آ، میرے پِیچھے ہولے ۲۰۲۴
جولائی 20–26۔ ”ہماری آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں“: 2 تواریخ 14–20؛ 26؛ 30


”جولائی 20–26۔ ’ہماری آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں‘: 2 تواریخ 14–20؛ 26؛ 30،“ آ، میرے پیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: پُرانا عہد نامہ 2026 (2026)

”جولائی 20–26۔ ’ہماری آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں،‘“ آ، میرے پیچھے ہو لے: 2026

شاہِ یہُوسفط دُعا کرتے ہُوئے

شاہِ یہُوسفط کی دُعا، از کیلی راے

جولائی 20–26: ”ہماری آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں“

2 تواریخ 14–20؛ 26؛ 30

یہوداہ کی سلطنت گھِری ہُوئی تھی۔ جنگ کے لیے تیار، تین اقوام کی طاقت ور افواج بیک وقت پیش قدمی کر رہی تھیں۔ اشّد ضرورت کی اِس گھڑی میں، یہوداہ کا بادشاہ، یہُوسفط، آسمان اور زمین کے بادشاہ کی طرف مڑ گیا۔ یہُوسفط نے اپنے لوگوں کو ہَیکَل میں اکٹھا کِیا اور دُعا کی۔ اُس نے اُن کی انسانی کم زوری کو تسلیم کِیا اور رہائی کی التجا کی۔ جواب میں، خُداوند نے اپنی حفاظت کا وعدہ کِیا: ”خوف نہ کرو اور ہراسان نہ ہو“ (2 تواریخ 20:‏17

شاید ہمیں خُوفزدہ کرتے ہُوئے حملہ آور فوج نے ہمارے دروازے پر دھاوا نہ بولا ہو، مگر بعض اوقات ہم مُصیبت اور بُرائی میں گھِرے ہُوئے محسُوس کرتے ہیں۔ رہائی کے لئے ہماری راہ ایک ہی ہے جس کا یہُوسفط خواہاں تھا، اور ہماری دُعا بھی اُس کی مانند ہو سکتی ہے: ”اے ہمارے خُدا، … اِس بڑے انبوہ کے مُقابل جو ہم پر چڑھا آتا ہے ہم کُچھ طاقت نہیں رکھتے؛ اور نہ ہم یہ جانتےہیں کہ کیا کریں:بلکہ ہماری آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں“ (2 تواریخ 20:‏12

2 تواریخ 14–30 میں، آپ یہُوسفط اور یہوداہ کے دیگر بادشاہوں کے بارے میں پڑھیں گے۔ غور کریں کہ اُن کی ایمان پر مبنی اصلاحات، فتوحات، اور چنوتیاں آپ کی اپنی زندگی پر کیسے لاگو ہو سکتی ہیں۔

2 تواریخ کی کِتاب کے جائزہ کے لیے، لغت بائبل میں ”تواریخ“ دیکھیں۔

مُطالعہ کی علامت

گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز

2 تواریخ 14–16

خُدا پر بھروسا کرنا مُجھے اطمینان بخشے گا۔

جب آسا یہوداہ کا بادشاہ تھا، تو اُس نے بُہت سے مسائل کا سامنا کِیا—بالکل اُسی طرح جیسے آج ہم سب کرتے ہیں۔ جب آپ اُن آزمایشوں کے متعلق پڑھتے ہیں جن کا اُس نے سامنا کِیا، تو غور کریں کہ اُس نے کس پر بھروسا کِیا اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ کیسے تبدیل ہُوا۔

حوالہ

آسا نے جن چنوتیوں کا سامنا کِیا

جہاں آسا نے بھروسا کِیا

حوالہ

2 تواریخ 14:‏9–12

حوالہ

2 تواریخ 15:‏1–8

حوالہ

2 تواریخ 16:‏1–10

بعض اوقات ہم خُداوند پر بھروسا کرنا کیوں بند کرتے ہیں؟ آپ آسا کی زندگی سے اور کیا سیکھتے ہیں؟

مزید دیکھیں ایلڈر ڈی ٹاڈ کرسٹوفرسن، ”خُدا سے ہمارا رشتہ،“ لیحونا،“ مئی 2022، 78–80۔

2 تواریخ 18

مَیں سچّائی کا دفاع کر سکتا ہُوں، حتیٰ کہ جب یہ نامقبول بھی ہو۔

مِیکایاہ نبی نے شام کے خلاف جنگ میں بادشاہوں یہُوسفط اور اخی اب کی کامیابی کی پیش گوئی کرنے کے لیے بُہت زیادہ دباؤ محسُوس کیا ہوگا۔ اُس دباو کا ثبوت 2 تواریخ 18:‏1–12 میں تلاش کریں۔ آپ آیات 13–27 میں مِیکایاہ کی ہمت اور سالمیت کے کیا ثبوت پاتے ہیں؟ (غور کریں کہ آیت 14 میں، مِیکایاہ طنزیہ جواب دیتا ہے؛ اُس کا اصل جواب آیت 16 میں ہے۔) آیات 28–34 میں مِیکایاہ کا کلام کیسے پُورا ہوتا ہے؟

کون سی ایسی صورتِ حال ہیں جن میں آپ کو مِیکایاہ جیسے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا؟ خُداوند اور اُس کی تعلیمات کے لیے کھڑے ہونے کے لیے آپ کو کیا چیز ہمت بخشتی ہے؟

یہوداہ کا نقشہ

یہُوسفط بادشاہ کے ایّام میں، تین اقوام نے یروشلیم پر حملہ کیا۔

2 تواریخ 20:‏1–25

سیمینری کی علامت
مَیں مشکل حالات میں، خُدا اور اُس کے نبیوں کی طرف رُجُوع کر سکتا ہُوں۔

جب آپ 2 تواریخ 20:‏1–12 پڑھتے ہیں، تو تلاش کریں کہ جب مُتعدد قومیں یہوداہ پر حملہ کرنے کے لیے آئی تھیں تو یہُوسفط بادشاہ نے کیا کِیا۔ آپ اُس کے اعمال کو اُن مشکل حالات میں کیسے لاگو کر سکتے ہیں جن کا آپ سامنا کرتے ہیں؟

یہُوسفط کی دُعا پر خُداوند کا جواب آیات 14–17 میں پایا جاتا ہے۔ آپ کو وہاں ایسے کون سے فقرات ملتے ہیں جو آپ کو یا کسی کو جِسے آپ جانتے ہیں مُشکل اوقات میں تسلی دے سکتے ہیں؟

اگلے روز، یروشلیم کے لوگ مُخالف فوج کا سامنا کرنے کے لیے باہر نکلے۔ جب آپ 2 تواریخ 20:‏20 پڑھتے ہیں، تو پیغام کو دیکھیں جو یہُوسفط نے یروشلیم کے لوگوں کو دیا تھا۔ اُس کا کلام کیسے پُورا ہُوا؟ (دیکھیں آیات 22–23)۔ خُدا نے آپ کو اُس پر ایمان لانے اور اپنے نبیوں کی پیروی کرنے کے لیے کیسے برکت دی ہے؟

صدر رسل ایم نیلسن نے فرمایا: ”میرا تجربہ یہ ہے کہ ایک بار جب آپ نبی کے بیانات کے پیچھے سوالیہ نشان لگانا بند کر دیں، اور اِس کی بجائے نشانِ ندا لگا دیں، اور ایسا کریں، تو برکات نچھاور ہوتی ہیں۔ مَیں خُود سے کبھی نہیں پُوچھتا، ’نبی کب بطور نبی کلام کرتا ہے اور کب نہیں کرتا؟‘ میری دِلچسپی یہ رہی ہے، ’مَیں کیسے مزید اُس کی مانند بن سکتا ہُوں؟‘“ (لین جانسن میں، ”رسل ایم نیلسن: فرمان برداری میں مُطالعہ،“ انزائن، اگست 1982، 24)۔

مزید دیکھیں عقائد اور عہُود 21:‏4–6؛ ”محفُوظ لنگر“ (ویڈیو)، گاسپل لائبریری؛ ”الہامی انتخابات کریں،“ برائے مضبوطی نوجوانان : فیصلہ سازی کے لیے ہدایت نامہ (2022)، 4–5۔

3:37

A Secure Anchor

سچّائی کے سادہ بیانات کی نشان دہی کریں۔ ایلڈر نیل اے میکس ویل نے سِکھایا: ”صحائف ہمیں بُہت سارے عقائدی نگینے فراہم کرتے ہیں۔ اور جب رُوح کا نور اُن کے کئی حقائق پر پڑتا ہے، تو وہ آفاقی حِس سے چمک اُٹھتے ہیں اور اُس راہ کو مُنور کرتے ہیں جس پر ہم کو چلنا ہے“ (”[ہمارے] دلوں کی خواہش کے مطابق،“ انزائن، نومبر 1996، 21)۔ جب آپ صحائف کا مُطالعہ کرتے ہیں تو، مُختصر مگر پُرزور پیغامات کی نشاندہی کرنے، نشان لگانے اور غور کرنے کے لیے وقت نکالنے پر غور کریں۔ کُچھ مثالیں 2 تواریخ 14:‏11؛ 15:‏7؛ 18:‏13؛ 20:‏15؛ 26:‏5 میں پائی جا سکتی ہیں۔ آپ اور کون سے ”عقائدی نگینے“ ڈھونڈ سکتے ہیں؟

2 تواریخ 26: 3–21

تَکَبُّر تباہی کی طرف راہ نُمائی کرتا ہے۔

یہوداہ کے دُوسرے بُہت سے بادشاہوں کی طرح، عُزّیاہ کی حکومت کا آغاز بڑی کامیابیوں سے ہُوا مگر اُس کا اختتام سانحہ سے ہُوا۔ اِس نمونہ کے لیے دیکھیں 2 تواریخ 26۔ آپ کیا کہیں گے کہ عُزّیاہ کی زندگی کا نقطہ تبدیلی کیا تھا؟

جب آپ آیات 16–23 پڑھتے ہیں، تو یہ بات ذہن نشین رکھیں، اُس وقت صرف کاہنوں کو ہَیکَل میں بخور جلانے کی اجازت تھی۔ آپ کے خیال میں عُزّیاہ بادشاہ نے خُدا کی نافرمانی کیوں کی؟ ہم اِس الم ناک تجربہ سے کیا سیکھتے ہیں؟

مزید دیکھیں ”تُو فروتن ہو،“ گیت، نمبر 130۔

2 تواریخ 30

مَیں صُلح جُو بن سکتا ہُوں۔

2 تواریخ 30 میں، حِزقیاہ یہوداہ کا بادشاہ تھا۔ اُس نے اسرائیل کی حریف سلطنت کو دعوت دی کہ وہ فسح کا جشن منانے کے لیے یروشلیم میں جمع ہو—کُچھ ایسا جو اسرائیلی کئی سالوں سے نہیں کر سکے تھے (دیکھیں آیات 1–12)۔ آپ کو دعوت اور اِسے—دونوں اسرائیلی مہمانوں اور یہوداہ میں اُن کے میزبانوں نے کیسے مُوصول کِیا اِس کے بارے میں آپ کو کیا بات مُتاثر کرتی ہے؟

چوں کہ بُہت طویل عرصہ ہو گیا تھا، یروشلیم میں آنے والے کُچھ زائرین فسح میں شرکت کرنے کی تفصیلات سے نا آشنا تھے۔ جب آپ 2 تواریخ 30:‏18–27 پڑھتے ہیں، تو آپ حِزقیاہ کے ردِعمل اور اُس کے ردِعمل کے نتائج سے کیا سیکھتے ہیں؟

دیکھیں رسل ایم نیلسن، ”صالحین کی ضرورت ہے،“ لیحونا، مئی 2023، 98–101۔

مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے لیحونا اور برائے مضبوطیِ نوجوانان رسالوں کے شُمارے دیکھیں۔

بچّوں کے حِصّے کی علامت

بچّوں کو سِکھانے کے لیے تجاویز

2 تواریخ 14–16؛ 20

مَیں خُداوند پر بھروسا کر سکتا ہُوں۔

  • خُداوند پر بھروسا کرنے کے خیال کو متعارف کرانے کے لیے، آپ اپنے بچّوں کو ایسی چیز دکھا سکتے ہیں جس پر آپ بھروسا کرتے ہیں کہ بارش کے دوران، آپ کو خشک رکھے گی مثلاً چھتری یا جیکٹ۔ اُنھیں اِس بارے میں بات کرنے دیں کہ ہم اِن چیزوں پر کیوں بھروسا کر سکتے ہیں۔ پھر اُنھیں اِس کا موازنہ خُداوند پر ہمارے بھروسا سے کرنے میں مدد کریں۔ ہم رُوحانی طور پر محفُوظ رہنے کے لیے کیوں اُس پر بھروسا کرتے ہیں؟

  • آپ اپنے بچّوں کی یہ دریافت کرنے میں مدد کر سکتے ہیں کہ آسا بادشاہ اور یہُوسفط بادشاہ نے خُداوند پر بھروسا کرتے ہُوئے چنوتیوں کا کیسے جواب دیا (دیکھیں 2 تواریخ 14:‏11؛ 20:‏3–5، 12)۔ ایک دُوسرے کو وہ طریقے بتائیں جن سے آپ خُداوند کو ظاہر کر سکتے ہیں کہ آپ اُس پر بھروسا کرتے ہیں۔

2 تواریخ 20:‏1–29

خُدا میری دُعاؤں کو سُنے اور جواب دے گا۔

  • اِس ہفتے کی عملی سرگرمی کا صفحہ آپ کے بچّوں کو یہُوسفط کی دُعا اور خُداوند کے جواب کی کہانی کو سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ آپ اور آپ کے بچّے ایسے اوقات کا بتا سکتے ہیں جب خُدا نے آپ کی دُعاؤں کو سُنا اور جواب دیا ہو۔ ایسے اوقات کو شامل کرنے پر غور کریں جب جوابات ایسے اوقات یا انداز میں ملے ہوں جن کی آپ کو توقع نہ تھی۔ دُعا کے بارے میں گیت، مثلاً ”مَیں ایمان کے ساتھ دُعا کرتا ہُوں“ (بچّوں کے گیتوں کی کِتاب، 14)، آپ کے بچّوں کے ایمان کی تعمیر میں مدد کر سکتا ہے۔

2 تواریخ 26:‏3–23

مَیں فروتن ہو سکتا ہُوں۔

  • تَکَبُّر کے خطرات کے بارے میں جاننے کے لیے، آپ کے بچّے بلاکس یا چھوٹے کپ کے ساتھ مینار تعمیر کر سکتے ہیں۔ جب وہ ہر بلاک یا پیالہ کو مینار پر رکھتے ہیں، تو اُنھیں 2 تواریخ 26:‏3–15 میں سے عُزّیاہ کی کامیابیوں میں سے ایک کی نشان دہی کرنے میں مدد کریں۔ اُن کے مینار بنانا ختم کرنے کے بعد، اپنے بچّوں سے تبادلہ خیال کریں کہ عُزّیاہ اُسے کیسے اُونچا اور مضبُوط رکھ سکتا تھا۔ اُسے کیا چیز گرا سکتی تھی؟ پھر، جب آپ آیت 16 پڑھتے ہیں، تو آپ اِس بارے میں بات کر سکتے ہیں کہ ہمارے دِلوں کو ”[ہماری] تباہی کے لیے پھُلانے“ سے کیا مُراد ہے۔ آیات 16–23 میں عُزّیاہ کے ساتھ کیا ہُوا اپنے بچّوں کو بتائیں۔ اُنھیں اُن کے مینار گرانے دیں۔ اِس بارے میں بات کریں کہ ہم فروتن رہنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔

حِزقیاہ خُدا کی حمد کرتے ہُوئے

حِزقیاہ بادشاہ اور لوگ خُدا کا شُکر ادا کرتے ہیں، © Lifeway Collection/licensed from goodsalt.com

2 تواریخ 30

مَیں صُلح جُو بن سکتا ہُوں۔

  • مذکورہ بالا تصویر ظاہر کرتی ہے جب حِزِقیاہ نے اسرائیل کی سلطنت سے یہوداہ کے پڑوسیوں کو اپنے ساتھ عیدِ فسح منانے کی دعوت دی۔ آپ اِس تصویر کو اپنے بچّوں کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں اور 2 تواریخ 30:‏18–19 کو پڑھ سکتے ہیں، جو وضاحت کرتا ہے کہ کُچھ مہمانوں نے موسیٰ کی شریعت کے مطابق خود کو دھویا نہیں تھا۔ حِزقیاہ نے کیا کِیا؟ اِس سے مہمانوں کو کیسا محسُوس ہُوا ہوگا؟ اپنے بچّوں کی یہ سوچنے میں مدد کریں کہ وہ دُوسروں کے ساتھ پیش آنے میں کیسے حِزقیاہ کی مانند بن سکتے ہیں۔

مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے فرینڈ رسالے کا شُمارہ دیکھیں۔

عُزّیاہ کو ہَیکَل سےنکالا جا رہا ہے جب کوڑھ اُس کی پیشانی پر ظاہر ہوتا ہے

عُزّیاہ کا تَکَبُّر اور سزا، از اے ایم بُون

پرائمری کی سرگرمی کا صفحہ: خُدا میری دُعائیں سُنے اور جواب دے گا