12۔
یِسُوع مسِیح خُوشی لاتا ہے
آپ کا آسمانی باپ خُوشی سے بھرپُور ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ آپ، یعنی اُس کے بچّے، جتنی مُمکن ہو اُتنی زیادہ خُوشی پائیں۔ اِسی واسطے اُس نے خُوشی کا منصُوبہ تیار کِیا۔ اُس نے اپنے بیٹے، یِسُوع مسِیح، کو آپ کا نجات دہندہ ہونے اور اپنی اِنجِیل کی تعلیم دینے کے واسطے بھیجا۔ لفظ اِنجِیل سے مُراد ”خُوش خبری“ ہے، اور خُوش خبری یہ ہے کہ یِسُوع مسِیح کی بدولت، آپ اِس زِندگی میں خُوشی پا سکتے ہیں اور اَبَدیت کے لیے خُوشی کی معمُوری پا سکتے ہیں۔
اَبَدی سچّائیاں
آپ کا مقصد خُوشی اور شادمانی پانا ہے۔ یہ آپ کی زِندگی کا مقصد ہے۔ یہ آسمانی باپ کے خُوشی کے منصُوبے کا مقصد ہے۔ اِس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ کبھی اُداس نہیں ہوں گے یا مُشکل اوقات نہیں آئیں گے۔ مگر اِس کا مطلب یہ ہے کہ نجات دہندہ مُشکل وقت سے گُزرنے اور خُوشی پانے میں آپ کی مُعاونت کر سکتا ہے۔
خُوشی آپ کے حالات سے نہیں آتی؛ یہ یِسُوع مسِیح کی پیروی کرنے سے آتی ہے۔ آپ کی زِندگی میں کوئی بُرا دِن، بُرا ہفتہ، یا بُرا سال بھی آ سکتا ہے۔ لیکن خُوشی آپ کی زِندگی میں غم کی عدم موجُودگی نہیں ہے؛ بلکہ یہ آپ کی زِندگی میں مسِیح کی موجُودگی ہے۔
مُنّجی کی خُوشی کسی بھی چیز سے زیادہ عظیم اور دیرپا ہے۔ شیطان آپ کو خُود غرض طریقوں یا دُنیاوی خُوشی یا لذّتوں سے لُطف اَندوز ہونے اور تسکین حاصِل کرنے کی ترغیب دے گا۔ جو کُچھ بھی یِسُوع مسِیح اور اُس کے اَحکام کے برعکس ہے وہ آپ کو حقیقی، دیرپا خُوشی اور شادمانی نہیں دے سکتا۔ یاد رکھیں کہ اِس زمین کی چیزیں عارضی ہیں۔ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل گہری، پاک، اور اَبَدی خُوشی اور شادمانی پیش کرتی ہے۔
دعوتیں
خُوشی کا اِنتخاب کریں۔ اگرچہ یہ سچ ہے کہ اِس دُنیا میں اُداسی اور مُشکلات ہیں، آسمانی باپ نے دُنیا کو بُہت سی خُوبصُورت، اور مُفید چیزوں سے بھی معمُور کِیا ہے۔ اُنھیں تلاش کریں۔ ہر روز شادمان ہونے کی وجُوہات پر غور کرنے کی کوشِش کریں—شاید اُنھیں لِکھ بھی لیں۔ یہ آپ کے پیارے آسمانی باپ کی طرف سے تحائف ہیں۔
دُوسروں کے لیے خُوشی اور شادمانی لائیں۔ یِسُوع مسِیح نے ہمیں شادمانی دینے کے لیے خُوشی کی معمُوری پائی ہے۔ دُوسروں کی خِدمت کرنے میں خُوشی اور شادمانی پانے سے آپ اُس کی مِثال کی پیروی کر سکتے ہیں۔ کسی کو پیار محسُوس کرنے میں مدد کریں۔ مُخلص تعریف کریں۔ کسی اَیسے شخص کی حوصلہ اَفزائی کریں جو جدوجہد کر رہا ہو۔ اگر آپ کبھی بھی محسُوس کریں کہ آپ کو اپنی زِندگی میں زیادہ خُوشی کی ضرُورت ہے، تو کسی اور کی زِندگی میں خُوشی لائیں۔
خُداوند کی عِبادت کرنے میں مسرُور رہیں۔ جب آپ گِرجا گھر جائیں، تو اُس خُوشی پر توجہ مرکُوز کریں جو یِسُوع مسِیح آپ کو دیتا ہے، اور اِس کے لیے اُس کی مدح سرائی کریں! اپنی کلِیسیائی عِبادات میں پُر مسرُور رُوح پیدا کرنے کے لیے اپنا کِردار اَدا کریں۔ گھر اور کلِیسیا میں مُقدّس موسیقی کو اپنی عِبادت کا حِصّہ بنائیں۔
وعدہ کی گئی برکات
زِندگی کٹھن ہونے کے باوجُود بھی آپ خُوشی محسُوس کر سکتے ہیں۔ آپ حیران ہوں گے کہ یہ کیسے مُمکن ہے، مگر یہ سچ ہے۔ یِسُوع مسِیح پر آپ کا اِیمان، اُس کی شِفا بخش قُدرت، اور اُس کے اَبَدی وعدے آپ کو مُستقل خُوشی دے سکتے ہیں۔ اُس کی خُوشی غم پر چھا جاتی ہے اور وہ اِطمینان لاتی ہے جو تمام سمجھ سے بالاتر ہے۔
خُدا کی سیلیسٹیئل بادشاہی میں خُوشی کی معمُوری آپ کی مُنتظر ہے۔ یِسُوع مسِیح اُن سب چیزوں پر غالِب آیا جو آپ کو اَبَدی خُوشی پانے سے دُور رکھ سکتی ہیں۔ جب آپ اُس پر بھروسا کرتے اور اُس کی پیروی کرتے ہیں، تو یہ خُوشی آپ کی ہوگی۔
سوالات اور جوابات
اگر اِنجِیل خُوشی لاتی ہے، تو مَیں اِتنا غمگین کیوں محسُوس کرتا ہُوں؟ غمگین محسُوس کرنا اِس بات کی علامت نہیں کہ آپ اِنجِیل کے مُطابق زِندگی نہیں گُزار رہے ہیں۔ ہر ایک کی زِندگی میں مُصیبت، آزمایشیں، اور غم شامِل ہیں۔ یِسُوع مسِیح کی پیروی اِس کو تبدیل نہیں کرتی، لیکن یہ آپ کو نجات دہندہ سے جوڑتی ہے جو آپ کو تسلّی دے سکتا ہے اور خُوشی اور شادمانی پانے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے۔
دُنیا میں اِتنی زیادہ مُصیبت کیوں ہے؟ دُنیا میں کُچھ مصائب اِس لیے آتے ہیں کیوں کہ لوگ غلط اِنتخابات کرنے کے لیے اپنی آزاد مرضی کو اِستعمال کرتے ہیں۔ یہ اپنے اور دُوسرے لوگوں کے لیے تکلیف کا سبب بن سکتا ہے۔ دُوسرے مُعاملات میں، مُصیبت کسی کی غلطی نہیں ہے—یہ صِرف ایک نامُکمل دُنیا میں رہنے کا نتیجہ ہے۔ وجہ کُچھ بھی ہو، کسی کو تکلیف میں مُبتلا دیکھنا دِل دہلا دینے والا ہو سکتا ہے، خصُوصاً کوئی جسے آپ پیار کرتے ہیں۔ یقین رکھیں کہ جب آپ تکلیف میں ہوتے ہیں تو خُدا بھی غمگین ہوتا ہے۔ وہ فانی زِندگی کی آزمایشوں کی اِجازت اِس لیے دیتا ہے تاکہ آپ پڑھ سکیں اور اُس کے ساتھ اَبَدی خُوشی کے لیے تیار ہو سکیں، لیکن وہ آپ کو تنہا دُکھ برداشت کرنے کے لیے نہیں چھوڑتا۔ اُس نے یِسُوع مسِیح کو بھیجا کہ وہ آپ کا دُکھ درد اپنے اُوپر لے لے تاکہ وہ آپ کی مدد کر سکے۔ یِسُوع مسِیح آپ کی طاقت ہے! اور وہ آپ کو، اپنے پیروکاروں میں سے ایک کے طور پر، دعوت دیتا ہے کہ دُوسروں کے دُکھوں کو کم کرنے میں مدد کے لیے آپ جو کر سکتے ہیں وہ کریں۔
دیکھیں زبُور 16:11 (خُدا کی حُضُوری میں خُوشی کی معمُوری ہے)؛ 95:1 (خُداوند کے لیے گانا)؛ یُوحنّا 16:33 (خاطِر جمع رکھو؛ یِسُوع مسِیح دُنیا پر غالِب آیا)؛ گلتیوں 5:22 (رُوح کا پھل خُوشی ہے)؛ عِبرانیوں 12:2 (خُدا کے بچّوں کو بچانے کی خُوشی کی بدولت یِسُوع نے اپنی تکلیف برداشت کی)؛ 2 نِیفی 2:25 (خُدا چاہتا ہے کہ آپ خُوشی پائیں)؛ ایلما 26:15–16 (خُدا کے کام کرنے سے خُوشی کی طرف راہ نُمائی ہوتی ہے)؛ عقائد اور عہُود 18:15–16 (جب آپ دُوسروں کو مسِیح کے پاس آنے میں مدد دیتے ہیں تو آپ کی خُوشی کتنی زیادہ ہوگی)۔
اِجازت نامہ برائے ہَیکل کے سوالات
-
کیا آپ یِسُوع مسِیح کے کفّارے اور نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے کی حیثیت سے اُس کے کِردار کی گواہی رکھتے ہیں؟