خاندان نُور کی طرف دیکھتے ہُوئے، اَز لوویٹا ریس کیرو۔ تصویر بشُکریہ ہیون لائٹ
10۔
آپ کا بَدن مُقدّس ہے
1 کُرنتھیوں 6:18–20
آپ کا بدن آپ کے آسمانی باپ کی جانب سے ایک حیرت انگیز نعمت ہے۔ بدن ہونے سے آپ کو صحیح اور غلط میں اِنتخاب کرنے کی اپنی مُختاری اِستعمال کرنے کی بھرپُور قُوت مِلتی ہے۔ یِسُوع مسِیح کی بحال شُدہ اِنجِیل آپ کو خُدا کے نُقطہِ نظر سے اپنے بدن کو دیکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ اور اِس سے آپ کے اِنتخاب کرنے میں بڑا فرق پڑتا ہے کہ آپ نے اپنے جِسم کے ساتھ کیا کرنا ہے اور کس طور سے اِس کی دیکھ بھال کرنی ہے۔
اَبَدی سچّائیاں
آپ کا بدن خُدا کی شبیہ پر بنایا گیا ہے—کائنات میں سب سے جلالی، اور عظیمُ الشان ہستی۔ صحائف ہمارے جسم کا موازنہ مُقدّس ہَیکَل سے کرتے ہیں، اَیسا مقام جہاں پاک رُوح بسیرا کر سکے۔ بِلا شُبہ، آپ کا بدن اَبھی کامِل نہیں ہے۔ مگر آپ کا بدن جن تجربات سے گُزر رہا ہے وہ آپ کو اِک روز کامِل، جی اُٹھے، جلالی بدن پانے کی تیاری میں مدد دے سکتے ہیں۔
آپ کی جان آپ کے بدن اور رُوح سے مِل کر بنی ہے۔ اِسی وجہ سے، جِسمانی صحت اور رُوحانی صحت قریبی طور پر جُڑی ہُوئی ہیں۔ نجات دہندہ نے حِکمت کا قانُون اِسی واسطے ظاہر کِیا ہے کہ آپ کو بدن کی دیکھ بھال کے اُصُول سِکھائے جائیں اور آپ جِسمانی اور رُوحانی برکات کا وعدہ پائیں۔
جِنسی جذبات خُوش گوار اَزدواجی زِندگیوں اور اَبَدی خاندان تشکیل دینے کے لیے خُدا کے منصُوبے کا اِنتہائی اہم حِصّہ ہے۔ یہ احساسات گُناہ نہیں ہیں—بلکہ یہ مُقدّس ہیں۔ چُوں کہ جِنسی احساسات نہایت مُقدّس اور قوّی ہیں، لہٰذا خُدا نے آپ کو اِن جذبات کو جس طرح وہ چاہتا ہے اِستعمال کرنے کے لیے تیار کرنے کو پاک دامنی کا قانُون دِیا ہے۔ پاک دامنی کا قانُون بیان کرتا ہے کہ خُدا صِرف ایک شادی شُدہ مَرد اور عورت کے درمیان جِنسی عمل کی منظُوری دیتا ہے۔ بُہتیرے لوگ خُدا کی شریعت کو نظر اَنداز کرتے یا تمسخر اُڑاتے ہیں، لیکن خُداوند ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اُس کے شاگِرد بنیں اور اِس جہان سے اعلیٰ معیار کے مُوافق زِندگی گُزاریں۔
دعوتیں
اپنے بدن—اور دُوسروں کے ابدان کے ساتھ—عِزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں۔ جب آپ اپنے لباس، بالوں کے بناؤ سِنگھار اور ظاہری وضع قطع کی بابت فیصلہ کرتے ہیں، تو اپنے آپ سے پُوچھیں، ”کیا مَیں اپنے جِسم کو خُدا کی طرف سے مُقدّس نعمت کے طور پر عِزت دے رہا ہُوں؟“ آسمانی باپ چاہتا ہے کہ ہم ایک دُوسرے کو اِس ںگاہ سے دیکھیں کہ ہم واقعی کون ہیں: نہ صرف جِسمانی بدن کے لحاظ سے بلکہ اُس کی محبُوب اولاد کے طور پر جو اِلہی مقدُور کے حامِل ہیں۔ اَیسے بناؤ سِنگھار سے اِجتناب کریں جو آپ کے جِسمانی بدن پر بے جا کشِش یا نامُناسب توجہ مبذُول کروائے بجائے اِس کے کہ آپ اَبَدی مُستقبل کے حامِل خُدا کے بچّے کے طور پر کون ہیں۔ خُدا کے واسطے اِخلاقی پاکیزگی اور محبّت کو اپنے فیصلوں کی راہبری کرنے دیں۔ اپنے خاندان سے مشاورت کے طالِب ہوں۔
اَیسے کام کریں جو آپ کے بدن کو مضبُوط کریں، نہ کہ اَیسے کام جو اِسے ضَرر یا نُقصان پُہنچائیں۔ تشکُّر کے ساتھ اُن بُہتیری اچھی چیزوں سے لُطف اَندوز ہوں جو خُدا نے مُہیا کی ہیں۔ یاد رکھیں کہ شراب، تمباکُو، کافی، چائے، اور دِیگر مُضر منشیات اور اَشیا آپ کے بدن یا رُوح کے واسطے نہیں ہیں۔ حتیٰ کہ مُفید اَشیا، جیسے نُسخے والی اَدویات، اگر دُرست طریقے سے اِستعمال نہ کی جائیں تو تباہ کُن ہو سکتی ہیں۔
جِنسی تعلقات اور جِنسی جذبات کو مُقدّس رکھیں۔ اِنھیں مذاق یا تفریح کا موضُوع نہیں ہونا چاہیے۔ مَرد اور عورت کے درمیان شادی سے قبل، کسی دُوسرے شخص کے بدن کے نِجی، مُقدّس اَعضا کو چُھونا غلط ہے، چاہے کپڑے پہنے بھی ہوں۔ آپ جو کُچھ کرتے ہیں اِس کے مُتعلق اپنے اِنتخاب کو، دیکھیں، پڑھیں، سُنیں، اِس کے بارے میں سوچتے، پوسٹ کرتے، یا ٹیکسٹ کرتے ہوئے، کسی بھی اَیسی چیز سے اِجتناب کریں جو جان بُوجھ کر دُوسروں یا آپ کے درمیان ہوس کے جذبات کو اُبھارے۔ اِس میں کسی بھی طرح کی فُحش نِگاری شامل ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ بعض حالات یا سرگرمیاں آزمایشوں کو بَڑھاوا دیتی ہیں، تو اُن سے بچیں۔ آپ بخُوبی واقف ہیں کہ وہ حالات اور سرگرمیاں کیا ہیں۔ اور اگر آپ کو واقفیت نہیں ہے، تو پاک رُوح، آپ کے خاندان، اور آپ کے قائدین آپ کی جاننے میں مدد کر سکتے ہیں۔ اپنے آسمانی باپ کو ظاہر کریں کہ آپ تخلیقِ زِندگی کی پاک قُدرت کی عِزت اور احترام کرتے ہیں۔
وعدہ کی گئی برکات
اپنے اور دُوسروں کے لیے آپ کا احترام بڑھے گا جب آپ اپنے رویے، ظاہری وضع قطع اور لباس کے ذریعے اپنے بدن کو عِزت دیں گے۔
خُداوند نے صحت کے قانُون پر عمل کرنے والوں سے عِلم کے عظیم خزانوں کا وعدہ فرمایا ہے۔ صحت مند بدن، نشے سے پاک، شخصی مُکاشفہ پانے، واضح سوچ اور خُداوند کی خِدمت کرنے کی آپ کی صلاحیت کو بھی تقویت دیتا ہے۔
پاک دامنی کے قانُون پر عمل پیرا ہونا خُدا کی منظُوری اور شخصی رُوحانی قُوت لاتا ہے۔ یہ آپ اور آپ کے مُستقبل کے خاندان کی حِفاظت کرتا ہے۔ جب آپ شادی شُدہ ہوں گے، تو یہ قانُون آپ کے اَزدواج میں زیادہ محبّت، بھروسے، اور اِتحاد کا باعث بنے گا۔ اِس قانُون کی فرماں برداری آپ کے لیے اَبَدی ترقی اور مزید اپنے آسمانی باپ کی مانِند بننے کو مُمکن بنائے گی۔ جب آپ یِسُوع مسِیح کے شاگِرد کی حیثیت سے زِندگی گُزاریں گے تو آپ کا اعتماد بڑھے گا۔
سوالات اور جوابات
لباس زیب تن کرنے، سجنے سنورنے، ٹیٹُو بنوانے اور جِسم چھِدوانے کے مُتعلق خُداوند کا معیار کیا ہے؟ خُداوند کا معیار ہے کہ آپ اپنے بدنوں کے تقدُّس کا احترام کریں، حتیٰ کہ جب اِس کا مطلب دُوسرے لوگوں سے مُختلف ہونا ہی کیوں نہ ہو۔ جب آپ فیصلے کرتے ہیں تو اِس سچّائی اور رُوح کو اپنا راہ نُما بنائیں—خاص طور پر اَیسے فیصلے جو آپ کے جِسم پر دیر پا اَثرات مُرتب کرتے ہیں۔ دانا اور وفادار بنیں، اور اپنے خاندان اور قائدین سے مشاورت کے طلب گار ہوں۔
مَیں آزمائِشوں اور بُری عادات پر کس طرح غلبہ پا سکتا ہُوں؟ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح آپ کی مدد کرنے کی قُدرت رکھتے ہیں۔ اپنی زِندگی کو اَیسی چیزوں سے بھر دیں جو اُن کی قُدرت کو آپ کی زِندگی میں مدعُو کرتی ہیں، جیسا کہ دُعا، مُطالعہِ صحائف، اور دُوسروں کی خِدمت۔ یِسُوع مسِیح اور اُس کی اِنجِیل کی طرف رُجُوع کریں، اور آپ جانیں گے کہ کمزوریاں مضبُوطیاں بن سکتی ہیں۔ حسبِ ضرورت خاندان، راہ نُماؤں، اور بااِعتماد پیشہ ورانہ مُشیروں سے مدد پانے کی کوشِش کریں۔ وہ آپ کو اپنی زِندگی پر دوبارہ کنٹرول پانے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ اِس میں وقت لگ سکتا ہے، لہٰذا صبر کریں، اور کبھی بھی ہمت نہ ہاریں۔
مَیں اپنے ہم جِنس لوگوں کی طرف کشِش محسُوس کرتا ہُوں۔ یہ معیارات مُجھ پر کیسے لاگُو ہوتے ہیں؟ ہم جِنس کشِش محسُوس کرنا گُناہ نہیں ہے۔ اگر آپ یہ احساسات رکھتے ہیں اور آپ اِن پر عمل نہیں کرتے یا اِن کو طُول نہیں دیتے تو آپ آسمانی باپ کے پاک دامنی کے مُقدّس قانُون کی پیروی کر رہے ہیں۔ آپ خُدا کے محبُوب بچّے اور یِسُوع مسِیح کے شاگِرد ہیں۔ یاد رکھیں کہ مُنّجی ہر اُس تجربے کو سمجھتا ہے جس سے آپ گُزرتے ہیں۔ اُس کے ساتھ اپنے عہد کے رابطے کے وسیلے، آپ خُدا کے اَحکام کی فرماں برداری کرنے اور اُن برکات کو پانے کی طاقت پائیں گے جو اُس نے وعدہ فرمائی ہیں۔ اُس پر اور اُس کی اِنجِیل پر بھروسا رکھیں۔
مُجھے ہِراساں کِیا گیا، اور مَیں شرم سار ہُوں۔ کیا مَیں گُناہ کا مُرتکب ہُوں؟ نہیں۔ کسی بھی ہراسانی یا حملے کا شِکار ہونا آپ کو گُناہ کا مُرتکب نہیں ٹھہراتا ہے۔ نجات دہندہ آپ سے محبّت رکھتا ہے۔ وہ آپ کی قُوّت ہے۔ وہ آپ کی مدد کرنا، آپ کو شِفا بخشنا، اور آپ کو اِطمینان عطا کرنا چاہتا ہے۔ بااِعتماد پیشہ ورانہ مُشیر، آپ کے اہلِ خانہ، اور آپ کے قائدین بھی مدد کر سکتے ہیں۔
دیکھیں پیدایش 1:27 (ہم خُدا کی شبیہہ پر بنائے گئے ہیں)؛ یُوحنّا 14:18 (نجات دہندہ تسلّی کا وعدہ کرتا ہے)؛ فِلپیوں 4:7 (خُدا کا اِطمینان سمجھ سے بالاتر ہے)؛ مُضایاہ 2:41 (جو لوگ خُدا کے حُکموں پر عمل کرتے ہیں وہ مادی اور رُوحانی طور پر برکت پاتے ہیں)؛ عقائد اور عہُود 88:15 (رُوح اور بدن جان ہیں)؛ 89 (حِکمت کا کلام)؛ 121:45 (پاک خیالات اِضافی اِعتماد کی طرف لے جاتے ہیں)۔
اِجازت نامہ برائے ہَیکَل کے سوالات
-
خُداوند نے فرمایا ہے کہ سب کاموں کو میرے حُضُور ”پاکیزگی سے کرو“ (عقائد اور عہُود 42:41)۔ کیا آپ اپنی سوچ اور طرزِ سلُوک میں اِخلاقی پاکیزگی کے لیے جدوجہد کرتے ہیں؟
-
کیا آپ پاک دامنی کے قانُون کی فرماں برداری کرتے ہیں؟
-
کیا آپ حِکمت کے کلام کو سمجھتے اور فرماں برداری کرتے ہیں؟