2025
خُدا کون نہیں ہے
اگست 2025


ماہانہ برائے مضبُوطیِ نوجوانان پیغام، اگست 2025

خُدا کون نہیں ہے

ہمارے آسمانی باپ کے بارے میں 5 سچّائیاں

جب ہم سمجھتے ہیں کہ وہ کون نہیں ہے تو ہم اِس بارے میں بُہت کُچھ سیکھ سکتے ہیں کہ خُدا کون ہے۔

پینٹ اور پینٹ برش

خاکہ کشی اَز کامیلا گرے

بحالی کی سب سے بڑی برکات میں سے ایک یہ ہے کہ خُدا نے ایک بار پھر اپنے آپ کو اور اپنے کِردار کو پیارے آسمانی باپ کے طور پر ظاہر کِیا ہے۔ لیکن بعض اوقات ہمارے خُدا کے بارے میں اَیسے خیالات یا نظریات ہوتے ہیں جو محض سچ نہیں ہوتے ہیں۔ جب اَیسا ہوتا ہے، تو ہم اِس بارے میں بُہت کُچھ سیکھ سکتے ہیں کہ خُدا کون ہے یہ سمجھ کر کہ وہ کون نہیں ہے۔

خُدا کوئی نامانُوس شخص نہیں ہے جو بُہت دُور، دراز کسی تخت پر بیٹھا ہو۔

وہ ہمارا باپ ہے، حتیٰ کہ بہترین زمینی باپ سے کہیں زیادہ شاندار جو آپ تصور کر سکتے ہیں۔ اگرچہ ہم اُس کے ساتھ اپنی قبل اَز فانی زِندگی کو یاد نہیں رکھ سکتے، مگر وہ ہمیں اِنفرادی اور کامِل طور پر جانتا ہے۔ اُس کے پاس گوشت اور ہڈیوں کا کامِل بدن ہے، اور ہم اُس کی شبِیہ پر خلق کِیے گئے ہیں۔

اگر آپ کو یہ تصور کرنے میں مُشکل پیش آتی ہے کہ خُدا کیسا ہے، تو اُس کی ایک کامِل مِثال موجُود ہے: اُس کا بیٹا، یِسُوع مسِیح۔ یِسُوع نے فرمایا، ”راہ، اور حق، اور زِندگی مَیں ہُوں: کوئی میرے وسِیلہ کے بغیر، باپ کے پاس نہیں آتا۔ اگر تُم نے مُجھے جانا ہوتا، تو تُم میرے باپ کو بھی جانتے“ (یُوحنّا 14:‏6–7)۔ دُوسرے الفاظ میں، اگر ہم جاننا چاہتے ہیں کہ آسمانی باپ کیسا ہے، تو ہم یِسُوع مسِیح کو جان کر یہ سیکھ سکتے ہیں کہ وہ کیسا ہے! وہ مقصد میں کامِل طور پر مُتحد ہیں۔

خُدا اَیسا نہیں جو آپ کے لیے اِتنا مصرُوف ہو۔

دَرحقیقت، اَبَدی زِندگی حاصِل کرنے میں آپ کی مدد کرنا ہی اُس کا اَمر اور اُس کا جلال ہے۔ آپ ہی اُس کی اوّلین ترجیح ہیں! وہ ہمارے برعکس وقت کی بندش سے آزاد ہے۔ کسی بھی وقت دُعا میں اُس تک رسائی حاصِل کریں۔ پھر اُن بے شُمار طریقوں کو سُنیں جن سے وہ جواب دیتا ہے۔

خُدا اَیسا نہیں جو آپ کو اپنی پیروی کرنے پر مجبُور کرے۔

بارہ رَسُولوں کی جماعت سے ڈیل جی رینلنڈ نے ایک بار سِکھایا، ”ہمارے آسمانی باپ کا مقصد یہ نہیں کہ اُس کے بچّے وہ کریں جو دُرست ہے؛ بلکہ اُس کا مقصد یہ ہے کہ اُس کے بچّے اُس کا اِنتخاب کریں جو دُرست ہے بالاخِر اُس کی مانِند بنیں۔“ وہ آپ کو دعوت دے گا، آپ سے مشورت کرے گا، اور آپ کو سچّائی سِکھائے گا، لیکن وہ آپ کو اپنی پیروی کرنے پر مجبُور کر کے آپ کی مُختاری کو ختم نہیں کرے گا۔

خُدا اَیسا نہیں جو آپ کو غلط کرتے ہُوئے پکڑنے کی کوشِش کر رہا ہو تاکہ وہ آپ کو سزا دے سکے۔

اِس کی بجائے، جیسے بارہ رَسُولوں کی جماعت سے ایلڈر پیٹرک کیرون نے کہا ہے، ”خُدا آپ کی اَن تھک تلاش میں ہے،“ یعنی وہ کبھی بھی آپ کو اپنے پاس واپس لوٹنے میں مدد کرنے کی کوشِش ترک نہیں کرے گا۔ وہ جانتا ہے کہ جب ہم غلطیاں کریں گے تو ہم سب قُدرتی طور پر مُشکل چیزوں کا سامنا کریں گے۔ تو وہ ہمیں گُناہ سے پاک صاف ہونے اور اپنے بیٹے کے کفّارے کے وسیلے سے مضبُوطی پانے کی راہ مُہیا کرتا ہے۔

خُدا اَیسا نہیں ہے جو آپ سے محبّت کرنے سے پہلے آپ کے ”کافی“ یا ”کامِل“ ہونے کا اِنتظار کرے۔

آپ کے واسطے اُس کی محبّت لامحدُود ہے۔ وہ آپ سے اَبھی بھی محبّت کرتا ہے، آپ چاہے کتنے ہی نامُکمل کیوں نہ ہوں! صدر جیفری آر ہالینڈ، بارہ رَسُولوں کی جماعت کے قائم مقام صدر، اِس سچّائی کے مُتعلق قوی وضاحت دیتے ہیں: ”’آپ جیسے بھی ہیں آئیں،‘ ایک پیارا باپ ہم میں سے ہر ایک سے یہ فرماتا ہے، مگر وہ مزید فرماتا ہے، جیسے ہیں ویسے ہی رہنے کا اِرادہ نہ بنائیں۔‘ ہم مُسکراتے ہیں اور یاد رکھتے ہیں کہ خُدا ہمیں اِس سے کہیں زیادہ بنانے کا عزم رکھتا ہے جتنا ہم سوچ سکتے تھے کہ ہم بن سکتے ہیں۔“ کامِل محبّت اور حوصلہ افزائی کے ساتھ، آسمانی باپ آپ کی مدد کرنے کی کوشِش کر رہا ہے تاکہ آپ اُس کی مانند بن سکیں اور وہ سب کُچھ حاصِل کر سکیں جو اُس کے پاس ہے، ایک وقت میں ایک ایک کر کے۔

خُدا کون ہے

اپنے آسمانی باپ کو جاننے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اُس کے ساتھ تجربات حاصِل کرتے رہیں۔ کیسے؟ صحائف اور زِندہ نبیوں کے کلام سے اُس کی اور اُس کے بیٹے کی بابت جانیں۔ اُس سے دُعا کریں۔ اُس کے حُکموں کو مانیں۔ گِرجا گھر میں، ہَیکل میں، اور دیگر مُقدّس مقامات پر اُس کی عِبادت کرتے ہُوئے خاموش، ذاتی وقت گُزاریں۔ اُس کے ساتھ عہُود باندھیں اور قائم رہیں۔ وہ آپ کی یہ جاننے میں مدد کرے گا کہ وہ کون ہے اور وہ آپ کے بارے کیسا محسُوس کرتا ہے۔