”اکتوبر 5–11۔ ’اُس نے ہماری مُشقتیں اُٹھا لِیں، اور ہمارے غموں کو برداشت کِیا‘: یسعیاہ 50–57،“ آ، میرے پیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: پُرانا عہد نامہ 2026 (2026)
”اکتوبر 5–11۔ ’اُس نے ہماری مُشقتیں اُٹھا لِیں، اور ہمارے غموں کو برداشت کِیا،‘“ آ، میرے پیچھے ہو لے: پُرانا عہد نامہ 2026
مسِیح کا تمسخر، اَز کارل ہینریچ بلوچ
اکتوبر 5–11: ”اُس نے ہماری مُشقتیں اُٹھا لِیں، اور ہمارے غموں کو برداشت کِیا“
یسعیاہ 50–57
اپنی پُوری خِدمت کے دوران، یسعیاہ نے عظیم رہائی بخشنے والے کا ذِکر کِیا۔ یہ نبُوتیں صدیوں بعد بنی اِسرائیل کے لیے بالخصُوص انمول ہوں گی جب وہ بابل میں اسیری میں تھے۔ کوئی جو بابل کی دیواروں کو گِرا سکتا ہو واقعی عظیم فاتح ہو گا۔ مگر یہ اُس ممسُوح کی طرح نہیں ہے جس کو یسعیاہ نے ابواب 52–53 میں بیان کِیا ہے: ”وہ آدمیوں میں حقیر و مردُود؛ مردِ غم ناک، اور رنج سے آشنا تھا: اور ہم اُس سے گویا رُوپوش تھے۔ … پر ہم نے اُسے، خُدا کا مارا کُوٹا، اور ستایا ہُوا، سمجھا (یسعیاہ 53:3–4)۔
ایسے غیر متوقع رہائی بخشنے والے کو بھیج کر، خُدا نے ہمیں سچّی رہائی کی بابت سِکھایا۔ ہمیں ظلم و سِتم اور تکلیف سے بچانے کے واسطے، خُدا نے اُس کو بھیجا جو خُود ”ستایا گیا، اور … ظلم اُٹھاتا رہا۔“ جہاں کُچھ لوگ شیر کی توقع کر رہے تھے، اُس نے برّہ بھیج دِیا (دیکھیے یسعیاہ 53:7)۔ یقیناً، خُدا کی راہیں ہماری راہوں سے بُلند ہیں (دیکھیں یسعیاہ 55:8–9)۔ یِسُوع مسِیح ہمیں فقط قید خانہ کھول کر آزاد نہیں کرتا بلکہ خُود ہماری جگہ وہاں لے لیتا ہے۔ اُس نے ہمیں ہماری مُشقتوں اور غموں کی زنجیروں سے آزاد کر کے اُنھیں خُود اپنے وجُود پر سہا (دیکھیے یسعیاہ 53:4–5، 12)۔ وہ ہمیں دُور سے نہیں بچاتا۔ وہ ہمارے ساتھ، ”اَبَدی شفقت“ کے اعمال کے ساتھ دُکھ اُٹھاتا ہے جو ”تُجھ پر سے جاتی نہ رہے گی“ (یسعیاہ 54:8، 10)۔
گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز
یسعیاہ 50–52
اُمّتِ خُداوندی کے لیے مُستقبل درخشاں ہے۔
اگرچہ بنی اِسرائیل نے کئی سال اَسِیری میں گُزارے—اور یہ اَسِیری اُن کے اپنے ناقص اِنتخابات کا نتیجہ تھی—خُداوند چاہتا تھا کہ وہ اُمید کے ساتھ مُستقبل پر نظر کریں۔ یسعیاہ کے پیغام میں آپ کو کیا چیز اُمید دیتی ہے؟ اِس طرح کا جدول آپ کی مُطالعہ میں مدد کر سکتا ہے:
|
مَیں خُدا کی بابت کیا سیکھتا ہُوں (دیکھیے، مِثال کے طور پر، یسعیاہ 50:2، 5–9؛ 51:3–8، 15–16؛ 52:3، 9–10) | |
|
اُمید کے پیغامات (دیکھیے، مِثال کے طور پر، یسعیاہ 50:9؛ 51:3–5، 11–12، 22–23؛ 52:9–10) | |
|
اُمید کو حقیقت بنانے کے لیے مَیں کیا کر سکتا ہُوں (دیکھیے، مِثال کے طور پر، یسعیاہ 50:10؛ 51:1–2، 6–9؛ 52:1–3، 9–11) |
مزید دیکھیے مُضایاہ 12:20–24؛ 15:13–18؛ 3 نِیفی 20:29–46؛ عقائد اور عہُود 113:7–10؛ رسل ایم نیلسن، ”اِیمان کے ساتھ مُستقبل کو گلے لگائیں،“ لیحونا، نومبر 2020، 73–76۔
محبّت کی بدولت، اَز اینجیلا جانسن
سِیکھنے والوں کی یِسُوع مسِیح کے پاس آنے میں مدد کریں۔ ایک مُعلم کی حیثیت سے آپ جو کُچھ کرتے ہیں وہ سیکھنے والوں کو آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کو جاننے اور اُن کی محبّت کو محسُوس کرنے میں مدد کرنے سے بڑھ کر نہیں نوازے گا (نجات دہندہ کے طریق پر تعلیم دینا، 8)۔ جب آپ یسعیاہ 50–57 کو دُوسروں کو سِکھانے کی تیاری کرتے ہیں، تو غور کریں کہ آپ بنی اِسرائیل کی چنوتیوں، یسعیاہ کی مسِیح کی نبُوتوں، اور اُن کی اپنی جدوجہد میں اِلہٰی مُعاونت پانے کے درمیان تعلقات کو سمجھنے میں کس طرح مدد دے سکتے ہیں۔
یسعیاہ 53
یِسُوع مسِیح نے میرے گُناہ اور دُکھ اپنے تئیں اُٹھا لِیے۔
صحائف میں بُہت کم اَبواب یسعیاہ 53 کی طرح یِسُوع مسِیح کے مُخلصی بخش مقصد کو اِتنی خُوب صُورتی سے بیان کرتے ہیں۔ اِن طاقت ور تعلیمات کو بہتر طور پر سمجھنے اور لاگُو کرنے کے لیے ایسی سرگرمیوں پر غور کریں:
-
غور کریں یا تبادلہِ خیال کریں کہ کہانیاں اور فِلمیں اکثر ایسے ہیروز کو کیسے دِکھاتی ہیں جو لوگوں کو بچاتے ہیں۔ اِن تصویروں کا موازنہ یسعیاہ 53 میں مُنّجی کی صِفات سے کریں۔
-
ہر آیت پڑھنے کے بعد، اِس بات پر غور کرنے کے لیے رُکیں کہ نجات دہندہ نے کیا دُکھ—”مُصیبتیں،“ ”غم،“ اور ”خطائیں“ برداشت کِیں اُس نے—تمام لوگوں کے لیے اور بالخصُوص آپ کے واسطے سہے۔ آپ پڑھتے وقت ”ہم“ اور “ہمارے“ جیسے الفاظ کو ”مَیں“ اور ”میرا“ سے بدل سکتے ہیں۔ یہ آیات آپ میں کیا جذبات یا خیالات پیدا کرتی ہیں؟
-
ویڈیو ”میری بادشاہی اِس دُنیا کی نہیں ہے“ (گاسپل لائبریری) کو دیکھنے پر غور کریں، اور غور و فِکر کریں کہ یسعیاہ 53 کی نبُوتیں کیسے پُوری ہُوئیں۔ مُنّجی آپ کے لیے کون سے دُکھوں اور غموں کو اُٹھاتا ہے؟
5:25My Kingdom Is Not of This World
-
یِسُوع مسِیح کے کفّارہ سے مُتعلق واقعات کی تصاویر تلاش کریں (دیکھیے اِنجِیلی فن پاروں کی کِتاب، نمبر 56–60)۔ پھر آپ یسعیاہ 53 میں ایسے فِقرات تلاش کر سکتے ہیں جو تصاویر کے واقعات کو بیان کرتے ہیں۔ یہ تعلیمات آپ کو کیا کرنے کی ترغیب دیتی ہیں؟
مزید دیکھیے ”دیکھو عظیم مُخلصی دینے والا مُوا،“ گیت، نمبر 191۔
یسعیاہ 54؛ 57:15–19
یِسُوع مسِیح چاہتا ہے کہ مَیں اُس کے پاس واپس لوٹُوں۔
ہم سب کی زِندگی میں ایسے لمحے آتے ہیں جب ہم اپنے گُناہوں یا کم زوریوں کے باعث خُداوند سے دُوری محسُوس کرتے ہیں۔ حتیٰ کہ بعض نے یہ اُمید بھی چھوڑ دی ہے کہ وہ اُنھیں کبھی مُعاف کرے گا۔ یسعیاہ 54 اور 57 ایسے اوقات میں یقین دِہانی اور حوصلہ افزائی کے لیے پڑھنے کے لیے بہترین اَبواب ہیں۔ خاص طور پر یسعیاہ 54:4–10؛ 57:15–19، میں کون سے الفاظ آپ کو یہ سِکھاتے ہیں کہ نجات دہندہ آپ کی بابت کیا محسُوس کرتا ہے؟ اُس کی بابت یہ باتیں جاننا آپ کی زِندگی میں کیا فرق ڈالتا ہے؟
صدر ڈئیٹر ایف اُکڈورف نے سِکھایا:
”یہ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہماری زِندگی کتنی مُکمل طور پر تباہ و برباد نظر آتی ہو۔ یہ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارے گُناہ کتنے قرمزی ہوں، ہماری تلخی کتنی گہری ہو، یا ہمارے دِل کتنے تنہا، ترک شُدہ، اور شِکستہ ہوں۔ حتیٰ کہ جو لوگ بے اُمید ہیں، جو مایُوسی میں غمگین زِندگی گُزار رہے ہیں، جنھوں نے بھروسا توڑا ہے، اپنی دیانت داری کو قُربان کِیا ہے، یا خُدا سے مُنہ موڑا ہے وہ بھی دوبارہ بحال کِیے جا سکتے ہیں۔ …
اِنجِیل کی خُوشی کی بشارت یہ ہے: ہمارے پیارے آسمانی باپ کے خُوشی کے اَبَدی منصُوبے اور یِسُوع مسِیح کی لا محدُود قُربانی کی بدولت، ہم نہ صِرف اپنی زوال پذیری کی حالت سے نجات پا سکتے اور پاکیزگی کو بحال کر سکتے ہیں، بلکہ ہم فانی تصوّر سے ماورا ہو کر ہمیشہ کی زِندگی کے وارث بن سکتے ہیں اور خُدا کے ناقابلِ بیان جلال میں شریک ہو سکتے ہیں (”وہ آپ کو اپنے کندھوں پر اُٹھا کر گھر لے جائے گا،“ لیحونا، مئی 2016، 102)۔
مزید دیکھیں پیٹریک کیرون، ”خُدا کا اِرادہ آپ کو گھر واپس لانا ہے،“ لیحونا، مئی 2024، 87–89۔
یسعیاہ 55–56
خُداوند سب کو دعوت دیتا ہے کہ ”میرے عہد پر قائم رہیں۔“
کئی نسلوں سے، بنی اِسرائیل کو خُدا کی موعُودہ اُمّت کے طور پر شناخت کِیا گیا ہے۔ تاہم، خُدا کا منصُوبہ ہمیشہ صِرف ایک قوم تک محدُود نہیں رہا، کیوں کہ ”ہر شخص جو پیاسا ہے“ اُسے دعوت دی جاتی ہے کہ وہ ”پانی کے پاس … آئے“ (یسعیاہ 55:1)۔ جب آپ یسعیاہ 55 اور 56 کو پڑھتے ہیں، تو اِس بات کو ذہن میں رکھیں، اور غور کریں خُدا کی اُمّت ہونے سے کیا مُراد ہے۔ خُدا کا اُن لوگوں کے لیے کیا پیغام ہے جو اُس سے ”جُدا“ محسُوس کرتے ہیں؟ (یسعیاہ 56:3)۔ اُن آیات پر نِشان لگانے پر غور کریں جو اُن لوگوں کے رویوں اور اعمال کو بیان کرتی ہیں جو ”میرے عہد پر قائم رہتے ہیں“ (دیکھیے یسعیاہ 56:4–7)۔
مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے لیحونا اور برائے مضبُوطیِ نوجوانان رسالوں کے شُمارے دیکھیں۔
بچّوں کو سِکھانے کے لیے تجاویز
یسعیاہ 51–52
خُداوند مُجھے دعوت دیتا ہے کہ ”[میری] توانائی سے مُلبس ہو۔“
-
آپ کے بچّوں کے لیے پُرلُطف ہو سکتا ہے کہ وہ یسعیاہ 51:9، 17؛ 52:1–2، 9 میں ”جاگنا،“ ”اُٹھنا،“ اور ”اپنی شوکت سے مُلبس ہونا“ جیسے فِقرات کو دریافت کریں اور پھر اُن فِقرات پر اداکاری کریں۔ ایسا کرنے کے بعد، آپ اِس بارے میں بات کر سکتے ہیں کہ جاگنے، اُٹھنے، اور توانائی سے مُلبس ہونے کا رُوحانی مفہُوم کیا ہے۔ اِن آیات میں خُداوند ہمیں کیا کرنے کو کہہ رہا ہے؟
-
آپ کے بچّے یسعیاہ 51:1، 4، 7 بھی پڑھ سکتے ہیں اور نِشان دہی کر سکتے ہیں کہ خُداوند کس سے بات کر رہا ہے اور وہ اُن سے کیا کروانا چاہتا ہے۔ خُداوند کی طرف ”کان لگانے“ سے کیا مُراد ہے؟ ہم خُداوند کو کیسے دِکھا سکتے ہیں کہ ہم اُس کی ”طرف کان لگائے“ ہیں؟
یسعیاہ 53:3–9
یِسُوع مسِیح نے میرے گُناہ اور دُکھ اپنے تئیں اُٹھا لِیے۔
-
آپ اور آپ کی اولاد کئی تصاویر دیکھ سکتے ہیں جو یِسُوع مسِیح کی اذیتوں اور موت کو ظاہر کرتی ہیں (دیکھیے مثال کے طور پر، اِنجِیلی فن پاروں کی کِتاب، نمبر 56، 57، 58)۔ پھر آپ اِکٹھے مِل کر یسعیاہ 53:3–6، 9 پڑھ سکتے ہیں اور اِن تصاویر میں جو کُچھ ہو رہا ہے اُس کی وضاحت کرنے والے الفاظ تلاش کر سکتے ہیں۔ اپنے بچّوں کو یہ سمجھنے میں مدد دیں کہ یسعیاہ نے یہ سچّائیاں اِن واقعات کے رُونُما ہونے سے کئی سو سال پہلے بیان کی تھیں۔ لوگوں کے لیے یہ باتیں کئی سال پہلے جاننا کیوں ضرُوری ہوں گی؟ (دیکھیے ایلما 39:15–19)۔
-
یسعیاہ 53:4 میں سے پڑھنے کے بعد، ”تو بھی اُس نے ہماری مُشقتیں اُٹھا لِیں، اور ہمارے غموں کو برداشت کِیا،“ آپ کے بچّے کوئی بھاری چیز اُٹھانے کی کوشِش کر سکتے ہیں (یا کُچھ اُٹھانے کی اداکاری کر سکتے ہیں)۔ اِس بارے میں بات کریں کہ کس طرح ”مُشقتیں“ اور ”غم“ یا اُداسی کو اُٹھانا بھاری اور مُشکل محسُوس ہو سکتا ہے۔ یِسُوع نے ہماری ”مُشقتوں،“ ”غموں،“ اور ”بدکاریوں“ یا گُناہوں کو کیوں اُٹھایا؟ (مزید دیکھیے ایلما 7:11–12)۔
یسعیاہ 55:6
مَیں خُداوند کا طالب ہو سکتا اور اُسے پُکار سکتا ہُوں۔
-
اپنی اولاد کو یسعیاہ 55:6 کے مُتعلق سِکھانے کے لیے، آپ کمرے میں کہیں یِسُوع کی تصویر کو چھپا سکتے ہیں۔ آپ اپنے بچّوں کو تصویر تلاش کرنے کی دعوت دے سکتے ہیں اور ایک طریقہ بتانے کو کہ وہ کیسے ”خُداوند کے … طالب ہوسکتے ہیں جب تک وہ مِل سکتا ہے۔“ جیسا کہ گیت ”جلدی خُداوند کے طالب ہو“ (بچّوں کے گیتوں کی کِتاب، 108) اُنھیں تجاویز دے سکتا ہے۔ پھر آپ بچّوں میں سے کسی ایک کو تصویر چھپانے اور سرگرمی کو دہرانے دیں۔
یسعیاہ 55:8–9
خُداوند کی راہیں میری راہوں سے بُلند ہیں۔
-
یسعیاہ 55:9 پڑھنے کے بعد، آپ کے بچّوں کے لیے لُطف اندوز ہو سکتا ہے کہ وہ سٹول پر کھڑے ہوں اور بات کریں کہ جب آپ ”بُلندی“ پر ہوتے ہیں تو چیزیں کس طرح مُختلف نظر آتی ہیں۔ یا یسعیاہ 55:9 کا اپنے لیے مطلب ایک تصویر میں دِکھا سکتے ہیں۔ پھر آپ خُداوند کے چند طریقوں پر گُفت و شُنید کر سکتے ہیں جو ہمارے طریقوں سے بُلند ہیں۔ مِثال کے طور پر، گُناہ گاروں کے ساتھ برتاؤ کرنے کا اُس کا طریقہ کیا ہے؟ (دیکھیے مرقس 2:15–17)۔ دُوسروں کی راہ نُمائی کرنے کا اُس کا کیا طریقہ ہے؟ (دیکھیے متّی 20:25–28)۔ اپنی اولاد کے ساتھ بیان کریں کہ آپ نے خُداوند کی بُلند راہوں اور خیالات پر توّکل کرنا کیسے سیکھا ہے۔
مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے فرینڈ رسالے کا شُمارہ دیکھیں۔