لیحونا
میرے عہُود مُشکل اوقات میں مُجھے سہارا دیتے ہیں
فروری 2026 لیحونا


ایشیا علاقہ کا قیادتی پیغام

میرے عہُود مُشکل اوقات میں مُجھے سہارا دیتے ہیں

بپتسما کے بعد ہم اِستحکام اور رُوحُ القُدس کی نعمت پاتے ہیں۔ رُوحُ القُدس تسلی بخشتا اور زِنَدگی کی چُنَوتیوں میں ہمیں ہدایت دیتا ہے۔ رُوحُ القُدس کے ساتھ اپنے ابلاغ کی شُروعات کرنے کے لیے، صحائف کا مُطالعہ اور غور وخوض کرنے کے لیے پُر سکون وقت نکالتے، اور مدھم اور دھیمی آواز کو سُنتے ہوئے، ہمیں خُود کو لازماً پاک رکھنا اور خُدا کے احکام کی تابع داری کرنی چاہیے۔

اپنے پہلے بچّے کی پیدایش کے بعد پہلے چند ماہ کے دوران، مَیں رات کو ہمارے بچّے کی دیکھ ریکھ میں اپنی بیوی کی مدد کرنے سے نڈھال ہو چُکا تھا۔ مَیں نے کچھ دنوں سے اپنے مطالعہِ صحائف میں ناغہ کرنا شروع کر دیا۔ مَیں نے محسُوس کیا کہ میری زِنَدگی بے ترتیب تھی اور مَیں جانتا تھا کہ مُجھے بدلاؤ لانے کی ضرورت تھی۔ مَیں نے مورمن کی کِتاب کے ہمراہ اِنسٹیٹیوٹ کی کتاب کا مُطالعہ کرنے کے لیے ہر صُبح ایک گھنٹہ جلدی جاگنے کا فیصلہ کیا۔ مَیں نے اپنے بوجھ برداشت کرنے کے لیے زیادہ رُوحانی مضبُوطی پائی۔ مَیں نے رُوحُ القُدس کی رفاقت سے مزید خُوشی اور اِطمینان پایا۔

پچھلے برس، میری بیوی کو المناک خبر مِلی۔ اُس کی والدہ اور والد دونوں میں سرطان کی تشخیص ہوئی تھی۔ چند ماہ بعد، میرے اپنے والد کی بھی سرجری ہوئی اور میری بیوی میں چھاتی کی گلٹیوں کی تشخیص ہوئی جو کہ سرطانی ہو سکتی تھیں۔ شُکر ہے، سرجری کے بعد نتائج سے معلوم ہوا سرطان نہیں ہے۔ تب، ہماری بیٹی کو اپنڈیسائٹس ہو گیا۔ یہ سب کچھ چھ ماہ کے اندر اندر رُونما ہوا، اور اُن میں سے کسی کی بھی پہلے سرجری نہیں ہوئی تھی۔ قریباً اُسی وقت، مُجھے نئی کلِیسیائی ذمہ داری ملی جس کے لیے کافی زیادہ سفر کرنا اور وقت درکار تھا، اور میری نئی نوکری نے مُجھے راتوں کو دیر تک کام کرنے میں مصروف رکھا۔

اِن مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے، مَیں جانتا تھا کہ صرف مُنجّی ہی میری مدد کر سکتا ہے۔ مَیں نے مُطالعہِ صحائف میں مزید وقت صرف کرنے، اپنی آمد و رفت کے دوران میں مجلسِ عامہ کے خطابات کو سُننے، اور ہَیکَل میں پرستش کرنے سے اُس کے قریب ہونے کی کوشش کی۔ مَیں نے پریشانی میں مُبتلا ہونے کا نہیں، بلکہ سوچ آسمانی رکھنے اور ہَیکَل میں باندھے ہوئے اپنے عہُود پر تکیہ کرنے کا انتخاب کیا۔ مُجھے اِس سے تسلی ملی۔ نجات دہندہ نے وعدہ فرمایا ہے، ”مَیں تُمہیں اِطمینان دِیئے جاتا ہوں، اپنا اِطمینان تُمہیں دیتا ہوں: جِس طرح دُنیا دیتی ہے مَیں تُمہیں اُس طرح نہیں دیتا۔ تُمھارا دِل نہ گھبرائے، اور نہ ڈرے“ (یوحنا 14:‏27)۔

یہ تجربات مُجھے نجات دہندہ کے اور نزدیک لائے ہیں۔ مَیں نے مُقدس رسُوم کے ذریعے جو عہُود باندھے ہیں اُنھوں نے آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ میرے تعلق کو مضبُوط کیا ہے۔ مَیں واقعی ایمان رکھتا ہُوں کہ ”…رسُوم میں، قدرتِ الہٰی کا ظہور ہے“ (عقائد اور عہُود 84:‏20)۔ جب ہم ہَیکَل میں عہُود باندھتے ہیں، ہم خُود اپنے لیے اور اپنے خاندانوں کے لیے آسمان کی قوت سے پا سکتے ہیں۔ ہم ہیلیمن کی تعلیمات پر تُوکل کر سکتے ہیں: ”…لازِم ہے کہ تُمھاری نِیّو کی بُنیاد مُخلصی بخشنے والے کی چٹان پر رکھی جائے؛ یعنی اِبنِ خُدا، جو مسِیح ہے؛ تاکہ جب اِبلِیس وحشت ناک طُوفانی ہَوائیں بھیجے، ہاں، بگُولوں میں اپنے نیزے، ہاں، جب اُس کے سب اولے برسیں گے اور خَوف ناک طُوفان تُم سے ٹکرائیں گے، تو تُم پر بدحالی کی خلِیج اور دائمی پژمُردگی غالِب نہ آئے گے، چُوں کہ تُمھاری نِیّو کی بُنیاد اُس چٹان پر رکھی گئی ہے، جو مُحَکم بُنیاد ہے، جِس پر اگر اِنسان نِیّو رکھیں تو وہ گِر نہیں سکتے“ (ہیلیمن 5:‏12)۔

جب ہم عہُود باندھنے اور ماننے سے مُنجّی پر اپنی نیَو کی تعمیر کرتے ہیں، تو ہم ذہنی سکون پا سکتے ہیں جب مُشکلات آتی ہیں اور مُستقبل کی چُنَوتیوں کے لیے تیار ہوتے ہیں۔ جب ہم بپتسما کے بعد اضافی عہُود باندھتے ہیں—بشمول کہانتی تقرری، ودیعت، اور مہر بندی—ہم خُدا کے ساتھ قریبی تعلقات کی برکت پاتے ہیں۔ ہم اُن برکات کے حقدار ہوتے ہیں جو ہر رسم ہماری زِنَدگیوں میں لاتی ہے۔ ہمارا ایمان مضبُوط سے مضبُوط تر ہوتا جائے گا جب تک ہم خُدا کی حضُوری میں کامل اعتماد نہیں پا لیتے ہیں۔ جب ہم ہر خِیال میں اُس کی طرف دیکھتے ہیں، ہم ”شک نہ کریں، خوف نہ کھائیں“ گے (عقائد اور عہُود 6:‏36)۔

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے اور وہ جیتا ہے۔ وہ ہماری ضروریات کو جانتا ہے اور اُس نے وعدہ فرمایا ہے کہ وہ جو عہُود باندھتے اور اُن کو مانتے ہیں وہ سب دُنیا کی بے ثباتی اور خُوف سے تحفظ پائیں گے۔ ہم سدا اُس کا اطمینان پا سکتے ہیں اور اعتماد کے ساتھ تمام چُنَوتیوں سے گزر سکتے ہیں۔