۲۰۲۵
اَبَدیت کی رویا کو تھامے رکھنا
دسمبر 2025 لیحونا


ایشیا علاقہ کا قیادتی پیغام

اَبَدیت کی رویا کو تھامے رکھنا

” اِیمان میں مُتحد گھرانوں کو مُشکلات پیش آ سکتی ہیں، مگر خُداوند ہمیشہ اُنھیں آگے بڑھنے کی راہ دِکھاتا ہے۔ “

کمبوڈِیا بُہت سی اَلمناک خانہ جنگِیوں سے گُزرا ہے۔ مَیں اِن لڑائیوں کے فوراً بعد پیدا ہُوا تھا۔ زِندگی کٹھن تھی اور کھانے پینے کی تنگی تھی چُوں کہ میرے والدین آٹھ بچّوں کی پرورِش کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔ کبھی کبھار، مَیں سوچتا تھا کہ اَیسے حالات و واقعات میں میرا مُستقبل کیا ہو سکتا ہے۔

1998 میں، جب مَیں نے کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام میں شمُولیت اِختیار کی تو میری زِندگی بدل گئی۔ مَیں نے ہائی سکول کی تعلیم مُکمل کرنے سے ایک سال قبل بپتِسما لِیا۔ کالج میں جانے کے لیے مالی وسائل کم ہونے کے باعث، مَیں نے کُل وقتی مِشنری خِدمت کرنے کا چُناؤ کِیا۔ خِدمت کے دوران، میری رُوحانی آنکھیں کھُل گئیں۔ مَیں خُدا کی اُمّت کے لیے اُس کے اَبَدی منصُوبے کو سمجھنے لگا اور یہ کہ مَیں کس طرح اپنے واسطے ایک اَبَدی خاندان تشکِیل دینے کی تیاری کر سکتا ہُوں۔

بحال شُدہ اِنجِیل کی رُوحانی سچّائیوں نے مُجھے یہ جاننے کے قابل بنایا کہ ایک دِن مَیں ہَیکل میں بیاہ کرُوں گا اور اپنی اَہلیہ اور بچّوں کے ساتھ ہمیشہ کے لیے مُہربند کِیا جاؤں گا۔ مَیں نے تصور کِیا کہ ہم اِکٹھے چرچ جایا کریں گے، اِکٹھے گِیت گائیں گے، مِل کر اِنجِیل کا مُطالعہ کریں گے، اور ایک دِن مَیں اپنے بچّوں کو مِشن پر بھیجُوں گا اور پھر اُنھیں مُقدّس ہَیکلوں میں اُن کے خاندانوں کے ساتھ مُہربند ہوتے دیکھُوں گا۔ اپنے گھرانے کے واسطے مَیں نے کیا ہی خُوبصُورت رویا دیکھی۔ مُجھے اُمید ہے کہ ہر کسی کے پاس اَیسی رویا ہے۔

2005 میں میرے خواب کی تکمِیل ہونا شُروع ہُوئی، جب مَیں ایک دِلکش خاتُون کے ساتھ ہانگ کانگ چائنہ ہَیکل میں مُہربند ہُوا۔ تب سے، اَبَدی شاہراہ زیادہ واضح ہو گئی ہے۔ خُداوند نے ہمیں پانچ پُرجوش بیٹوں سے نوازا ہے۔

اگرچہ اَبَدیت کی رویا خُوبصُورت ہے، مگر یہ سفر آسان نہیں رہا ہے۔ صدرِ سٹیک، فیکٹری مینجر، اور پانچ چُست و تندرُست لڑکوں کے باپ کے طور پر ذِمہ داریوں کو متوازن رکھنا اِنتہائی دُشوار ہوتا ہے۔ ہمارے بیٹے توانائی سے بھرپُور ہیں-ہمیشہ دوڑتے، اُچھلتے کُودتے، اور کُشتی کرتے رہتے ہیں۔ وہ اکثر چیزیں توڑتے، کھانا گِرا دیتے، اور گھر کو درہم برہم کر دیتے ہیں۔ ایک دِن جب میری اَہلیہ اور مَیں مصرُوف تھے، تو اُنھوں نے باورچی خانہ کے سِنک کو بند کر دِیا، ٹائلوں والے فرش پر پانی بھرنے کے لیے کھول دِیا، اور آگے پیچھے پھسلنے کے لیے صابن ڈال دِیا، اور بڑے فخر سے کہا، ”ہم تیراکی کے لیے تالاب بنا رہے ہیں! “

خاندان کے ساتھ مُطالعہِ صحائف مُشکل ہوتا تھا کیوں کہ بیٹے ایک دُوسرے کو تنگ کرتے اور ہمارے صبر کا اِمتحان لیتے تھے۔ اِتوار کے دِن، جب مَیں سٹینڈ پر بیٹھا ہوتا، تو میری اَہلیہ جماعت میں بیٹھ کر بچّوں کو سنبھالتی تھی۔ وہ بینچوں کے نیچے رینگتے، لوگوں کی ٹانگیں کھینچتے، اور کئی بار زور سے چیختے یا روتے تھے۔ میری شریکِ حیات اکثر شرمندگی محسُوس کرتی اور تھک جاتی تھی۔ ایک روز اُس نے مُجھ سے کہا، ”مَیں رُوح کو محسُوس کرنا اور کُچھ سیکھنا چاہتی ہُوں۔ مگر زیادہ تر مَیں چرچ جاتی ہُوں، تو کُچھ سیکھ نہیں پاتی بلکہ اپنے بچّوں سے مایُوس ہو جاتی ہُوں۔ بعض اوقات مَیں تعجُب کرتی ہُوں کہ ہم مُسلسل چرچ کیوں جاتے رہتے ہیں۔“

ایسے لمحات میں، مَیں لِحی کے سفر کی بابت سوچتا ہُوں۔ اُنھیں بُہت سی مُشکلات در پیش تھیں، لیکن خُداوند نے وعدہ فرمایا، ”مَیں بیابان میں تیرے لیے نُور بھی ہُوں گا . . . جیسے جیسے تُو میرے حُکموں کو مانے گا تُو موعُودہ سرزمِین کی طرف بڑھے گا۔“اِیمان میں مُتحد گھرانوں کو مُشکلات پیش آ سکتی ہیں، مگر خُداوند ہمیشہ اُنھیں آگے بڑھنے کی راہ دِکھلاتا ہے۔

بنیامین بادشاہ نے لوگوں کو مشورت دی ”[اپنے بچّوں] کو سچّائی اور ہوش مندی کی راہوں پر چلنا سِکھاؤ . . . ایک دُوسرے سے محبّت رکھنا، اور ایک دُوسرے کی خِدمت کرنا سِکھاؤ۔“خُداوند نے ہمیں یہ حُکم بھی دِیا ہے ”اپنے بچّوں کی نُور اور سچّائی سے تربیت اور پرورش کرو۔“یہ تعلیمات ہمیں سنبھالتی ہیں جب خاندانی زِندگی بوجھل و مغلُوب محسُوس ہو جاتی ہے۔

ثابت قدمی کی برکات اُس دِن عیاں ہُوئیں جب میرے سب سے بڑے بیٹے نے سٹیک کانفرنس میں خِطاب کِیا۔ اُس نے کہا، ”بطور کہانتی حامِل، مَیں اپنی کہانت دُوسروں کو برکت دینے کے لیے اِستعمال کرُوں گا، بالکل ویسے ہی جیسے میرے اپنے والِد کرتے ہیں۔“ میری آنکھیں خُوشی کے آنسُوؤں سے بھر گئیں۔ مَیں نے جانا کہ کیوں ہم مُسلسل چرچ جاتے رہے، حالانکہ یہ مُشکل بھی ہوتا تھا۔ آج وہ میڈرِڈ ساؤتھ سپین مِشن میں وفاداری سے خِدمت اَنجام دے رہا ہے۔ اُس کے چھوٹے بھائی ہر ہفتے عِشائے ربّانی تیار اور تقسیم کرتے ہیں۔ ہمارا دُوسرا بیٹا بھی جلد ہی مِشن پر جانے کی تیاری کر رہا ہے۔

صدر رسل ایم نیلسن نے فرمایا ہے، ”ہمارا گھرانہ اِس زِندگی میں ہمارے عظیم ترین کام اور خُوشی کا مرکز ہے؛ اِسی طور سے یہ تمام اَبَدیت میں بھی ہو گا، جب ہم ’تختوں، بادشاہتوں، ریاستوں، . . . قُوتوں، سلطنتوں . . . سرفرازی اور جلال کے وارِث بن سکیں گے۔“یہ وعدہ مُجھے اپنے خاندان کو مُسلسل چرچ اور ہَیکل میں لے کر جانے اور تعلیم دینے کی طاقت فراہم کرتا ہے۔

مَیں اور میری بیوی اِتنے شور مچانے والے اور شرارتی بچّوں کے ساتھ بھی، ہر ہفتے چرچ جاتے رہے۔ چُوں کہ ہم اِنجِیل کو اپنے گھر کا مرکز بنانے کے مُشتاق تھے، اور اَب مَیں اُن کاوِشوں کے ثمرات دیکھ سکتا ہُوں۔ مَیں اُنھیں اپنے بیٹوں میں دیکھتا ہُوں جو لائق طور پر عِشائے ربّانی تقسیم کرتے ہیں، اپنے مِشنری بیٹے میں جو شادمانی کے ساتھ وفاداری سے خِدمت کر رہا ہے، اور اپنے چھوٹے بچّوں کی نشوونُما پاتی گواہیوں میں۔ خُداوند نے مُجھے دِکھایا ہے کہ ہر قُربانی، ہر تھکا دینے والا اِتوار، اور ہر خاندانی مُطالعہِ صحائف قابلِ قدر ہے، کیوں کہ اُس کی اِنجِیل واقعی کُنبوں کو برکت بخشتی ہے۔

مَیں جانتا ہُوں کہ جب خاندان کلِیسیا میں مِل کر عِبادت کرتے ہیں، تو وہ رُوح کو اپنے گھر میں دعوت دیتے ہیں، اپنے اِتحاد کو مضبُوط کرتے ہیں، اور مسِیح کے قریب تر ہوتے ہیں۔ اُن کے عہُود کی تجدِید ہوتی ہے، اور اُن کی اولاد اِیمان میں پرورش پاتی ہے، وہ اَب اور اَبَدیت کے لیے برکات کو محفُوظ کرتے ہیں۔ اگر ہم اپنے گھرانے میں اِنجِیل کو قبُول کرنا جاری رکھیں گے، تو خُداوند ہماری کاوِشوں کو وُسعت و عظمت بخشے گا۔ جس طرح ”تاکِستان کے مالِک نے مُشقت کی“اپنے نوکروں کے ساتھ، اُسی طرح نجات دہندہ ہماری مُشکلات میں ہماری دَست گِیری فرمائے گا اور ہمیں اُمید اور شادمانی کے ساتھ اَبَدیت کی جانب لے کر جائے گا۔

حوالہ جات

  1. 1 نِیفی 17: 13

  2. مُضایاہ 4: 15

  3. عقائد اور عہُود 93: 40

  4. صدر رسل ایم نیلسن، ”اپنے گھروں کو ترتیب دیں،“ کانفرنس رپورٹ، اکتوبر 2001

  5. یعقُوب 5: 72