آ، میرے پِیچھے ہولے ۲۰۲۴
اکتوبر 19–25۔ ”اِس سے پیشتر کہ مَیں نے تُجھے بطن میں خلق کِیا مَیں تُجھے جانتا تھا“: یرمیاہ 1–3؛ 7؛ 16–18؛ 20


”اکتوبر 19–25۔ ’اِس سے پیشتر کہ مَیں نے تُجھے بطن میں خلق کِیا مَیں تُجھے جانتا تھا‘: یرمیاہ 1–3؛ 7؛ 16–18؛ 20،“ آ، میرے پیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: پُرانا عہد نامہ 2026 (2026)

”اکتوبر 19–25۔ ’اِس سے پیشتر کہ مَیں نے تُجھے بطن میں خلق کِیا مَیں تُجھے جانتا تھا‘“ آ، میرے پیچھے ہو لے: پُرانا عہد نامہ 2026

یرمیاہ کسی دُوسرے شخص کو دیکھتے ہُوئے

یرمیاہ، اَز والٹر رین

اکتوبر 19–25: ”اِس سے پیشتر کہ مَیں نے تُجھے بطن میں خلق کِیا مَیں تُجھے جانتا تھا“

یرمیاہ 1–3؛ 7؛ 16–18؛ 20

پہلے پہل، یرمیاہ کو یہ خیال نہ تھا کہ وہ اچھا نبی بنے گا۔ ”دیکھ، مَیں بول نہیں سکتا،“ اُس نے احتجاج کِیا (یرمیاہ 1:‏6)۔ لیکن خُداوند نے اُسے یقین دِلایا، ”مَیں نے اپنا کلام تیرے مُنہ میں ڈال دِیا“ (آیت 9)۔ یرمیاہ نے محسُوس کِیا کہ وہ ایک غیر تجربہ کار ”بچّہ“ ہے (آیت 6)، لیکن خُداوند نے وضاحت کی کہ وہ دَرحقیقت اُس سے زیادہ تیار تھا جِتنا وہ سمجھتا تھا—اُسے اِس بُلاہٹ کے لیے اُس کے پیدا ہونے سے پہلے ہی مُنتخب کِیا گیا تھا (دیکھیے آیت 5)۔ لہٰذا یرمیاہ نے اپنے خوف کو ایک طرف کر دِیا اور اُس بُلاہٹ کو قبُول کِیا۔ اُس نے یروشلیم کے بادشاہوں اور کاہنوں کو خبردار کِیا کہ اُن کی ظاہر کردہ قُدُّوسیّت اُنھیں بچانے والی نہیں ہے۔ وہ ”بچّہ“ جس کا خیال تھا کہ وہ بول نہیں سکتا تھا وہ خُدا کے کلام کو ”[اُس کے] دِل میں آگ کی مانِند محسُوس کرنے آیا“ اور خاموش نہیں رہ سکتا تھا (یرمیاہ 20:‏9

یرمیاہ کی کہانی آپ کی کہانی بھی ہے۔ خُدا آپ کو بھی جانتا تھا، آپ کی پیدایش سے پہلے اور آپ کو زِندگی میں اپنے مقصد کے لیے تیار کِیا تھا۔ دیگر باتوں کے عِلاوہ، اُس مقصد میں وہ چیز بھی شامِل ہے جس کی یرمیاہ نے پیش گوئی کی تھی: خُدا کے لوگوں کو، ایک ایک کر کے جمع کرنا، تاکہ ”[اُنھیں] صیون لے جایا جائے“ (یرمیاہ 3:‏14)۔ اور یہاں تک کہ اگر آپ بالکل نہیں جانتے کہ کیا کرنا ہے یا کیا کہنا ہے، آپ ”خوف زدہ نہیں ہو سکتے ہیں … ؛ خُداوند فرماتا ہے، مَیں تیرے ساتھ ہُوں“ (یرمیاہ 1:‏8، 19

یرمیاہ کی کِتاب کا جائزہ لینے کے لیے، لُغتِ بائبل ”یرمیاہ“ دیکھیں۔

مُطالعہ کی علامت

گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز

یرمیاہ 1:‏4–19؛ 7:‏1–7؛ 20:‏8–9

نبیوں کو خُدا کا کلام بیان کرنے کے لیے بُلایا جاتا ہے۔

تصور کریں کہ آپ کسی اَیسے دوست سے بات کر رہے ہیں جس نے کبھی نبیوں کے بارے میں نہیں سُنا، اور آپ یرمیاہ 1:‏4–19 میں یرمیاہ کی بُلاہٹ کو اِستعمال کرتے ہُوئے اِس بات کی وضاحت کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ آپ اِن آیات میں کیا پاتے ہیں جو خُدا کے نبیوں کے بارے میں کُچھ سِکھاتا ہے؟ آپ یرمیاہ 7:‏1–7؛ 20:‏8–9 اور گیت جیسا کہ ”ہم نبی کی آواز سُنتے ہیں“ (گیت، نمبر 22) میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔

آپ اپنے دوست کو آج کے زِندہ نبی کے بارے میں بھی سِکھانا چاہیں گے۔ کیا اِن آیات میں کوئی اَیسا کام ہے جو مدد کر سکتا ہے؟ مِثال کے طور پر، ہمارے زمانے کے نبی کیا ”اُکھاڑ پھینکتے“ یا ”تباہ کرتے“ ہیں؟ وہ کیا ”بناتے“ اور ”لگاتے“ ہیں؟ (یرمیاہ 1:‏10)۔ آپ کیسے جان گئے ہیں کہ ہمارا زِندہ نبی خُدا کی طرف سے بُلایا گیا ہے؟

مزید دیکھیے اِیمان کے اَرکان 1:‏6، 9؛ ”ہمارے پاس نبی کیوں ہیں؟“ (ویڈیو) ChurchofJesusChrist.org ۔

1:37

Why Do We Have Prophets?

یرمیاہ 1:‏5

سیمینری کی علامت
خُدا مُجھے میرے پیدا ہونے سے پہلے جانتا تھا۔

یرمیاہ نے یرمیاہ 1:‏5 میں اپنی بابت کیا سیکھا؟ ایک نئے بُلائے گئے نبی کے طور پر، وہ معلُومات جاننا اُس کے لیے کیوں اَہم ہو گی؟

یرمیاہ نے یرمیاہ 1:‏5 میں جو کُچھ اپنے بارے میں سیکھا وہ آپ کی بابت بھی سچ ہے۔ خُدا آپ کے پیدا ہونے سے پہلے ہی آپ کو جانتا تھا اور آپ کو خاص ذِمہ داریوں کے لیے تیار کِیا۔ اپنی پیدایش سے قبل اپنی زِندگی کے بارے میں مزید جاننے کے لیے، ایلما 13:‏1–4؛ عقائد اور عہُود 138:‏53–56؛ اور ابرہام 3:‏22–23 کو پڑھیں۔ آپ اُن سچّائیوں کی فہرست بنا سکتے ہیں جو آپ نے دریافت کِیں۔ آپ کے لیے یہ معلُومات جاننا کیوں ضرُوری ہے؟

یہ جاننے کے لیے کہ اِن سچّائیوں نے ایلڈر احمد ایس کوربٹ کی زِندگی کو کیسے مُتاثر کِیا، اُن کے پیغام کا مُطالعہ کریں ”آپ اِسرائیل کو اِکٹھا کر سکتے ہیں!“ (لیحونا، مئی 2021، 63–63)۔ اپنی قبل اَز فانی زِندگی کے بارے میں جاننا آپ کی فانی زِندگی گُزارنے کے طریقے کو کیسے مُتاثر کرتا ہے؟

صدر رسل ایم نیلسن نے آپ کی قبل اَز فانی زِندگی کے بارے میں یُوں کہا ہے:

”آپ کا آسمانی باپ آپ کو عرصہِ دراز سے جانتا ہے۔ آپ کو، اپنے بیٹے یا بیٹی کی حیثیت سے، اُس نے اِس صحیح وقت پر زمین پر آنے کے لیے مُنتخب کِیا تھا، تاکہ زمین پر اُس کے عظیم کام میں راہ نُما بن سکیں۔ آپ کو آپ کی جِسمانی صِفات کی بِنا پر نہیں بلکہ آپ کی رُوحانی صِفات کی بِنا پر چُنا گیا تھا، جیسا کہ بہادُری، ہِمت، دِل کی سالمیت، سچّائی کی پیاس، حِکمت کی بھُوک، اور دُوسروں کی خِدمت کرنے کی آرزُو۔

”آپ نے اِن میں سے کُچھ صِفات قبل اَز فانی زِندگی میں فروغ دی تھیں۔ دُوسری صِفات آپ یہاں زمین پر فروغ دے سکتے ہیں جب آپ مُستقل طور پر اِن کی جُستجُو کرتے ہیں“ (اَبَدیت کے فیصلے، لیحونا، نومبر 2013، 107)۔

چند اَیسے حالات کے مُتعلق سوچیں جن کا سامنا آپ کو کرنا پڑتا ہے جن میں آپ کی قبل اَز فانی زِندگی کے بارے میں اِن سچّائیوں کو یاد رکھنا ضرُوری ہو گا۔ آپ خُود کو اِن سچّائیوں کی یاد دِلانے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟

مزید دیکھیے رسل ایم نیلسن، ”اَبَدیت کے فیصلے،“ لیحونا، نومبر 2013، 106–9؛ موضُوعات اور سوالات، ”قبل اَز پیدایش تقرری،“ ”قبل اَز فانی زِندگی،“ گاسپل لائبریری۔

بائیں جانب، ایک شخص بڑے خالی حوض میں کھڑا ہے؛ دائیں جانب، ایک آبشار ہے

یرمیاہ 2:‏13 میں، خُداوند نے لوگوں کی رُوحانی حالت کا موازنہ ”شِکستہ حوض“ سے کِیا اور اپنا موازنہ ”آبِ حیات کے چشمہ“ سے کِیا۔

یرمیاہ 2؛ 7

”اُنھوں نے مُجھ آبِ حیات کے چشمہ کو ترک کر دِیا ہے۔“

اُس خُشک خِطّے میں جہاں بنی اِسرائیل رہتے تھے، لوگ زیرِ زمین ذخائر میں قِیمتی پانی ذخیرہ کرتے تھے جنھیں حوض کہا جاتا ہے۔ آپ کے خیال میں یرمیاہ 2:‏13 میں مذکُورہ ”شِکستہ حوض“ کی علامت کیا ہو سکتی ہے؟ ایک چشمے سے پانی لینا کسی شِکستہ حوض پر اِنحصار کرنے سے بہتر ہو گا؟ ”آبِ حیات کے چشمے“ کو ترک کرنے سے کیا مُراد ہے؟ جب آپ یرمیاہ 2 اور 7 پڑھتے ہیں، تو غور کریں کہ لوگ خُداوند کے آبِ حیات کو کیسے ترک کر رہے تھے (دیکھیے، مِثال کے طور پر، یرمیاہ 2:‏26–28؛ 7:‏2–11)۔ مُنّجی آپ کو جو کُچھ دیتا ہے اُس کے لیے ”آبِ حیات“ کیوں اچھی علامت ہے؟ اِس بارے میں سوچیں کہ آپ زِندگی کا پانی کیسے حاصِل کر رہے ہیں۔

یرمیاہ 7 اُن لوگوں سے مُخاطب ہے جو ”خُداوند کے گھر میں … خُداوند کی عِبادت کرنے کے لیے“ داخِل ہو رہے تھے، مگر اُن کے اَعمال اُن کی ظاہری عقیدت سے مُماثل نہیں تھے (دیکھیے آیات 2–11آیات 21–23 میں خُداوند کے پاس آپ کے لیے کیا پیغامات ہو سکتے ہیں؟

عملی اَسباق کا اِستعمال کریں۔ خُداوند کے نبی اَکثر رُوحانی سچّائیوں کا موازنہ مانُوس اَشیا سے کرتے ہیں۔ جب آپ اِنجِیل سیکھتے اور سِکھاتے ہیں تو اَیسا کرنے پر غور کریں۔ مِثال کے طور پر، یرمیاہ 2:‏13 کو تصوُّر کرنے کے لیے، آپ ٹُوٹے ہُوئے برتن میں پانی ڈال سکتے ہیں یا کسی پینے کے چشمے سے پی سکتے ہیں۔ یِسُوع کیسے ”آبِ حیات کے چشمے“ کی مانِند ہے؟ (یرمیاہ 2:‏13)۔ ہم اُس کے زِندگی کے پانی سے کیسے پیتے ہیں؟

یرمیاہ 3:‏14–18؛ 16:‏14–21

خُداوند اپنی اُمّت کو اِکٹھا کرے گا۔

یرمیاہ 16:‏14–15 میں، یرمیاہ نے ایّامِ آخر میں اِسرائیل کے اِجتماع کا موازنہ مِصر سے اِسرائیل کے خروج سے کِیا۔ آپ کی رائے میں، اِجتماع خروج سے زیادہ خُدا کے لوگوں کے لیے کیوں زیادہ اَہم ہو گا؟

یرمیاہ 3:‏14–18؛ 16:‏14–21 اِس بارے میں کیا تجویز کرتا ہے کہ اِجتماع کیسے ہوتا ہے؟

صدر رسل ایم نیلسن نے، اپنے پیغام ”اسرائیل کی آس،“ میں یرمیاہ کی مانِند، سِکھایا کہ اِسرائیل کا اِکٹھا کِیا جانا ”زمین پر رُونُما ہونے والا سب سے اَہم کام ہے“ (نوجوانوں کی عالم گیر عِبادت، 3 جُون، 2018، گاسپل لائبریری)۔ اُس کے پیغام کو پڑھیں یا سُنیں، اور دیکھیں کہ کیا آپ دریافت کر سکتے ہیں (الف) کیسے صدر نیلسن اِجتماعِ اِسرائیل کی وضاحت کرتے ہیں، (ب) وہ اِس کی اَہمیت کو کیسے بیان کرتے ہیں، اور (ج) آپ کیسے اِجتماع کا حِصّہ بن سکتے ہیں۔

مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے لیحونا اور برائے مضبوطیِ نوجوانان رسالوں کے شُمارے دیکھیں۔

بچّوں کے حِصّہ کی علامت

بچّوں کو سِکھانے کے لیے تجاویز

یرمیاہ 1:‏5

میرے پیدا ہونے سے قبل آسمانی باپ مُجھے جانتا تھا۔

  • یرمیاہ 1:‏5 میں سِکھائی گئی اَہم سچّائی کو مُتعارف کرانے کے لیے، آپ اپنی اولاد کو ایک چھوٹے بچّے کی تصویر دِکھا سکتے ہیں (یا، اگر مُمکن ہو، تو آپ اپنی اولاد کی تصاویر دیکھ سکتے ہیں جب وہ چھوٹے بچّے تھے)۔ اپنے بچّوں سے پُوچھیں کہ کیا وہ جانتے ہیں کہ وہ پیدا ہونے سے پہلے کہاں رہتے تھے۔ آپ اِکٹھے مِل کر ایک گیت بھی گا سکتے ہیں جو ہماری قبل اَز فانی زِندگی کے بارے میں سِکھاتا ہے، جیسا کہ ”مَیں آسمان پر رہتا تھا“ (بچّوں کے گیتوں کی کِتاب، 4)۔

  • اگر آپ کے بچّے مزید جاننا چاہتے ہیں، تو آپ راہ نُمائے صحائف میں ”قبل اَز فانی زِندگی“ تلاش کرنے میں اُن کی مدد کر سکتے ہیں۔ وہ قبل اَز فانی زِندگی کے بارے میں ”کون،“ ”کب،“ اور ”کیا“ سوالات کے جوابات تلاش کر سکتے ہیں۔

ایک لڑکی بچّے کو اُٹھائے ہُوئے

یرمیاہ 1:‏4–19

نبیوں کو خُدا کا کلام بیان کرنے کے لیے بُلایا جاتا ہے۔

  • صحائف میں سے زِندہ نبی یا نبیوں کی تصاویر دِکھانے پر غور کریں (آپ چند ایک کلِیسیائی رسائل میں، اِنجِیلی فن پاروں کی کِتاب، اور آ، میرے پیچھے ہو لے ڈھُونڈ سکتے ہیں)۔ اپنے بچّوں سے پُوچھیں کہ وہ نبیوں کے بارے میں کیا جانتے ہیں۔

  • نبی کیا کرتے ہیں اِس کی بابت سِکھانے کے لیے، آپ یرمیاہ 1 میں سے چند مُعاون آیات مُنتخب کر سکتے ہیں، جیسا کہ آیات 5، 7، 10 اور 19۔ آپ کے بچّے ہر ایک آیات میں سے کسی ایک کو چُنیں، اِسے پڑھیں، اور اَنبیا کے بارے میں جو کُچھ سیکھتے ہیں اُس کا تذکرہ کریں۔

یرمیاہ 16:‏14–16

مَیں آسمانی باپ کے بچّوں کو اُس کے پاس واپس لوٹنے میں مدد کر سکتا ہُوں۔

  • جب آپ یرمیاہ 16:‏16 پڑھتے ہیں، تو آپ کے بچّے کمرے میں چاروں طرف کی اَشیا کے لیے ”مچھلی“ یا ”شِکار“ کی مِثال دے سکتے ہیں۔ صدر رسل ایم نیلسن نے اِس آیت میں ماہی گیروں اور شِکاریوں کا موازنہ مِشنریوں سے کیا ہے (دیکھیے ”مُنتشرِ اِسرائیل کا اِکٹھا ہونا،“ لیحونا، نومبر 2006، 81)۔ مِشنری کیا کرتے ہیں؟ ہم مُنتشرِ اِسرائیل کے لیے ”مچھلی“ اور ”شِکار“ کرنے میں کیسے مدد کر سکتے ہیں؟ (دیکھیے ”صدر رسل ایم نیلسن کی جانب سے بچّوں کے لیے پیغام“ [ویڈیو]، ChurchofJesusChrist.org۔

    3:30

    Video: A Message for Children from President Russell M. Nelson

یرمیاہ 18:‏1–6

مَیں خُداوند کو اپنی زِندگی کی راہ نُمائی کرنے دُوں گا، جیسے کہ ایک کُمہار مٹّی کو شکل دیتا ہے۔

  • اِن آیات کی کھوج کرنے کے لیے، آپ بات چیت کر سکتے یا یہ دِکھا سکتے ہیں کہ مٹّی کے برتن کیسے بنائے جاتے ہیں (اِس خاکہ کے آخِر میں تصویر دیکھیں)۔ یرمیاہ 18:‏1–6 میں خُداوند ہمارے لیے کیا پیغام لاتا ہے؟ خُداوند کے ہاتھوں میں مٹّی ہونے سے کیا مُراد ہے؟ (مزید دیکھیے یسعیاہ 64:‏8)۔ ایک اور کہانی جو ہمارا موازنہ کُمہار کی مٹّی سے کرتی ہے، دیکھیے ایلڈر رِچرڈ جے مائینیز کا پیغام ”مسِیح پر مرکُوز زِندگی بسر کرنے کی خُوشی“ (لیحونا، نومبر 2015، 27–30)۔

مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے فرینڈ رسالے کا شُمارہ دیکھیں۔

چرخے پر مٹّی کے برتن بناتے ہُوئے ہاتھ

”دیکھو، جس طرح مٹّی کُمہار کے ہاتھ میں ہے، اُسی طرح اَے اِسرائیل، تُم میرے ہاتھ میں ہو“ (یرمیاہ 18:‏6

پرائمری کی سرگرمی کا صفحہ: مَیں آسمانی باپ کے بچّوں کی اُس کے پاس واپس لوٹنے میں مدد کر سکتا ہُوں