”نومبر 23–29۔ ’تُم خُداوند کے طالِب ہو اور زِندہ رہو‘: عامُوس؛ عبدیاہ؛ یُوناہ،“ آ، میرے پیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: پُرانا عہد نامہ 2026 (2026)
”نومبر 23–29۔ ’تُم خُداوند کے طالِب ہو اور زِندہ رہو‘“ آ، میرے پیچھے ہو لے: پُرانا عہد نامہ 2026
یُوناہ نینوہ میں سَمُندر کے کِنارہ پر، از ڈینیل لیوس
نومبر 23–29: ”تُم خُداوند کے طالِب ہو اور زِندہ رہو“
عاموس؛ عبدیاہ؛ یُوناہ
یوناہ ترسِیس کی طرف جانے والے جہاز پر سوار تھا۔ ترسِیس جانے میں کوئی حرج نہیں ہے، سِوا اِس بات کے کہ یہ نینوہ سے بُہت دُور ہے، جہاں یوناہ کو خُدا کا پیغام پہنچانے جانا تھا۔ جب جہاز کو ایک زبردست طوفان کا سامنا کرنا پڑا تو یوناہ کو معلُوم تھا کہ یہ اُس کی نافرمانی کی وجہ سے تھا۔ یوناہ کے اصرار پر، جہاز کے ملاحوں نے طوفان کو روکنے کے لیے اُسے سَمُندر کی گہرائیوں میں پھینک دیا۔ اَیسا لگ رہا تھا کہ یہ یُوناہ اور اُس کی خِدمت کا اِختتام ہے۔ لیکن خُداوند نے یوناہ کو نہیں چھوڑا تھا—جِس طرح اُس نے نینوہ کے لوگوں، اِسرائیل کے گھرانے، یا ہم میں سے کسی کو نہیں چھوڑا تھا۔
لہٰذا وہ نبیوں کو بھیجتا رہتا ہے—جیسے یُوناہ، عاموس، عبدیاہ، اور آج ہمارے نبی—اِس پیغام کے ساتھ کہ اگر ہم تَوبہ کریں تو ہم ہمیشہ کے لیے خارج نہیں کیے جائیں گے۔ اُن سارے ”بھیدوں“ میں سے جو خُدا آشکار کرتا ہے (دیکھیے عامُوس 3:7)، یہ ایک سب سے زیادہ اَن مول ہے: کہ یِسُوع مسِیح کی بدولت، تبدیل ہونے میں زیادہ دیر نہیں ہو سکتی۔ وہ اب بھی اُن عہُود پر قائم رہنے میں ہماری مدد کرنا چاہتا ہے جو ہم نے اُس کے ساتھ باندھے ہیں، اور وہ ہمیں ایک اور موقع عطا کرنے کے لیے راضی ہے۔
اِن صحائف کے بارے میں مزید جاننے کے لیے، بائِبل لُغت میں ”عامُوس،“ ”عبدیاہ،“ اور ”یُوناہ“ دیکھیں۔
گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز
عامُوس 3:1–8؛ 7:10–15
خُداوند اپنے نبیوں کے وِسیلہ سے سچّائی آشکار کرتا ہے۔
بمُطابق عامُوس 3:3–6، نبی عاموس نے نتائج اخذ کرنے کی مثالیں پیش کی ہیں جنھیں ہم سُنتے یا دیکھتے ہیں: جب شیر گرجتا ہے تو اُس نے شِکار کو پکڑ لیا ہو گا؛ اگر کوئی پرندہ جال میں پھنس جائے، تو وہاں چارا ضرُور ڈالا ہوتا ہے۔ بمُطابق آیات 7–8، عامُوس نے اِس منطق کا اِطلاق نبیوں پر کِیا ہے۔ جب کوئی نبی نبُّوت کرتا ہے تو ہم کیا نتِیجہ اَخذ کر سکتے ہیں؟ آپ عامُوس 7:10–15 میں سے نبیوں کے مُتعلق کیا سِیکھتے ہیں؟
خُداوند نے اپنے نبیوں کے وسِیلہ سے آپ پر کیا ظاہر کِیا ہے؟
ایلڈر اولیسس سوارز نے فرمایا ہے کہ ”نبیوں کا ہونا خُدا کی محبّت کی علامت ہے“ (”نبی رُوحُ القُدس کی قُدرت سے کلام کرتے ہیں،“ لیحونا، مئی 2018، 99)۔ سوچیں کہ آپ اِس جُملے کو کیسے مکمل کریں گے: ”مَیں جانتا ہُوں کہ خُدا مُجھ سے محبّت کرتا ہے، کیوں کہ وہ نبی بھیجتا ہے جو کہ …“ یہاں چند حوالہ جات ہیں جو مدد کر سکتے ہیں: استثنا 18:18؛ حزقی ایل 3:16–17؛ اِفسِیوں 4:11–14؛ 1 نِیفی 22:2؛ عقائد اور عہُود 21:4–6؛ 84:36–38؛ 107:91–92۔
آپ اُس شخص کو کیا کہیں گے جو محسُوس کرتا ہے کہ آج نبیوں کی ضرُورت نہیں ہے؟
مزید عُنوانات اور سوالات، گاسپل لائبریری میں ”اَنبیا،“ گاسپل لائبریری دیکھیں۔
عامُوس 4–5
”تُم خُداوند کے طالِب ہو اور زِندہ رہو۔“
بمُطابق عامُوس 4:6–13، بنی اِسرائیل کے آزمایشوں کا سامنا کرنے کے بعد خُداوند کو کیا اُمِّید تھی؟ (مزید دیکھیں ہِیلیمن 12:3)۔ جب آپ پر پڑنے والی آزمایشیں خُدا کی طرف سے نہیں بھیجی گئی ہوں گی، تو اُنھوں نے آپ کو اُس کی طرف رُجُوع کرنے کے مواقع کیسے فراہم کِیے ہیں؟
جب آپ عامُوس 5:4، 14–15 پڑھیں، تو غَور کریں کہ خُداوند آپ پر کیسے شفیق رہا ہے۔ اُس کا طالِب ہونے سے آپ کو کَیسے زِندگی نصِیب ہُوئی؟
عامُوس 8:11–12
خُداوند کا کلام رُوحانی بُھوک اور پیاس کو مِٹا سکتا ہے۔
جب آپ عامُوس 8:11–12 پڑھتے ہیں، تو اِس بارے میں سوچیں کہ کیوں قحط خُدا کے کلام کے بغیر زِندگی بسر کرنے کا موّثر موازنہ ہے (مزید دیکھیے یُوحنّا 6:26–35؛ 2 نِیفی 9:50–51؛ 32:3؛ انُوس 1:4–8)۔ آپ کو کیسے عِلم ہوگا کہ آپ رُوحانی طور پر بھوکے ہیں؟
اِن آیات کا اِطلاق عظیم برگشتگی پر بھی ہو سکتا ہے (دیکھیں موضُوعات اور سوالات، ”برگشتگی،“ گاسپل لائبریری)۔ اِس رُوحانی ”قحط“ نے خُدا کی اُمّت کو کیسے مُتاثر کِیا ہے؟ بحالی نے آپ کی رُوحانی بُھوک کو کس طرح مِٹایا ہے؟
مزید دیکھیں ”عظِیم برگشتگی“ (ویڈیو)، گاسپل لائبریری۔
The Great Apostasy
عبدیاہ 1:21
کون کون ”کوہ صِیّون پر … رہائی دینے والے ہیں“؟
بحوالہ عبدیاہ 1:21، صدر گورڈن بی ہنکلی نے وضاحت فرمائی کہ جب ہم ہَیکل میں مرنے والوں کے لیے رُسُوم ادا کرتے ہیں تو ہم کوہِ صِیُون پر رہائی دینے والے بن جاتے ہیں (دیکھیے ”اختتامی کلمات،“ لیحونا، نومبر 2004، 105)۔ اِس فرض کو ادا کرنا اُس کے مُترادف کیسے ہے—چاہے اِنتہائی چھوٹے پیمانہ پر ہے—جو نجات دہندہ نے ہمارے واسطے کِیا؟ یہ فرض ادا کرنے سے آپ کو نجات دہندہ کی قُربت کا احساس پانے میں کیسے مدد مِلی ہے؟
مزید دیکھیں ”کوہِ صِیّون پر مُقدّس ہَیکلیں،“ گِیت، نمبر 289۔
یُوناہ 1–4
خُداوند اُن سب پر مہربان ہے جو اُس کی طرف رُجُوع لاتے ہیں۔
نینوا اِسرائیل کا دُشمن تھا جو اپنے ظُلم اور بربریت کی وجہ سے بدنام تھا۔ یُوناہ کے نزدیک، یہ نامُمکن لگتا تھا کہ وہ تَوبہ کرنے کے لیے تیار تھے۔ یُوناہ کے رویے (دیکھیے یُوناہ 1؛ 3–4) کا ایلما اور مضایاہ کے بیٹوں کے جذبات سے موازنہ کرنا دِل چسپ ہو سکتا ہے (دیکھیے مضایاہ 28:1–5؛ ایلما 17:23–25)۔ آپ یُوناہ 3 سے کیا سِیکھتے ہیں جو آپ کو اُن لوگوں کے ساتھ بھی اِنجِیل کا ذِکرِ خیر کرنے کی ترغیب دیتا ہے جو شاید بدلنے کے لیے تیار نہ ہوں؟
جب آپ یُوناہ کو پڑھتے ہیں، خُداوند کے رحم کی مثالوں پر نظر دوڑائیں۔ آپ کیوں محسُوس کرتے ہیں کہ یوناہ ”ناخُوش“ اور ”شدِید خفا“ تھا (یُوناہ 4:1) جب خُداوند نے نینوہ کے لوگوں پر رحم کیا؟ آپ کو کیا لگتا ہے کہ خُداوند باب 4 میں اُس کو سِکھانے کی کوشش کر رہا تھا؟ غَور کریں کہ آپ نے اپنی زِندگی میں اُس کی رحمت و شفقت کا کیسے احساس پایا ہے۔ آپ یُوناہ سے کیا سِیکھتے ہیں جو آپ کو زیادہ مہربان ہونے میں مدد دے سکتا ہے؟
بچّوں کو سِکھانے کے لیے تجاویز
چُوں کہ یہ اِتوار مہینے کا پانچواں اِتوار ہے، اِس لیے پرائمری کے مُعلمین کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ تدریسی سرگرمیوں کو ”ضمیمہ بی: بچّوں کو خُدا کے عہد کے راستے پر زِندگی بھر تیار کرنے“ کے لیے اِستعمال کریں۔
عامُوس 3:7
نبی یِسُوع مسِیح کے اَیلچی ہیں۔
-
عامُوس 3:7 کو سمجھنے میں اپنے بچّوں کی مدد کرنے کے لیے، آپ اُن میں سے کسی ایک کو ایک سادہ پیغام دے سکتے ہیں اور اُن سے دُوسرے بچّوں کے ساتھ پیغام کا تذکرہ کرنے کا کہہ سکتے ہیں۔ اِس سرگرمی میں اَیلچی کیسے نبی کی مانند ہے؟ خُداوند ہمیں نبی کیوں عطا کرتا ہے؟
-
نبی کیا کرتے ہیں اِس کے بارے میں مزید جاننے کے لیے، آپ اور آپ کے بچّے کلِیسیا کے موجُودہ صدر کی طرف سے حالیہ پیغامات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ آپ گیت بھی گا سکتے ہیں، مثلاً ”نبی کی پیروی کرو“ (بچّوں کے گِیتوں کی کِتاب، 110–11)۔ ایک دوسرے کے ساتھ بات چِیت کریں کہ آپ خُدا کے نبی کی تقلید کرنے کا فیصلہ کیوں کرتے ہیں۔
بچّوں کی صحائف کو زبانی یاد کرنے میں مدد کریں۔ ایلڈر رچرڈ جی سکاٹ نے بتایا: ”کسی صحیفہ کو زبانی یاد کرنا ایک نئی دوستی کو قائم کرنا ہے۔ یہ ایک اَیسے نئے فرد کو دریافت کرنے کی مانند ہے جو ضرُورت کے وقت مدد کر سکے، اِلہام اور تسلی دے سکے، اور ضرُوری تبدیلی کے لیے تحریک بخشنے کا ذریعہ بن سکے“ (”صحائف کی قُوت،“ انزائن، نومبر 2011، 6)۔ آپ کے بچّوں کو عامُوس 3:7 کا پُورا یا کُچھ حِصّہ یاد کرنے میں مدد کرنے کے لیے، آپ اِس کو لِکھ سکتے ہیں اور اِس کو ایک ساتھ دُہرا سکتے ہیں۔ پھر آپ ایک وقت میں چند الفاظ کو مٹا یا ڈھانپ سکتے ہیں جب تک آپ کے بچّے پُوری آیت کو زبانی دُہرا نہ لیں۔
عامُوس 8:11–12
اِنجِیل کی بحالی نے برگشتگی کے قحط کو ختم کِیا۔
-
جب آپ عامُوس 8:11–12 پڑھتے ہیں تو اپنے بچّوں کو بُھوکے ہونے کی ایکٹنگ کرنے کی دعوت دیں۔ جب ہم خُدا کے کلام کے لِیے بُھوکے ہوتے ہیں تو کیسا محسُوس ہوتا ہے؟ ہو سکتا ہے کہ آپ کے بچّے کھانے کی ایکٹنگ کر سکیں جب آپ ایک دُوسرے کے ساتھ اپنی پسندیدہ آیات کا تذکرہ کرتے ہیں۔
-
آپ اپنے بچّوں کو عظیم برگشتگی کی وجہ سے آنے والے ”قحط“ کو سمجھنے اور بحالی کی وجہ سے اِس کے خاتمے کو جاننے میں مدد دینے کے لیے راہ نُمائے صحائف، ”برگشتگی“ (گاسپل لائبریری)، یا ”نئے عہد نامہ کے بعد“ (نئے عہد نامہ کی کہانیوں میں، 167–70) کو اِستعمال کر سکتے ہیں۔ ایک دُوسرے کے ساتھ اِن وجوہات کا تذکرہ کریں جِن کے آپ شُکر گُزار ہیں کہ خُداوند نے ہمارے زمانہ میں اپنی اِنجِیل کو بحال کِیا ہے۔
2:52After the New Testament
یُوناہ 1–3
خُداوند میری مدد کرے گا کہ اُس کی فرماں برداری کرُوں، چاہے یہ اِنتہائی کٹھن ہی کیوں نہ ہو۔
-
اپنے بچّوں کو یُوناہ کی کہانی سِیکھنے میں مدد کرنے کے لیے، آپ ”یُوناہ نبی“ کا پُرانے عہد نامہ کی کہانیوں میں جائزہ لے سکتے ہیں؛ اِس ہفتے کی سرگرمی کا صفحہ بھی دیکھیں)۔ پھر آپ پُوچھ سکتے ہیں:
-
جب یُوناہ نے خُداوند کا حُکم نہ مانا تو کیا ہُوا؟ (دیکھیں یُوناہ 1:4–17)۔
-
یُوناہ نے تَوبہ کرنے کے لیے کیا کِیا؟ (دیکھیں یُوناہ 1:10–12؛ 2:1–4، 9؛ 3:1–4)۔
-
جب یُوناہ نے حُکم مانا تو کیا ہُوا؟ (دیکھیں یُوناہ 3:5)۔
2:30Jonah the Prophet
-
-
آپ کے بچّے یُوناہ کی کہانی کو دوبارہ سُنانے یا اِس کی ایکٹنگ کرنے سے لُطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ ایک دوسرے کے ساتھ چند ایسے تجربات کا تذکرہ کریں جب خُداوند چاہتا ہے کہ آپ کُچھ ایسا کریں جو آپ کے لیے مُشکل تھا۔ اُس نے اپنی فرماں برداری کے لِیے آپ کی کیسے مدد کی؟
یُوناہ 1–4
خُداوند اُن سب پر مہربان ہے جو اُس کی طرف رُجُوع لاتے ہیں۔
-
ہو سکتا ہے کہ آپ کے بچّے ایکٹنگ کر سکیں کہ وہ یُوناہ کے تجربہ کے مُتعلق اِنٹرویو کر رہے ہیں۔ وہ اُس سے کون سے سوالات پوچھیں گے؟ یُوناہ نے خُداوند کی بابت کیا سِیکھا یہ جاننے کے لیے اُن سے سوالات پوچھنے کی حوصلہ افزائی کریں۔ مثال کے طور پر، یُوناہ خُداوند کے رحم کے بارے میں کیا کہے گا؟ (دیکھیں، مثال کے طور پر، یُوناہ 2:7–10؛ 3:10؛ 4:2)۔
مسِیح اور مفلُوج آدمی، از جے کرک رچرڈز
-
اپنے بچّوں کی اُن مثالوں کے بارے میں سوچنے میں مدد کریں جب نجات دہندہ نے دُوسروں پر رحم دِکھایا، مثلاً مرقس 2:3–12؛ لُوقا 23:33–34؛ اور یُوحنّا 8:1–11۔ آپ اور آپ کے بچّے اِن مثالوں کی تصاویر تلاش کر سکتے ہیں۔ ہمیں دوسروں کے ساتھ رحیم ہونے کے کون سے مواقع مُیسر ہیں؟
مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے فرینڈ رسالہ کا شُمارہ دیکھیں۔