نوجوانان
5۔ نُورِ خُدا میں چلیں


یِسُوع مسِیح بھیڑوں کا گلّہ چراتے ہُوئے

ُمُجھے کمی نہ ہوگی، اَز ینگ سنگ کِم تصویر بشُکریہ ہیون لائٹ

نُورِ خُدا میں چلیں

گلتیوں 5:‏25

جب آپ چیزوں کو واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں تو آپ بہتر چُناؤ کرتے ہیں۔ اِسی واسطے روشنی نہایت اہم ہے؛ نُور دُرست راہ کو دیکھنا آسان بناتا ہے۔ آسمانی باپ نے آپ کو اِلہٰی منبعِ نُور تک رسائی بخشی ہے—یعنی رُوحُ القُدس کی نعمت—تاکہ آپ کو واضح طور پر یہ دیکھنے میں مُعاونت مِلے کہ اچھا اور بُرا، صحیح اور غلط کیا ہے۔

اَبَدی سچّائیاں

آپ رُوحُ القُدس کو مُستقل ساتھی کے طور پر پا سکتے ہیں۔ جب آپ کو کلِیسیا کے رُکن کے طور پر اِستحکام حاصِل ہُوا، تو آپ کو ”رُوحُ القُدس پانے“ کی دعوت دی گئی تھی۔ پاک رُوح کو اپنے مُستقل ساتھی کے طور پر پانے کا موقع آپ کے واسطے خُدا کی سب سے بڑی نعمت ہے۔

اچھے فیصلے کرنے سے رُوح کو محسُوس کرنے کی آپ کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔ اِس دُنیا میں بہت سی اچھی اور صحت بخش چیزیں ہیں۔ جس طرح آپ کے کھانے اور پینے سے آپ کا بدن مُتاثر ہوتا ہے، اِسی طرح آپ جو پڑھتے، دیکھتے اور سُنتے ہیں اِس سے آپ کا دماغ اور رُوح گہری طور پر مُتاثر ہوتے ہیں۔

دعوتیں

ہر روز خُداوند کے لیے وقت نکالیں۔ اُس کو جانیں۔ ہمیشہ اُسے یاد رکھیں۔ اپنے آسمانی باپ سے دُعا کریں۔ پاک صحائف اور آخِری ایّام کے نبیوں کے کلام کو پڑھیں۔ پھر آپ جو سیکھتے ہیں اُس کے مُطابق زِندگی بسر کرنے کے خواہاں ہوں۔

جو سَر بُلند کرتا، اِلہام بخشتا اور رُوح کو دعوت دیتا ہے اُس کے مُشتاق ہوں۔ جب آپ اِس بارے میں فیصلہ کرتے ہیں کہ کیا دیکھنا، پڑھنا، سُننا، یا کس میں شِریک ہونا ہے، تو اِس کے مُتعلق سوچیں کہ آپ کو کیسا محسُوس ہوتا ہے۔ کیا یہ اچھے خیالات کو دعوت دیتا ہے؟ ہر اُس چیز سے دُور رہیں جو مُقدّس چیزوں کا تمسخر اُڑاتی یا غیر اِخلاقی ہوں۔ کسی بھی اَیسی چیز میں شریک نہ ہوں جو آپ کے فیصلوں یا رُوح کے لیے حساسیت کو کم کرتی ہے، جیسا کہ تشدد، شراب، اور نُقصان دہ منشیات۔ کسی ویڈیو یا گیم کو بند کرنے، فِلم یا رقص کو ترک کرنے، اپنی موسیقی کو بدلنے، یا کسی اَیسی چیز سے مُنہ موڑنے کی ہمت رکھیں جو رُوح کے مُوافق نہ ہو۔

تقویت بخشنے کے لیے سوشل میڈیا کا اِستعمال کریں۔ سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہِ اَبلاغ ہو سکتا ہے۔ اگر آپ اِس کا اِستعمال کرتے ہیں، تو نُور، اِیمان، اور سچّائی پر توجہ مرکُوز کریں۔ اپنی زندگی کا اُس سے موازنہ نہ کریں جو دُوسرے لوگ محسُوس کرتے ہوں۔ یاد رکھیں کہ آپ کی قدروقِیمت آسمانی والدین کی اولاد ہونے سے ہوتی ہے، سوشل میڈیا سے نہیں۔

صحت بخش تجربات اور حقیقی، دیرپا تعلقات کے طلب گار ہوں۔ مُحتاط رہیں کہ آپ کا ٹیکنالوجی اور میڈیا کا اِستعمال خاندان اور دوستوں کے ساتھ ذاتی وقت گُزارنے کی جگہ نہ لے۔ بدلے میں بُہت زیادہ فائدہ دِیے بغیر سوشل میڈیا اور دیگر ٹیکنالوجی آپ کا بُہت زیادہ وقت لے سکتی ہے۔ خیالی دُنیا سے تھوڑا وقفہ لیں اور حقیقی زِندگی میں لوگوں سے جُڑیں۔

یِسُوع مسِیح گھاس کے میدان میں بھیڑوں کے ایک گلّہ کی راہ نُمائی کرتے ہُوئے

وعدہ کی گئی برکات

اُس کا رُوح ہمیشہ آپ کے ساتھ رہ سکتا ہے۔ یہ وعدہ اُس عہد کا حِصّہ ہے جو آپ ہر بار عِشائے ربّانی لیتے وقت باندھتے ہیں۔ رُوح آپ کو آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کی گواہی دے گا۔ وہ آپ کو تسلّی بخشے گا، راہ نُمائی، تنبیہ، اور پاک صاف کرے گا۔ وہ سچّائی کو پہچاننے اور دُنیا میں اچھائی دیکھنے میں آپ کی مُعاونت فرمائے گا۔

سوالات اور جوابات

مَیں کیسے جان سکتا ہُوں کہ مَیں رُوحُ القُدس محسُوس کر رہا ہُوں؟ رُوح سے واقف ہونا سیکھنے میں وقت، مشق، اور صبر دَرکار ہوتا ہے۔ وہ مُختلف لوگوں سے مُختلف طور سے ہمکلام ہوتا ہے۔ سادہ چیزوں کو نظر انداز نہ کریں — وہ پُراَمن احساس جو آپ کو کسی کی گواہی سُن کر مِلتا ہے یا غلط اِنتخاب کرنے کے بعد آپ کو غیر مُتزلزل احساس حاصِل ہوتا ہے۔ صحائف میں سے اُن مُختلف طریقوں کو تلاش کریں جن سے رُوح بات چیت کرتا ہے، اِس کی بابت دُعا کریں، اور رُوح کو محسُوس کرنے کے مواقعوں کی تلاش جاری رکھیں۔

فُحش نِگاری کیا ہے؟ مُجھے اِس سے کیوں بچنا چاہیے؟ فُحش نِگاری تصاویر یا الفاظ کی صُورت میں، ایک پیشکش ہے، جو جِنسی اِحساسات کو اُبھارنے کے لیے بنائی جاتی ہیں۔ فُحش نِگاری کئی طریقوں میں آتی ہے، بشمُول ویڈیوز، تصاویر، کِتابیں، گیمز، اور موسیقی۔ یہ دوستوں کے آپس میں بھیجے گئے پیغامات یا تصاویر بھی ہو سکتے ہیں۔ فُحش نِگاری مُقدّس چیزوں—یعنی ہمارے جسمانی بدنوں اور جِنسی احساسات—کے ساتھ گستاخانہ برتاؤ کرتی ہے۔ آپ بغیر کسی اِرادے فُحش مواد دیکھ سکتے ہیں۔ چاہے آپ فُحش نِگاری اِراداتاً یا غیر اِراداتاً دیکھیں، فوری طور پر اِس سے مُنہ پھیر لیں۔ آپ والدین یا کسی دُوسرے قابلِ بھروسا بالغ سے بات بھی کرنا چاہ سكتے ہیں۔ دانِستہ طور پر فُحش مواد دیکھنا گُناہ ہے اور رُوح کو محسُوس کرنے کی آپ کی صلاحیت کو نُقصان پُہنچاتا ہے۔ یہ آپ کے خُود پر قابُو رکھنے کو کمزور کرتا ہے اور اپنے آپ کو اور دُوسروں کو دیکھنے کے انداز کو مَسخ کرتا ہے۔ یِسُوع مسِیح فُحش نِگاری کے خِلاف مزاحمت کرنے اور توبہ کرنے میں آپ کی مدد کرنے کی قُدرت رکھتا ہے۔ اُس کی جانب راغِب ہوں اور تاریکی سے دُور ہوں۔ آپ کا بِشپ نجات دہندہ کے وسیلے سے مضبُوطی اور مُعافی پانے میں آپ کی مُعاونت کر سکتا ہے۔ یِسُوع مسِیح آپ کی طاقت ہے!

دیکھیں زبُور 119:‏105 (خُدا کا کلام ہمارے راستے میں نُور کی مانِند ہےعاموس 5:‏14 (اچھائی تلاش کروگلتیوں 5:‏22–23 (رُوح کے پھلمرونی 7:‏18–19 (مسِیح کا نُورعقائد اور عہُود 6:‏23 (خُداوند اَمن کا کلام کرتا ہے20:‏77، 79 (عِشائے ربّانی کی دُعائیں

اِجازت نامہ برائے ہَیکَل کے سوالات

  • خُداوند نے فرمایا ہے کہ سب کاموں کو میرے حُضُور ”پاکیزگی سے کرو“ (عقائد اور عہُود 42:‏41)۔ کیا آپ اپنی سوچ اور طرزِ سلُوک میں اِخلاقی پاکیزگی کے لیے جدوجہد کرتے ہیں؟