”ذہن میں رکھنے کے لیے خیالات: اِسرائیل کا گھرانا،“ آ، میرے پیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: پُرانا عہد نامہ 2026 (2026)
”اِسرائیل کا گھرانا،“ آ، میرے پیچھے ہو لے: 2026
ذہن میں رکھنے کے لیے خیالات
اِسرائِیل کا گھرانا
بیابان میں کہیں کنعان کے مشرق میں، یعقُوب پریشانی سے اپنے جڑواں بھائی، عیسو سے مِلنے کا مُنتظر تھا۔ آخری بار تقریبا 20 برس پہلے، جب یعقُوب نے عیسو کو دیکھا تھا، تو عیسو اُسے ہلاک کرنے کا خواہاں تھا۔ یعقُوب نے خُدا سے برکت پانے کے لیے، ساری رات کُشتی کی۔ یعقُوب کے ایمان، اِستقامت، اور عزم کے نتیجے میں، خُدا نے اُس کی دُعاؤں کا جواب دِیا۔ اُس رات یعقُوب کا نام تبدیل کر کے اِسرائیل رکھا گیا، وہ نام جس کا مطلب ہے، دیگر چیزوں کے درمیان میں، ”وہ خُدا کے ساتھ ثابت قدم رہا“ (پیدایش 28:32، ذیلی نوٹ ب)۔
دریائے جبوک کے قریب، یعقُوب کو اِسرائیل نام دِیا گیا۔
یہاں پر بائبل میں پہلی بار اِسرائیل نام دِکھائی دیتا ہے، اور یہی نام پُوری کتاب اور پُوری تاریخ میں رہتا ہے۔ جلد ہی یہ نام محض ایک سے زیادہ آدمیوں کا حوالہ دینے کے لیے آیا۔ اِسرائیل کے بارہ بیٹے تھے، اور مجمُوعی طور پر اُن کی نسل ”اِسرائیل کا گھرانا،“ ”اِسرائیل کے قبیلے،“ ”بنی اِسرائیل،“ یا ”اِسرائیلی“ کے نام سے مشہور تھی۔
تاریخ بھر میں، بنی اِسرائیل نے اِسرائیل کے بارہ قبیلوں میں سے کسی ایک قبیلے سے اپنی نسل کا حوالہ دیا۔ اُن کا نسب اُن کے عہد کی شناخت کا اہم حِصّہ تھا۔ پولُس رسُول نے مُنادی کی کہ وہ ”بِنیمِین کے قبیلہ سے“ ہے (رُومیوں 1:11)۔ لِحی نے یروشلیم میں اپنے بیٹوں کو پیتل کے اَوراق لانے بھیجا تھا کیوں کہ اَوراق پر ”اُس کے باپ دادا کا شجرہِ نسب“ تھا (1 نِیفی 14:5)۔ لِحی نے دریافت کِیا کہ وہ یوسف کی نسل سے تھا، اور اُس کی نسل کا اِسرائیل کے گھرانے سے تعلق کا فہم آیندہ سالوں میں اہم ثابت ہُوا۔
آج کلِیسیا میں، آپ اِسرائیل کے بارے میں ”اِسرائیل کو اِکٹھا کرنے“ کے تاثر سُنتے ہیں۔ ہم ”اِسرائیل کے مخلصی دینے والے،“ ”اِسرائیل کی آس،“ اور ”تُم اِسرائیل کے بزُرگو “ جیسے گیت گاتے ہیں۔ اِن صُورتوں میں، ہم قدیم اِسرائیلی بادشاہت یا اِسرائیل نامی جدید قوم کے بارے میں بات نہیں کر رہے یا گا نہیں رہے۔ بلکہ، ہم اُن لوگوں کے بارے میں بات کرتے ہیں جو دُنیا کی قوموں میں سے کلِیسیائے یِسُوع مسِیح میں اِکٹھے ہُوئے ہیں۔ ہم اُن لوگوں کے بارے میں بات کرتے ہیں جو خُدا کے ساتھ ثابت قدم ہیں، جو اُس کی برکات کے خلُوصِ دِل سے خواہاں ہوتے ہیں، اور جو، بپتِسما کے ذریعے سے، اُس کے عہد کے لوگ بن گئے ہیں۔ صدر رسل ایم نیلسن کے اَلفاظ میں، اِسرائیل کا مطلب ہے ”خُدا کو اپنی زندگیوں پر غالب آنے دینا، … خُدا کو اپنی زندگیوں میں سب سے زیادہ طاقتور اثر و رسوخ ہونے دیں۔“
آپ کی بطریقی برکت اِسرائیل کے قبیلوں میں سے ایک سے آپ کے تعلق کا اعلان کرتی ہے۔ یہ خاندانی تاریخ کے دلچسپ ٹکڑے سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اِس کا تعلق آپ کے حال اور مُستقبل سے بھی ہے۔ اِسرائیل کے گھرانے کا حِصّہ ہونے کا مطلب ہے کہ آپ کا آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ عہد کا رشتہ ہے۔ اِس کا مطلب ہے کہ، اَبرہام کی مانِند، آپ بھی خُدا کے بچّوں کے لیے ”برکت کا باعث بننا“ چاہتے ہیں (پیدایش 12:2؛ اَبرہام 9:2–11)۔ پطرس کے اَلفاظ میں اِس کا مطلب ہے، کہ ”تُم ایک برگُزِیدہ نسل، شاہی کاہِنوں کا فِرقہ، مُقدّس قَوم، خاص اُمّت ہو؛ تاکہ اُس کی خُوبِیاں ظاہِر کرو جِس نے تُمھیں تارِیکی سے اپنی عجِیب رَوشنی میں بُلایا ہے“ (1 پطرس 2:9)۔ اِس کا مطلب ہے کہ آپ ”خُدا کو غالب آنے دیں“—کیوں کہ آپ وہ ہیں جو ”خُدا کے ساتھ ثابت قدم رہتے ہیں“ جب آپ اُس کے ساتھ اپنے عہُود کا احترام کرتے ہیں۔
یعقُوب (اِسرائیل) کا خاندانی شجرہ، اَز برینٹ ایوانز