”ذہن میں رکھنے کے لیے خیالات: خیمہِ اِجتماع اور قُربانی،“ آ، میرے پیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: پُرانا عہد نامہ 2026 (2026)
”خیمہِ اِجتماع اور قُربانی،“ آ، میرے پیچھے ہو لے: پُرانا عہد نامہ 2026
ذہن میں رکھنے کے لیے خیالات
خیمہِ اِجتماع اور قُربانی
جب ہم عہدِ عتیق کو پڑھتے ہیں، تو ہمیں کبھی کبھار طویل اِقتباسات مِلتے ہیں جو اُن چیزوں کے بارے میں ہیں جو واضح طور پر خُداوند کے لیے اَہم تھیں، لیکن آج ہمیں فوری طور پر مُتعلقہ محسُوس نہیں ہو سکتیں۔ خروج 25–30؛ 35–40 اور احبار 1–9؛ 16–17 اِس کی مِثالیں ہیں۔ یہ اَبواب تفصیل سے بنی اِسرائیل کے بیابان میں خیمہِ اِجتماع اور وہاں اَنجام دی جانے والی جانوروں کی قُربانیوں کی وضاحت کرتے ہیں۔ خیمہِ اِجتماع ایک پورٹیبل(اٹھا لے جانے کے قابل) ہَیکل تھی، یعنی اپنے لوگوں کے درمیان خُداوند کی سُکُونت گاہ۔
ہماری جدید ہَیکلیں بنی اِسرائیل کے خیمہِ اِجتماع کے ساتھ مُماثلت رکھتی ہیں، لیکن وہ یقیناً خروج میں بیان کردہ تفصیل سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔ اور ہم اپنی ہَیکلوں میں جانوروں کی قُربانی نہیں کرتے—مُنّجی کے کفّارہ نے تقریباً 200 سال پہلے جانوروں کی قُربانی کا خاتمہ کر دِیا تھا۔ اگرچہ اِن اِختلافات کے باوجُود، قدیم اِسرائیل کی عِبادت کے طریقوں کے مُتعلق پڑھنے میں آج بھی بڑی اَہمیت ہے، خاص طور پر اگر ہم اُنھیں اُسی طرح دیکھیں جیسے مورمن کی کِتاب میں خُدا کے لوگوں نے دیکھا تھا—”مسِیح پر اپنے اِیمان کو مضبُوط کرنے کا ایک ذریعہ“ (ایلما 25:16)۔ جب ہم خیمہِ اِجتماع اور جانوروں کی قُربانیوں کی علامت کو سمجھتے ہیں، تو ہمیں اَیسی رُوحانی بصیرت مِل سکتی ہے جو ہمارے مسِیح پر اِیمان کو بھی مضبُوط کرے گی۔
برّے کی قُربانی، اَز رابرٹ ٹی بیرٹ
خیمہِ اِجتماع یِسُوع مسِیح پر ایمان کو تقویت بخشتا ہے
جب خُدا نے مُوسیٰ کو اِسرائیلیوں کی لشکر گاہ میں خیمہِ اِجتماع بنانے کا حُکم دیا، تو اُس نے اِس کا مقصد بتایا: ”تاکہ مَیں اُن کے درمیان سُکُونت کرُوں“ (خروج 25:8)۔ خیمہِ اِجتماع میں، خُدا کی حُضُوری کو عہد کے صندُوق کے ذریعے ظاہر کِیا گیا—لکڑی کا ڈبہ، سونے سے ڈھکا ہُوا، جس میں خُدا کے اپنے لوگوں کے ساتھ کِیے گئے خُدا کے عہد کی تحریری رُوداد محفُوظ تھی۔ عہد کا صندُوق خیمہِ اِجتماع کے سب سے مُقدّس، اور اَندرُونی حِصّے میں رکھا گیا تھا، جو ایک پردے کے ذریعے باقی خیمے سے جُدا تھا۔ یہ پردہ ہمارے خُدا کی حُضُوری سے جُدائی کی علامت بن سکتا ہے جو زوال پذیری کے سبب ہُوئی، اور ساتھ ہی اُس راستے کی علامت ہے—جو ہمیں مُنجّی کے وسیلے واپس خُدا کی طرف لے جاتا ہے۔
مُوسیٰ کے عِلاوہ، ہم صِرف ایک شخص کے بارے میں جانتے ہیں جو اُس پاک ترین مقام میں داخِل ہو سکتا تھا (خروج 26:34)—اور وہ سردار کاہن تھا۔ دُوسرے کاہنوں کی طرح، اُسے بھی پہلے دھویا اور مَسح کِیا جاتا تھا اور وہ پھر اپنے منصب کی علامت کے طور پر مُقدّس لِباس میں ملبُوس ہوتا تھا۔ سال میں ایک بار، یومِ کفّارہ کے دِن، سردار کاہن لوگوں کی طرف سے قُربانیاں پیش کرتا اور پھر اکیلا خیمہِ اِجتماع میں داخِل ہوتا تھا۔ پردے کے سامنے، وہ بخُور جلاتا تھا۔ آسمان کی طرف اُٹھتا خُوشبودار دھُواں لوگوں کی دُعاؤں کو خُدا تک پُہنچنے کی علامت تھا۔ پھر سردار کاہن، جانور کی قُربانی کا خُون لے کر، پردے سے گُزرتا اور خُدا کے تخت کے قریب جاتا تھا، جس کی علامت عہد کے صندُوق سے کی گئی تھی۔
یہ جانتے ہُوئے کہ آپ یِسُوع مسِیح اور آسمانی باپ کے منصُوبے میں اُس کے کِردار کے بارے میں کیا جانتے ہیں، کیا آپ دیکھ سکتے ہیں کہ خیمہِ اِجتماع کیسے ہمیں نجات دہندہ کی طرف اِشارہ کرتا ہے؟ جیسے خیمہِ اِجتماع، اور اُس کے اندر عہد کا صندُوق، خُدا کی حُضُوری کو اپنے لوگوں میں ظاہر کرتا تھا، اِسی طرح یِسُوع مسِیح بھی اپنے لوگوں میں خُدا کی حُضُوری تھی۔ سردار کاہن کی مانِند، یِسُوع مسِیح ہمارے اور خُدا باپ کے درمیان میں ثالث ہے۔ اُس نے پردے سے گُزر کر اپنی قُربانی کے خُون کی وساطت سے ہمارے واسطے شفاعت کی۔
اِسرائیل کے خیمہِ اِجتماع کے بعض پہلُو آپ کو شناسا لگ سکتے ہیں، بالخصُوص اگر آپ اپنی رُسُوم پانے کے لیے ہَیکل گئے ہوں۔ ہَیکل خُداوند کا گھر ہے—یعنی اپنے لوگوں کے درمیان اُس کی سُکُونت گاہ۔ خیمہِ اِجتماع کے پاک ترین مقام کی مانِند، ہَیکل کا سیلیسٹئیل کمرہ خُدا کی حُضُوری کی نُمایندگی کرتا ہے۔ داخِل ہونے کے لیے، ہمیں پہلے دھویا اور مَسح کرنا چاہیے۔ ہم مُقدّس لِباس پہنتے ہیں۔ ہم عہُود باندھتے ہیں۔ ہم قُربان گاہ پر دُعا کرتے ہیں جہاں سے ہماری دُعائیں آسمان کی بُلندیوں تک پُہنچتی ہیں۔ اور آخِر کار ہم ایک پردے سے گُزر کر خُدا کی حُضُوری میں داخِل ہوتے ہیں۔
شاید جدید ہَیکلوں اور قدیم خیمہِ اِجتماع کے درمیان سب سے اَہم مُماثلت یہ ہے کہ دونوں، اگر صحیح طور پر سمجھا جائے، تو یِسُوع مسِیح پر ہمارے اِیمان کو مضبُوط کرتے ہیں اور اُس کی کفّارہ بخش قُربانی کے لیے ہمیں تشکُّر سے معمُور کرتے ہیں۔ خُدا چاہتا ہے کہ اُس کے تمام بچّے اُس کی حُضُوری میں داخِل ہوں؛ وہ ”کاہنوں اور کاہناؤں کی مُملکت“ ہو (خروج 19:6)۔ لیکن ہمارے گُناہ ہمیں اِس برکت کو حاصِل کرنے سے روکتے ہیں، کیوں کہ ”کوئی ناپاک شَے خُدا کے ساتھ قیام نہیں کر سکتی“ (1 نِیفی 10:21)۔ چُناں چہ خُدا باپ نے یِسُوع مسِیح کو بھیجا، ہمارا ”آیندہ کی اچھی چیزوں کا سردار کاہن“ (عبرانیوں 9:11)۔ وہ ہمارے لیے پردے کو چاک کرتا ہے اور خُدا کے تمام لوگوں کو قُوت بخشتا ہے کہ وہ ”فضل کے تخت کے پاس دلیری سے چلیں، تاکہ ہم پر رحم ہو“ (عبرانیوں 4:16)۔
آج، ہَیکلوں کا مقصد اپنے لیے سرفرازی حاصِل کرنے سے کہیں زیادہ ہے۔ اپنی رُسُوم پانے اور خُدا کے ساتھ عہُود باندھنے کے بعد، ہم اپنے آباؤاجداد کی جگہ کھڑے ہو سکتے ہیں اور اُن کی طرف سے رَسُومات پا سکتے ہیں۔ ایک لحاظ سے، ہم قدیم سردار کاہن—اور عظیم سردار کاہن—کی مانِند بن سکتے ہیں—دُوسروں کے لیے خُدا کی حُضُوری کی راہ کھول سکتے ہیں۔
قُربانی یِسُوع مسِیح میں اِیمان کو مضبُوط کرتی ہے
کفّارے اور مفاہمت کے اُصُول جانوروں کی قُربانی کے قدیم عمل میں مؤثر انداز میں سِکھائے گئے، جو مُوسیٰ کی شریعت سے پہلے موجُود تھے۔ آدم اور حوّا نے قُربانی پیش کی۔ اُنھوں نے اِس کی علامتی حیثیت کو نجات دہندہ کی قُربانی کے ساتھ اچھی طرح سمجھا۔ اور اُنھوں نے یہ اپنے بچّوں کو سِکھایا۔
جانوروں کی قُربانی کی علامت قدیم اِسرائیل کے یومِ کفّارہ (عِبرانی میں ”یومِ کیپور“) پر خاص طور پر مؤثر محسُوس ہوتی تھی۔ اِس سالانہ تقریب کی ضرُورت احبار 16:30 میں بیان کی گئی: ”اُس روز تُمھارے واسطے تُم کو پاک کرنے کے لیے کفّارہ دِیا جائے گا، سو تُو اپنے سب گُناہوں سے خُداوند کے حُضُور پاک ٹھہرو گے۔“ اِس سے لوگوں کے درمیان خُدا کی حُضُوری قائم رہتی تھی۔ یہ کفّارہ مُختلف تقریبات کے ذریعے حاصِل کِیا گیا تھا۔ اِن میں سے ایک میں، ایک بکرے کو لوگوں کے گُناہوں کی خاطِر قُربانی کے طور پر ذبح کِیا گیا، اور سردار کاہن بکرے کا خُون سب سے مُقدّس مقام میں لے جاتا تھا۔ بعد میں، سردار کاہن زِندہ بکرے پر اپنے ہاتھ رکھتا اور بنی اِسرائیل کے گُناہوں کا اِقرار کرتا تھا—علامتی طور پر اُن گُناہوں کو بکرے پر مُنتقل کِیا جاتا تھا۔ پھر بکرے کو اِسرائیل کی لشکر گاہ سے باہر نِکال دِیا جاتا تھا۔
اِن رُسُوم میں، بکرے یِسُوع مسِیح کی علامت ہیں، جس نے گُناہ گار لوگوں کی جگہ لے لی۔ خُدا کی حُضُوری میں گُناہ کی اِجازت نہیں ہونی چاہیے۔ لیکن گُناہ گاروں کو تباہ و برباد کرنے یا باہر نِکالنے کی بجائے، خُدا نے ایک اور راستا فراہم کِیا—ایک بکرے کو قُربان کِیا جاتا یا باہر نِکالا جاتا تھا۔ ”اور وہ بکرا اُن کی سب بدکاریاں اپنے اُوپر لادے ہُوئے“ (احبار 16:22)۔
اِن رُسُوم کی طرف اِشارہ کِیا گیا ہے کہ خُدا نے ہمیں اپنی حُضُوری میں واپس لانے کے لیے جس طرح سے مُہیا کِیا ہے—یعنی یِسُوع مسِیح اور اُس کا کفّارہ۔ نجات دہندہ نے ”ہماری مُشقتیں اُٹھا لیں، اور ہمارے غموں کو برداشت کِیا، حتیٰ کہ ”ہم سب کی بدی“ کے واسطے (یسعیاہ 53:4، 6)۔ وہ ہماری جگہ کھڑا ہو گیا، گُناہ کا بدلہ اَدا کرنے کے لیے اپنی جان دی، اور پھر اپنے جی اُٹھنے کے وسیلے سے موت پر فتح پائی۔ یِسُوع مسِیح کی قُربانی ”جلیل اُلقدر اور آخِری و حتمی قُربانی ہو؛ ہاں، نہ کسی اِنسان کی قُربانی، نہ حیوان کی“ بلکہ ”قُربانی لامحدُود اور اَبَدی ہو“ (ایلما 34:10)۔ وہ ہر اُس چیز کی تکمیل تھا جس کی طرف قدیم قُربانیاں اِشارہ کرتی تھیں۔
اِس وجہ سے، اُس کی قُربانی مُکمل ہونے کے بعد، اُس نے فرمایا، ”تُم مزید میرے حُضُور خُون نہ بہاؤ؛ ہاں، آپ کی قُربانیاں… وہ سب غرق ہو جائیں گے۔ … اور تُم پشیمان رُوح اور شِکستہ دِل کی قُربانی میرے حُضُور گُزرانو گے“ (3 نِیفی 9:19–20)۔
لہٰذا جب آپ پُرانے عہد نامہ میں قُربانیوں اور خیمہِ اِجتماع (یا، بعد میں، ہَیکل) کے بارے میں حوالہ جات تلاش کریں—اور آپ اُن میں سے بُہت کُچھ پائیں گے—یاد رکھیں کہ اِس سب کا بُنیادی مقصد مَمسُوح، یِسُوع مسِیح پر آپ کے اِیمان کو مضبُوط کرنا ہے۔ جو کُچھ آپ پڑھتے اور سیکھتے ہیں اِسے اُس کے گھر میں اپنی عِبادت کے ساتھ مُنسلک کریں۔ اپنے دِل اور دماغ کو اُس کی طرف مائل ہونے دیں۔ غور کریں کہ اُس نے آپ کو خُدا کی حُضُوری میں واپس لانے کے لیے کیا کِیا ہے—اور آپ اُس کی پیروی کرنے کے لیے کیا کریں گے۔