نوجوانان
8۔ ہَیکَل کی رُسُوم اور عہُود آپ کو خُدا کی برکات تک زیادہ رسائی فراہم کرتے ہیں


یِسُوع مسِیح بیٹھے اور اپنے شاگِردوں کو تعلیم دیتے ہُوئے

ہَیکَل کی رُسُوم اور عہُود آپ کو خُدا کی برکات تک زیادہ رسائی فراہم کرتے ہیں

عقائد اور عہُود 95:‏8

آسمانی باپ کی چند برکات اِس قدر مُقدّس ہیں، کہ اُس نے ہمیں خاص، مُقدّس مقامات کو مخصُوص کرنے کا حُکم دِیا ہے، جہاں ہم اُنھیں حاصِل کر سکتے ہیں: یعنی ہَیکَلیں۔ ہَیکَل میں، خُداوند کے گھر میں، آپ اُس کی اعلیٰ ترین رُسُوم پا سکتے ہیں—یعنی ودیعت اور مُہر بندی—اور اُس کے عظیم وعدے پا سکتے ہیں۔

اَبَدی سچّائیاں

ودیعت عِلم اور قُدرت کا تُحفہ ہے۔ ہَیکَل کی ودیعت کی رُسُوم میں، آپ مزید بھرپُور طریقے سے نجات دہندہ کا نام اپنے اُوپر اَوڑھتے ہیں۔ آپ خُدا کی فرماں برداری کرنے کا عہد باندھتے ہیں، اُس کی مرضی پُوری کرنے کے لیے قُربانی دیتے ہیں، یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل پر عمل کرتے ہیں، پاک دامنی کے قانُون کی فرماں برداری کرتے ہیں، اور تقدیس کرتے ہیں—یا—آپ کی زِندگی اور وہ سب کُچھ جو خُدا نے آپ کو اپنی کلِیسیا میں سونپ دِیا ہے۔ یہ آپ کے وعدے ہیں۔ خُدا آپ کو زیادہ عِلم، تحفُظ، اور اپنی قُدرت تک رسائی سے برکت دینے کا وعدہ کرتا ہے۔ وہ آپ کو اپنے ساتھ اَبَدی زِندگی دینے کا وعدہ بھی کرتا ہے۔ ودیعت کے حِصّہ کے طور پر، آپ پاک کہانت کا زیرِ جامہ زیب تن کرنے کا مُقدّس اِعزاز پاتے ہیں۔ زیرِ جامہ یِسُوع مسِیح کی علامت اور آپ کے ہَیکَل کے عہُود کی یاد دِہانی ہے۔

ہَیکَل کی مُہر بندی جوڑوں اور خاندانوں کو اَبَدیت کے لیے مُتحد کرتی ہے۔ ہَیکَل کی مُہر بندی کی رسم میں، آپ اور آپ کا جیون ساتھی خُدا اور ایک دُوسرے کے ساتھ عہد باندھیں گے۔ آپ خُدا اور ایک دُوسرے کے ساتھ مُکمل طور پر وفادار رہنے، ایک دُوسرے سے محبّت رکھنے اور خِدمت کرنے، اور خُدا کے قوانین کو ماننے کے لیے باہم مِل کر کام کرنے کا وعدہ کریں گے۔ یہ آپ کا وعدہ ہے۔ خُدا وعدہ فرماتا ہے کہ آپ کے جیون ساتھی اور آپ کے بچّوں کے ساتھ آپ کے تعلقات ہمیشہ کے لیے قائم رہ سکتے ہیں۔ وہ وعدہ فرماتا ہے کہ جب آپ اپنے عہُود پر قائم رہتے ہیں تو آپ سیلیسیٹیئل بادشاہی میں اُس کے ساتھ اعلیٰ ترین جلال پا سکتے ہیں۔ اِس برکت کو سرفرازی کہا جاتا ہے۔

دعوتیں

ہمیشہ اِجازت نامہ برائے ہَیکَل کے حامل ہوں۔ اِس کو پانے کے لیے صدارتِ بِشپ کے کسی رُکن سے مُلاقات کریں۔ وہ آپ سے سوالات پُوچھے گا کہ آپ اُس کے پاک گھر میں داخِل ہونے کے لیے خُداوند کے معیارات پر کیسے عمل کر رہے ہیں۔ اِن سوالات کا اکثر جائزہ لیں۔ (وہ سوال آپ کو اِس ہدایت نامہ کے ضمیمہ میں مِل سکتے ہیں۔) حتیٰ کہ اگر آپ ہَیکَل سے بُہت دُور بھی رہتے ہیں، تو اپنے اِجازت نامہ کو خُداوند کے لیے اپنی محبّت اور اُس کے معیارات کے مُطابق زِندگی گُزارنے کے عزّم کی علامت بننے دیں۔

جتنی بار ہو سکے ہَیکَل میں جائیں۔ اپنے اِجازت نامہ کے ساتھ، آپ خُداوند کے گھر میں داخِل ہو سکتے ہیں اور اپنے آباؤ اَجداد کے لیے بپتِسما اور اِستحکام پا سکتے ہیں، تاکہ وہ آپ کی دی گئی برکات کو حاصِل کر سکیں۔ ہَیکَل میں جانے کے ہر موقع سے فائدہ اُٹھائیں۔ خُداوند کو اُس کے گھر میں ڈھُونڈیں۔ رَسُومات، علامات، اور رُوح میں جو آپ محسُوس کرتے ہیں اُسی کی جُستجُو میں رہیں۔ آپ اُسے پائیں گے۔

خُداوند کے گھر میں عہُود باندھنے کے لیے تیاری کریں۔ اَیسا کرنے کا بہترین طریق یہ ہے کہ اپنے بپتِسما کے عہُود پر قائم رہیں۔ ہَیکَل کی رُسُوم پانے اور زِندگی بھر عہد پر عمل کرنے والے بننے کے لیے اِسے اپنے راہ نُما مقاصِد میں سے ایک بنائیں۔ اَبھی سے اُن قوانین پر عمل پیرا ہونے کی اِبتدا کریں جن کی فرماں برداری کرنے کا وعدہ آپ ہَیکَل میں کریں گے: خُدا کے حُکموں کی فرماں برداری، قُربانی، یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل، پاک دامنی، اور تقدیس۔ آپ کا خاندان، بِشپ، اور دیگر کلِیسیائی قائدین آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔

تیگوسیگالپا ہنڈوراس ہَیکَل

وعدہ کی گئی برکات

آپ مزید یِسُوع مسِیح کی مانِند بن سکتے ہیں۔ وہ آپ کو راست بازی کا عظیم پیروکار بننے میں مدد دے گا۔ ہَیکَل کی رَسُومات اور عہُود آپ کو سِکھاتے ہیں کہ خُدا کی حُضُوری میں کیسے داخِل ہوں اور اُس کے ساتھ اَبَدی زِندگی کیسے حاصِل کریں۔

آپ خُدا کی قُدرت سے لیس ہوں گے۔ ہَیکَل کے عہُود اِس وعدے کے ساتھ آتے ہیں کہ خُدا کی قُدرت اور جلال آپ پر ہوگا۔ اُس کے فرِشتے آپ کی نِگہبانی کریں گے۔

ہَیکَل میں وقت آپ کو یِسُوع مسِیح اور رُوحُ القُدس کے ساتھ زیادہ قریب سے جوڑے گا۔ آپ خُدا کے اِطمینان اور آرام کو محسُوس کریں گے۔ آپ اُس کی آواز کو زیادہ واضح طور پر سُنیں گے۔ آسمان آپ کے لیے کھُلیں گے، اور آپ اُس کی راہوں کو بہتر طور پر سمجھیں گے۔ آپ اپنی چنوتیوں کا سامنا کرنے کے لیے زیادہ مضبُوطی پائیں گے کیوں کہ آپ کا دِل اُس کے ساتھ جُڑا ہُوا ہے۔

سوالات اور جوابات

مَیں ودیعت کب حاصِل کر سکتا ہُوں؟ آپ کی ودیعت حاصِل کرنے کا فیصلہ ذاتی ہے؛ اِس فیصلے کو دُعاگو ہو کر کریں۔ اپنے خاندان اور راہ نُماؤں سے مشورت کریں۔ ودیعت پانے کے لیے، آپ کی عُمر کم اَز کم 18 سال ہونی چاہیے اور آپ ہائی سکُول یا سیکنڈری سکُول میں پڑھتے نہ ہوں۔ مِشنری خِدمت کرنے یا مُہر بند ہونے سے پہلے آپ کو ودیعت دی جائے گی، لیکن ودیعت پانے سے پہلے آپ کو اِن میں سے کسی ایک تقریبات کا اِنتظار نہیں کرنا پڑتا۔ آپ کو صِرف اپنے آسمانی باپ کے ساتھ اِضافی عہُود باندھنے اور نِبھانے کے لیے خواہش اور تیاری کی ضرُورت ہوتی ہے۔ آپ کا بِشپ یا صدرِ برانچ آپ کی یہ جاننے میں مدد کر سکتا ہے کہ آیا آپ تیار ہیں۔ ودیعت کو اَبَدی چیک لِسٹ میں محض ایک کام کے طور پر نہ دیکھیں۔ اِسے مسِیح کے پاس آنے اور خُدا کی عظیم ترین رُوحانی برکات پانے کے اپنے اَبَدی سفر کا ایک خُوبصُورت اور جلالی حِصّہ کے طور پر دیکھیں۔

ہَیکَل میں داخِل ہونے کے لیے مُجھے اِجازت نامہ برائے ہَیکَل کی ضرُورت کیوں ہے؟ ہَیکَل خُداوند کا گھر ہے، اور وہ اِس میں داخِل ہونے کے لیے معیارات طے کرتا ہے۔ ہَیکَل کی رُسُوم اور عہُود اِس حد تک مُقدّس ہیں کہ اُنھیں خاص رُوحانی تیاری کی ضرُورت ہوتی ہے۔ اِجازت نامہ برائے ہَیکَل کا اِنٹرویو اِس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہے کہ آپ رُوحانی طور پر ہَیکَل کے عہُود کی اعلیٰ سعادتوں کے لیے تیار ہیں۔ آسمانی باپ اپنے تمام بچّوں کو دعوت دیتا ہے کہ وہ اُس کے پاک گھر میں اُس کے ساتھ وعدے کرنے کے لیے تیاری کریں۔

کیا مُجھے ہَیکَل کے عہُود باندھنے کے لیے کامِل ہونے کی ضرُورت ہے؟ کوئی بھی کامِل نہیں ہے۔ خُدا آپ سے دیانت دار ہونے اور اُس کے حُکموں کو ماننے کے لیے آمادہ ہونے کا کہتا ہے۔ خُدا کے ساتھ عہُود باندھنا اور اُن پر قائم رکھنا آپ کو یِسُوع مسِیح کے وسِیلے سے کامِل ہونے کی قُدرت بخشتا ہے۔ وہ آپ کی طاقت ہے!

دیکھیں یسعیاہ 2:‏2–3 (خُدا ہمیں ہَیکَل میں اپنی راہیں سِکھاتا ہےمتّی 11:‏28–30 (نجات دہندہ کا جُوا اپنے اُوپر اُٹھا لو1 نِیفی 14:‏14 (خُدا کی قُدرت اُس کے موعُودہ لوگوں پر ہےعقائد اور عہُود 97:‏15–16 (خُدا کی حُضُوری اور اُس کا جلال اُس کے گھر میں ہے109:‏22 (ہَیکَل میں ہم خُدا کی قُدرت سے لیس ہوتے ہیں131:‏1–4؛ 132:‏4–6، 15–20 (اَبَدی زِندگی پانے کے لیے، نِکاح کے نئے اور اَبَدی عہد کے وسِیلے سے مَرد اور عورت کو اَبَدیت کے لیے مُہر بند ہونا لازِم ہےابرہام 1:‏2 (ابرہام راست بازی کا عظیم ترین پیروکار بننا اور زیادہ عِلم پانا چاہتا تھا

اِجازت نامہ برائے ہَیکَل کے سوالات

  • کیا آپ خُود کو خُداوند کے گھر میں داخل ہونے اور ہَیکَل کی رُسُوم میں شریک ہونے کے لائق سمجھتے ہیں؟