”دسمبر 14–20۔ ’خُداوند فرماتا ہے، مَیں نے تُم سے محبّت رکھّی‘: ملاکی،“ آ، میرے پیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: پُرانا عہد نامہ 2026 (2026)
”دسمبر 14–20۔ ’خُداوند فرماتا ہے، مَیں نے تُم سے محبّت رکھّی‘“ آ، میرے پیچھے ہو لے: پُرانا عہد نامہ 2026
دسمبر 14–20: ”خُداوند فرماتا ہے، مَیں نے تُم سے محبّت رکھّی“
ملاکی
”مَیں نے تُم سے محبّت رکھّی،“ خُداوند نے اپنے لوگوں کو ملاکی نبی کے وسِیلہ سے بتایا۔ لیکن بنی اِسرائیل، جِنھوں نے نسل در نسل مُصِیبت اور اسِیری کا سامنا کِیا تھا، کہتے تھے، ”تُو نے کِس بات میں ہم سے محبّت ظاہِر کی؟“ (ملاکی 1:2)۔ جو کُچھ اِسرائیل پر گُزرا اُس کے بعد، اُنھوں نے سوچا ہو گا کہ کیا اُن کی تاریخ واقعی اُس کی موعودہ اُمّت کے لیے خُدا کی محبّت کی کہانی ہے۔ بعض حوالوں سے، اِس کو اِنسانی کم زوری اور بغاوت کی کہانی کی حیثیت سے دیکھنا آسان ہے۔ پھر بھی اِن ساری باتوں کے باوجود، خُدا محبّت کے ساتھ اُن تک پہنچنے سے کبھی باز نہ آیا۔ جب یعقُوب کے بیٹوں نے اپنے بھائی جوزف کے ساتھ بدسلوکی کی، تو خُداوند نے پھر بھی اُنھیں قحط سے بچایا (دیکھیے پَیدایش 45:4–8)۔ جب اِسرائیل بیابان میں بُڑبُڑانے لگی، تو اُس نے اُن پر من برسایا (دیکھیے خرُوج 16:1–4)۔ حتیٰ کہ جب اِسرائیل دُوسرے معبودوں کی طرف مائل ہُوا اور پراگندہ ہو گیا، تو خُدا نے وعدہ کِیا کہ اگر وہ تَوبہ کریں گے، تو وہ اُنھیں ”رحمت کی فراوانی کے ساتھ“ جمع کرے گا اور مُخلصی دے گا (دیکھیے یسعیاہ 54:7)۔ در حقیقت، پُرانا عہد نامہ خُدا کے صبر، پائیدار محبّت کی کہانی ہے۔ اور یہ کہانی آج بھی جاری و ساری ہے۔ یِسُوع مسِیح، ”صداقت کا آفتاب“ جیسا کہ ملاکی نے اُس کو یہ نام دِیا، ”اپنی کِرنوں میں شِفا لِیے“ آ پُہنچا ہے (ملاکی 4:2)۔ وہ قدیم اِسرائیل اور ہم سب کے لیے خُدا کی محبّت کا سب سے بڑا ثبُوت ہے۔
ملاکی کے صحیفہ کی بابت مزید معلُومات کے لیے لغت بائبل میں ”ملاکی“ دیکھیں۔
گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز
ملاکی 1–4
”تُم میری طرف رجُوع ہو تو مَیں تُمہاری طرف رجُوع ہُوں گا۔“
ملاکی کے زمانہ میں، اِسرائیل پہلے ہی یروشلیم میں ہیکل تعمیر کر چکے تھے، لیکن قوم کی حیثیت سے اُنھیں اب بھی خُداوند کے ساتھ اپنے تعلُقات کو دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرُورت تھی۔ جب آپ ملاکی کا مُطالعہ کرتے ہیں، تو اِن سوالوں کو تلاش کریں جو خُداوند نے اِسرائیلوں سے پُوچھے یا اُنھوں نے اُس سے پُوچھے۔ آپ خُداوند کے ساتھ اپنے تعلق کا اندازہ کرنے اور اُس کے قریب آنے میں مدد دینے کے لیے اِسی طرح کے سوالات پوچھنے پر غور کریں (ذیل میں کچھ مثالیں تجویز کی گئی ہیں)
-
مَیں نے اپنے لیے خُداوند کی محبّت کو کیسے محسُوس کِیا ہے؟ (دیکھیں ملاکی 1:2)۔
-
کیا خُداوند کے لیے میرے ہدیے واقعی اُس کا احترام کرتے ہیں؟ (دیکھیں ملاکی 1:6–11)
-
کن طریقوں سے مُجھے خُداوند کی طرف ”رُجُوع“ لانے کی ضرُورت ہے؟ (دیکھیں ملاکی 3:7)۔
-
کیا مَیں کسی طرح سے خُدا کو لُوٹ رہا ہُوں؟ (دیکھیں ملاکی 3:8–11)۔
-
مُشکل اوقات میں میرا رویہ خُداوند کے لِیے میرے احساسات کی عکاسی کیسے کرتا ہے؟ (دیکھیں ملاکی 3:13–15؛ مزید دیکھیں 2:17)۔
ملاکی 1:6–14
خُداوند ”پاک ہدیے“ کا تقاضا کرتا ہے۔
جب آپ ملاکی 1 میں بیان کردہ ہدیہ جات کے بارے میں پڑھتے ہیں، تو کاہنوں کی قُربانیوں کے بارے میں آپ کیا محسُوس کرتے ہیں؟ یہ قُربانیاں خُداوند کے لیے کاہنوں کے احساسات کے بارے میں کیا تجویز کرتی ہیں؟ (دیکھیں ملاکی 1:13)۔ ہدیہ جات، یا قُربانیوں کی فہرست بنانے پر غَور کریں، جو آپ خُداوند کی نذر کرتے ہیں۔ فہرست کی ہر شے کے لیے، غور کریں کہ کون سی چیز اِس کو ”ناپاک“ نذر یا ”پاک“ ہدیہ بنا سکتی ہے (ملاکی 1:7، 11)۔
ملاکی 3:8–12
جب مَیں دہ یکی دے کر اپنے اِیمان کو ظاہر کرتا ہُوں تو خُداوند آسمان کے دریچوں کو کھولتا ہے۔
تصُّور کریں کہ آپ کا کوئی دوست ہے جس نے ابھی ابھی معلُوم کِیا ہے کہ آپ دہ یکی ادا کرتے ہیں۔ ”آپ اَیسا کیوں کرتے ہیں؟“ آپ کا دوست پُوچھتا ہے۔ اِس کی بابت سوچیں جب آپ ملاکی 3:8–12 کو پڑھتے ہیں۔ آپ کو اِس سے کیا مِلتا ہے جو آپ کے دوست کے سوال کا جواب دینے میں مدد کر سکتا ہے؟ آپ اور کیا چاہتے ہیں کہ آپ کا دوست دہ یکی کے بارے میں سمجھے؟ مزید مدد کے لیے، آپ ایلڈر نیل ایل اینڈرسن کے پیغام ”دہ یکی: آسمان کے درِیچوں کو کھولتی ہے“ (لیحونا، نومبر 2023، 32–35)، اِس طرح کے سوالات کے جوابات تلاش کریں:
-
خُداوند ہم سے دہ یکی کا تقاضا کیوں کرتا ہے؟
-
کسی کو دہ یکی ادا کرنے سے کیا چیز دُور رکھ سکتی ہے، اور ہم اِن رکاوٹوں پر کیسے غالب آ سکتے ہیں؟
-
دہ یکی ادا کرنا آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح پر ہمارے اِیمان کو کیسے مضبُوط کرتا ہے؟
آپ اپنے دوست کو یہ بھی بتا سکتے ہیں کہ جب آپ دہ یکی ادا کرتے ہیں تو خُداوند نے آپ کو کیسے برکت دی ہے۔ آپ بعُنوان ”سبق نمبر 1—اہم اَلبتہ لطیف رحمتیں“ کے سیکشن میں ایلڈر ڈیوڈ اے بیڈنار کے پیغام میں ”آسمان کے دریچے“ (لیحونا، نومبر 2013، 17–18) سے تجاویز تلاش کرسکتے ہیں۔ دہ یکی ادا کرنے سے ہم کس قسم کے لوگ بنتے ہیں؟
آپ کے خیال میں (آیت 10) کے فقرہ ”تُم پر آسمان کے درِیچے کھولنے“ کا کیا مطلب ہو سکتا ہے؟ ہو سکتا ہے کہ آپ درِیچہ سے باہر دیکھ سکیں اور درِیچوں کے مقاصد کے بارے میں سوچیں۔ جب ہم دہ یکی ادا کرتے ہیں تو خُداوند ہمیں کیسے برکت دیتا ہے اِس بات کو واضح کرنے کے لِیے ”آسمان کے دریچے“ موّثر طریقہ کیوں ہے؟
کرٹ لینڈ ہَیکل میں رویا، اَز گیری سمتھ
ملاکی 4:5–6
”مَیں ایلیّاہ نبی کو تُمھارے پاس بھیجُوں گا۔“
جب مرونی نے جوزف سمتھ کو ملاکی 4:5–6 کا حوالہ دِیا، تو وہ بائِبل میں ”مرقُوم بیان سے قدرے مُختلِف تھا“ (دیکھیے جوزف سمتھ—تاریخ 1:36–39)۔ مرونی کی تصریف اِس پیشین گوئی کے بارے میں آپ کی سمجھ میں کیا اِضافہ کرتی ہے؟ خاص طور پر، اِس طرح کے سوالات پر غَور کریں:
-
”باپ دادا“ کون ہیں؟ (دیکھیں اِستِثنا 29:13)۔ اُن سے کون کون سے وعدے کیے گئے ہیں؟ (دیکھیں ابرہام 2:9–11)۔ آپ اِن وعدوں کو پُورا کرنے میں کیسے مدد کرتے ہیں؟
-
آپ کو کون سے تجربات ہُوئے ہیں جِنھوں نے آپ کے دِل کو اپنے اَباواجداد کی طرف مائل کیا؟ آسمانی باپ کے منصُوبہ کے لِیے یہ اِس قدر اہم کیوں ہے؟
ایلیّاہ کی آمد اور یہ نبُّوت آج کیسے پُوری ہو رہی ہے اِس کے بارے میں مزید جاننے کے لیے، دیکھیں عقائد اور عہُود 110:13–16 اور ڈی ٹاڈ کرسٹوفرسن، ”مُہر بندی کی قُدرت،“ (لیحونا، نومبر 2023، 19–22)۔ آپ ایلیّاہ کی آمد کے لیے کیوں شُکر گُزار ہیں؟
مزید دیکھیں گیرٹ ڈبلیو گانگ، ”ہم سب کی کہانی ہے،“ لیحونا، مئی 2022، 43–46؛ ”اپنے دِل مائل کریں،“ گِیت، نمبر 291؛ ”مُہر بندی کی قُدرت“ (ویڈیو)، ChurchofJesusChrist.org۔
The Sealing Power
مزید براَں، اِس ماہ کے لیحونا اور برائے مضبوطیِ نوجوانان رسالوں کے شُمارے دیکھیں۔
بچّوں کو سِکھانے کے لیے تجاویز
ملاکی 1:2
خُداوند مُجھے پیار کرتا ہے۔
-
آپ اور آپ کے بچّے ملاکی 1:2 میں اِس سوال کا کیا جواب دیں گے—”[خُداوند] نے کِس بات میں ہم سے محبّت ظاہِر کی؟“ ایک دُوسرے کے ساتھ اُن وجوہات پر گُفت گُو کریں جو آپ جانتے ہیں کہ وہ آپ سے پیار کرتا ہے۔ شاید آپ کے بچّے ایسی تصاویر بنا سکتے ہیں جو اِنھیں اُس کی محبّت کی یاد دِلائیں۔
بچوّں کو اِنجِیلی گُفت گُو میں مشغُول رکھیں۔ اگر آپ چھوٹے بچّوں کو پڑھا رہے ہیں، تو آپ کو اِنجِیلی مباحثوں میں اُن کو شامل کرنے کے لِیے تخلیقی طریقوں پر غَور کرنے کی ضرُورت پڑ سکتی ہے۔ مثال کے طور پر، آپ کے بچّے ایک دُوسرے کی طرف گیند پھینک سکتے ہیں؛ جب وہ گیند کو تھامے ہُوئے ہوتے ہیں، تو وہ کوئی ایک وجہ بیان کر سکتے ہیں جس سے وہ جانتے ہیں کہ یِسُوع اُن سے پیار کرتا ہے۔
ملاکی 3:8–12
جب مَیں دہ یکی ادا کرُوں گا تو خُداوند مُجھے برکت دے گا۔
-
آپ اپنے بچّوں کی دہ یکی کے بارے میں کیسے سِکھائیں گے؟ آپ اُن سے 10 چھوٹی چِیزوں کو گِننے کے لِیے کہہ سکتے ہیں، جیسے کہ اِس ہفتے کے عملی سرگرمی کے صفحے پر سکے۔ پھر وہ ایک چیز کو باقیوں سے الگ کر سکتے ہیں—یہ وہ ہے جو ہم خُداوند کو دہ یکی کے طور پر دیتے ہیں۔ بمُطابق ملاکی 3:8–12، خُداوند کیوں چاہتا ہے کہ ہم دہ یکی ادا کریں؟ (مزید دیکھیے ”ملاکی نبی“ پُرانے عہد نامہ کی کہانیوں میں، 171–72؛ ”پہلی چِیزیں پہلے!“ [ویڈیو]، گاسپل لائبریری)۔
0:58Malachi the Prophet
1:18First Things First!
-
جب آپ ملاکی 3:10 اکٹھے مل کر پڑھتے ہیں، تو آپ اپنے بچوں کو ایک کھڑکی کے پاس کھڑے ہونے کی دعوت دے سکتے ہیں جب آپ فقرہ ”آسمان کے دریچے“ پڑھتے ہیں۔ یا آپ پیالے میں پانی اُس وقت تک اُنڈیلتے رہیں جب تک کہ پانی اُس کے اُوپر سے بہنا شُروع نہ ہو جائے اِس فقرہ کے وضاحت کے لِیے کہ ”تُمھارے پاس اُس کے لِیے جگہ نہ رہے۔“ بچّوں کو اِن برکات کے بارے میں بتائیں جو خُدا نے آپ کو دہ یکی ادا کرنے کے عِوض عطا کی ہیں۔ آپ کے بچّے اِن برکات کی نمایند گی کرتے ہُوئے تصاویر بنا سکتے ہیں اور اُنھیں اپنے گھر کی کھڑکی پر یا اِس کے قریب لٹکا سکتے ہیں۔
ملاکی 4:5–6
ایلیّاہ ہمارے دِلوں کو اپنے خاندانوں کی طرف مائل کرنے کے لیے آیا۔
-
بُمطابق ملاکی 4:5–6، آپ کے بچّے ملاکی کی نبوت کے بارے میں درج ذیل سوالات کے جوابات تلاش کرسکتے ہیں: خُداوند نے کِس کو بھیجنے کا وعدہ کِیا تھا؟ اُس نے کب کہا کہ یہ شخص آئے گا؟ خُداوند نے کیا کہا کہ یہ شخص اَنجام دے گا؟ اِس شخص کو آنے کی ضرُورت کیوں ہوگی؟ یہ نبُّوت کہاں پُوری ہُوئی تھی؟ (دیکھیں عقائد اور عہُود 110:13–16)۔
-
یہ جاننے کے لیے کہ ملاکی 4:5 میں وعدہ کیسے پُورا ہُوا، آپ عقائد اور عہُود کی کہانیوں 26–30 میں، ”جوزف اور اولیور کہانت کی کُنجیاں پاتے ہیں“ کا بھی جائزہ لے سکتے ہیں۔ کوئی اِس طرح کا گِیت ”The Hearts of the Children“ (بچّوں کے گِیتوں کی کِتاب، 92) آپ کے بچّوں کو یہ جاننے میں مدد کر سکتا ہے کہ ایلیاہ کا آنا کیوں اتنا اہم تھا۔ آپ FamilySearch.org/discovery، یا FamilySearch Tree app، یا My Family booklet پر ایسی سرگرمیوں کے لیے بھی جا سکتے ہیں جو آپ کو اور آپ کے بچّوں کو آپ کے آباواجداد کی طرف مائل ہونے میں مدد کر سکتی ہیں۔
مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے فرینڈ رسالہ کا شُمارہ دیکھیں۔