ایشیا علاقہ کا قیادتی پیغام
یِسُوع مسِیح کے کفارہ کی قُدرت تک رسائی پانا
یہ دیکھنا الہام بخش ہے کہ صحائف میں کتنے لوگوں نے یِسُوع مسِیح کی شِفا بخش قُدرت تک رسائی حاصل کی۔ بار بار ، معجزے رُونما ہوئے جب لوگ نجات دہندہ کے پاس آئے اور اُس پر ایمان کی مشق کی۔ مرقس 5: 25–34 میں، ایک عورت جس کو کئی سالوں سے خون جاری تھا، اُس نے یِسُوع کے لِباس کا کِنارہ چھوُا اور شِفا پائی۔ یِسُوع نے اُسے بتایا، ” بیٹی، تیرے اِیمان نے تُجھے اچھا کر دیا ہے۔ “ اِسی طرح، مرقس 46:10–52 میں، جب ایک اندھے کو پتہ چلا کہ یِسُوع نزدیک ہی ہے، تو وہ چِلایا، ” اے یِسُوع، ابنِ داؤد، مُجھ پر رحم کر۔ “ اُس کو بینائی دینے کے بعد، نِجات دہندہ نے فرمایا، ” اپنی راہ جاؤ؛ تیرے اِیمان نے تُم کو اچھا کر دیا ہے۔ “ یہ بیانات واضح طور پر سِکھاتے ہیں کہ یِسُوع مسِیح پر اِیمان اُس کی شِفا بخش قُدرت پانے کے لیے ضروری ہے۔
یِسُوع اب زمین پر ہمارے درمیان جسمانی طور پر نہیں ہے۔ ہم آج کیسے اُس کے قریب آ سکتے ہیں اور اُس کے کفارہ کی قُدرت تک کیسے رسائی پا سکتے ہیں؟ مورمن کی کتاب میں ایلما 21:7 ہمیں سکھاتا ہے کہ ” نہ ہی نجاست یا کوئی بھی اَیسی چیز جو ناپاک ہے خُدا کی بادِشاہی میں قبُول نہیں کی جا سکتی ہے۔ “ یہ ہمیں یاد دِلاتا ہے کہ ہمیں گناہ سے دور ہونے اور توبہ کرنے کا شعوری فیصلہ کرنا چاہیے۔ توبہ دِل کی تبدیلی کا تقاضا کرتی ہے—یِسُوع مسِیح کی پیروی کرنے کی مُخلص خواہش۔ پانی کے ذریعے بپتسمہ اور رُوح القُدس کے استحکام کے ذریعے ، ہمارے جِسم اور جان پاک اور صاف کیے جا سکتے ہیں۔ اِن مُقدس عہُود کو باندھنے سے، ہم اپنے نجات دہندہ کے ساتھ براہِ راست اور ذاتی رابطہ قائم کرتے ہیں۔
جب ہم اِن حکموں پر عمل کرتے ہیں جِن کی ہم نے فرمانبرداری کرنے کا وعدہ کیا ہے، تو یہ عہد کا رِشتہ ہمیں تحفظ دیتا اور مضبوط کرتا ہے۔ لیکن زندگی آزمائشوں اورتکلیفوں سے بھری پڑی ہے، اور بعض اوقات ہم ہَدف سے پیچھے رہ جاتے ہیں۔ جب ہم غلطیاں کرتے ہیں، تو نِجات دہندہ کا لامحدود کفارہ واپس جانے کا راستہ مہیا کرتا ہے۔ یوحنّا 6 میں، یِسُوع نے پانچ ہزار لوگوں کو صرف پانچ روٹیوں اور دو چھوٹی مچھلیوں سے سیر کیا، اور ہر ایک کے کھانا کھانے کے بعد کھانا بچ گیا۔ یہ معجزہ واضح کرتا ہے کہ اُس کے کفارے کی قُدرت مادی رکاوٹوں سے نہیں روكی جا سكتی—یہ لامحدود ہے۔ بعد میں یِسُوع نے سِکھایا، ” جو کوئی میرا گوشت کھاتا ہے، اور میرا خون پیتا ہے، اَبَدی زِندگی اُس کی ہے؛ اور مَیں اُسے آخری دن پِھر زندہ کروں گا۔ کیونکہ میرا گوشت فی الحقِیقت کھانے کی چِیز اور میرا خُون فی الحقِیقت پِینے کی چِیز ہے۔ جو میرا گوشت کھاتا اور میرا خُون پِیتا ہے وہ مُجھ میں قائِم رہتا ہے اور مَیں اُس میں۔ “ (یُوحنّا 6: 54–56)۔ اُس کے اَلفاظ واضح طور پر بیان کرتے ہیں کہ اُس کی قربانی کے وسیلے سے، سب مُعافی، شِفا، رُوحانی تجدید، اور موت پر غالب آ سکتے ہیں! ہر ہفتے جب ہم عشائے ربانی لیتے ہیں، تو ہم پاک ہوتے ہیں اور یِسُوع مسِیح کے قریب ہوتے ہیں۔ عہد کے راستے پر قائم رہنے سے، ہم مُسلسل اُس کے کفارہ کی قُدرت تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
چوں کہ ہمیں ایسی پاک قُدرت تک رسائی حاصل ہے، ہم دوسروں کو برکت دینے کے لیے اِس کا استعمال کرنے کے بھی ذِمہ دار ہیں۔ یِسُوع نے متی 19:16میں سِکھایا کہ وہ آسمان کی بادشاہی کی کُنجیاں عطا کرے گا، زمین اور آسمان پر باندھنے/کھولنے کی قُدرت کے ساتھ۔ کہانتی برکات، ہیَکل کی رسومات، اور زِندوں اور مردوں کے لیے مُقدس فریضہ کے ذریعے، ہم جانوں کو خُدا کے قریب لانے میں مدد کرتے ہیں۔ یہ رسوم ہمیں یِسُوع مسِیح کے کفارہ کی قدرت کو گہرے اور زیادہ معنی خیز طریقوں سے تجربہ کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ ہمیں اِس مُقدس قُدرت کے بارے میں دوسروں کو اپنی گواہی دینی چاہیے۔ اگر ہم نجات دہندہ کے پاس آتے ہیں، چاہے ہم کُچھ بھی کر چُکے ہوں، چاہے ہم کتنے ہی بھاری بوجھ اٹھائے ہوئے ہوں، اور چاہے ہم کتنی ہی بار گِرے ہوں، یِسُوع مسِیح کے کفارے کی قدرت ہم سب کو بچا سکتی ہے۔
یِسُوع مسِیح کے کفارے کی قُدرت تک رسائی آسمان کی طرف سے ناقابلِ یقین برکت ہے جو ابدیت کی طرف لے جاتی ہے۔ یہ ایمان، توبہ، مُقدس عہُود، اور رُسُوم کے ذریعے مُسلسل تجدید کے ذریعے پائی جاتی ہے۔ جب ہم مسِیح کی پیروی کرتے اور دُوسروں کی بھی ایسا کرنے میں مدد کرتے ہیں، تو اُس کی لامحدود قُدرت ہمیں شِفا بخشتی، ہمیں مضبوط کرتی، اور ہمیں واپس ہمارے آسمانی باپ کی طرف لے جاتی ہے۔ ہم اپنے پیارے خاندانی اَرکان کے ہمراہ ہمیشہ خُوشی کا تجربہ پائیں گے۔
■