ہمارا آسمانی نِظامِ ہدایت
جب ہم اپنی زِندگیوں کو یِسُوع مسِیح پر مرکُوز کرتے ہیں، تو ہم آخِر تک برداشت کرتے اور آخِر تک شادمان ہوتے ہُوئے، اپنے گھر کا راستا تلاش کریں گے۔
یِسُوع مسِیح نے میری زِندگی بدلی جب مَیں نے 26 سال کی عُمر میں اپنے پیارے شہر فرُوٹیار، چِلی میں بپتِسما لِیا تھا۔ اُس وقت، میری مُلازمت مُجھے خُوب صُورت چِلوی پیٹاگونیا کے سمُندروں، دریاؤں، اور جھیلوں کے پار لے جاتی تھی۔ اپنے بپتِسما کے بعد، مَیں نے اپنے کام اور اپنی زِندگی کو ایک نئے اور مُختلف اَنداز میں دیکھا، یہ حقیقت پہچانتے ہُوئے کہ ”سب چیزیں ظاہر کرتی ہیں کہ خُدا موجُود ہے۔“
فِطرت میں، سالمن مچھلیاں دریاؤں کے سَرچشموں میں پیدا ہوتی ہیں۔ اپنی زِندگی کے کسی نہ کسی مقام پر، اُنھیں سمُندر تک پُہنچنے کے لیے دریا کے دہانے کی جانب تیرنے کی ضرُورت ہوتی ہے، جہاں وہ اپنی نشوونُما کے لیے ضرُوری خوراک اور ماحول تلاش کرتی ہیں۔
لیکن سمُندر بھی ایک خطرناک جگہ ہے جہاں شِکاری گھات لگائے بیٹھے ہوتے ہیں اور جہاں ماہی گیر چمک دار کانٹوں کے ساتھ سالمن کو پکڑنے کی کوشِش کرتے ہیں اَیسے کانٹے جو خوراک جیسے دِکھائی دیتے ہیں مگر محض خوراک کا دھوکہ ہوتے ہیں۔ اگر سالمن اِن خطرات سے محفُوظ رہیں، تو وہ اپنے موثّر ہدایتی نِظام کو اِستعمال کرنے کے لیے تیار ہو جائیں گی تاکہ وہ اُسی دریا میں واپس جا سکیں جہاں وہ پیدا ہُوئی تھیں، جہاں اُنھیں نئی اور چند جانی پہچانی مُشکلات کا سامنا کرنا ہو گا۔ سائنسدانوں نے سالوں تک اُن کے ہِجرتی رویوں کا مُطالعہ کِیا ہے اور دریافت کِیا ہے کہ وہ ایک خاص مقناطیسی نقشے کا اِستعمال کرتی ہیں، بالکل جی پی ایس کی طرح، تاکہ وہ ناقابلِ یقین دُرستگی کے ساتھ اپنی آخِری منزل تک پُہنچ سکیں۔
ہم سب اِک روز آسمانی گھر واپس لوٹ سکتے ہیں جہاں سے ہم آئے ہیں۔ اور سالمن مچھلیوں کی طرح، ہمارے پاس بھی ایک مقناطیسی نقشہ ہے، یعنی مسِیح کا نُور وہاں ہماری راہ نُمائی کو۔ یِسُوع نے اپنے شاگِردوں کو سِکھایا، ”راہ، حق، اور زِندگی مَیں ہُوں: کوئی میرے وسِیلہ کے بغیر، باپ کے پاس نہیں آتا۔“
جب ہم اپنی زِندگیوں کو یِسُوع مسِیح پر مرکُوز کرتے ہیں، تو ہم آخِر تک برداشت کرتے اور آخِر تک شادمان ہوتے ہُوئے، اپنے گھر کا راستا تلاش کریں گے۔ صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا کہ، ”جو خُوشی ہم محسُوس کرتے ہیں اُس کا دارومدار ہماری زِندگی کے حالات پر کم اور بُہت زیادہ اِس بات پر ہے کہ ہم اپنی زِندگی کا مرکز کِس چیز کو بناتے ہیں۔“
ہماری اِلہٰی فِطرت اور تقدیر
خاندان کے لیے اِعلامیہ میں سے، ہم پڑھتے ہیں کہ ”[ہم میں سے] ہر ایک اپنے آسمانی والدین کا پیارا رُوحانی بیٹا یا بیٹی ہے، اور، یُوں، ہر ایک کو اپنی اِلہٰی فِطرت اور منزل حاصِل ہے۔ … قبل اَز فانی عالم میں، رُوحانی بیٹے اور بیٹیاں خُدا کو جانتے اور اُس کی اپنے اَبَدی باپ کی حیثیت سے پرستِش کرتے تھے، اور اُس کے منُصوبے کو اُنھوں نے قبُول کِیا جِس سے اُس کے بچّے جسمانی بدن حاصِل کر سکتے ہیں اور کاملِیت کی طرف بڑھنے کے لیے زمینی تجربہ حاصِل کرتے اور بالآخر اَبَدی زِندگی کے وارث ہونے کی اپنی اِلہٰی منزل کو پہچان سکتے ہیں۔“
اپنی فانی وِلادت سے پہلے، یِسُوع مسِیح مُوسیٰ پر ظاہر ہُوا اور باپ کی جانب سے اُس سے ہم کلام ہُوا۔ اُس نے مُوسیٰ کو بتایا کہ اُس کے واسطے ایک عظیم کام ہے جو اُس کو کرنا ہے۔ اُس مُلاقات کے دوران، خُداوند نے اُسے کئی بار ”میرا بیٹا“ کہہ کر پُکارا۔
اُس تجربے کے بعد، شیطان اُس کو آزمانے کے لیے آیا، اور کہا، ”مُوسیٰ، اِبنِ آدم، میری پرستش کر۔“
مُوسیٰ نے اپنی اِلہٰی فِطرت کو یاد کرتے ہُوئے آزمایش کا جواب دِیا، یہ کہتے ہُوئے کہ، ”تُو کون ہے؟ پَس دیکھ، مَیں خُدا کا بیٹا ہُوں۔“ سچّائی نے مُوسیٰ کو دُشمن کے حملے سے بچایا۔
بھائیو اور بہنو، فانی زِندگی کے پھندے حقیقی ہیں۔ یہ اکثر دِل کش نظر آتے ہیں، مگر اِن کا واحد مقصد: ہمیں آبِ حیات کی راہ سے ہٹانا ہے جو باپ اور اَبَدی زِندگی کی طرف لے کر جاتی ہے۔
مَیں جانتا ہُوں کہ فانی زِندگی کے پھندے کِتنے حقیقی ہو سکتے ہیں۔ ایک اِتوار کو، نئے تبدیل شُدہ کے طور پر، مَیں کہانتی جماعت میں تعلیم دے رہا تھا جب ایک بے چین کر دینے والی گُفتگُو شُروع ہو گئی۔ مُجھے اپنا سبق ختم کرنے میں مُشکل پیش آئی۔ مَیں رنجیدہ ہُوا اور مَیں نے محسُوس کیا نشانہ مَیں تھا۔ ایک لفظ کہے بغیر، مَیں نے باہر جانے کا رُخ کِیا اِس خیال کے ساتھ کہ مَیں کُچھ عرصے کے لیے گِرجا گھر واپس نہیں جاؤں گا۔
بالکل اُسی لمحے، ایک معاملہ فہم کہانتی حامِل میرے سامنے آ کر کھڑا ہو گیا۔ اُس نے بڑے پیار سے مُجھے مسِیح پر توجہ مرکُوز کرنے کی دعوت دی نہ کہ اُس صُورتِ حال پر جو جماعت میں پیش آئی۔ جب مَیں نے اُس کے ساتھ ہُوئے تجربے پر نظر ڈالی، تو اُس شخص نے مُجھے بتایا کہ اُس نے ایک آواز سُنی تھی کہ، ”اِس کے پیچھے جاؤ؛ وہ میرے لیے قیمتی ہے۔“
میرے عزیز دوستو، ہم سب اُس کی نظر میں قیمتی ہیں۔ صدر نیلسن نے سِکھایا ہے کہ، ”خُدا کے ساتھ ہمارے عہد کی بدولت، وہ ہماری مدد کرنے کی اپنی کاوِشوں میں کبھی نہیں تھکے گا، اور ہم اپنے ساتھ اُس کے شفِیق صبر کو کبھی کم نہیں کر سکیں گے۔“ ہماری اِلہٰی فِطرت اور خُدا کے ساتھ موعُودہ رِشتہ ہمیں اِلہٰی مُعاونت پانے کا حق دیتا ہے۔
غذائیت کی ضرُورت
جس طرح سمُندر میں نشوونُما پانے کے لیے سالمن مچھلیوں کو غذائیت کی ضرُورت ہوتی ہے، اُسی طرح ہمیں بھی رُوحانی غِذائی قِلت سے ہلاک ہونے سے اجتناب کرنے کے لیے خُود کو رُوحانی طور پر غذا فراہم کرنے کی ضرُورت ہوتی ہے۔ دُعا، صحائف، ہَیکل، اور اِتوار کی عِبادات میں ہماری باقاعدہ حاضری ہمارے رُوحانی مینیو کے لیے نہایت ضرُوری ہیں۔
نومبر 1956 میں، ریکارڈو گارسیا چِلی میں بپتِسما کے پانیوں میں داخِل ہُوا، اور میرے مُلک میں کلِیسیا کا پہلا رُکن بن گیا۔ اپنی وفات سے صِرف ایک دِن قبل، اُس نے اپنے خاندان اور دوستوں کے سامنے اِعلان کِیا، ”بُہت سال پہلے، مِشنریوں نے مُجھے اپنے خاندان کے ساتھ خُوش رہنے کی دعوت دی۔ مَیں خُوش اِنسان ہُوں۔ چِلی میں ہر کسی کو بتائیں کہ اِنجِیل ہی خُوشی ہے۔“
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے ساتھ نشوونُما پانے کے بعد، ریکارڈو، نے اپنی پُوری زِندگی خُدا اور اپنے پڑوسی کی محبّت کے ساتھ خِدمت کرنے کے لیے وقف کر دی۔ اُس کی شاگِردی کی مِثال نے مُجھ سمیت، کئی نسلوں کو برکت دی ہے۔ نبی جوزف سمِتھ نے سِکھایا کہ ”خُدا کی محبّت سے معمُور شخص، فقط اپنے خاندان کو برکت دینے پر اِکتِفا نہیں کرتا، بلکہ پُوری دُنیا میں جاتا ہے، اور پُوری نسلِ اِنسانی کو فیض یاب کرنے کو بےقرار رہتا ہے۔“
اپنے آسمانی گھر واپس لوٹنا
ہم میں سے ہر ایک کے اَندر گہری خواہش موجُود ہے کہ ہم اپنے آسمانی گھر واپس لوٹیں، اور یِسُوع مسِیح ہمارا آسمانی نِظامِ ہدایت ہے۔ وہ راہ ہے۔ اُس کی کفّارہ بخش قُربانی ہمارے واسطے خُدا کے ساتھ مُقدّس عہُود باندھنا مُمکن بناتی ہے۔ ایک بار جب ہم عہُود باندھ لیتے ہیں، تو بعض اوقات ہم اپنے آپ کو دھارے کے خِلاف تیرتے ہُوئے پائیں گے۔ خطرہ، مایُوسی، آزمایش، اور مُصیبت ہمارے اِیمان اور رُوحانی مضبُوطی کو آزمائیں گے۔ مدد مانگیں۔ یِسُوع مسِیح ہمیں سمجھتا اور ہمیشہ ہمارے بوجھ بانٹنے کا مُشتاق رہتا ہے۔
یاد رکھیں کہ وہ ”مردِ غم ناک، اور رنج سے آشنا“ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ نجات دہندہ نے سِکھایا، ”تم دُنیا میں مُصیبت اُٹھاتے ہو: لیکن خاطِر جمع رکھو؛ مَیں دُنیا پر غالِب آیا ہُوں“ اُس کی کفّارہ بخش قُربانی ہمارے گُناہوں کو قابلِ معافی بناتی ہے اُس نقطہ تک کہ وہ اُنھیں مزید یاد نہیں رکھتا۔
ہم شاید اپنی فانی سیکھ کے حِصّہ کے طور پر اپنے گُناہوں کو مُکمل طور پر نہ بھُولیں تاکہ ہم اُنھیں دوبارہ نہ دہرائیں۔ اِس کی بجائے، ہم ہر اِتوار کو گِرجا گھر میں عِشائے ربّانی لیتے ہُوئے اُس کو یاد رکھیں گے۔ یہ رسم عِبادت اور رُوحانی ترقی کا لازمی حِصّہ ہے۔ شادمانی تب آتی ہے جب ہم سمجھتے ہیں کہ یہ محض ایک عام دِن نہیں ہے۔ ”سبت آدمی کے لیے بنا ہے“ اِس غرض سے کہ ہم دُنیا سے آرام پائیں اور اپنے جِسم اور رُوح کی تجدید کریں۔
جب ہم ہَیکل—خُداوند کے گھر میں جاتے ہیں تو بھی ہم اُس کو یاد کرتے ہیں۔ ہَیکلیں ہمیں اُس عہد کے مرکز کے طور پر یِسُوع مسِیح کی بابت مُکمل عِلم فراہم کرتی ہیں جو ہمیں اَبَدی زِندگی کی طرف لے جاتا ہے، ”جو خُدا کی سب نعمتوں میں سے … اَعلیٰ و اَرفع نعمت ہے۔“
ہَیکل میں شِرکت نے مُجھے ہماری اَبَدی منزل کے مُتعلق تسلّی اور بڑی اُمِّید بخشی ہے۔ مَیں نے پَردے کے دونوں اَطراف کے لوگوں کے ساتھ آسمانی تعلقات کا تجربہ کِیا ہے۔ مَیں نے اپنے چھوٹے بچّوں کی زِندگیوں میں شِفا کے مُعجزات دیکھے ہیں، جن میں سے دو ایسی غیرمرئی بیماریوں کے ساتھ جی رہے ہیں جن کے لیے اُن کی باقی ماندہ زِندگی میں روزانہ دیکھ بھال کی ضرُورت ہے۔
ہمارا خاندان شادمان ہوتا ہے جب ہم خُوشی کے منصُوبے کے مُتعلق تذکرہ کرتے ہیں۔ میرے بچّوں کے چہرے خُوشی سے جگمکا اُٹھتے ہیں جب وہ یہ سُنتے ہیں کہ، یِسُوع مسِیح کی بدولت، اُن کے ”دُکھ ہوں گے اَلبتہ دم بھر کو۔“ ہم اپنے بچّوں سے بےپناہ محبّت کرتے ہیں، اور ہم جانتے ہیں کہ اِک روز، جیسا کہ صدر جیفری آر ہالینڈ نے سِکھایا، وہ ”ہمارے سامنے جلالی اور شان دار، جِسم و جاں میں حیرت اَنگیز طور پر کامِل کھڑے ہوں گے۔“ ہمارے عہُود ہمیں اِس حد تک خُدا کی قُربت میں لے جاتے ہیں کہ نامُمکن کو مُمکن بنا دیتے ہیں، اور ہمارے اندھیروں اور شک کو نُور اور اِطمینان سے بھر دیتے ہیں۔
یِسُوع مسِیح کی بدولت، ہمارے پاس اپنے پیاروں سے محبّت، دُعا، اور مُعاونت کرتے رہنے کی اُمِّید اور قوّی وجُوہات ہیں۔
مَیں جانتا ہُوں کہ وہ زِندہ ہے۔ وہ ہمیں جانتا اور ہم سے پیار کرتا ہے۔ وہی دُنیا کے لیے راہ، حق، اور زِندگی ہے۔
مَیں آج ہم سب کو اپنی زِندگیوں کو یِسُوع مسِیح اور اُس کی تعلیمات پر مرکُوز کرنے کی دعوت دیتا ہُوں۔ اَیسا کرنے سے ہمیں آزمایش، رَنجِش، اور خُود ترسی کے پھندوں سے بچنے میں مدد مِل سکتی ہے۔ ہم ہَیکلوں کی مانِند کھڑے رہیں گے—مُقدّس، مضبُوط اور ثابت قدم۔ ہم مُشکلوں کا سامنا کریں گے، اور ہم اپنے آسمانی گھر واپس لوٹیں گے، آخِر تک برداشت کریں گے اور آخِر تک خُوشی منائیں گے۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔