9۔
آپ کو کہانتی کُنجیوں اور اِختیار سے برکت مِلی ہے
متّی 16:18–19
جب یِسُوع نے پطرس کو کہانتی اِختیار کے بارے میں تعلیم دی، تو اُس نے کُنجیوں کی بات کی۔ کُنجیاں کسی چیز کو کھولنے کے لیے اِستعمال کی جاتی ہیں۔ کہانتی کُنجیاں آپ کی زِندگی میں خُدا کی قُدرت، نعمتوں، اور برکات کو کھول سکتی ہیں۔
اَبَدی سچّائیاں
تمام کہانتی کُنجیاں اور اِختیار یِسُوع مسِیح کے وسِیلے سے آتا ہے۔ ہر کہانتی حامِل اپنے اِختیار کو اُس تک واپس لے جا سکتا ہے۔ نجات دہندہ تعین کرتا ہے کہ یہ اِختیار کون پاتا ہے اور کون کہانت کی کُنجیاں حاصِل کرتا ہے۔ ہم اُس کے کامِل علم پر بھروسا کرتے ہیں۔
یِسُوع مسِیح نے ہمارے زمانہ میں اپنی کہانت کو بحال کِیا ہے۔ وہ ہدایت کرتا ہے کہ کہانت کو کیسے اِستعمال کِیا جائے گا۔ پُوری تاریخ میں آدم، مُوسیٰ، پطرس، اور بُہت سے دیگر اَنبیا کو کہانتی کُنجیاں حاصِل ہُوئی تھیں۔ ہمارے زمانہ میں، جوزف سمِتھ نے یُوحنّا بپتِسما دینے والے، پطرس، مُوسیٰ، اِلیاس، ایلیاہ اور دیگر سے کہانتی کُنجیاں حاصِل کی تھیں۔ صدارتِ اَوّل اور بارہ رَسُولوں کی جماعت کے اَرکان آج زمین پر تمام کہانتی کُنجیوں کے حامِل ہیں۔ مقامی کہانتی راہ نُما اور کورم کے صدُور بھی اپنی بُلاہٹوں کے لیے کہانتی کُنجیوں کے حامل ہیں۔ کہانتی کُنجیاں خُدا کے کام پر حُکمرانی کرتی ہیں۔ وہ اِس کام میں مدد کرنے کے لیے مَردوں اور عورتوں کو بااِختیار بناتیں اور قُوت بخشتیں ہیں۔
کہانتی اِختیار خُدا کی ساری اُمّت کو برکت بخشتا ہے۔ چُوں کہ کہانت بحال ہو چُکی ہے، آپ رُسُوم پا سکتے اور خُدا کے ساتھ عہُود باندھ سکتے ہیں۔ جب آپ کسی اِختیار والے سے ذِمہ داری یا بُلاہٹ پاتے ہیں تو آپ خُدا کے نام پر عمل کر سکتے ہیں۔
دعوتیں
کلِیسیائی بُلاہٹوں کو قبُول کریں اور وفاداری سے خِدمت کریں۔ جب آپ کلِیسیائی بُلاہٹ پاتے ہیں، تو آپ کو اُس کِردار میں خِدمت کرنے کے لیے خُدا کی طرف سے اِختیار کے ساتھ مُقرر کِیا جاتا ہے۔ آپ اپنی خِدمت کے لیے خُدا سے راہ نُمائی بھی پا سکتے ہیں۔ جب آپ خِدمت کرتے ہیں، تو آپ یِسُوع مسِیح کی نُمایندگی کرتے ہیں۔ اُسے اپنی بہترین کوشِش پیش کریں۔
اُن کی تائید کریں جنھیں خُدا نے خِدمت کرنے کے لیے بُلایا ہے۔ تائید کرنے کا مطلب صِرف اپنا ہاتھ اُٹھانے سے کہیں زیادہ ہے جب کلِیسیائی عِبادت میں نام پُکارا جاتا ہے۔ اِس کا مطلب مدد اور مُعاونت کرنا ہے۔ اُن طریقوں کو تلاش کریں جن سے آپ اُن لوگوں کی تائید کرتے ہیں جنھیں یِسُوع مسِیح نے اپنی کلِیسیا میں خِدمت کرنے کے لیے بُلایا ہے۔
اپنے کلِیسیائی راہ نُماؤں کی طرف سے دی گئی ذِمہ داریوں کو پُورا کریں—بشمُول آپ کے کورم یا جماعت کی صدارت سے۔ اُن کے پاس خُدا کی طرف سے اِختیار ہے، جو وہ اُس ذِمہ داری کے لیے آپ کو سونپتے ہیں۔ آپ کو کسی کی خِدمت گُزاری کی ذِمہ داری دی جا سکتی ہے، جب لوگ عِشائے ربّانی کی عِبادت میں آئیں تو اُن کا خیر مقدم کرنے کی ذِمہ داری، یا کسی سرگرمی میں مدد کرنے کی ذِمہ داری۔ ذِمہ داری کُچھ بھی ہو، اِسے یِسُوع مسِیح کے شاگِرد بننے اور خُدا کے بچّوں کی خِدمت کرنے کے موقع کے طور پر دیکھیں۔
وعدہ کی گئی برکات
آپ بھروسا کر سکتے ہیں کہ جو رُسُوم آپ کو مِلتی ہیں وہ یِسُوع مسِیح کی طرف سے منظور شُدہ ہیں۔ یہ اُن چیزوں میں سے ایک ہے جو کلِیسیائے یِسُوع مسِیح کو مُنفرد بناتی ہے۔ کہانتی رَسُومات کے ذریعے، خُدا کی قُدرت ظاہر ہوتی ہے۔
آپ خُداوند کے ہاتھ میں آلہِ کار بن جائیں گے۔ جب آپ خُداوند کی خِدمت اُس کے اِختیار کے ساتھ اور اُس کے خادموں کی ہدایت سے کرتے ہیں جو کہانتی کُنجیوں کے حامِل ہیں، تو وہ آپ کی یہ جاننے میں مدد کرے گا کہ اُس کے کام میں دُوسروں کی کیسے خدِمت کرنی ہے۔ یِسُوع مسِیح آپ کی طاقت ہے۔ آپ کی خِدمت آپ کو اُس کے قریب آنے اور آپ کو خُوشی دینے میں مدد کرے گی۔
سوالات اور جوابات
میری وارڈ میں کون کہانتی کُنجیوں کا حامِل ہے؟ بِشپ اور ایلڈروں، مُعلمین، اور ڈیکنوں کے کورم کے صدُور کہانتی کُنجیوں کے حامِل ہیں۔ اِس کا مطلب ہے کہ خُداوند نے اُنھیں مُقرر کِیا ہے کہ وہ راہ نُمائی کریں کہ وارڈ میں ہر ایک کی خِدمت اور برکت کے لیے کہانت کو کیسے اِستعمال کِیا جاتا ہے۔
کہانتی کُنجیاں مُجھے کیسے برکت بخشتی ہیں؟ بپتِسما اور عِشائے ربّانی جیسی رَسُومات کو کہانتی کُنجیوں کے ذریعے منظور کِیا جاتا ہے۔ جب آپ کو کلِیسیا میں کوئی بُلاہٹ مِلتی ہے، تو آپ کو کسی اَیسے شخص کی زیرِ ہدایت مُقرر کِیا جاتا ہے جس کے پاس کُنجیاں ہوں۔ اِس سے آپ کو اُس بُلاہٹ میں خِدمت کرنے کے اِختیار سے نوازا جاتا ہے۔ کلِیسیائی قائدین اور مُعلمین جو آپ کی خِدمت کرتے ہیں اُنھوں نے بھی کُنجیوں کے ذریعے کہانتی اِختیار پایا ہے۔
مَرد و خواتین کہانتی اِختیار کے ساتھ کیسے خِدمت کرتے ہیں؟ اَہل مَردوں کو کہانت عطا کی جاتی ہے اور اُنھیں ڈیکن، ٹیچر، پرِیسٹ، اور ایلڈر جیسے کہانتی عُہدوں میں تقرری دی جاتی ہے۔ دونوں خواتین اور مَرد جو بُلاہٹ میں خِدمت کرنے کے لیے مُقرر کِیے جاتے ہیں وہ اُس بُلاہٹ کو پُورا کرنے کے لیے خُدا کی طرف سے کہانت کا تفویض کِیا ہُوا اِختیار پاتے ہیں۔ کلِیسیائی راہ نُما سے ذِمہ داری پانے والے مَرد و خواتین کے لیے بھی اَیسا ہی ہے۔
دیکھیں عقائد اور عہُود 35:24–27 (کلِیسیا کی راہ نُمائی خُداوند کی دی گئی کُنجیوں سے کی جاتی ہے)؛ 107:18–20 (ملکِ صِدق کی کہانت اور ہارُونی کہانت کی کُنجیاں)؛ 110:11–16 (مُوسیٰ، اِلیاس، اور ایلیاہ نے کُنجیاں بحال کی ہیں)۔
اِجازت نامہ برائے ہَیکَل کے سوالات
-
کیا آپ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے صدر کی بحیثیتِ نبی، رویا بِین، اور مُکاشفہ بِین، اور زمین پر واحِد شخص کے طور پر جس کے پاس تمام کہانتی کُنجیاں اِستعمال کرنے کا اِختیار ہے، تائید کرتے ہیں؟
-
کیا آپ صدارتِ اَوّل اور بارہ رَسُولوں کی جماعت کے اَرکان کی بحیثیتِ نبی، رویا بِین، اور مُکاشفہ بِین، تائید کرتے ہیں؟
-
کیا آپ کلِیسیا کے دیگر اعلیٰ عُہدے داران اور مَقامی راہ نُماؤں کی تائید کرتے ہیں؟