یہ کام ہو رہا ہے اور واقعی ایک زور دار ”جے جے“ کا مُستحق ہے۔
اِس وقت دُنیا بھر میں 800,000 سے زائد طلبا کا سیمینری اور اِنسٹی ٹیوٹ میں اِندراج ہے، جو کہ کلِیسیا کی تاریخ میں سب سے زیادہ اِندراج ہے۔ ہمارے نوجوان مُختلف طریقوں سے اِکٹھے ہوتے ہیں، صُبح سویرے، دِن کے وقت، اور شام کی کلاسوں سے لے کر آن لائن اور گھر میں مُطالعہ کرتے ہُوئے۔ وہ زبردست اور راست باز لشکر ہیں، ایک دُوسرے سے مضبُوطی پاتے ہیں جب وہ یِسُوع مسِیح کی بابت سیکھتے، پیروی کرتے، اور اُس کی خُدا کے بیٹے کی حیثیت سے گواہی دیتے ہیں۔
گُزشتہ موسمِ خِزاں میں مَیں نے یُونیورسٹی آف یُوٹاہ میں سیمینری اور اِنسٹی ٹیوٹ کے طلبا اور اُن کے والدین سے بھرے ہُوئے سٹیڈیم سے خطاب کِیا۔ اُن کی حاضری یِسُوع مسِیح کو جاننے اور اُس کی پیروی کرنے کی آرزُو کا مُنہ بولتا ثبُوت تھی۔ میرا پیغام اُن طلبا کے لیے بالکل واضح تھا: خُداوند کے لیے برابر وقت نِکالیں۔ مَیں نے اُنھیں مشورت دی کہ وہ اپنی تعلیم کو حقیقی اعلیٰ تدریس، حتیٰ کہ ”زِندہ خُدا کے بیٹے“ کے مُطالعہ کے ساتھ متوازن رکھیں۔
آج مَیں آپ سب سے یہی کہتا ہُوں: آپ کے کرنے کے کاموں کی فہرست میں جو کُچھ بھی ہو، اُنھیں کرنے کے ساتھ ساتھ خُدواند کے لیے برابر وقت نِکالیں، محض اِضافی وقت نہیں، شخصی مُطالعہِ صحائف، آ، میرے پیچھے ہو لے کا خاندانی مُطالعہ کرنے، دُعا کرنے، کلِیسیائی بُلاہٹیں سر انجام دینے، خِدمت گُزاری کرنے، عِشائے ربّانی میں شریک ہونے، ہَیکل میں عِبادت کرنے، اور خُدا کی باتوں پر غَور و خَوض کرنے کے لیے۔ ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ نے فرمایا، ”مُجھ سے سِیکھو … اور تُمھاری جانیں آرام پائیں گی۔“ اُس کے کلام پر یقین اور عمل کریں۔ اور اُس کے لیے برابر وقت نِکالیں۔
صدر نیلسن نے کہا ہے: ”مَیں آپ سے اِلتجا کرتا ہُوں کہ خُدا کو اپنی زِندگی پر غالب آنے دیں۔ اپنے وقت کا مُناسب حِصّہ اُس کی نذر کریں۔ جب آپ اَیسا کرتے ہیں، تو غَور کریں کہ آپ کے مُثبت رُوحانی جوش کو کیا ہوتا ہے۔“
ہم اِس جوش کو سیمینریوں، اِنسٹی ٹیوٹ، اور کلِیسیائی یُونیورسٹیوں میں دیکھتے ہیں۔ اِن اِداروں میں، خُداوند اوّلین ترجیح ہے۔ اِسی طرح وہ ہم میں سے ہر ایک کی زِندگی میں بھی اوّلین ترجیح ہونا چاہیے۔
ایک اور شُعبہ جو کلِیسیا میں تعلیم کے بڑھتے ہُوئے اَثر کو ظاہر کرتا ہے وہ بی وائے یُو–پاتھ وے ورلڈ وائیڈ ہے۔ پُوری دُنیا میں، داخلے تقریباً 75,000 کے قریب پُہنچ چُکے ہیں اور تیزی سے بڑھنا جاری ہیں۔ زیادہ تر طلبا کلِیسیائی اَرکان ہیں، اور ایک-تہائی سے زائد افریقہ سے ہیں۔ پاتھ وے کا مقصد سب کو تعلیم تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ اِن کورسوں کو مُکمل کرنے کا مطلب ملازمت تک رسائی ہے، اور ملازمت تک رسائی کا مطلب ہے خاندانوں کے لیے بہتر زِندگی اور خُداوند کی خِدمت کرنے کے زیادہ مواقع۔
جب مَیں یُوگنڈا میں سٹیک کے راہ نُماؤں سے مُلاقات کر رہا تھا، تو مُجھے پتہ چلا کہ پُوری صدارتِ سٹیک بی وائے یُو–پاتھ وے میں داخِل تھی۔ جتنا زیادہ ہم مادی اور رُوحانی طور پر تیار ہوتے ہیں، اُتنا ہی بہتر ہم دُشمن کے مکارانہ حملوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ پطرس کے الفاظ یاد کریں: ”مُخالف ابلیس، گرجنے والے شیرِ ببر کی طرح، ڈھُونڈتا پھِرتا ہے، کہ کس کو پھاڑ کھائے۔“
مَیں اِقرار کرتا ہُوں کہ اِنجِیل کی خُوش خبری کے درمیان، وہ لوگ بھی ہیں جو مُشكل میں ہیں، جنھیں اِیمان کی چنوتیاں دَر پیش ہیں، جن کے شکُوک و شُبہات ہیں، اور اَیسے سوال ہیں جن کا کوئی جواب نہیں مِلتا۔ بھائیو اور بہنو، جواب یِسُوع مسِیح ہی ہے۔ سب سے پہلے اُس پر توجہ مرکُوز کریں۔ اپنی زِندگی میں اُس کے دَستِ کرم پر بھروسا کریں۔ اُس کو سُنیں۔ ”تُمھارا دِل نہ گھبرائے،“ اپنے آخِری لمحات میں گتسِمنی جانے سے پہلے اُس نے اپنے شاگِردوں سے فرمایا، یرُوشلیم کی گلیوں میں صلیب اُٹھانے سے پہلے، گلگتا سے پہلے، جہاں اُس نے اپنی کفّارہ بخش قُربانی مُکمل کی—جو صِرف، خُدا کا اِکلوتا بیٹا، ہی کر سکتا تھا۔
جان لیں کہ وہ سمجھتا ہے۔ اُس نے ہمارے گُناہوں، خطاؤں، دُکھوں، اور مُشکل ترین دِنوں کو اپنے اُوپر اُٹھا لِیا تاکہ ہم اَبَدیت میں اپنے آسمانی باپ کے ساتھ دوبارہ سکُونت کر سکیں۔ اُس نے فرمایا ہے، ”ہر بات میں مُجھ پر بھروسا رکھنا؛ شک نہ کرنا، نہ ڈرنا۔“ یِسُوع مسِیح پر اِیمان آپ کو تقویت دے سکتا ہے اور آپ کی گھائل رُوح کو شِفا دے سکتا ہے۔ اُس پر بھروسا رکھیں اور آپ ”اُس كی محبّت کے بازُوؤں“ میں واپس آنے میں تیزی لا سکتے ہیں۔
مَیں دوبارہ اپنے زِندہ نبی کے الفاظ پر زور دیتا ہُوں: ”کیا آپ دیکھتے ہیں کہ بالکل ہماری آنکھوں کے سامنے کیا ہو رہا ہے؟ میری دُعا ہے کہ ہم اِس لمحے کی عظمت سے محرُوم نہ ہوں! خُداوند اپنے کام میں تیزی لا رہا ہے۔“ کاش ہم آج کے دَور کے شاگِرد ہونے کے ناطے یہ پُکاریں، ”اِسرائیل کی سلامتی ہو“ جب ہم اپنے خُداوند اور مُنّجی کی دوبارہ آمد کی تیاری کرتے ہیں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔