”جنوری 5–11۔ ’میرا اَمر اور جلال یہ ہے‘: موسیٰ 1؛ ابرہام 3،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: پُرانا عہد نامہ 2026 (2026)
”جنوری 5–11۔ ’میرا اَمر اور جلال یہ ہے‘،“ آ، میرے پیچھے ہو لے: 2026
”جنوری 5–11: ”میرا اَمر اور جلال یہ ہے“
موسیٰ 1؛ ابرہام 3
بائبل کا آغاز اِن الفاظ سے ہوتا ہے ”اِبتدا میں خُدا نے آسمان اور زمین کو تخلیق کِیا“ (پیدایش 1:1)۔ مگر اِس ”آغاز“ سے پہلے وہاں کیا تھا؟ اور خُدا نے یہ سب کیوں تخلیق کِیا؟ نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے، خُداوند نے اِن سوالوں پر روشنی ڈالی ہے۔
مثال کے طور پر، اُس نے ہمیں رویا کا ریکارڈ دیا جِس میں ابرہام نے ہمارے وجود کو ”دُنیا کے وجود میں آنے سے پہلے“ رُوحوں کے طور پر دیکھا تھا (دیکھیں ابرہام 3:22–28)۔ خُداوند نے ہمیں پیدایش کے پہلے چھ ابواب کا الہامی ترجمہ یا ترمیم بھی دی، جو موسیٰ کی کِتاب کہلاتی ہے—جَس کا آغاز ”شُروع“ سے نہیں ہوتا ہے۔ اِس کی بجائے، یہ موسیٰ کے ایک تجربے سے شُروع ہوتا ہے جو تخلیق کی کہانی کے لئے کُچھ سیاق و سباق فراہم کرتا ہے۔ اکٹھے، یہ آخری ایّام کے صحائف پُرانے عہد نامہ کے ہمارے مُطالعہ کے آغاز کرنے کے لیے ایک اچھی جگہ ہیں کیونکہ وہ چند بُنیادی سوالات کو حل کرتے ہیں جو ہمارے مُطالعہ کو تشكیل دیتے ہیں: خُدا کون ہے؟ ہم کون ہیں؟ خُدا کا کام کیا ہے، اور اِس میں ہمارا کیا مُقام ہے؟ پیدائش کے ابتدائی ابواب کو موسیٰ کی درخواست پر خُداوند کے جواب کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے: ”اپنے خادم پر رحم کر، اَے خُدا، اور مُجھے اِس زمِین اور اِس کے باشِندوں کے بارے میں بتا، اور اَفلاک کے بارے میں بھی“ (موسیٰ 1:36)۔
گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز
طفلِ خُدا ہونے کے ناطے، میرا مُقدّر الہٰی ہے۔
”اگر خُداوند براہِ راست آپ سے ہم کلام ہوتا،“ صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا، ”پہلی چیز جو وہ یقینی بنائے گا کہ آپ اپنی حقیقی شناخت کو سمجھیں“ (”اَبَدیت کے لیے انتخابات“ [نوجوان بالغین کے لیے عالم گیر عبادت، مئی 2022]، گاسپل لائبریری)۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ شیطان اِسی نُکتے پر آپ کو اُلجھن میں ڈالنے کی کوشش کرے گا۔ موسیٰ 1:4، 6 میں اور موسیٰ 1:12 میں شیطان کے پیغامات میں اِس نمونے کو تلاش کریں۔ خُدا اور شیطان کے درمیان فرق کے بارے میں آپ اِن آیات سے کیا سیکھتے ہیں؟
صدر نیلسن نے یہ بھی سِکھایا، ”آپ جس طرح سے سوچتے ہیں کہ آپ حقیقت میں کون ہیں یہ تقریباً ہر فیصلے پر اثر انداز ہوتا ہے جو آپ کبھی کریں گے“ (”اَبَدیت کے لیے انتخابات“)۔ اِن انتخابات کی فہرست بنانے پر غور کریں جو آپ کرتے ہیں کیونکہ طفلِ خُدا کی حیثیت سے آپ کی پہچان دُوسری شناختوں سے پہلے آتی ہے۔
موسیٰ 1 میں کون سی اضافی آیات یا جُملے آپ کو اپنی خُدائی قدر کو سمجھنے میں مدد کرتے ہیں؟ آپ صدر نیلسن کے پیغام ”اَبَدیت کے لیے انتخابات“ کے حِصّہ میں مزید پڑھ سکتے ہیں جس کا عنوان ہے ”اَوّل: آپ کون ہیں اِس بارے میں سچّائی جانیں۔“ طفلِ خُدا کی حیثیت سے اپنی شناخت کو اپنی سب سے اہم پہچان بنانے کے لیے آپ کیا کرنے کی ترغیب پاتے ہیں؟
مزید دیکھیں ”مَیں ہُوں طفلِ خُدا،“ گیت (1985)، نمبر 301؛ ”ہماری حقیقی شناخت“ (ویڈیو)، گاسپل لائبریری؛ موضوعات اور سوالات، ”طفلِ خُدا،“ گاسپل لائبریری۔
Our True Identity
خُداوند کی مدد سے، میں شیطان كا مُقابلہ كر سكتا ہُوں۔
جیسا کہ موسیٰ 1 واضح طور پر ظاہر کرتا ہے، قَوّی رُوحانی تجربات کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم پھر کبھی آزمائے نہیں جائیں گے۔ درحقیقت، شیطان کے ہتھکنڈوں میں سے ایک یہ ہے کہ ہمیں اُن تجربات پر شک کرنے کی ترغیب دی جائے۔ جب آپ آیات 12–26 میں شیطان کے لیے موسیٰ کا جواب پڑھتے ہیں، تو آپ کیا سیکھتے ہیں جو آپ کو اِس گواہی سے وفادار رہنے میں مدد کر سکتا ہے جو آپ نے پائی ہے؟ آخر کار شیطان پر غالب آنے میں موسیٰ کی کِس چیز نے مدد کی؟
موسیٰ کے تجربے سے ایک اور سبق یہ ہے کہ شیطان ہمیں خُدا کی سچّائی اور قُدرت کے جعلی پیغامات کا لالچ دیتا ہے۔ کُچھ جعلی چیزوں کے بارے میں سوچیں، جیسے مصنُوعی پودا یا کھیلنے والی گڑیا۔ آپ کیسے بتا سکتے ہیں کہ وہ جعلی ہیں؟ پھر اُن جعلی چیزوں پر غور کریں جو آج شیطان آپ کو لالچ دینے کے لئے استعمال کرتا ہے۔ آپ موسیٰ 1:13–18 میں سے کیا سیکھتے ہیں کہ اُس کے جعلی کاموں کو کیسے پہچانا جائے اور اُس کا انکار کیسے کِیا جائے؟ خُداوند کیسے آپ کی مدد کر سکتا ہے؟ (دیکھیں موسیٰ 1:24–26)۔
مزید دیکھیں متّی 4:1–11؛ گیری ای سٹیون سن، ”مُجھے فریب نہ دے،“ لیحونا، نومبر 2019، 93–96؛ ”مَیں خُدا کا بیٹا ہُوں“ (ویڈیو)، گاسپل لائبریری۔
I Am a Son of God
گھر پر سیکھنے کی منصُوبہ بندی کی جا سکتی ہے لیکن یہ غیر ارادی تحریک کی بدولت بھی ہو سکتی ہے۔ ”خاندان میں تدریسی مواقع اکثر غیر رسمی، روزمرہ کے لمحات میں رُونما ہوتے ہیں—کھانا کھاتے وقت، کام کاج کرتے ہُوئے، کھیل کھیلتے ہُوئے، [یا] سفر کرتے ہُوئے“ (نجات دہندہ کے طریق پر تعلیم دینا، 31)۔ مثال کے طور پر، موسیٰ نے موسیٰ 1 میں شیطان کے خلاف کِس طرح مزاحمت کی اِس کے بارے میں پڑھنے کے علاوہ، آپ رات کے کھانے کے وقت کُچھ لمحات ایک خاندان کی حیثیت سے بات کرتے ہُوئے گُزار سکتے ہیں کہ کس طرح آپ نے مُخالف کے اثر و رسوخ کی مخالفت کی۔
خُدا کا کام اور جلال ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے میں میری مدد کرنا ہے۔
خُدا کی تخلیقات کا نظارہ دیکھنے کے بعد موسیٰ نے خُداوند سے کہا، ”مُجھے بتاؤ … یہ چیزیں ایسی کیوں ہیں“ (موسیٰ 1:30)۔ موسیٰ 1:31–39 میں خُداوند کے جواب کے بارے میں آپ کو کیا بات مُتاثر کرتی ہے؟ لافانیت اور اَبَدی زندگی میں کیا فرق ہے؟ (دیکھیں موضوعات اور سوالات، ”اَبَدی زندگی،“ گاسپل لائبریری)۔ یِسُوع مسِیح کِس طرح دونوں کو وقوع پذیر كرنے میں مدد کرتا ہے؟ ابرہام کو بھی رویا حاصل ہُوئی، جو ابرہام 3 میں درج ہے۔ آپ آیات 24–26 کو کیا دیکھتے ہیں جو موسیٰ کی درخواست کا جواب دینے میں مدد کر سکتی ہیں؟
مَیں زمین پر پیدا ہونے سے پہلے رُوح کے طور پر رہتا تھا۔
ہم اپنی قبل از فانی زندگی کے بارے میں بُہت کم جانتے ہیں۔ لیکن ہم زیادہ تر جو جانتے ہیں وہ علم ابرہام 3:22–28 کی رویا سے حاصل ہوتا ہے۔ جب آپ اِن آیات کو پڑھتے ہیں تو، آپ کو ملنے والی سچّائیوں کی ایک فہرست بنائیں–بشمُول آپ اور یِسُوع مسِیح کے بارے میں سچّائیاں۔ یہ سچّائیاں آپ کے لیے کیوں قابلِ قدر ہیں؟ اِس سے آپ کی زِندگی میں کیا فرق پڑ سکتا ہے؟
مزید دیکھیں موضُوعات اور سوالات، ”قبل از فانی زندگی،“ گاسپل لائبریری۔
مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے لیحونا اور برائے مضبوطیِ نوجوانان رسالوں کے شُمارے دیکھیں۔
بچّوں کو سِکھانے کے لیے تجاویز
مَیں ہُوں طفلِ خُدا۔
-
موسیٰ 1:4 میں موسیٰ کے لئے خُدا کا پیغام پڑھنے کے بعد، اپنے بچّوں کو آئینے میں اُن کی عکاسی دیکھنے اور خود کو اِسی طرح کا پیغام دینے پر غور کریں: ”مَیں ہُوں طفلِ خدا۔“ پھر وہ ایک دُوسرے کو یہی پیغام دے سکتے ہیں: ”آپ ہیں طفلِ خُدا۔“ آپ مُختلف قسم کے لوگوں کی تصاویر بھی ڈھونڈ سکتے ہیں اور اپنے بچّوں کو ہر ایک کی طرف اشارہ کرنے اور یہ کہنے کی دعوت دے سکتے ہیں کہ، ”یہ ہے طفلِ خُدا۔“ ایک دُوسرے کے ساتھ اِشتراک کریں کہ كیوں آپ یہ جان کر خُوش ہیں کہ آپ خُدا کے بچّے ہیں۔ یہ عِلم آپ کے اپنے آپ کو اور دُوسروں کے ساتھ سلوک کرنے کے انداز کو کس طرح تبدیل کرتا ہے؟
-
آپ اور آپ كے بچّے موسیٰ 1:4 میں خُدا کے پیغام کا موازنہ آیت 12 میں شیطان کے پیغام سے کر سکتے ہیں۔ آپ اپنے بچّوں کو خُدا کے پیغامات اور شیطان کے پیغامات کے درمیان فرق کرنے میں کس طرح مدد کر سکتے ہیں؟
موسیٰ یہوواہ کو دیکھتا ہے، از جوزف برکی (تفصیل)
آسمانی باپ کے پاس میرے لئے ایک کام ہے۔
-
جب آپ موسیٰ 1:6 کو اپنے بچّوں کے ساتھ پڑھتے ہیں، تو آپ اُن سے موسیٰ کے لیے خُدا کے ”کام“ کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ اِنجِیلی فنون كی كہانیاں، نمبر 13–16، یا پُرانے عہد نامہ كی كہانیاں، صفحات 64–68 كا استعمال كرنے پر غور كریں، تاكہ آپ کے بچّوں کو یہ دیکھنے میں مدد مل سکے کہ موسیٰ نے آسمانی باپ کی مدد سے کیا حاصل کِیا۔ خُدا کے پاس ہمارے کرنے کے لیے کیا کام ہے؟ (دیکھیں، مثال کے طور پر عقائد اور عہُود 11:20)۔
مَیں شیطان کی آزمائشوں کی مزاحمت کر سکتا ہُوں۔
-
جب آپ موسیٰ 1:12–26 کو اپنے بچّوں کے ساتھ پڑھتے ہیں، تو اُن کی یہ دریافت کرنے میں مدد کریں کہ موسیٰ نے شیطان کی مزاحمت کے لیے کیا کِیا (دیکھیں آیات 13، 15، 18، 20–22، 26)۔ اُن کے لئے اِن چیزوں پر عمل کرنے میں مزہ آ سکتا ہے جو وہ آزمائش کا مُقابلہ کرنے کے لئے کر سکتے ہیں (جیسے دُعا کرنا، چلنا، یا مدد مانگنا)۔
مَیں زمین پر پیدا ہونے سے پہلے رُوح کے طور پر رہتا تھا۔
-
اپنی قبل فانی زندگی کے بارے میں جاننا ہمارے بچّوں کو اَبَدی سچّائیوں پر مبنی انتخابات کرنے کی ترغیب دے سکتا ہے۔ اُنھیں اِس کے متعلق سیکھنے میں مدد دینے کے لیے، آپ اُنھیں ابرہام 3:22–28 میں ڈھونڈنے کے لیے چند کلیدی الفاظ اور فقرے دے سکتے ہیں، جیسے کہ ”دُنیا سے پیشتر،“ ”رُوحیں،“ ”زمین بنائیں گے،“ اور ”ثابت کریں گے۔“ یہ آیات ہمیں کیا سِکھاتی ہیں کہ آسمانی باپ نے ہمیں زمین پر کیوں بھیجا؟
-
ایک گیت جیسا کہ ”مَیں خُدا کے منصُوبے پر چلوں گا“ (بچّوں کے گیتوں کی کِتاب، 164–65) ابرہام 3 کی تعلیمات کو تقویت دے سکتا ہے۔ شاید آپ اپنے بچّوں کو اِن تصاویر کو بنانے کی دعوت دے سکتے ہیں جو الفاظ كا ساتھ دیتی ہیں۔
-
اپنے بچّوں کی اُن حالات کے بارے میں سوچنے میں مدد کریں جِن میں اُنھیں یہ انتخاب کرنا ہے کہ وہ وہی کریں یا نہیں جو خُدا نے اُن سے کہا ہے (دیکھیں ابرہام 3:25 مزید دیکھیں برائے مضبُوطی نوجوانان: انتخابات کرنے کے لیے ہدایت نامہ)۔ اُنھیں اِن حالات کے مُمکنہ جوابات پر عمل کرنے دیں۔ جب ہم کوئی غلط انتخاب کرتے ہیں تو نجات دہندہ ہماری مدد کیسے کر سکتا ہے؟
مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے فرینڈ رسالے کا شُمارہ دیکھیں۔