۲۰۲۵
برکتیں مُقدّس عہُود باندھنے اور نِبھانے سے آتی ہیں
اکتوبر 2025 لیحونا


ایشیا علاقہ کا قیادتی پیغام

برکتیں مُقدّس عہُود باندھنے اور نِبھانے سے آتی ہیں

”خُدا اُن لوگوں سے خاص محبّت رکھتا ہے جو اُس کے ساتھ عہد باندھتے ہیں، اُن سے جو ہر روز اُس کی اور اُس کی اُمّت کی خِدمت کرنے کا چُناؤ کرتے ہیں، اور اُن سے جو اُس کی مانِند بننے کی کاوِش کرتے ہیں۔“

عہُود کی مُستحکم قُدرت

ایک آٹھ سالہ لڑکے کی حیثیت سے مُجھے اپنے بپتِسما سے پہلے کا شِدت سے محسُوس ہونے والا اِنتظار آج بھی بخُوبی یاد ہے۔ میری توقعات بُہت بُلند تھیں، مَیں واقعی سمجھتا تھا کہ مُجھے کُچھ مُستحکم اور فوری احساس حاصِل ہو گا۔ مگر جب وہ واضح اور طاقتور احساس نہ آیا، تو مَیں تھوڑی اُلجھن میں پڑ گیا۔ شاید مُجھے لگتا تھا کہ مَیں نے فوری برکتوں کی توقع کی؛ ایک فوری تبدیلی کی۔ 50 سال سے زیادہ پہلے کے اپنے بپتِسما اور اُس کے بعد جو کُچھ بھی ہُوا ہے، اَب مَیں سب کُچھ بُہت واضح طور پر سمجھتا ہُوں۔

بپتِسما کے عہد میں داخِل ہونے کا تجربہ، اور اِس کے بعد جو بُہت سے عہُود مَیں نے خُداوند کے ساتھ باندھے ہیں، وہ میری زِندگی کی سب سے بڑی برکتوں کی اَصل بُنیاد رہے ہیں۔ یہ کسی فوری اور زبردست احساس یا تبدیلی کے بارے میں نہیں تھا، بلکہ اُس گہری قُدرت کے مُتعلق تھا جو میری زِندگی میں خاموشی سے اور مُستقل طور پر ظاہر ہوتی رہی ہے۔ اَب مَیں واقعی اُس بے پناہ قُدرت اور برکتوں کا اِدراک کرتا ہُوں جو مُجھے حاصِل ہُوئی ہیں، نہ کہ کسی ایک لمحے سے، بلکہ اُن سادہ، وفادارانہ اِنتخابات سے جو مَیں نے کِیے ہیں جب مَیں نے عہُود باندھنے اور عہُود نِبھانے کے بے شُمار اَعمال کے ذریعے خُداوند پر اپنے بھروسے کا اِظہار کِیا ہے۔

عہُود شِراکت داری ہیں: جب ہم خُداوند کے ساتھ عہد باندھتے ہیں تو ہم ایک مُقدّس رِشتے میں داخِل ہوتے ہیں۔ ہم اِیمان کی مشق کرنے، اُس کے حُکموں کو ماننے کی کوشِش کرنے، اور راست چُناؤ کرنے میں بھرپُور محنت کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔ اِس کے بدلے میں، ہمیں زِندگی کے تمام حالات میں اُس کی محبّت بھری راہ نُمائی، مضبُوطی، اور مُعاونت محسُوس کرنے کی برکت مِلی ہے۔ صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا ہے کہ خُدا کے ساتھ عہد کا رِشتہ، ”... اُسے ہمیں برکت دینے اور بدلنے کی اِجازت دیتا ہے... اگر ہم خُدا کو اپنی زِندگیوں میں غالِب آنے دیں، تو یہ عہد ہمیں اُس کے قریب سے قریب تر لے جائے گا۔“ (”دائمی عہد،“ لیحونا، اکتوبر 2022)

بتدریج تبدیلی: عہُود سے آنی والی ترقی اور تبدیلی اَکثر اِصلاحی عمل ہوتا ہے۔ ایک دریا کی طرح جو چٹان کو تراش کر گھاٹی بنا دیتا ہے، مُسلسل کوشِش اور رُوح کی راہ نُمائی قبُول کرنے والا دِل ہمیں دھِیرے دھِیرے اُس شخصیت میں ڈھال دیتا ہے جو خُداوند ہمیں بنانا چاہتا ہے۔ یہ تبدیلی روزمرّہ کی بُنیاد پر نفیس و لطیف ہو سکتی ہے مگر سالوں اور دہائیوں میں یہ ناقابلِ تردِید بن جاتی ہے۔ ہو سکتا ہے مُجھے اپنے بپتِسما کے فوراً بعد کوئی فرق محسُوس نہ ہُوا ہو مگر اُس عہد کی بدولت جو چُناؤ مَیں نے روزانہ کی بُنیاد پر کِیے ہیں، وہ واضح طور پر میری زِندگی میں نُمایاں ترقی کا سبب بنے۔

رُوحانی پُختگی: میری زِندگی کا سفر ایک 8 سالہ بچّے سے جو فوری تبدیلی کی توقع کر رہا تھا ایک اَیسے بالغ شخص کی طرف جو گہری و عمِیق طویل مُدّتی برکتوں کو پہچانتا ہے بڑھتی ہُوئی رُوحانی پُختگی کی عکاسی کرتا ہے۔ وقت اور تجربے کے ساتھ ہم میں سے ہر ایک زیادہ بارِیک بِینی کے ساتھ اپنی زِندگیوں میں دَستِ خُداوند کو پہچاننا سیکھ سکتا ہے۔ ہم یہ دیکھنا شُروع کر دیتے ہیں کہ کس طرح ہمارے عہُود میں جُڑی ہُوئی بظاہر چھوٹی سی وفاداری کے اَعمال غیر معمُولی نتائج کا باعث بنتے ہیں۔

عہُود نِبھانے کی کثیر برکات

اپنے بپتِسما کے بعد سے مَیں نے جو بھی عہد باندھا ہے اُس نے میری برکتوں، عِلم، اور رُوحانی قُدرت کے ذخیرے میں اِضافہ کِیا ہے۔ یہ محض ایک عہد نہیں، بلکہ عہد نِبھانے کا وہ مُسلسل عمل ہی ہے جس نے میری زِندگی میں آسمانی درِیچوں کو کھول دِیا ہے۔ جب مَیں اپنے عہُود پر غور کرتا ہُوں، تو مُجھے خُداوند کا شفِیق رحم نظر آتا ہے جو مُجھے بخشا گیا ہے:

  • مِشنری خِدمت کرنے، ہَیکل میں بیاہ کرنے، اور بچّے پیدا کرنے کا اِنتخاب کرنے کی جُرات؛

  • اپنی مُلازمت کی ناکامی کے باوجُود بھی کوشِش جاری رکھنے کا اِیمان؛

  • اپنے بچّوں کے لیے غیر مشرُوط محبّت رکھنا چاہے وہ بھٹک بھی جائیں؛

  • ایک اَیسے کاروباری شِراکت دار کو مُعاف کرنے کی طاقت جس نے مُجھے دھوکا دِیا؛

  • شافی کی کفّارہ بخش قُربانی کے ذریعے مُعافی کی اُمید جو مُجھے اپنی کمزوریوں کے باوجُود توبہ جاری رکھنے کی اِجازت دیتی ہے؛ اور

  • اپنے والدین کی وفات کا سامنا کرنے کا اِطمینان۔

بِنیامین بادشاہ نے سِکھایا، ”اور مزید برآں، مَیں یہ بھی چاہتا ہُوں کہ تُم اِن کی بابرکت اور مسرُور حالت پر غور کرو جو خُدا کے حُکموں کو مانتے ہیں۔ پَس دیکھو، وہ ساری باتوں میں مُبارک ہیں، رُوحانی اور دُنیاوی دونوں میں؛ اور اگر وہ آخِر تک وفادار رہیں گے تو آسمان پر اُن کا اِستقبال ہوگا، تاکہ وہ کبھی نہ ختم ہونے والی اِقبال مندی کی حالت میں خُدا کے

ساتھ قیام کریں۔“ (مُضایاہ 2: 41)

اگرچہ بُہت کُچھ اَیسا ہے جو مَیں اَبھی تک سمجھ نہیں پایا، لیکن یہ بات مَیں یقین کے ساتھ جانتا ہُوں: خُدا اُن لوگوں سے خاص محبّت رکھتا ہے جو اُس کے ساتھ عہد باندھتے ہیں، اُن سے جو ہر روز اُس کی اور اُس کی اُمّت کی خِدمت کرنے کا چُناؤ کرتے ہیں، اور اُن سے جو اُس کی مانِند بننے کی کاوِش کرتے ہیں۔ مَیں اپنے عقل مند والدین اور اُن کی راست مِثال کا نہایت مشکُور ہُوں جنھوں نے بپتِسما کے پانیوں میں داخِل ہو کر میرے لیے راہ تیار کی جس پر مَیں چل سکُوں، مَیں جانتا ہُوں کہ خُداوند زِندہ ہے اور رحم دِلی سے مُجھ سے محبّت رکھتا ہے۔ میرا دِل اُس کا ہے اور مَیں ہر روز اِیمان میں عمل کرنے کا چُناؤ کرتا ہُوں، اُس کی اِلہٰی مِثال کی پیروی کرتے ہُوئے۔ ■