”جنوری 26–فروری 1۔ ’اِن باتوں کو اپنے بچّوں کو آزادانہ طور پر سِکھاؤ‘: پیدایش 5؛ موسیٰ 6،“ برائے گھر اور کلِیسیا: پُرانا عہد نامہ 2026 (2026)
”جنوری 26–فروری 1۔ ’اِن باتوں کو اپنے بچّوں کو آزادانہ طور پر سِکھاؤ‘،“ آ، میرے پیچھے ہو لے: 2026
جنت سے بہتر، از کینڈل رے جانسن
جنوری 26–فروری 1: ”اِن باتوں کو اپنے بچّوں کو آزادانہ طور پر سِکھاؤ“
پیدایش 5؛ موسیٰ 6
پیدایش 5 میں سے زیادہ تر آدم اور حوّا اور نوح کے درمیان کی نسلوں کی فہرست ہے۔ ہم بُہت سے نام پڑھتے ہیں، مگر ہم اُن کے بارے میں زیادہ نہیں سیکھتے۔ پھر ہم یہ دِلچسپ لیکن غیر واضح سطر پڑھتے ہیں: ”اور حنُوک خُدا کے ساتھ ساتھ چلتا رہا اور وہ غائِب ہو گیا کیونکہ خُدا نے اُسے اُٹھا لِیا“ (پیدایش 5:24)۔ یقیناً اِس آیت کے پیچھے ایک کہانی ہے! لیکن مزید وضاحت کے بغیر، نسلوں کی فہرست دوبارہ شُروع ہوتی ہے۔
شُکر ہے، موسیٰ 6 اِس کہانی کی تفصیلات کو ظاہر کرتا ہے—اور یہ ایک خُوبصورت کہانی ہے۔ ہم حنوک کی فروتنی، اُس کے عدم تحفظات، خدا كی جانب سے اُس میں دیكھے گئے امِكانات كی صلاحیت، اور خُدا کے نبی کی حیثیت سے اُس کے عظیم کام کے بارے میں سیکھتے ہیں۔ ہم آدم اور حوّا کے خاندان کی واضح تصویر بھی حاصل کرتے ہیں جب وہ نسلوں کی صورت میں آگے بڑھ رہے تھے۔ ہم شیطان کی ”بڑی حکومت“ کے بارے میں پڑھتے ہیں لیکن اُن والدین کے متعلق بھی جنھوں نے اپنے بچّوں کو ”خُدا کی راہیں“ سِکھائیں (موسیٰ 6:15،21)۔ خصوصاً بیش قیمت وہ تعلیم ہے جو اِن والدین نے سِکھائی تھی: یِسُوع مسِیح پر ایمان، توبہ، بپتِسما، اور رُوحُ القُدس پانا (دیکھیں موسیٰ 6:50–52)۔ وہ تعلیم، اُس کہانت کی مانند جو اُس کے ہمراہ ہے، ”اب یہی کہانت جو اِبتدا میں تھی [اور] دُنیا کے آخِر میں بھی ہو گی“ (موسیٰ 6:7)۔
گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز
گُناہ خُدا کی باتوں کو دیکھنے، محسُوس کرنے اور سُننے کی میری صلاحیت کو محدُود کرتا ہے۔
جب آپ موسیٰ 6:26–36 کا مُطالعہ کرتے ہیں، تو آپ گُناہ کے اثرات کے بارے میں کیا سیکھتے ہیں؟ آپ نے اِن اثرات کو کِس طرح دیکھا ہے؟ حنوک کے پاس کون سی صِفات تھیں جنھوں نے اِن اثرات پر قابو پانے میں اُس کی مدد کی؟ اِس کے نتیجے میں خُدا نے اُنھیں کیسے برکت بخشی؟
خُدا میری کمزوریوں کے باوجود اپنا کام کرنے کے لیے مُجھے بُلاہٹ دیتا ہے۔
اگر آپ کبھی اِن کاموں سے مغلوب ہُوئے ہیں جو خُداوند نے آپ کو کرنے کے لیے کہا ہے، تو آپ تنہا نہیں ہیں۔ حنوک نے بھی ایسا ہی محسُوس کِیا جب خُداوند نے اُسے نبی ہونے کے لیے بُلاہٹ دی۔ جب آپ موسیٰ 6:26–36 پڑھتے ہیں، تو تلاش کریں کہ حنوک کیوں مغلُوب ہُوا اور خُداوند نے اُسے حوصلہ دینے کے لیے کیا کہا۔
آیات 37–47 میں، آپ اِن طریقوں کو تلاش کر سکتے ہیں جن سے خُداوند نے حنوک کی معاونت کی اور اُسے اپنا کام کرنے کا اِختیار بخشا (مزید دیکھیں موسیٰ 7:13)۔ آپ حنوک کے تجربے کا موازنہ دُوسرے انبیا سے کر سکتے ہیں جنھوں نے خُود کو ناکافی محسُوس کِیا، جیسا کہ موسیٰ (دیکھیں خُروج 4:10–16)، یرمیاہ (یرمیاہ 1:4–10)، نیفی (دیکھیے 2 نیفی 33:1–4)، اور مرونی (دیکھیں عیتر 12:23–29)۔ آپ کیا محسُوس کرتے ہیں کہ خُدا چاہتا ہے کہ آپ اِن صحائف سے اُس کام کے بارے میں سیکھیں جو اُس نے آپ کو کرنے کے لیے دیا ہے؟
خُداوند نے اپنے لوگوں میں ایک غیب بین برپا کِیا ہے (موسیٰ 6:36)، از ایوا تموتھی
دورِ جدید کے بُہت سے رسُولوں اور انبیا نے حنُوک سے مماثل احساسات کا اظہار کِیا ہے جب اُنھوں نے بیان کِیا کہ اُنہوں نے بُلاہٹوں کو پا کر کیسا محسُوس کیا۔ مثال کے طور پر، دیکھیے ایلڈر اولیسس سوارز ”اَنبیا رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسیلے سے کلام کرتے ہیں“ (لیحونا، مئی 2018، 98–99)۔
آپ اُن نبیوں اور رسُولوں سے اپنی نااہلی کے احساسات کے بارے میں کیا سیکھ سکتے ہیں؟ آپ نے کب محسُوس کِیا ہے کہ نجات دہندہ آپ کی مدد کرتا ہے جب اُس نے آپ کو مُشکل کام کرنے کو کہا ہے؟ اپنے مُستقبل میں کُچھ تجربات لکھنے پر غور کریں جب آپ کو نجات دہندہ کی مدد پر بھروسا کرنے کی ضرورت ہو گی۔ آپ یِسُوع مسِیح پر ایمان کے ساتھ اُن واقعات سے کیسے نمٹ سکتے ہیں؟
مزید دیکھیے ڈیوڈ اے بیڈنار، ”مُجھ میں قائم رہو، اور مَیں تُم میں؛ پس میرے ساتھ ساتھ چلو،“ لیحونا، مئی 2023، 123–25؛ ”مَیں وہاں جاؤں گا جہاں تو چاہے،“ گیت، نمبر 270۔
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل اِبتدا ہی سے سِکھائی گئی تھی۔
چونکہ ہمارے پاس موسیٰ کی کِتاب ہے، ہم جانتے ہیں کہ خُدا اپنے بچّوں کو سِکھا رہا ہے کہ آدم اور حوّا کے بعد سے مُخلصی کیسے پائی جائے۔ جب آپ موسیٰ 6:48–68 کا مُطالعہ کرتے ہیں، تو تلاش کریں کہ مُخلصی پانے کے لیے ہمیں کیا جاننا اور کرنا ہے۔ آیت 53 میں آدم کے سوال پر غور کریں۔ کیا آپ نے کبھی ایسا سوچا ہے؟ آپ آیات 53–65 میں خُدا کے جواب سے کیا سیکھتے ہیں؟ آپ اِن آیات کو آدم کے بپتِسما کی خِدمت میں خُداوند کے پیغام کے طور پر سوچ سکتے ہیں۔ آپ اُس کے پیغام سے بپتِسما کے بارے میں کیا سیکھتے ہیں؟ آپ کے خیال میں اُس نے بپتِسما کا موازنہ ”دوبارہ پیدا ہونے“ سے کیوں کِیا؟ (آیت 59)۔ آپ اپنی پُوری زندگی ”دوبارہ پیدا ہونے“ كو جاری رکھنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟
علامتوں کو تلاش کریں۔ صحیفوں میں، اشیا یا واقعات اکثر رُوحانی سچّائیوں کی نمائندگی کر سکتے ہیں یا علامت ہو سکتی ہیں، خاص طور پر نجات دہندہ کے بارے میں سچّائیاں (دیکھیں نجات دہندہ کے طریق پر تعلیم دینا، 7)۔ یہ علامتیں اُس کے بارے میں اور اُس کے نظریے کے بارے میں آپ کی تفہیم کو بہتر بنا سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر، آپ دِلوں اور كانوں كی علامتوں سے موسیٰ 6:27 میں اور آنکھوں اور مٹی سے موسیٰ 6:35 میں یا پانی سے موسیٰ 6:59–60 میں کیا سیکھتے ہیں؟
”اِن باتوں کو اپنے بچّوں کو آزادانہ طور پر سِکھاؤ۔“
آدم کو یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی سچّائیاں سِکھانے کے بعد، موسیٰ 6:51–63 میں، خُداوند نے آدم کو بتایا کہ وہ اُنھیں آنے والی نسلوں کو سِکھائے۔ اِن سچّائیوں کی فہرست بنانے پر غور کریں۔ (اِس سے عبارت کو آیات کے چھوٹے گروہوں میں تقسیم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، جیسا کہ آیات 51–52، 53–57، 58–60، 61–63)۔ آج کی اُبھرتی ہُوئی نسل کے لیے یہ سچّائیاں کیوں قابلِ قدر ہیں؟ آپ مزید مضایاہ 4:14–15 اور عقائد اور عہُود 68:25–28؛ 93:40–59 میں والدین کے لیے خُداوند کی ہدایات سے اور کیا سیکھ سکتے ہیں؟
آدم اور حوّا کے خاندان نے جو ”یادگاری کی کِتاب“ رکھی اُس کے بارے میں پڑھنا آپ کو یا آپ کے خاندان کو اپنی یادگاری کی کِتاب بنانے کی ترغیب دے سکتا ہے۔ آپ کیا محسُوس کرتے ہیں کہ خُداوند کیا چاہتا ہے کہ آپ شامل کریں؟ یادگاری کی کِتاب سے معلُومات کو FamilySearch.org پر محفوظ كرنے پر غور كریں۔
مزید دیکھیں ڈیٹئر ایف اُکڈورف ”یِسُوع مسِیح والدین کی مضبوطی ہے،“ لیحونا، مئی 2023، 55–59؛ ”پرورش: ہمارے نوجوانوں کے دِلوں کو چھوتے ہُوئے،“ ”مگر کیوں؟“ (ویڈیوز)، گاسپل لائبریری۔
مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے لیحونا اور برائے مضبوطیِ نوجوانان رسالوں کے شُمارے دیکھیں۔
بچّوں کو سِکھانے کے لیے تجاویز
خُدا میری مُشکل کام کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔
-
جب حنُوک کو اِنجِیل کی مُنادی کے لیے بُلاہٹ مِلی، تو اُسے خدشہ تھا کہ وہ ناکام ہو جائے گا۔ لیکن خُدا نے اُس کی مدد کی۔ اِس کہانی کو موسیٰ 6:26–34 میں اكٹھے پڑھیں (مزید دیكھیں ”حنوک نبی“ پُرانے عہد نامہ کی کہانیوں میں، 19–21)۔ حنوک نے کیوں محسُوس کِیا کہ وہ اِنجِیل کی مُنادی نہیں کر سکتا تھا؟ (دیکھیں موسیٰ 6:31)۔ خُدا نے حنوک کی کیسے مدد کی؟ (دیکھیں موسیٰ 6:32–34؛ 7:13)۔
-
آپ کے بچّے دیگر مثالوں کو شئیر کرنے یا اداکاری کرنے سے لُطف اندوز ہو سکتے ہیں جب خُدا نے لوگوں کو مُشکل کام کرنے میں مدد کی—مثال کے طور پر، نوح، داؤد، عمون، یا سیموئیل لامنی (دیكھیں گاسپل کی آرٹ بُک، نمبر 7، 19، 78، 81)۔ آپ اپنے تجربے کا بھی تذکرہ کر سکتے ہیں اور اپنے بچّوں کو اِس بارے میں بات کرنے دیں کہ خُدا اِن کی مُشکل کام کرنے میں کیسے مدد کرتا ہے۔
مسِیح پر ایمان، توبہ، بپتِسما، اور رُوحُ القُدس پانا مُجھے خُدا کے پاس واپس جانے کے لیے تیار کرتا ہے۔
-
خُدا نے آدم کو سِکھایا کہ اُس کے پاس لوٹنے کے لیے ہمیں کیا کرنے کی ضرورت ہے—یِسُوع مسِیح پر ایمان رکھیں، توبہ کریں، بپتِسما لیں، اور رُوحُ القُدس کی نعمت پائیں۔ اپنے بچّوں کی اِن اُصُولوں کو موسیٰ 6:52، 57 میں تلاش کرنے میں مدد کریں پھر آپ اِن اُصُولوں میں سے کسی ایک کے بارے میں مُختصر خطاب لکھنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ ہر خطاب میں موسیٰ 6 میں سے ایک صحیفہ تجربہ، اور گواہی شامل ہو سکتا ہے۔ اُنھیں ایک دُوسرے کے ساتھ اپنے پیغام کا اشتراک کرنے دیں۔
-
آپ ایسی تصاویر بھی دِکھا سکتے ہیں جو اِنجِیل کے پہلے اُصُولوں کی نمائندگی کرتی ہیں (دیكھیں ایمان کا چوتھا رُكن)۔ اُنھیں ایک لائن میں رکھیں جو یِسُوع مسِیح کی تصویر کی طرف لے جاتی ہیں۔ جب آپ موسیٰ 6:52 پڑھتے ہیں، تو آپ کے بچّے صحیح تصویر کے ساتھ کھڑے ہو سکتے ہیں جب وہ تصویر کی نمائندگی کرنے والے الفاظ سُنتے ہیں۔
-
آپ کے بچّے گیت گانے سے لُطف اندوز ہو سکتے ہیں جو موسیٰ 6:52 میں اُصُول سِکھاتے ہیں، جیسا کہ ”ایمان ،“ ”جب میں بپتِسما پاتا ہُوں،“ اور رُوحُ القُدس“ بچّوں کی گیتوں کی کِتاب، 96–97، 103، 105)۔ اُن کی اِن اُصُولوں کو موسیٰ 6:52 میں تلاش کرنے میں مدد کریں۔
آسمانی باپ چاہتا ہے کہ والدین اپنے بچّوں کو تعلیم دیں۔
-
اپنے بچّوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے کہ وہ اِنجِیلی معلمین کے کردار میں اپنے والدین کی مدد کریں، کسی بچّے كو موسیٰ 6:58 سے پڑھنے اور اُس حُکم کی نشان دہی کرنے کا سوچیں جو خُدا نے والدین کو دیا تھا۔ پھر آپ آدم اور حوّا کی اپنے بچّوں کو سِکھانے کی تصویر دِکھا سکتے ہیں (جیسا کہ اِس خاکہ کے آخر میں ایک ہے) اور اپنے بچّوں کو تصویر میں جو کُچھ وہ دیکھتے ہیں اِس کے بارے میں بات کرنے دیں۔ آپ کے بچّے اکٹھے مِل کر صحائف کا مُطالعہ کرنے، اکٹھے دُعا کرنے، یا اکٹھے کھیلنے کے لیے اپنے خاندانوں کی تصاویر بنا سکتے ہیں۔
مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے فرینڈ رسالے کا شُمارہ دیکھیں۔